وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سکھر شعبہ خواتین کے زیر اہتمام عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے 23فروری بروز اتوار دن گیارہ بجے عظیم الشان عظمت زہرا (سلام اللہ علیہا) کانفرنس کاانعقاد المہران کلچرل سینٹرسکھر میں ہو گا جس میں خصوصی خطاب ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کریں گے۔
جبکہ کانفرنس سے حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید باقر عباس زیدی، علامہ حسن ظفر نقوی، خانم نرجس سجاد،محترمہ شبانہ میرانی سمیت دیگر نامور مقررین بھی خطاب فرمائیں گے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل چوہدری اظہر حسین نے وحدت ہاؤس میں کابینہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کانفرنس کے انعقاد کا مقصد خواتین کو ایسے بلندکردار اور عالی اوصاف سے آگاہ کرنا ہے جن کی دورحاضر میں اشد ضرورت ہے۔کانفرنس میں جناب زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کے عملی پہلووں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین میں اجتماعی ذمہ داریوں سے متعلق آگاہی پیدا کرنا،انہیں ان کے اصل مقام اور تشخص کا احساس دلانا،خود اعتمادی کا فروغ،نظام مرجعیت و رہبریت کا تعارف اور تعلیمی و تربیتی شعور پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ میدان عمل میں خواتین کے کردار کی ضرورت و اہمیت بیان کرنا ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) ادارہ منھاج الحسینؑ لاھور کی جانب سے منعقدہ سالانہ پروگرام میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاھور کی سیکرٹری تعلیم محترمہ فرحانہ فصاحت نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔
انھوں نے اپنے خطاب میں ماؤں کی ذمہ داری پر گفتگو کرتے ھوئے کہا کہ سیدہ کونین شھزادی فاطمہ الزھرا (س) سے بہترین ماں کا رتبہ کسی کو حاصل نہیں آپ کی آغوش اطہر میں امام حسنؑ و حسینؑ زینبؑ و کلثومؑ جیسی آفاقی شخصیات پروان چڑھیں جن کی بدولت آج دین اسلام زندہ و تابندہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ خواتین کو اپنے بچوں کی تربیت کے لیے جناب زھراؑ کی سیرت سے راھنمای حاصل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کو امام زمان عج کا حقیقی جانثار بنا سکیں۔
وحدت نیوز(ڈیرہ اللہ یار) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ برکت علی مطہری نے ڈیرہ اللہ یار بلوچستان میں سید شبیر علی شاہ کاظمی کے فرزند کی سنت اور رضا آباد میں ظہیر حسین انڑ کی شادی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقعہ پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنما سید گلزار علی شاہ ،غلام حسین شیخ ،جمعہ خان ،شمن علی حیدری ،سید کامران شاہ و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نکاح سنت موکدہ اور نسل انسانی کی بقاء کا سبب ہے۔ پاکیزہ معاشرے کی تشکیل کے لئے نکاح کو آسان بنانا ہوگا۔ جہیز اور شادی کی تقریبات میں موجود فضول اور غیر شرعی رسومات کو ختم کرنا ہوگا۔
انہوں نےکہا کہ سندھ اسمبلی کی جانب سے شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کرنا اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ تعجب ہے کہ کچھ لوگ بچیوں کے گھروں سے بھاگ کر کورٹ میرج کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے رہے ہیں آج ایک ہندو لڑکی کے اس عمل پر معترض ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں کہاکہ یہ خبر سن کر دلی صدمے سے دوچار ہوا ہوں کہ ٹریفک حادثہ میں کراچی سے تعلق رکھنے والے ہمارے انتہائی ہردل عزیز ایم ڈبلیو ایم کے رہنما آقائے نشان حیدرکے چار بھتیجے زخمی ہوگئے جن میں سے ایک بھتیجا داعی اجل کو لبیک کہہ گیا، دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ آقائے نشان علی اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد از جلد شفا کاملہ وعاجلہ عطا فرمائے(الٰہی آمین) ، مومنین و منات سے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اپیل ہے۔
وحدت نیوز(ٹنڈوغلام علی) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین یونٹ ٹنڈو غلام علی کی سیکرٹری جنرل محترمہ سکینہ کی جانب سے سائیں غلام رسول شاہ کی رہائشگاہ پر جشن ولادت حضرت فاطمہ سلام اللہ علیھا کا انعقاد ھوا جس میں مقامی بچیوں نے نذرانہ عقیدت ہیش کیے اور آخر میں محترمہ فضہ نقوی نے خطاب کیا اور سیرت خاتون جنت بی بی فاطمہ پرروشنی ڈالتے ہوے کہا کہ جناب فاطمہ زھرا ؑ کی حیات اگرچہ مختصر تھی لیکن ان کے کردار کا ہر پہلو تمام عالم کی خواتین کے لیے ایک مکمل نمونہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہم بی بی کی حیات طیبہ کا ایک پہلو بھی اپنی زندگی میں شامل کر لیں تو ہماری زندگیاں بدل جائیں، اختتام پر بی بی سیدہ ؑ کی ولادت کا کیک کاٹا گیا۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) سیرت علی نجات بشریت کے عنوان سے اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کا ڈویژنل اجلاس اھل البیت ؑپبلک اسکول جیکب آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی درسی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے امام علی علیہ السلام کی سیاسی اور اجتماعی زندگی میں نجات بشریت کا پیغام ہے آپ نے اقتدار کی بجائے اقدار کی سیاست کی۔ امام علی ع نے اقدار اور اصولوں کی خاطر کرسی اور اقتدار کو ٹھکرادیا۔
انہوں نےکہا کہ ریاست مدینہ کے دعویداروں کو سیرت نبوی ص اور سیرت علوی سے رہنمائی لینی چاہئے۔ ریاست مدینہ کا درس یہ ہے کہ بیت المال کو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہئے حکمرانوں کی آسائش اور عیاشی پر نہیں۔انہوں نےکہا کہ وطن عزیز پاکستان قدرتی وسائل اور مختلف نعمتوں سے مالا مال ہے مگر صالح قیادت نہ ہونے کی وجہ سے ملک ترقی نہیں کر رہا ریاست مدینہ کا بنیادی اصول یہی ہے کہ منصب اور عہدے ذاتی تعلق اور رشتوں پر نہیں بلکہ اھلیت اور صلاحیتوں کی بنیاد پر ملیں گے۔ انہوں نےکہا کہ ریاست مدینہ کے دعویداروں کو ممتاز علماء اور مفکرین کی رہنمائی میں سیرت نبوی اور سیرت علوی کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ تاکہ کھوکھلے نعروں سے نکل کر ریاست مدینہ کی حقیقی تصویر قائم کی جا سکے۔