The Latest
وحدت نیوز(لاہور) سرگودھا سے عدالت میں پیشی کے بعد واپسی پر خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے ایم ڈبلیو ایم ضلع بھکر کے سیکریٹری جنرل سفیر عباس شہانی کو ان کے 4ساتھیوں سمیت اغوا کر لیا ہے، خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے پانچوں مغویوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے، مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ محمد اصغر عسکری نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم بھکر کے سیکرٹری جنرل سفیر حسین شہانی سرگودہا عدالت سے واپسی پر کابینہ کے دیگر چار ساتھیوں سمیت لاپتہ ہوگئے ہیں۔ لاہور سے جاری بیان کے مطابق علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ تاحال کسی کارروائی کا نہ ہونا انتظامیہ کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر کارکنوں کو فوری بازیاب نہ کرایا گیا تو ملک گیر احتجاج کی کال دی جاسکتی ہے۔ آج مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں کا جلاس طلب کرلیا گیا ہے، اجلاس کے بعد ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے رہنما اہم پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ سفیر عباس شہانی ایڈووکیٹ کوبھکر میں کالعدم تکفیری گروہ کے حملے کے بعد حکومتی متعصبانہ پالیسی کے کے نتیجے میں اس سےقبل بھی دو مرتبہ بے گناہ گرفتار کیا گیا تھا ، جس میں وہ ضمانت پر رہا ہوئے تھے ، اسی کیس میں پیشی کے بعدسیشن کورٹ سرگودھا سے واپسی پر سفیر عباس شہانی کو ایم ڈبلیو ایم کے مذید 4ذمہ داران کے ہمراہ بغیر وارنٹ کے جبری طور پو اغوا کر لیا ہے ۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن سے جاری کردہ بیان کے مطابق رُکن صوبائی اسمبلی آغا محمد رضا رضوی کا کہناتھا کہ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے حوالے سے ریاست پرکمزوری، منتشرخیالی اورسراسیمگی کی کیفیت طاری ہے۔ریاست اپنے منقسم سوچ کے ساتھ مذاکرات کے نتیجہ خیزہونے سے مایوس نظرآتی ہے، ریاست نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے کافیصلہ کرکے درحقیقت اٹھارہ کروڑعوام اورستر ہزارشہداء کے جنازوں پرپاؤں رکھ کر اپنا وجودنہیں بلکہ شہداء کے لواحقین کے سامنے اپنااعتبارکھودیاہے ۔ایک عام انسان کے لئے بھی یہ بات بالکل واضح ہے کہ دہشت گردجنہوں نے ماضی میں تیرہ مرتبہ مذاکرات کرکے اپنی بات سے مکرگئے۔ اورپاکستان کواندرونی دشمنوں کے ناپاک وجودسے پاک کرنے کے لئے ان کے خلاف سخت ترین آپریشن ہی مسئلہ کاواحد حل ہے۔حکومت اگرآج مٹھی بھردہشت گردوں کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پرمجبورہوچکی ہے تویہ بیرونی دشمنوں سے کیسے مقابلہ کرسکتی ہے۔ ایک ایٹمی پاوررکھنے والااسلامی ملک کیسے کسی بیرونی جارحیت کے مقابلے میں اپنے عوام کی حفاظت کرسکتاہے۔معصوم انسانوں کے خلاف طالبان کی وحشیانہ اورغیرانسانی کاروائیوں کودیکھ کرآج خوف و دہشت کے مارے سیاستدان اورحکمران کمزوری اور بزدلی کو سیاسی حکمت عملی اوردانائی کا نام دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کااندرونی دشمن طالبان مذاکراتی ڈھونگ کے دھوکے میں آئے بغیرریاست اورحکومت پردباؤبڑھاتاجارہاہے۔اوربے گناہ انسانوں کے قاتلوں کی رہائی، فوج کاقبائلی علاقوں سے انخلاء جیسے ناجائزمطالبات لے کرسامنے آچکاہے۔حکومت کو خطے میں موجوداپنے ہمسایوں سے کچھ سبق حاصل کرناچاہیئے کہ کس طرح انہوں نے اپنے ممالک میں موجودشورش کاخاتمہ کیا۔ جس بے رحمی سے سری لنکا نے تامل دہشت گردوں کوکچل دیایہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ زندہ ریاستیں اپنی حدوداوراپنی عملداری کی تحفظ کے لئے کسی بھی حدتک جانے سے گریزنہیں کرتیں۔عوام کی جان و مال کی تحفظ کرنے والی بہادراورزندہ ریاستیں دہشت گردوں کے خلاف بھرپورکاروائی کے لئے اے پی سی نہیں بلاتیں، مذاکراتی کمیٹی نہیں بناتیں اورنہ ہی الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیاپربیانات جاری کرتے ہیں۔ہمارے پاس لاکھوں کی تعدادمیں ماہر، تجربہ کاراوربہادرفوج موجودہے۔ ہمارے فوجی جوان دہشت گردوں کے خلاف لڑنے مرنے کے لئے تیاربھی ہے۔لیکن ہمارے ہاں قیادت کا بحران ہے۔یہی وجہ ہے کہ باربارطالبان ظالمان معصوم عوام کے خلاف کاروائی کر کے ہمارے حکمرانوں کے چہروں پرطمانچے مارتی ہے۔اورہمارے حکمران کمزوری کو امن پسندی کا نام دے کراپنادوسرارخساربھی دہشت گردوں کے طمانچہ کے لئے پیش کردیتے ہیں ۔لہٰذاہم نے پہلے بھی اورہم آج بھی حکومت کاطالبان ظالمان کے ساتھ مذاکرات کومستردکرتے ہیں۔ اورحکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خونخواروں کے خلاف ملک بھرمیں بے رحمی کے ساتھ آپریشن کا آغازکرے۔ اٹھارہ کروڑعوام اورپچاس ہزارشہداء کے لواحقین حکومت کے ساتھ ہرمیدان میں حاضررہے گی۔
وحدت نیوز(لاہور) طالبان کا دہشتگردوں کی رہائی کے مطالبہ سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ مذاکرات کی آڑ میں شیعہ اور سنی مسلمانوں کے قاتلوں کو چھوڑنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے وحدت یوتھ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گیس پائپ لائن دھماکہ، خانیوال میں خود کش حملہ اور کراچی میں بلدیہ ٹاؤن میں اہلسنت برادران کو شہید کرنے والے خارجی دہشتگرد گروہ ہی ہیں۔
دہشت گردمذاکرات کی آڑمیں موسم سرما گذرنے کے انتظار میں ہیں۔ مذاکرات کار پاکستانی عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔ ان درندہ صفت دہشتگردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے ہزار وں پاکستانیوں کے خون کا حساب کون دیگا۔ مطالبات کی فہرستیں لانے والے مذاکرات کاروں نے کبھی خانوادگانِ شہداء سے بھی پوچھا ہے کہ انکی کیا رائے ہے؟ ہم پاکستانی افواج، سیکورٹی فورسز، سول سوسائٹی کے بے گناہ محب وطن شہیدوں کے خون کا سودا نہیں کرنے دیں گے۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ مخصوص اقلیتی مکتب فکر کے ہاتھوں پاکستان کو یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان کو شیعہ سنی مکتب فکر نے مل کر بنایا تھا اور اس پاک دھرتی کو ہم مل کر ہی بچائیں گے۔
وحدت نیوز(مظفرآباد ) کراچی آستانہ عالیہ محفل میلاد کے دوران دہشت گردانہ حملہ ، شرمناک ، انتہائی مذموم ، محافل میلاد مصطفےؐ کو نشانہ بنانا کہاں کا اسلام ہے، انہوں نے کہاکہ دہشت گرد پاکستان کے حامی نہیں، محافل میلاد، مجالس امام حسین علیہ السلام پر حملے ، بے گناہوں کے خون کی حولی، یہ سب کچھ وہی لوگ کر رہے ہیں ، جو پاکستان بنانے کے مخالف تھے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر ضلع مطفرآباد کے سیکرٹری جنرل علامہ سید طالب حسین ہمدانی، سنی تحریک مظفرآباد کے سربراہ علامہ بابر علی اعوان نقشبندی ، ایم ڈبلیو ایم آزا دکشمیر کے رہنماء سید مہربان شاہ، سید اشرف نقوی و دیگر نے وحدت سیکرٹریٹ میں صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت میں کیا، انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں اور امن پسندوں کا فرق دنیا جانتی ہے، کون کیا کر رہا ہے؟ سب پتا ہے، لیکن گڈ گورننس کا راگ الاپنے والوں کی خاموشی حیران کن ہے، کیا گڈ گورننس یہی ہے کہ عبادگاہوں میں بھی عبادت محفوظ نہ ہو، انسان محفوظ نہ ہو، ہمیں بتایا جائے کہ امن کب نصیب ہو گا؟ دہشت گرد کب اپنے انجام کو پہنچیں گے، کیا امن دشمنوں کو کھلا چھوڑ دیا جائے گا؟ امن کے دشمن کو دشمن کو مضبوط کیا جائے گا؟ ہمیں کہا جا رہا ہے کہ مذاکرات کر رہے ہیں ، حکومت مذاکرات کے بہانے قوم کو تباہی اور دہشتگردی کو مضبوطی کی جانب لے جا رہی ہے، ہم سانحہ کراچی کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائے، سانحہ کراچی کی ہر طرح سے مخالفت کرتے ہیں، جو عناصر اس طرح کے ناپاک عزائم کرتے ہیں ان کو ہم یہ باور کراتے ہیں کہ وہ اس طرح کی بزدلانہ حرکتوں سے مسلمانوں کو ڈرا نہیں سکتے ، ہم ایسے لوگوں سے اعلان جنگ کرتے ہیں، اور ایسے لوگوں کا اسلام اور اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اسلام کو بدنام کرنے کے لیئے ذلیل و پست کوشش کی جا رہی ہے، آستانہ عالیہ پر جو حملہ ہوا ہے اس میں شہدا کے لواحقین کے درد میں ہم سب برابر کے شریک ہیں اور ہم اپنی دلی ہمدردیوں کے ساتھ ان کے غم میں شریک ہیں اور حکومت سے یہ پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ مجرموں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
وحدت نیوز(مظفر گڑھ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع مظفرگڑھ کا ایک اہم اجلاس ضلعی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں نئی کابینہ کے حوالے سے مشاورت کی گئی اورنئی ضلعی کابینہ تشکیل دے دی گئی۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری روابط علی رضا طوری نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا مرید عباس نے نئی کابینہ کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اور اس کا آئین بھی قرآن و سنت کے مطابق ہے اور اس میں حاکمیت صرف اللہ کی تسلیم کی گئی ہے۔طالبان شریعت کا نعرہ لگا کر عوام اور حکومت کو بے وقوف بنا رہے ہیں وہ دراصل ڈرامہ رچا کر شریعت کامذاق اڑا رہے ہیں اور شریعت کو ایک متنا زعہ بنانا چاہتے ہیں۔ ہم ان کی یہ سازش ناکام بنادیں گے۔
اس موقع پر صوبائی سیکرٹری روابط علی رضا طوری نے بھی اجلاس سے خطاب کیا کہ ہم طالبان سے طالبان کے مذاکرات کو شہداء کے خون سے غداری کے مترادف سمجھتے ہیں اور ہم بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم پچپن ہزار بے گناہ پاکستانیوں کے خون کو رایئگاں نہیں جانے دیں گے اور حکومت کو قظعی اختیار نہیں کہ وہ کسی بے گناہ شہری کا معاف کر دے۔
ضلعی کابینہ کے عہدیداروں کے نام اور عہدے
سیکرٹری جنرل مولانا مرید عباس
ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید علی شاہ کاظمی
مولانا نذر حسین خان
شعبہ تنظیم سازی و روابط تفسیر خمینی
سیکرٹری مالیات و آفس اسد عباس
سیکرٹری نشرواشاعت شوکت حسین بک
سیکرٹری میڈیا سیل یاسر عرفات
سیکرٹری فلاح وبہبود غلام فرید جعفری
شعبہ تبلیغات مولانا سید مظہر نقوی
سیکرٹری وحدت یوتھ سید خلیل نقوی، غلام مجتبیٰ
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ذیلی شعبہ وحدت یوتھ پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے پچاس ہزار پاکستانیوں کے قاتل طالبان دہشت گردوں سے مذاکرات اور سانحہ پشاور کے خلاف سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ کراچی میں پریس کلب کے باہر مرکزی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما ملک اقرار، کراچی کے رابطہ سیکرٹری مولانا علی انور جعفری ، علامہ مبشر حسن اور وحدت یوتھ پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل مہدی عباس نے خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں وحدت یوتھ کے سیکڑوں کارکنان نے شرکت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت ملک میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور بانیان پاکستان کی اولادوں کی نسل کشی کے خلاف عملی اقدامات کرے اور پچاس ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں طالبان دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کی بجائے فوجی آپریشن کرکے ملک کو دہشت گردی سے نجات دلائی جائے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مردہ باد امریکہ، اسرائیل نامنظور، دہشت گردی اور فرقہ واریت نا منظور، اتحاد بین المسلمین زندہ باد، طالبان سے مذاکرات بند کرو، پاکستان بنایا تھا، پاکستان بچائیں گے، خیبر پختونخواہ حکومت مردہ باد سمیت لبیک یا رسول اللہ اور لبیک یا حسین کے نعرے آویزاں تھے۔
رہنماؤں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت پاکستان عوام کی امنگوں کا احترام کرتے ہوئے عوامی مفادات میں فیصلہ کرے اور عوام کے دشمن اور آئین پاکستان کی توہین کرنے والے ملک دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان میں بڑھتی ہوئی شیعہ نسل کشی کے روک تھام کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے سنجیدہ اقدامات نہ کئے تو پاکستان کے نوجوان حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک چلائیں گے اور اس تحریک کا خاتمہ حکومتی ایوانوں میں بیٹھے اقتدار کے نشے میں دھت حکمرانوں کی حکمرانی کے خاتمے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ جہاں ایک جانب دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کرنے سے قاصر ہے وہاں دوسری طرف سانحہ پشاور میں زخمی ہونے والے زخمیوں کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات دینے میں بھی بری طرح ناکام رہی ہے۔
رہنماؤں کاکہنا تھا کہ حکومت شیعہ نسل کشی میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرے اور حال ہی میں سانحہ مستونگ سمیت سانحہ پشاور اور دیگر دہشتگردانہ کاروائیوں میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سامراج امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل تکفیری دہشت گردوں کی مدد سے پاکستان میں مذہبی منافرت کو فروغ دے کر پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی گھناؤنی سازشوں میں مصروف عمل ہیں لیکن پاکستان کے با شعور جوان امریکی اور اسرائیلی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اس موقع پر نوجوانوں نے لبیک یا حسین اور مردہ باد امریکہ اور اسرائیل نا منظور کے فلک شگاف نعرے لگائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے دفاع و تحفظ اور بقاء کی خاطر کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(گلگت) معروف قانون دان سید ریاض حسین کاظمی سابق سیکرٹری فنانس ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن گلگت بلتستان نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کردیا۔اس بات کا اعلان انہوں نے ڈویژنل آفس وحدت ہائوس گلگت میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت ڈویژن کے سیکرٹری جنرل شیخ محمد بلال سمائری سے ملاقات کے موقع پر کیا ، اس موقع پر ایم ڈبلیوا یم کے رہنما غلام عباس ، سعیدالحسنین اور عارف قنبری بھی موجود تھے ۔ ریاض حسین کاظمی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ملت مظلوم پاکستان خصوصاًوادی گلگت کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے ایم ڈبلیو ایم کی قیادت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ، ایم ڈبلیو ایم عوامی مسائل کے حل کے لئے جو خدمات انجام دے رہی ہے وہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے لئے قابل تقلید ہیں ، میری خواہش ہے کہ ملک و قوم کی خدمت مجلس وحدت کے پلیٹ فارم سے کروں ۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت ڈویژن نے گلگت بلتستان کے عوام کو گندم پر دی جانیوالی سبسڈی کی بحالی کیلئے پورے گلگت بلتستان میں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ گلگت ڈویژن نے سیکرٹری جنرل علامہ محمد بلال سمائری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی طاقت سے حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے۔ یہ علاقہ انتہائی پسماندہ علاقہ ہے اور یہاں کے باشندے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزاررہے ہیں ۔ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اور اب سبسڈی کے خاتمے سے غریب عوام کے گھروں کے چولہے بجھ جائیں گے۔لہٰذا حکومت ہوش کے ناخن لے اور سبسڈی کو بحال کرے ورنہ پھر احتجاجی تحریک کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ شرک کے عالمی مرکز یعنی امریکہ کے ساتھ کوئی دوستی نہیں ہوسکتی، امریکہ عالمی فتنہ کا مرکز ہے ہمارا اس سے ٹکراؤ ہے اور انشاءاللہ جب تک یہ جنگ جاری رہے گی، ہم بھی اپنی پوری طاقت کے ساتھ اس جنگ میں حاضر رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انقلاب اسلامی کی سالگرہ کے موقع پر ایم ڈبلیوایم کے شعبہ تربیت کے تحت کراچی کی مسجد و امام بارگاہ مدینۃ العلم میں منعقدہ ’’معرفت خط امام خمینی (رہ) سیمینار‘‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ علی افضال رضوی و دیگر علمائے کرام سمیت مجلس وحدت کے کارکنان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں علامہ ناصرعباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد صرف رضائے الٰہی کا حصول ہونا چاہیئے، تنظیمی افراد کی ذمہ داری ہے کہ اپنی فعالیت کو قرب خدا کے حصول کا وسیلہ قرار دیں۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی (رہ) نے ہمارے مبارزہ کو ایک جہت عطا کی ہے اور یہ بتا دیا ہے کہ اس دنیا میں عالمی استکبار (امریکہ) سب سے بڑا شیطان ہے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہمیں اس مبارزہ کو جاری و ساری رکھنا ہے۔
علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ شرک کے عالمی مراکز کے ساتھ کبھی دوستی نہیں ہوسکتی، قرآنی اصولوں کے مطابق ان سے ہمارا ہمیشہ سے ٹکراؤ ہے اور جب تک حق و باطل کا معرکہ جاری ہے یہ ٹکراؤ بھی جاری رہے گا، بس ہمیں اس مبارزہ کا حصہ بنتے ہوئے امام خمینی (رہ) کے افکار پر کاربند رہنا ہے اور اس میں کسی بھی صورت ٹھراؤ نہیں پیدا ہونے دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کی جنگ دمشق کے یزید اور کوفہ کے ابن زیاد کے خلاف جنگ نہیں تھی بلکہ یہ ہر دور کے یزید اور ابن زیاد کے خلاف قیام تھا، اگر جناب اکبر (ع) اور جناب قاسم (ع) نے کربلا میں قیام کیا تو ان کا قیام ہر دور کے شرک کے مراکز کے خلاف قیام تھا، یہ ہمارے لئے سعادت ہے کہ ہم اس قیام کا حصہ ہیں، لہٰذا عالمی استکبار کے خاتمے تک ہمیں یہ مبارزہ و قیام جاری رکھنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امام خمینی (رہ) کا انقلاب صرف ایران کی عوام کے لئے نہیں تھا بلکہ یہ مظلوموں کا ظالموں کے خلاف قیام تھا اور آج دنیا بھر کے مظلوم چاہے وہ ایران میں ہوں، شام میں ہوں، فلسطین میں ہوں، عراق میں ہوں یا پاکستان میں امام خمینی (رہ) کے اس انقلاب کے ثمرات سے ہی باطل کے خلاف اس مبارزہ کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وحدت نیوز (جوہرآباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے طالبان کے ساتھ شروع کیا جانیوالا مذاکراتی عمل دہشت گردوں کو طاقتور اور ریاست کو کمزور بنانے کی سنگین سازش کا حصہ ہے ، حکومت کی طالبان نواز پالیسیوں کے خلاف مجلس وحدت مسلمین،سنی اتحاد کونسل،وائس آف شہداء اور تحریک منہاج القرآن سمیت ملک کی بارہ سیاسی جماعتیں محب وطن کونسل کے عنوان سے مشترکہ تحریک چلا ئیں گی، ہم انشاء اللہ دہش گردوں کے خلاف شروع ہونیوالی اس جنگ میں عوامی طاقت کے ذریعے ظفر یاب ہونگے ، انہوں نے ان خیالات کا اظہار دورہ جوہرآباد کے دوران شالیمار ہوٹل میں منعقدہ پر ہجوم پریس کانفرنس میں کیا ، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی راہنما ملک غلام شبیر جوئیہ اور ایم ڈبلیو ایم کے مقامی قائدین بھی موجود تھے ، سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ موجودہ مذاکراتی عمل میں طالبان کے ساتھ ہی مذاکرات ہوں گے ، کیونکہ حکومت کی جانب سے تشکیل دی جانیوالی مذاکراتی کمیٹی میں پاکستانی عوام کا کوئی حقیقی نمائندہ شامل نہیں ہے ، وزیر داخلہ پاکستان خود طالبان کے سب سے بڑئے ترجمان ہیں، مسلم لیگ کی حکومت دہشت گردوں سے خوفزدہ ہے اور انہی کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ، سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ مذاکراتی عمل شروع ہونے کے باوجود وطن عزیز میں قتل و غارتگری ، بم دھماکوں اور فورسز پر ہونیوالے حملوں کا نہ رکنے والا سلسلہ ظاہر کرتا ہے کہ طالبان اپنی مذموم کاروائیوں کو روکنے میں مخلص نہیں، چاہیے تو تھا کہ قتل و غارت کی ان سنگین وارداتوں کے بعد حکمران ان سفاک قاتلوں پر بھروسہ کرنے کی بجائے ان کے خلاف طاقت کا استعمال کرتے لیکن سب کچھ جاننے کے باوجود حکمرانوں کی سوئی مذاکرات پر اٹکی ہوئی ہے ، حکمرانوں کا یہ طرز عمل آئین پاکستان اور پچاس ہزار شہداء کے خون کے ساتھ غداری کے متراد ف ہے، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی پولٹیکل سیکرٹری نے کہا کہ نو ستمبر کو آ ل پارٹیز کانفرنس میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ ہوا جس کا جواب دہشت گردوں نے آرمی کے دو اعلیٰ افسران کی لاشوں کی شکل میں دیا اور اس کے بعد قتل و غارت اور خونریزی اک ایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا ، اور اب مذاکراتی عمل شروع ہونے کے بعد بھی دہشت گردوں کی جانب سے کوئی مثبت جواب ملنے کی بجائے لاشوں پر لاشیں مل رہی ہیں ، ان حالات میں حکومت کی پالیسیوں پر انحصار کرنے کی بجائے عوام کو دہشت گردوں کے مد مقابل کھڑا کرنے کی ضرورت ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تما م وطن دوست جماعتیں ایم ڈ بلیو ایم کے ایجنڈے سے متفق ہیں اور انشاء اللہ محب وطن کونسل کے عنوان سے شروع ہونیوالی عوامی تحریک نتیجہ خیز ثابت ہو گی ۔