وحدت نیوز (آرٹیکل) وطنِ عزیز پاکستان ہمیں جان سے بھی عزیز ہے اور یہ بہت سی منفرد خصوصیات کا حامل بھی ہے. بالخصوص اپنے محل وقوع ، باصلاحیت ومحنت کش 23 کروڑ عوام ، تجربہ کار ومضبوط آرمی و دفاعی پوزیشن اور ایٹمی طاقت ہونے کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا ایک اہم ملک ہے. اس لئے ہمیشہ جارح استکباری طاقتیں اور خطے کے بعض مفاد پرست ممالک اس کے خلاف سازشوں کے خطرناک جال بُنتے رہتے ہیں. اور گذشتہ کئی دھائیوں سے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان متعدد بحرانوں کی لپیٹ میں آچکا ہے. جن سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے پوری قوم کو متحد ہوکر اور اپنے قومی مفاد کو پہلی ترجیح قرار دیکر ان بحرانوں کا مقابلہ کرنے اور ان سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کی اشد ضرورت ہے. ہمیں دنیا کی سپر پاورز ہوں یا خطے کے ممالک ان سب کی مداخلت اور نفوذ سے نجات حاصل کر کے دوطرفہ احترام، اپنے قومی مفاد وملکی وعوامی مصلحت و سلامتی واستقلال کی ضمانت کے ساتھ آبرومندانہ و متوازن تعلقات بنانے کی ضرورت ہے.

دانشور طبقے اور اہلِ اقتدار کو چاھیے کہ وہ دنیا بھر اور بالخصوص خطے کے بدلتے حالات سے ہر وقت آگاہ رہیں اور پاکستانی عوام کو بھی حقائق جیسے ہیں ویسے ہی بتائیں. تاکہ عام لوگوں کی سیاسی وفکری شعور کی سطح بلند ہو اور ہم ایک با شعور وآگاہ قوم بن کر کسی کے دھوکے میں نہ آئیں تاکہ بعد میں پچھتانا نہ پڑے. اور حکمرانوں کو بھی اجازت نہ دیں کہ وہ دوسروں کے وکیل بن کر انکے وسیع تر مفادات اور اپنے عارضی و گروہی و ذاتی مفادات کی خاطر وطنِ عزیز کو کسی نئے بحران کی دلدل میں دھکیل سکیں.

ترکی دنیائے اسلام کا ایک اہم ملک ہے اور ہمیشہ سے ہمارے درمیان تعلقات برادرانہ اور دوستانہ رہے ہیں. بالخصوص مسئلہ کشمیر پر ترکی، ملائشیا، ایران اور چین کا دو ٹوک موقف قابل قدر ہے. پاکستان کو چاھیے کہ اپنی سفارت کاری کو مزید بہتر بنا کر انڈیا واسرائیل کے علاوہ دنیا بھر کے تمام ممالک سے مسئلہ کشمیر پر حمایت و تائید حاصل کرنے کی مزید کوشش کرے. اور دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ پہلے سے بہتر اور متوازن دو طرفہ تعلقات قائم کرے.

پاکستانی میڈیا وسوشل میڈیا پر جو ترکی کا چہرہ دکھایا جاتا ہے اس میں مبالغہ آرائی سے کام لیا جاتا ہے. اور کچھ بے بنیاد مواد بھی نشر ہوتا ہے. ہم نے گذشتہ کالم میں بغیر تحلیل وتجزیہ کے ” ترک اسرائیل تعلقات تاریخ کے آئینے میں” اس میں صرف ان حقائق کو بیان کیا جو ذرائع ابلاغ میں موجود ہیں اور کوئی بھی محقق ان حقائق کو تلاش کرکے ان کی تصدیق کر سکتا ہے. انہیں بیان کرنے کا مقصد ہرگز ترکی کی مخالف نہیں بلکہ وہ حقائق جو ساری دنیا جانتی ہے ان سے اپنے ملک کے عوام کو بھی آگاہ کرنا ہے. اور قوم کو جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار ہونے سے بچانا ہے. تاکہ تعلقات شعوری طور پر آگے بڑھیںاور ترکی کیونکہ اس وقت یونان ، شام اور لیبیا کے ساتھ جنگ کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے کہیں مسئلہ کشمیر کی حمایت کے بیان کے بدلے ہمیں کسی پرائی جنگ میں الجھا نہ دے. پھر چالیس سال بعد کہنا پڑے کہ ہم نے غلطی کی تھی.

سعودی وخلیجی شاہی خاندان ہمیں اپنی کرسی اقتدار کو بچانے کے لئے امریکہ افغانستان میں اور اپنے شریک خلیجی ممالک ہمیں یمن وبحرین و اردن وغیرہ میں ٹریننگ ومعلومات کا تبادلہ ودیگر عسکری تعاون لیتے رہے ہیں. اور ہمیں کرائے کے قاتل کا لقب ملتا رہا ہے. جب ہماری جنگ ہوتی ہے تو ہم تنہا لڑتے ہیں اور امید بھی نہیں کہ اگر خدانخواستہ نئی جنگ چھڑ گئی تو کوئی ملک انڈیا کے مقابلے میں اپنے فوجی ماہرین یا ہمارے شانہ بشانہ لڑنے کے لئے فوج بھیجے گا. ممکن ہے کوئی بیان ہمارے حق میں دیدے یا کوئی ہمیں قرض دیدے لیکن خون ہمیں خود ہی دینا ہوگا.

اس لئے ہمیں بھی سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے چاہیں .جب گذشتہ صدی کے نوے کے عشرے کی ابتداء میں سوویت اتحاد ٹوٹا اور سویت یونین کے ممالک ٹکڑوں میں بٹ گئے اور امریکہ واحد سپر پاور کے طور پر ابھرا تو انقرہ کی سیاست میں بھی ایک نوعی تبدیلی آئی. ترکی امریکہ کا اتحادی تھا، ترکی نے بھی سوویت یونین کے خاتمے سے پیدا ہونے والے خلاء کو پر کرنے اور اپنے نفوذ کو خطے میں بڑھانے کا فیصلہ کیا. ترک سمجھتے ہیں کہ مشرق وسطیٰ ، بلقان اور قوقاز کے ممالک پر انکا حق ہے. تو اس لئے اپنے ان توسیع پسندانہ عزائم کے لئے انہیں ایک طاقتور فوج کی ضرورت تھی.

امریکہ اور یورپ نے ترکی کو جدید ترین عسکری ٹیکنالوجی دینے سے انکار کیا. تو ان حالات میں ترکی کی نگاہیں اسرائیل پر پڑیں کہ جو جدید ترین اسلحہ اور ٹیکنالوجی سے لیس ہے.دوسری طرف اسرائیل کو بھی خطے میں ایک مضبوط شراکت دار کی ضرورت تھی. ترکی کے سابق صدر ترگت اوزال نے ترکی کی تاریخ میں پہلی بار 1992 میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کو دو ملکوں کے مابین سفراء کی سطح تک بڑھایا. 1994 میں اسرائیل کے صدر عزرا وایزمین نے انقرہ کا دورہ کیا جس کے بعد ترکی کی خاتون وزیراعظم تانسوچیلر نے تل ابیب کا دورہ کیا. اور دونوں ممالک کے مابین ” امن وسیکورٹی ” معاھدے پر دستخط ہوئے. تاکہ دونوں آپس میں خفیہ معلومات کا تبادلہ کر سکیں اور ترک فضائیہ کو اسرائیل میں ٹریننگ دی جائے.

1996 میں ترکی نے اپنی فوجی صلاحیتوں میں اضافے اور جدید ترین اسلحہ کی خریداری کے لئے بڑی مقدار میں سرمایہ خرچ کیا. اور پہلے دس سال کے لئے 25 سے 30 بلین ڈالرز بجٹ طے کیا، جس کی مقدار اگلے تیس سال تک کے لئے 150 بلین ڈالرز تک بڑھانا طے پایا۔ 26 اگست 1996 کو ترکی اور اسرائیل نے اسلحہ بنانے کے معاھدے پر دستخط کئےجس کے بعد اسرائیل نے ترکی کے 54 جنگی طیاروں کے برقی نظام کو اپ گریڈ کیا. اور اس پانچ سالہ ڈیل کی لاگت 800 ملین ڈالرز تھی. اسی طرح میزائل اور رے ڈار بنائے گئے جو ترکی نے عراق اور شام کی سرحد پر نصب کئے.

اسی طرح دور مار کرنے والے میزائل بنانے کا معاہدہ بھی طے پایا جس کا بجٹ 150 ملین ڈالرز طے ہوا. اسرائیل کی جغرافیائی وسعت کم ہونے کی وجہ سے اسرائیل نے ان معاہدوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسرائیلی جنگی جہازوں کو پرواز کے لیے ترکی کی وسیع فضا استعمال کرنے کا موقع مل گیا. جس کے سبب وہ ایران کی قریب آزادانہ پرواز کرنے لگے. 1997 میں ترکی کے آرمی چیف اسماعیل حسین قرضای نے اسرائیل کا دورہ کیا. اور عسکری تعلقات کو مزید فروغ ملا.

اپریل 1997 کو اسرائیلی وزیر خارجہ نے ترکی کا دورہ کیا جس کے جواب میں ترکی کے وزیر دفاع طوران طایان نے اسرائیل کا دورہ کیا. اسی سال مئی میں پھر ترکی کے ڈپٹی آرمی چیف نے اسرائیل کا دورہ کیا.30 نومبر سے 4 دسمبر 1997 تک امریکہ، ترکی اور اسرائیل کی مشترکہ ٹریننگ شروع ہوئی. اور طے پایا کہ یہ ہر سال ہوگی.

جون 2001 کو پھر امریکہ ترکی اور اسرائیل کی مشترکہ فوجی مشقیں ہوئیں جس میں ترکی کے 45 جنگی جہاز، اسرائیل کے 10 عدد F16 اور امریکہ کے 6 عدد F16 شامل ہوئے. 2002 جب رجب طیب اردگان کی پارٹی عدالت وترقی کی حکومت آئی تو ایک اسلامی چہرہ رکھنے والی اس پارٹی کی حکومت سے یہ توقع کی جا رہی تھی کہ یہ اقتدار پر آتے ہی اسرائیل کے ساتھ سارے معاہدے ختم کرنے کا اعلان کریں گے. اور حماس اور فلسطینی مقاومت کے ساتھ کھڑے ہونگے.

لیکن اردوان نے اپنے اسلاف کے راستے کا ہی انتخاب کیا. اور اسرائیل کے ساتھ امن وسیکورٹی معاہدے کو جاری رکھا. اردگان ووٹ حاصل کرنے اور مسلمانوں کے دل جیتنے کے لئے کبھی کبھار انقلابی بیانات اور خطاب کرتا رہتا ہے. 2005 میں اردگان نے اسرائیل کا دورہ کیا. اور اسرائیل کے ساتھ 687.5 ملین ڈالرز کا سودا کیا. اور اسرائیل سے 170 M60A1 جنگی ٹینک خریدے. جنہیں اسرائیلی چلتا پھرتا قلعہ کہتے تھے . اور 2006 میں جب اسرائیل نے لبنان پر 33 روزہ جنگ مسلط کی تو حزب اللہ نے ایک دن میں اسی قسم کے 40 اسرائیلی ٹینک تباہ کئے تھے.

جاری ہے ۔۔۔۔۔

 

تحریر: علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی

 

اگلی قسط میں ترکی کے نظامِ حکومت، ترکی کی داخلی سیاسی صورتحال اور اسکے بین الاقوامی کردار پر روشنی ڈالیں گے.

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھارت کے شہر دہلی میں انتہاپسند ہندوؤں کے ہاتھوں بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام،مساجد اوراملاک کی تباہی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اپنے غنڈوں کو لگام دے۔بھارتی مسلمانوں کے خلاف جاری شرپسندانہ کاروائیوں کی ذمہ داری بھارتی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔مسلمانوں کےحالیہ قتل عام میں مودی حکومت کا پورا ہاتھ ہے۔وزیر اعظم مودی کے متعصبانہ طرز عمل نے انتہاپسند عناصر کے حوصلے بلند کیے ہوئے ہیں۔بھارتی حکومت میں موجود اسلام دشمن وزراء کی ایما پر مسلمانوں پر ہندوستان کی زمین تنگ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک اور مسلمان حکمرانوں کی بھارت کے خلاف خاموشی افسوسناک ہے۔عالم اسلام کو اپنا سکوت توڑ کر بھارتی مظالم کے خلاف شدید ردعمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔اس وقت پوری دنیا کی باطل قوتیں عالم اسلام کے خلاف مجتمع ہو رہی ہیں۔امت مسلمہ کو اپنی سالمیت اور بقا کے لیے یہود و ہنود کے خلاف متحد ہونا ہو گا۔بھارتی حکومت کے انتہاپسندانہ اقدامات نے سب سے بڑی جمہوریت اور سیکولر ریاست کے دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک دہشت گرد ریاست کا نام ہے جہاں گولی اور لاٹھی کا راج ہے۔مقبوضہ کشمیر کے بعد اب بھارت کے مختلف شہروں میں بھی معاشرتی قدروں کی بدترین پامالی کے ان گنت واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی تنظیموں کو بھارت کے اپنی شہریوں کے ساتھ جارحانہ طرز عمل پر نوٹس لیتے ہوئے اسے منفی اقدامات سے روکنا ہو گا۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب لاہور ایوان صنعت و تجارت میں یوم مادر کے سلسلے میں سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمنار میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی اہلیہ پروین سرور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

لاہور ایوان صنعت و تجارت میں سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے موضوع پر ہونیوالے سیمینار میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہر انقوی ،معروف اینکر عروج ناصر، سرور شجاع، سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع لاہورمحترمہ حنا تقوی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری محترمہ عظمٰی نقوی، شفا زہرا، عذرا بتول، زاہدہ طارق، دعا زہرا، سیدہ کوکب حنا، جبیں زہرا، سیدہ صباحت مشہدی، سمیعہ رضوی، لاہور چیمبر کی سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر نبیلہ انتظار سمیت دیگر نے شرکت کی۔

سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع لاہورمحترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو ملاحظہ کرنے کے بعد صنف نازک سے تعلق رکھنے والی تمام ماؤں اور بہنوں کو چاہیئے کہ وہ خود کو نہ صرف زبانی کلامی حد تک سیرت زہراء سلام اللہ علیہا کا پیروکار نہ بنائیں بلکہ عملی میدان میں بھی سیرت حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا پر عمل پیرا ہونے کا ثبوت دیں۔

اس موقع پر بیگم پروین سرور کا کہنا تھا کہ دین ہمارے گھر سے شروع ہوتا ہے اور اس کی بہترین مثال رسول اللہ (ص) اور ان کی پیاری بیٹی حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب خواتین کو ان کی سیرت پر عمل کرنا چاہیئے تاکہ دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج وہ اپنی ماں کی دعاؤں سے یہاں تک پہنچی ہیں اور ماں باپ کی دعائیں انسان کو بہت اوپر لے جاتی ہیں اس لئے ہمیں ان کی دعائیں لینی چاہئیں۔

وحدت نیوز(علی پور) مجلس وحدت مسلمین علی پور کی ضلعی شوریٰ کا اجلاس امام بارگاہ مہاجرین علی پور میں منعقد ہوا، اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے رہنما علامہ قاضی نادر حسین علوی نے خصوصی طور پر شرکت کی، ضلعی شوریٰ کے اجلاس میں 19یونٹس کے اراکین اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں یونٹس کی جانب سے اپنی مختصر کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، اجلاس میں سینیئر رہنماؤں سید زعیم زیدی، شاکر حسین زیدی، ضلعی سیکرٹری جنرل سید رضوان حیدر کاظمی بھی موجود تھے۔

 اجلاس میں نئی ضلعی کابینہ کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے، حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں سے عوام خودکشیوں پر مجبور ہے، کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان کی محفوظ طریقے سے بیرون ملک منتقلی سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، اگر احسان اللہ احسان محفوظ طریقے سے بیرون ملک منتقل ہوسکتا ہے تو بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان جیل کے قیدی شام بھی منتقل کیے جاسکتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستانی حکومت تذبذب کا شکار ہے کل تک جن معاملات پر اسمبلی میں اسٹینڈ لیتے تھے آج وہی اقدامات خود کررہے ہیں۔ حکومت نے مسئلہ کشمیرکے حوالے سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مرکزی امام بارگاہ جیکب آباد میں ضلع جیکب آباد کی تمام شیعہ تنظیموں اداروں اور ماتمی انجنوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اتحاد وہ مقدس ہوتا ہے جس کے اہداف مقدس ہوں۔ ملت جعفریہ کو عظیم الہی اھداف کے لئے متحد ہونا چاہئے قرآن کریم نے امت مسلمہ کو اللہ کی رسی پر اتحاد کی دعوت دی ہے۔ وہ اتحاد مقدس نہیں ہوتے جن کے اھداف نا مقدس ہوں لہذا کفن چوروں کے اتحاد کو مقدس نہیں کہا جاسکتا جس طرح آج 39 ملکی نام نہاد فوج یمن کے مظلوم مسلمانوں کے خلاف متحد ہو کر حملہ آور ہے۔انہوں نےکہا کہ آج پوری دنیا میں تشیع نائب امام ولی فقیہ رھبر حضرت آقا سید علی خامنہ ای کی اطاعت پر متحد ہے جو دنیا بھر کے یزیدیوں کے مقابل سینہ سپر ہیں۔

انہوں نےکہا کہ کشمیر کا مسئلہ ٹرمپ کی ثالثی سے حل نہیں ہوگا۔ بلکہ امت مسلمہ متحد ہو کر کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے حق میں آواز بلند کرے۔ پاکستان کشمیر کی آزادی کی حمایت میں دنیا بھر کے مسلمان علماء اکابرین اور سیاسی زعماء کی عالمی کانفرنس بلائے۔انہوں نےکہا کہ کالعدم تکفیری گروہ کی سرگرمیوں پر ہمیں تشویش ہے سندھ کے بعض اضلاع میں کالعدم تکفیری گروہ کے جلسے مذھبی منافرت کو ہوا دے رہے ہیں حکومت کالعدم تنظیموں کی نفرت انگیز سرگرمیوں کو روکے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایران میں کرونا وائرس کی رپورٹ کے بعد بلوچستان حکومت کی طرف سے کئے جانے والے فیصلوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفتان بارڈر کی بندش سے ایران میں موجود پاکستانی زائرین شدید مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں۔ مقامات مقدسہ کا براستہ سڑک سفر کرنے والے زائرین کی اکثریت کا تعلق متوسط طبقے سے  اور ان کے وسائل محدود ہوتے ہیں۔ایران میں قیام اگر طوالت اختیار کرلیتا ہے تو انہیں رہائش اور طعام جیسی مشکلات کا یقیناًسامنا ہو گا۔ان زائرین کو بے یارومددگار نہ چھوڑا جائے۔ ایران میں موجود پاکستانی سفارت خانے کو ان زائرین کی مدد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر خاطر خواہ انتظامات کرنے ہوں گے۔ایران میں موجود پاکستانی زائرین کے لیے امدادی سرگرمیاں موجود حالات کا تقاضہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کو بنیاد بنا کر مقامات مقدسہ جانے والے زائرین کی آمدورفت کو وقتی ضرورت کے تحت موخر تو کیا جا سکتا ہے لیکن اسے بے جا طوالت نہیں دی جا سکتی۔ پاکستان سے ایران،عراق جانے والے زائرین پر پابندی کو تمام پہلوؤں سے بغور دیکھا جارہا ہے۔پاکستان ہر شہری کی صحت و سلامتی بلاشبہ مقدم ہے لیکن ان تمام امور میں نیک نیتی شرط اول ہے۔دنیا کے باقی ممالک سے اگر ایران میں آمدورفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو پھر پاکستانی حکومت کو بھی اپنے فیصلہ پر فوری طور پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔

Page 33 of 1134

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree