The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہا ہے کہ حکومت اور سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ کم از کم محرم الحرام کے مقدس ایام میں امن و امان کو برقرا رکھنے اور عوام کی حفاطت کے لئے فول پروف سکیورٹی کے انتطامات کریں، ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ بیرونی اشاروں پر فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر ملک کے مختلف علاقوں میں داخل ہوچکے ہیں، بالخصوص پنجاب میں امن و امان کے حوالے سے صورتحال انتہائی مخدوش ہے، اگر محرم الحرام کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا تو ہم اس کی ذمہ داری حکومت پر ڈالنے میں حق بجانب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے دہشتگردوں سے براہ راست رابطے ہیں، امید ہے کہ محرم الحرام میں وہ ان رابطوں کو منقطع کرکے امن و امان کے قیام کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ وہ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر علامہ علی شیر انصاری اور ایم ڈبلیو ایم پشاور کے صوبائی دفتر کے مسئول ارشاد حسین بنگش بھی ان کے ہمراہ تھے۔

 

علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کے لیے اپنی مذموم کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے، جس کا ثبوت کل کراچی میں ہونیوالی دو ڈاکٹروں سمیت چھ بےگناہ شیعہ افراد کی شہادتیں ہیں۔ اس لئے حکمرانوں کو اپنی ذمہ داریاں نیک نیتی کے ساتھ سرانجام دینا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ محرم کے مقدس ایام ہمیں وحدت اور اخوت کا درس دیتے ہیں تفرقے کا نہیں، تفرقہ دین اور ملک کے لئے ناسور ہے، جو بھی تفرقہ ڈالنے کی کوشش کرے گا، اس کا دین سے کوئی تعلق نہیں ہوگا، اگر محرم الحرام کے دوران تفرقہ پھیلانے کے لئے شدت پسندی کا کوئی واقعہ رونما ہوتا ہے تو پرامن شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اشتعال میں نہ آئیں، تاکہ دشمن کی سازش کامیاب نہ ہوسکے، عزاداری کے پروگراموں کو اتحاد اور یکجہتی کی فضا میں منعقد کیا جائے، کوئی ایسی بات نہ کی جائے جو دوسروں کی دل آزاری کا سبب بن سکتی ہو۔

 

ان کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب کے حکمرانوں نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایام محرم کے دوران بھی دہشت گردوں کی سرپرستی کا سلسلہ جاری رکھا تو ان کا شمار بھی دہشت گردی کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے والوں میں ہوگا۔ حالیہ امریکی ڈرون حملوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی نے کہا کہ حکمران کمزوری کا مظاہرہ کرنے کی بجائے عوام کے جذبات کا احترام کریں، اور حملہ آور ڈروں طیاروں کو مار گرائیں، پوری قوم حکومت کے ساتھ کھڑی ہوگی، طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات کے مخالف نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ مذاکرات اس وقت ہوں جب حکومت کا ہاتھ اوپر ہو اور حکومتی رٹ تسلیم کی جائے، جب آئین پاکستان کو مانا جائے بصورت دیگر یہ مذاکرات نہیں بلکہ دہشت گردوں سے امن کی بھیک ہوگی۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل ہمارے ازلی دشمن ہیں جو چاہتے ہیں کہ پاکستان اور افغانستان میں امن قائم نہ ہو، ان کے اشاروں پر امن و امان کی صورتحال برباد کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امن و امان قیام کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے جو کسی پر احسان نہیں۔

وحدت نیوز(اورکزئی ایجنسی) مجلس  وحدت مسلمین اورکزئی ایجنسی کی کابینہ مکمل ہوگئی ہے، جس کے بعد ایجنسی میں 10 یونٹس بھی قائم کر دیئے گئے ہیں، سیکرٹری جنرل علامہ مصطفیٰ حسین بہشتی کے مطابق گلشن علی کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل، حاجی عبدالعزیز خان کو سیکرٹری تنظیم سازی، میجر (ر) سراج علی معاون سیکرٹری تنظیم سازی، مدثر حسین سیکرٹری سیاسیات، سید رفاقت علی شاہ سیکرٹری اطلاعات و میڈیا، سید نور کمال معاون سیکرٹری اطلاعات، سید ابن الحسن سیکرٹری فلاح و بہبود، سید شیریں حسین سیکرٹری مالیات، سید ندیم سید سیکرٹری رابطہ، سید منہاج حسین آفس سیکرٹری، سید صالح جان معاون آفس سیکرٹری، مولانا سید زاہد حسین سیکرٹری نشر و اشاعت، منہال علی معاون سیکرٹری نشر و اشاعت، صوبیدار عابد علی سیکرٹری تربیت، مولانا رفیق حسین سیکرٹری تعلیم جبکہ وائز علی کو معاون سیکرٹری تعلیم کی مسولیت سونپی گئی ہے۔ گذشتہ دنوں ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے آرگنائزر علامہ سید سبطین الحسینی نے اورکزئی کا دورہ کیا اور وہاں اورکزئی ایجنسی کے سیکرٹری جنرل علامہ مصطفیٰ بہشتی سمیت کابینہ کے اراکین سے ملاقاتیں کیں، اس موقع پر تنظیمی امور پر گفتگو ہوئی، علامہ مصطفیٰ بہشتی کے مطابق اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں میں مجلس وحدت مسلمین کے 10 یونٹس قائم کردیئے گئے ہیں۔ اور جلد تنظیم کو علاقہ میں ایک فعال تنظیم بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

وحدت نیوز(کراچی) ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے سیاسی طالبان کراچی کا امن خراب کررہے ہیں، ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود دہشت گردی کے واقعات سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں، ٹارگٹ کلنگ کی یہ صورتحال بدستور جاری رہی تو وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی اور سیکریٹری سیاسیات کراچی علی حسین نقوی نے کراچی میں دو ڈاکٹرز سمیت چار افراد کی شہادت کے خلاف نمائش چورنگی اور انچولی سوسائٹی میں علیحدہ علیحدہ احتجاجی مظاہروں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہروں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت وقت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

 

اپنے خطاب میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے آغاز میں ملت جعفریہ کے افراد کا قتل عام حکومت سندھ کی ناکامی ہے، صوبائی حکومت محرم الحرام کے آغاز پر ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے ذمہ داروں کو گرفتار کریں وگرنہ ملت جعفریہ جلوس ہائے عزا میں بھرپور طریقے اپنا احتجاجی حق استعمال کرے گی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ ٹارگٹ کلنگ کے ملزمان کو گرفتار کرکے اپنی ذمہ داری پوری کرے تاکہ محرم الحرام میں امن و امان کےقیام کو یقینی بنایا جاسکے۔

وحدت نیوز(لاڑکانہ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کی پولیٹیکل کونسل کا اجلاس مدرسۃ جامعہ خدیجتہ الکبریٰ لاڑکانہ میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا حسن ظفر نقوی کی زیر صدارت منعقد ہواجسمیں عبداللہ مطہری،سید علی حسین،ایڈوکیٹ غلام شبیر سومر،طارق بدوی ،سید الطاف حسین شاہ ،مولانا مشتاق حسین مشہدی،سید امتیاز حسین بخاری اور مولانا نشان حیدر ساجدی شریک تھے جبکہ مولانا سید قمر عباس نقوی ،مولانا دیدار جلبانی اورغلام سرور جوکھیونے بحیثیت مبصر اجلاس میں شرکت کی۔



کونسل کا اجلاس تلاوت قرآن پاک سے شروع ہوا تلاوت کا شرف جناب مولانا نشان حیدر ساجدی صاحب نے حاصل کیا۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد ممبران کا تعارف کرایا گیا۔اجلاس میں بلدیاتی انتخابات ،پولیٹیکل کونسل کی فعالیت ،آئندہ کا لائحہ عمل اوروسائل اور انکی تقسیم کے نظام پرتفصیلی بحث کی گئی۔عبداللہ مطہری سیکریٹری سیاسیات سندھ نے اجلاس کو آنے والے بلدیاتی الیکشن سیاسی حالات، ایجنڈا اور اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دی ایجنڈا کے متعلق تمام ممبران سے ان کی رائے لی گئی۔



مولانا حسن ظفر نقوی نے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ صوبائی کونسل کی سفارشات کا مرکز لحاظ رکھے گا اور اگر مرکز کو صوبے سے کوئی اختلاف رئے ہوگی تو مرکز صوبے کو اعتماد میں لے گا اور مزید کہا کہ امیدوار کی اہلیت کو خصوصیت حاصل ہوگی لہذا امیدوار ہر طرح سے پارٹی کے فیصلے پر پابند ہوگا اور دیانتدار ہونا چاہیے۔



متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ وسائل اور انکی تقسیم کار کے لئے مرکز ایک کمیٹی تشکیل دیگا جسکے خدو خال واضع ہونگے اور ذمہ داریاں معین ہونگی اور یہ کمیٹی صوبائی عہدیدار کی رائے لیئے بغیر وسائل کو تقسیم نہیں کریگی،اور فراہم کردہ وسائل کی ہر صورت میں مرکز آڈٹ کریگا۔



اور آخر میں مبصرین نے اپنی اپنی رائے دی،جناب مولانا قمر عباس نقوی ،مولانا دیدار جلبانی کراچی ،غلام سرور جوکھیہ صاحب نے کہا کہ الیکشن کی منصوبہ بندی ہونی چایئے ۔ یہ بھی دیکھا جائے کہ ہم نے عوام کی کیا خدمت کی ہے ماضی کے الیکشن سے متعلق تما م حالات و تجربات کو بھی نظر میں رکھا جائے اور اسی تجربہ کی بنیاد پر آگے قدم بڑھائے جائیں۔ جن افراد کو پارٹی ٹکٹ دی جائے انکی ہر زاویہ سے جانچ پڑتال کرنا ضروری ہوگی۔نااہل کوٹکٹ نہ دیا جائے۔

وحدت نیوز(حیدرآباد) محرم الحرام کے آغاز سے قبل ٹارگٹ کلنگ کے واقعات باعث تشویش ہیں،ایک روز میں پانچ بے گناہ شیعیان حیدر کرار(ع) کی شہادت کراچی میں جاری آپریشن پر سوالیہ نشان ہے، ظلم کی انتہا ہے کہ سفاک دہشت گردوں نے شبیہ زوالجناح کو بھی گولیوں سے بھون ڈالا حکومت سندھ ان تکفیری دہشت گردوں کیخلاف ٹھوس کاروائی عمل میں لائے ان خیالات کااظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع حیدرآباد کے سیکریٹری جنرل مولانا امداد علی نسیمی نے حیدر آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہو ئے کیا ۔اس موقع پرصوبائی سیکریٹری تنظیم سازی یعقوب حسینی ،ایم ڈبلیو ایم حیدرآباد کے رہنمامولانا گل حسن مرتضوی،مولانا نور حسن،مولانا دامن علی،عاصم مرزا اورعروج تقوی بھی موجود تھے۔


ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے دہشت گردوں کے ساتھ مسلسل نرم رویئے کے باعث قوم کو شدید نقصان اٹھا نا پڑ رہا ہے ، جو لوگ ریاست ، آئین ، عوام ، حتیٰ انسانیت کے مخالف ہو ں ان کے ساتھ مذاکرات انسانیت ، آئین اور جمہوری اقدار کے سراسر منافی ہیں ۔ہم ایک مرتبہ پھر انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہیں ، کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات نے حکومتی اقدامات کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، اس کے پیش نظر سکیورٹی کی موجودہ صورتحال اطمینان بخش نہیں ہے ، لہٰذا سکیورٹی ادارے مساجد و امام بارگاہوں کی حفاظت سمیت جلوس عزاء کی گزر گاہوں کے تحفظ کے لئے بھی موثر انتظامات عمل میں لائے ۔

بعد ازاں مولانا امداد نسیمی نے عزاداری کے اجتماعات کو منظم کر نے اور انتظامیہ کے ساتھ رابطوں کو مضبوط رکھنے کے لئے مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدر آباد کے عزاداری سیل کے اراکین کے ناموں کا اعلان کیا جن میں درج ذیل اراکین شامل ہیں ۔



مولانا امداد علی نسیمی فون نمبر0300-3006116
یعقوب حسینی فون نمبر 0300-3008100
ْزوار قادر بخش فون نمبر0303-2749285
محمود الحسن فون نمبر0301-3819255
عروج تقوی فون نمبر 0300-3065350
عامر سومرو فون نمبر0313-3009005
دانش زیدی فون نمبر 0312-3356270

وحدت نیوز(کوہاٹ) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام کچہ پکہ بازار میں امن واک‘ علاقے کے علماء کرام‘ سیاسی شخصیات اور نوجوانوں کی کثیر تعداد میں شرکت‘ پولیس فورس کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات‘ اہل تشیع و اہل سنت مکاتب فکر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون اور ساتھ مل کر محرم الحرام میں امن کے قیام کو یقینی بنائیں گے‘ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل حاجی علی داد خان نے کچہ پکہ امن واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے یونٹ عہدے داران‘ علامہ سید ابن آغا‘ عابد علی ایڈووکیٹ‘ سید قاسم علی‘ انجمن حسینیہ‘ حسینی رضا کار اور آئی ایس او کے علاوہ سیاسی پارٹیوں کے عہدے داران نے بھی شرکت کی‘ انہوں نے کہا کہ امن واک کا بنیادی مقصد دُنیا کو ہمارے امن پسند ہونے کا پیغام ہے اور دین اسلام بھی امن و محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور اس کی روشن و پاکیزہ تعلیمات کل عالم انسانیت کے لیے فلاح و نجات کا ذریعہ ہیں‘ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران بین المسالک ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں اور اپنے قول و فعل سے وحدت ملی کا ثبوت دیں تاکہ کسی بھی شرپسند کو فائدہ اُٹھانے کا موقع نہ مل سکے اور عشرہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوس ہائے عزا کی سکیورٹی کے لیے کمیونٹی آرگنائزیشن انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی‘ عوام نے قیام امن کے لیے ایم ڈبلیو ایم کی کوششوں کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ امن برقرار رکھنے کے لیے اسی طرح معاشرے کا ہر فرد اپنا کردار ادا کرے گا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے زیراہتمام سانحہ مچھ کے خلاف علمدار روڈ نزد ہزارہ عید گاہ ایک عظیم الشان احتجاجی جلسہ عام منعقد کیاگیا ، جس میں بڑی تعداد میں مرد ، خواتین اورنوجوانوں نے شرکت کی۔احتجاجی جلسہ عام سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی، جنرل سیکرٹری کوئٹہ ڈویژن سیدعباس علی موسوی، جناب قیوم چنگیزی مرکزی رہنما کوئٹہ یکجہتی کونسل ، جناب جعفرعلی اور کامران حسین عابدی نے خطاب کیئے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا،کہ کوئٹہ اوراندورن بلوچستان بے گناہ ہزارہ قوم سمیت دیگرملت تشیع کے افراد کو بے دردی سے دہشت گردی کانشانہ بنایا جارہاہے۔جس پر حکومت اور ریاستی اداروں کی خاموشی انتہائی تشویش ناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

 

انہوں نے کہاکوئٹہ شہرسمیت پورا صوبہ جل رہاہے۔ آئے دن ٹارگٹ کلنگ ، اغواء برائے تاوان اور ہنگامہ آرائی کابازار گرم ہے، دہشت گرد شہرمیں دھندھناتے پھرتے ہیں سوائے دہشت گردوں کے عوام کا ہرطبقہ غیر محفوظ ہیں ۔ انہوں نے کہا وفاقی اور صوبائی حکومت دہشت گرداور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی نیک نیتی کا ثبوت دیں۔ مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ ہمیں ان میں نیک نیتی اور سنجیدگی کا کوئی عنصر دکھائی نہیں دے رہا ،وفاقی حکومت کا چالیس ہزارپاکستانیوں کے قتل عام کے بعد بھی دہشت گردوں سے مذاکرات کی بات کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دن بہ دن دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہورہاہے انہوں نے صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیاکہ سانحہ مچھ کے شہداء کے لواحقین کو معاوضہ ادا کیاجائے، اس گھناؤنے جرم میں شریک تمام افراد کو فوری گرفتارکرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے اوران جیسے واقعات کے تدارک کیلئے فی الفور اقدامات کیئے جائے۔انہوں یہ بھی مطالبہ کیا ماہ محرم الحرام میں سیکورٹی سخت سے سخت کیا جائے تاکہ کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوورنہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کے ذمہ دار ہونگے۔آخر میں انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعاکی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امام حسین عالی مقام کا پیغام پوری دنیائے انسانیت کے لئے فلاح اور نجات کا پیغام ہے۔ یہی سبب ہے کہ ہر دور کے انسانوں نے رنگ، نسل اور مذہب کی تفریق سے بالاتر ہوکر محسن اسلام امام عالی مقام سے محبت اور عشق کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری، جلوس عزاء اور مجالس میں کسی قسم کی رکاوٹ ناقابل برداشت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں قیام امن کے لئے ہم حکومت اور انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں گے۔ دراین اثناء ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کی صوبائی شوریٰ کا اہم اجلاس 2 نومبر علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیرصدارت صبح 10 بجے منعقد کیا گیا ہے۔ اجلاس میں بلوچستان بھر سے تنظیمی رہنما شریک ہونگے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے جنرل سیکرٹری عبدالخالق اسدی نے ملک میں جاری دہشت گردی اور ڈرؤن حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرون حملے اور طالبان کی دہشت گردی دونوں ہی پاکستان کی سالمیت کیلئے اہم خطرہ ہیں، آئین پاکستان تسلیم نہ کرنے والوں سے مذاکرات ختم کئے جائیں، مذاکرات کی بجائے ڈرون طیاروں کو گرایا جائے، ہم مجلس وحدت مسلمین کے پلیٹ فارم سے پوری دنیا میں جاری دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں حکومت کی طرف سے مختلف قسم کی رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں ہم انہیں یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم پر امن لوگ ہیں اور کسی قسم کا انتشار نہیں چاہتے اس لئے اہل تشیع کی مجالس میں کوئی رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں، خطے میں امریکی اور سعودی برانڈ دہشت گردی دم توڑ رہی ہے اور امریکی سرمایہ سے پاکستان کو فرقہ واریت کی آگ میں لپیٹنے والے شیعہ سنی اتحاد دیکھ کر مایوس ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملک بھر کے مظلوموں کی نمائندہ جماعت ہے ،گلگت ؛بلتستان کے تمام مسالک اور برادیوں کے افراد کیلئے دہشت گردی کے خلاف ایک سایہ بنیں گے، ہم ایم ڈبلیوایم کے پلیٹ فارم سے اسماعیلی برادری، نوربخشی برادری سمیت تمام مسالک کے افراد کو امن کو پیغام دیتے ہیں، انشاء اللہ اپنے اتحاد سے وطن کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری نے کہا ہے کہ کراچی میں بعض صحافیوں کو ایک لسانی جماعت کی طرف سے دی جانے والی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اوراعلان کرتے ہیں کہ چار نومبر کو آر آئی یو جے کے زیراہتمام نکالی جانے والی ریلی میں بھرپور شرکت کرکے صحافی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافتی برادری کو آزادی کسی نے بھیک میں یا پلیٹ میں رکھ کر نہیں دی بلکہ اس کیلئے ان کی انتھک جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ آج آزاد میڈیا کھل کر صحافت کر رہا ہے۔ اسلام آباد سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں پنجاب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور کارکنان چار نومبر کی ریلی میں بھرپور شرکت کریں گے اور اپنے صحافی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ ہم پاکستان میں میڈیا کی خدمات اور قربانیوں کی قدردانی اور اعتراف کرتے ہیں، ہمیشہ مظلوموں کیلئے آواز بلند کی اور کرتے رہیں گے۔ ہماری جہدوجہد ظلم و ناانصافی کے خلاف ہے۔ عادلانہ نظام ہی اس قوم کے مسائل کا واحد حل ہے۔ ہر دور میں حق کا ساتھ دیا ہے اور دیتے رہیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree