The Latest
وحدت نیوز (ہری پور) شرکاء ریلی سے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ وحید عباس کاظمی اورشیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری وسیم اظہر ترابی نے خطاب کیا۔
مجلس وحدت مسلمین ضلع ہری پور اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ہری پور میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ قبلہ اول کو یہودی و صیہونی طاقتوں سے آزاد کرانے اور فلسطین کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم القدس ریلی امامیہ مسجد ہری پور سے روانہ ہو کر مین بازار سے ہوتی ہوئی پنیاں چوک جی ٹی روڈ پہنچی۔ جہاں شرکاء ریلی سے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ وحید عباس کاظمی اور شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری وسیم اظہر ترابی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کیخلافف فلک شگاف نعرہ بازی کی۔
وحدت نیوز (حیدر آباد ) مجلس وحدت مسلمین ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ، اصغریہ آرگنائزیشن ، امامیہ آرگنائزیشن ، شیعہ علماء کونسل کی جانب سے عالمی یوم القدس کے موقع پر قدم گاہ مولا علی (ع) سے ریڈیو پاکستان تک مشترکہ القدس ریلی نکالی گئی۔ القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی نے کہا کہ جس طرح دنیا بھر میں حقیقی فرزندان اسلام امریکا اور اسرائیل اور انکے حواریوں کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں ہم بھی مملکت عزیز پاکستان میں امریکا و اسرائیل کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے رہیں گے اور اسلام دشمنوں کے خلاف صف آراء رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم القدس کے روز میں تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، نہ ہی ہم فلسطین پر قابض صیہونی اسرائیل کو کبھی تسلیم کریں گے کیونکہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا اور اسکی آزادی صرف اور صرف مسلمانوں کے اتحاد اور مسلح جدوجہد سے ہی ممکن ہے۔
مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدر آباد کے سیکرٹری جنرل علامہ امداد علی نسیمی نے کہا کہ دنیا بھر میں موجود نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیوں کو فلسطین میں مسلم خواتین کی پائمال ہونے والی عزتوں کا ذرہ برابر بھی احساس نہیں ہے۔ انسانی حقوق کے چیمپئن تنظیموں کو فلسطین میں کتابیں اٹھا ئے اسکول جاتے ہوئے معصوم بچوں پر صیہونیوں کی جانب سے بموں کی یلغار اور گولیوں کی بوچھاڑ کے واقعات نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں ماؤں بہنوں کی چیخ وپکار اور نالہ وفریاد کے مناظر دنیا کے باضمیر قوموں کو روز جھنجوڑتے ہیں مگر انسانی حقوق کے ادارے بے حسی کا شکار ہیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سجاد حیدر جوادی نے کہا کہ 1948ء میں ارض مقدس فلسطین پر صیہونی اسرائیلی قبضے کو امام خمینی نے مسلمانوں کے قلب میں خنجر سے تعبیر کیا اور امت مسلمہ کی آزادی کی راہ میں جہاد کی صورت دکھائی۔
القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان حیدرآباد ڈویڑن کے صدر سید عباس زیدی نے کہا کہ امام خمینی رہ کے فرمان پر فلسطین کی آزادی کیلئے دنیا بھر کے مسلمانوں نے عالمی یوم القدس منا کر اس بات کا علان کیا ہے کہ مسلمانان عالم تمام تر صیہونی سازشوں کے باوجود متحد اور ولی امرالمسلمین سید علی خامنہ ای کی قیادت میں تمام مظلومین و مستعضفین جہان کے ساتھ ہم آواز ہیں۔
اصغریہ آرگنا ئزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید پسند رضوی کہا کہ وہ دن کتنا خوبصورت اور خوشگوار ہوگا جس دن دنیا کے نقشہ سے اسرائیل کا ناپاک وجود مٹ جائے گا اور ہم سب مل کر اس ارض مقدس میں قبلہ اول کے اندر نماز ادا کریں گے اور دنیا پر امن کا راج ہو گا۔انشاء اللہ جلد وہ دن مستضعفین جہان اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے۔
ریلی میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے دیگر رہنماء الفت عالم کربلائی ، یعقوب حسینی ، ندیم جعفری ، عباس مرتضائی و دیگر بھی موجود تھے ۔
وحدت نیوز (سرگودھا) مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس ارگنائزیشن سرگودھا کے زیر اہتمام یوم القدس کی مناسبت سے احتجاجی ریلی کا انعقعاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ضلع سرگودھا کے ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل فیصل عمران، ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء مولانا نصیر اعوان اور سٹی سیکرٹری جنرل ثاقب رضا نے کی۔ ریلی مرکزی امام بارگاہ قصر القائم سے شروع ہو کر سیٹلائٹ ٹاون چوک پہنچ کر اختتام پزیر ہوئی۔ ریلی میں کثیر تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ شرکائے ریلی نے امریکہ اور اسرئیل کے خلاف نعرے بازی کی اور مظلوم فلسطینیوں اور شامی بھائیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ شرکائے ریلی نے بینرز اور کتبے اٹھارکھے تھے جن ہر امریکہ اور اسرائیل مخالف نعرے درج تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل فیصل عمران نے کہا کہ مسلمانوں کے تمام تر مسائل کا ذمہ دار امریکہ اور اسرائیل ہیں۔ مسلمانوں کو بیدار اور متحد ہونا ہو گا ورنہ ہم اسی طرح ظلم کی چکی میں پستے رہیں گے۔ عالمی برادی شام میں جاری دہشت گردی کا نوٹس لے اور بے گناہ شامی عوام کو مرنے سے بچائے۔ انہوں نے حکومت کو اڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان جیل پر حملہ مشکوک ہے اور جیل سے دہشت گردوں کو نکال کر شام بھیجا جا رہا ہے۔ کرائے کے قاتلوں والا یہ دھندا بند ہونا چاہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء پر نسپل دارلعلوم محمدیہ مولانا نصیر حسین اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا ناپاک وجود جب تک قائم ہے امن قائم نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی پالتو ریاستیں یہ سن لیں کہ ایک دن یہ دہشت گرد تمارے لئے بھی وبال جان بنیں گے جیسے کہ تاریخ گواہ ہے۔ مولانا نصیر اعوان نے کہا کہ جب حزب اللہ نے اسرائیل پر حملہ کیا تھا اگر اس وقت عرب ممالک غیرت کا مظاہرہ کرتے تو اسرئیل کا ناپاک وجود دنیا سے مٹ جاتا۔
اس موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سرگودھا کے ڈویزنل صدر شاہد رضا نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام کو اسرائیل دشمن ہونے کی سزاء دی جارہی ہے اور اگر اسی طرح مسلم ممالک ظلم کا نشانہ بنتے رہے اور ان کی حمایت میں کوئی بھی آواز نہ اٹھائی گئی تو مسلم ریاستوں کا وجود ختم ہو جائے گا۔
وحدت نیوز (مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلمین مشہد مقدس کے زیراہتمام امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کے فرمان کے مطابق دنیا بھر کی طرح ایران میں بھی پاکستانیوں کی جانب سے یوم المقدس بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ مشہد مقدس میں ریلی کا آغاز صبح 9بجے میدان شہداء سے ہوا۔ ریلی اپنے مقررہ راستوں چار طبقہ، خیابان خسروی نو، فلک آب اور باب الرضا (ع)سے ہوتی ہوئی صحن جامع رضوی میں اختتام پذیر ہوئی۔ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ریلی کی قیادت علامہ وزیر علی لغاری ور علامہ عارف حسین تھہیم نے کی۔ ریلی میں ہزاروں عشاق بیت المقدس نے شرکت کی۔ ریلی میں بچے، بوڑھے، جوان اور خواتین کی بہت بڑی تعداد شامل تھی۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستانی اور مجلس وحدت مسلمین کے پرچم اور جھنڈیاں اُٹھائی ہوئی تھیں۔ ریلی کے شرکاء نے امریکہ، اسرائیل کے خلاف اور حزب اللہ، فلسطین اور تحریک آزادی القدس کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ ریلی میں شریک پاکستانی اور ایرانی عوام نے مجلس وحدت مسلمین، پاکستان اور ایران کے پرچموں پر مشتمل جھنڈیاں اُٹھا رکھی تھیں۔
وحدت نیوز (قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم المقدسہ کے زیراہتمام امام خمینی رحمتہ اللہ علیھا کے فرمان اور ناصر ملت علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر یوم القدس کو بھرپور طریقے سے منایا۔ اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین نے قم المقدسہ میں نکلنے والی عالمی یوم القدس ریلی میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی۔ یوم القدس ریلی کا آغاز دن گیارہ بجے میدان مطہری سے ہوا جو کہ مختلف راستوں سے ہوتی نماز جمعتہ الوداع سے قبل حرم مطہر سیدہ فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا پر اختتام پذیر ہوئی، ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے ریلی کی قیادت سیکرٹری جنرل مشہد علامہ غلام محمد فخرالدین اور صوبائی سیکرٹری جنرل خبیر پختونخواہ علامہ سبیل حسن مظاہری نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستانی، ایرانی اور فلسطینی پرچم اُٹھائے ہوئے تھے جبکہ ایک کثیر تعداد نے بینرز، پینا فلیکسز، پورٹریٹ اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین، حزب اللہ اور شام کے حق میں اور امریکہ، اسرائیل، یہودیت، آل سعود اور صیہونیت کے خلاف نعرے درج تھے۔ قم المقدسہ میں نکالی جانیوالی والی ریلی میں پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی اور ملک سے باہر ہوتے ہوئے بھی فلسطین کی بھرپور حمایت اور امریکہ واسرائیل سے نفرت کا اظہار کیا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) بانی انقلاب اسلامی ، رہبر کبیر حضرت امام خمینی (رہ) کے حکم پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان راولپنڈی ڈویژن اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان راولپنڈی ڈویژن اور دیگر ملی تنظیموں اور ماتمی انجمنوں کی جانب سے مشترکہ آزادی القدس ریلی بعد نماز جمعہ مرکزی جامع مسجد اثنا ء عشری جی سکس ٹوسے ڈی چوک تک نکالی گئی ، جس کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عبا س جعفری اور نائب سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے کی جبکہ اس موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنماء بھی موجود تھے ۔
القدس ریلی سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ، علامہ امین شہیدی کے علاوہ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء علامہ اصغر عسکری ،علامہ علی شیر انصاری ، علامہ اقبال بہشتی، علامہ ثمر عباس نقوی اور برادر ملک اقرار حسین امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔
اس موقع پر مردوں کے علاوہ خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی ، جنہوں نے ہاتھو ں میں بینرز ، پلے کارڈ ، اور مختلف پر چم اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ و اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے ۔
وحدت نیوز (اسکردو) رہبر معظم اسلامی، رہبر مسلمین و مستضعفین جہاں سید علی خامنہ ای کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے دنیا بھر کی طرح بلتستان میں بھی یوم القدس نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں بلتستان میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن روندو یونٹ کے زیراہتمام روندو میں مختلف مقامات پر القدس ریلیاں برآمد ہوئیں، آئی ایس او شگر یونٹ کے زیراہتمام بھی قبلہ اول پر یہودی قبضہ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی گئی، کھرمنگ خاص اور مہدی آباد میں بھی آئی ایس او کے زیراہتمام غاصب اسرائیل کے ظلم و بربریت کے خلاف لوگ سڑکوں پہ نکل آئے، اسی طرح ضلع گنگچھے میں آئی ایس او خپلو یونٹ نے فقید المثال قدس ریلی کا اہتمام کیا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اسی طرح آئی ایس او گمبہ یونٹ نے خانقاہ گمبہ اسکردو سے مالک اشتر چوک تک القدس ریلی نکالی۔
جبکہ بلتستان میں مرکزی القدس ریلی انجمن امامیہ بلتستان کے زیراہتمام مرکزی امامیہ جامع مسجد اسکردو سے یادگار شہداء اسکردو تک نکالی گئی۔ ریلی میں ہزاروں مظاہرین شریک تھے۔ مرکزی القدس ریلی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن، شیعہ علماء کونسل بلتستان، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بلتستان ڈویژن اور امامیہ آرگنائزیشن نے بھرپور شرکت کی، جبکہ نظامت کی ذمہ داری انجمن امامیہ کے پاس تھی۔ ہزاروں کی تعداد میں شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ جس پر غاصب اسرائیل اور شیطان بزرگ امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے۔ ہزاروں کی تعداد میں موجود مظاہرین کی ’’امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے اسکردو کی فضا گونج رہی تھی۔ جبکہ شرکاء کی ایک بڑی تعداد نے امریکہ کی بدنام زمانہ تنظیم یو ایس ایڈ کو آڑے ہاتھوں لیا اور یو ایس ایڈ کے خلاف بھی شدید نعرہ بازی کی۔ القدس احتجاجی ریلی جب یادگار شہداء اسکردو پہنچ گئی تو ایک عظیم الشان جلسہ کی صورت اختیار کر گئی۔ اس عالمی احتجاج کے موقع پر احتجاجی جلسہ سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے صدر امتیاز عابدی، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے رہنما اور فرزند شہید حسن ترابی، علمائے قم کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ ذاکر حسین مقپون اور شیعہ علماء کونسل کی طرف سے علامہ شیخ فدا حسین عبادی جبکہ انجمن امامیہ کی طرف سے شیخ زاہد حسین زاہدی نے خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ و اسرائیل صرف عالم اسلام کے مشکلات و مسائل کا سبب نہیں بلکہ عالم انسانیت کو درپیش تمام مسائل اور مشکلات کا ذمہ دار ہے۔ امریکہ و اسرائیل کی خناسیت اور شیطنت کی وجہ سے عالم انسانیت میں بےچینی بڑھ گئی ہے۔ اور یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ امریکہ دشمن اقوام جہاں ہے، امریکہ سرغنہ مجرمین جہاں ہے، امریکہ شیطان بزرگ ہے۔ اگر دنیا بھر کے مظلومین اور مستضعفین قیام کریں تو شیطان بزرگ امریکہ اور اسکی ناجائز اولاد اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹا سکتے ہیں۔ یوم القدس کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کہا کہ حکومت پاکستان ہوش کے ناخن لیں اور دوست دشمن کو پہچان لیں، باقی حکومتوں کو امریکہ کی بیساکھی پر چلنے کا صلہ مل چکا ہے جو انہیں مل جائے گا۔ امریکہ کسی صورت پاکستان اور اسلام کا دوست نہیں ہو سکتا۔ یہ ہمارے جاہل حکمرانوں کی خام خیالی ہے کہ امریکہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالے گا، امریکہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے نہیں دھکیلنے کے لیے آیا ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی ایجنسیاں بھی امریکہ کے دسترخوان سے ہڈی چبانے کا سلسلہ ختم کریں اور وطن عزیز کو امریکہ و اسرائیل کی مقاصد کے لیے استعمال ہونے نہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایجنسیاں امریکہ کی ایماء پر پاکستان سے دہشت گردوں کو شام بھیج رہی ہیں، کبھی بنوں جیل سے دہشت گردوں کو تو کبھی ڈی آئی خان سے چھڑا کے شام لے جایا جا رہا ہے۔ شام میں باغیوں کی حمایت امریکہ و اسرائیل کی حمایت اور مسلمانوں کے قلب میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہیں۔ پاکستانی حکومت شام میں امریکی اور اسرائیلی ایجنٹوں کی معاونت کر کے فلسطینی مسلمانوں کے خون میں اپنے ہاتھوں کو رنگنے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس صرف قدس کا مسئلہ نہیں بلکہ دنیا بھر کے تمام مظلوموں اور کمزوروں کا دن ہے۔ اس دن وقت کے فرعونوں سے اظہار برائت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے ناپاک قدم جہاں جہاں جمے ہیں وہاں کی سرزمین بےگناہوں کے خون سے رنگین ہوئی ہے اور امن و سکون کی جگہ فتنہ و فساد نے لی ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی امریکی تنظیمیں متحرک ہیں اور یہاں کے امن و امان کا بھی اللہ ہی حافظ ہے، سانحہ کوہستان ہو یا نانگا پربت امریکہ کی کارستانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہبر معظم حکم کریں تو ہم گلگت بلتستان میں امریکی مفادات کو سبوتاژ کرنے کے لیے مستعد اور تیار ہیں۔ جلسہ کے آخر میں شیعہ علماء کونسل کے صدر علامہ شیخ فدا حسین نے قرارداد بھی پیش کی۔
وحدت نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے تمام شہروں میں اس وقت عوام امام خمینی کے فرمان پر یوم القدس بھرپور جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں۔ کراچی میں بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کے زیراہتمام آزادی القدس ریلی نکالی جا رہی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق خیرپور اور کراچی میں القدس ریلی کے شرکاء پر اسرائیلی ایجنٹوں نے فائرنگ کی ہے، جس کے نتیجے میں ایک شہید جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ کراچی میں فائرنگ کا واقعہ شاہراہ فیصل پر پیش آیا کہ جہاں شاہ فیصل کالونی سے آنے والے القدس کے قافلے پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کا دوسرا واقعہ خیرپور میں پیش آیا کہ جہاں تکفیری دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص شہید ہوگیا۔ فائرنگ کے ان واقعات پر ملک بھر میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور ملک بھر کے شرکائے ریلی فائرنگ میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
وحدت نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ اسرائیل عصر حاضر کا ابلیس اور شیطان ہے، آج یوم القدس کے دن میں پوری دنیائے اسلام کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ ہم نے ہمیشہ بطور شیعہ اثناء عشری ہمیشہ قدس کی حمایت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیروت میں سید الشہداء کمپلیکس میں عالمی یوم القدس کے اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عالمی یوم القدس کے اجتماع میں قائد مقاومت خود شریک ہوئے اور عوام سے براہ راست خطاب کیا۔ سید حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ تم ہمیں رافضی کہو، مجرمین کہو یا جو دل کرے وہ کہو لیکن ہم شیعہ کبھی بھی فلسطین اور قبلہ اول کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑینگے۔ انہوں نے کہا کہ میں اعلان کرتا ہوں کہ ہم کربلائی اور حسینی ہیں اور ہم صرف شیعیان علی ابن ابیطالب (ع) ہیں اور ہم شیعہ ہوتے ہوئے آج قدس کی حمایت کرتے ہیں۔
سید حسن نصر اللہ کا مزید کہنا تھا کہ تم ہمیں جس طرح قتل کرنا چاہو قتل کرو، پتھر سے یا لوہے سے ہم حسینی ہیں اور دنیا کے سامنے یہ اعلان کرتے ہیں کہ اس میدان میں بوڑھے، بچے، خواتین سب دفاع لبنان اور دفاع فلسطین میں مصروف ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری ہے، ہمارے آباؤ اجداد نے یہ عقیدہ ہمیں ورثے میں دیا ہے اور اس عقیدے کی پاسداری کے لئے ہم نے اپنے بہترین شہداء پیش کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس عظیم مشن کو جاری رکھنے کیلئے اپنے تمام وجود کی قربانی کے لئے تیار ہیں ، ہم نے لبنان کے دفاع اور فلسطین کی آزادی کے لئے اپنے بہترین شہداء شہید عباس موسوی، شہید راغب حرب اور شہید عماد مغنیہ کو پیش کیا تاکہ اس مقدس راستے کی حفاظت کرسکیں۔ اپنے خطاب میں حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ میں یوم القدس کے دن دنیائے اسلام کو یہ اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ ہم حزب اللہ ہیں اور ہم نے اپنے کاندھوں پر عظیم ذمہ داریاں اٹھائی ہیں، دنیا سن لے ہم ہی حزب اللہ ہیں اور ہم ہی نے ہمیشہ بطور شیعہ اثناء عشری القدس کی حمایت کی ہے۔
وحدت نیوز (پشاور) تحریک آزادی قدس پشاور کے زیر اہتمام مختلف تنظیموں نے یوم القدس کے موقع پر بیت المقدس کی آزادی، شام میں بی بی زینب سلام اللہ علیھا کی روضہ کی بے حرمتی اور ملک میں جاری دہشتگردی کیخلاف بعد از نماز جمعہ جامع مسجد کوچہ رسالدار سے احتجاجی ریلی نکالی۔ جس میں مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، شیعہ علماء کونسل، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ، انجمن تنظیم المومنین، امن کمیٹی، عالمی متحدہ علماء مشائخ کونسل کے رہنماوں نے شرکت کی۔ ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء امریکہ اور اسرائیل کیخلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے قصہ خوانی بازار پہنچے۔ جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے رہبر کبیر انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کے فرمان پر منائے جانے والے یوم القدس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ مقررین میں علامہ ارشاد خلیلی، مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات عدیل عباس زیدی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری توقیر یوسف، شیعہ علماء کونسل پشاور کے صدر اخونزادہ مجاہد اکبر، امامیہ جرگہ رہنماء مظفر علی اخونزادہ، اور عالمی متحدہ مشائخ کونسل کے رہنماء مولانا شعیب شامل تھے۔
مقررین نے جلسہ کو امریکہ اور اسرائیل کی مسلمانوں کے خلاف سازشوں سے آگاہ کیا اور قوم کو متحد رہنے کی تلقین کی۔ آخر میں تحریک آزادی قدس کے جنرل سیکرٹری اخونزادہ مظفر علی نے قراردادیں پیش کیں۔ جسے شرکاء ریلی نے اللہ اکبر کے نعرے کیساتھ منظور کیا گیا۔
قرار دادیں درج ذیل ہیں۔
1۔ یہ نمائندہ اجتماع امریکہ کی طرف سے، غاصب، غیر قانونی، انتہاء پسند ریاست اسرائیل کی کھلی سرپرستی کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے اور امریکہ کو باور کراتا ہے کہ کروڑوں مسلمانوں کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے اسرائیل کی سرپرستی ترک کر دے اور اسرائیل کو مجبور کر دے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقے خالی کرتے ہوئے قبلہ اول کو آزاد کر دے۔ یہ اجتماع اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں مزید یہودی بستیوں کے قیام کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
2) یہ اجتماع امریکہ کی پاکستانی سرحدات کی خلاف ورزی کرنے، پاکستانی نہتے عوام، اسلام سے محبت کرنے والے لوگوں پر ڈرون طیاروں سے حملہ کرنے کو انسانی حقوق کی پامالی، اور انصاف کے مسلمہ اصولوں کی خلاف اور ایک آزاد اسلامی ملک کی سرحدات کی خلاف ورزی تصور کرتا ہے اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ امریکہ کہ ساتھ سفارتی بنیاد پر اس مسئلے کا حل نکالے۔
3) آج کا یہ نمائندہ اجتماع پارا چنار، کراچی، کوئٹہ، راولپنڈی، لاہور، پشاور، گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر شہروں میں ٹارگٹ کلنگ، خودکش اور بم دھماکے کرنے والوں کی پر زور مذمت کرتا ہے اور اسے صوبائی حکومتوں کی کمزوری تصور کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس کا کوئی حل نکالے۔
4) آج کا یہ نمائندہ اجتماع ملک بھر میں اعلیٰ عدلیہ کی طرف سے دہشت گردوں کو ضمانتوں پر رہائی، دہشت گردی کو پروان چڑھانے کے مترادف ہے اور اسے شہداء کے خون سے زیادتی اور غداری تصور کرتا ہے۔ لہذا اس طرف فوراً توجہ دی جائے۔
5) آج کا یہ نمائندہ اجتماع ڈیرہ اسماعیل خان جیل میں ایک منظم سازش کے ذریعے جس طرح سیکورٹی فورسز، ایف سی، لیوی اور پولیس کی موجودگی میں قیدیوں کو جس بے دردی سے شہید کیا گیا اور دہشتگردوں کو فرار کرایا گیا، کی پر زور مذمت کرتا ہے اور اسے انتظامیہ اور صوبائی حکومت اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی غفلت سمجھتا ہے۔ لہذا اس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیٹی قائم کی جائے۔
6) آج کا یہ نمائندہ اجتماع شام میں بی بی زینب سلام اللہ علیھا، صحابہ کرام (رض) کے مزارات کی بے حرمتی کی بھی پر زور مذمت کرتے ہا اور یونائیٹڈ نیشن سے اپیل کرتا ہے کہ فوری طور پر اس مسئلے کا حل ڈھونڈے اور حکومت پاکستان سے بھی پر زور مطالبہ کرتا ہے کہ وہ سفارتی سطح پر شام میں ہونے والی تبدیلیوں کا نوٹس لے۔
7) آج کا یہ نمائندہ اجتماع ملک بھر میں کالعدم جماعتوں (لشکر جھنگوی، سپاہِ صحابہ، انصار المجاہدین، تحریک طالبان) کی جانب سے شیعہ مسلمانوں کے خلاف غلیظ زبان کا استعمال کرنے، نسل کشی کرنے پر حکومتی اداروں اور انتظامیہ کی خاموشی کو حیرت کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ ان کالعدم جماعتوں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے۔
8) آج کا یہ نمائندہ اجتماع پاکستان بھر میں مساجد، امام بارگاہوں، جمعہ اجتماعات، سکولوں، کالجوں، مدارس، پولیو مہم پر حملوں، بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کی ذمہ داری قبول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
9) آج کا یہ نمائندہ اجتماع سانحہ کوہاٹی گیٹ 1992ء و سانحہ ہنگو 9 فروری 2006ء اور الزہراء ہسپتال، سانحہ عاشور کراچی و چہلم، سانحہ کربلا گامے شاہ لاہور، سانحہ داتا دربار، سانحہ کوہستان، سانحہ چیلاس، سانحہ مستونگ کیلئے بنائی گئی تحقیقاتی رپورٹس کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ مجرموں کو قرار واقعی سزا مل سکے۔
10) آج کا نمائندہ اجتماع مطالبہ کرتا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہونے والے شہداء کے مقدمات کی تفتیش پشاور ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق کی جائے اور دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کو دیگر شہداء کی طرح مراعاتی پیکج دیا جائے۔ نیز ان کے مقدمات یا ایف آئی آرز دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کی جائیں۔
11) آج کا نمائندہ اجتماع حکومت خیبر پختونخوا سے گزارش کرتا ہے کہ سانحہ امامیہ کالونی اور جامعہ شہید عارف حسینی خود کش دھماکے کے شہداء کیلئے فوری طور پر مراعات کا اعلان کیا جائے اور زخمیوں کے علاج و معالجے کو حکومتی سطح پر کرایا جائے۔