وحدت نیوز(سکردو) گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد کاظم میثم نے شغرتھنگ شاہراہ کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیری حربے استعمال کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ بلتستان دشمن لابی شاہراہ شغرتھنگ کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے جو کسی بھی صورت میں قابل برداشت فعل نہیں ہے۔ شغرتھنگ شاہراہ ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، اس اہم شاہراہ کو پس منظر میں ڈالنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شغرتھنگ شاہراہ ہماری سابقہ حکومت کا اہم منصوبہ تھا جس پر محض اس لئے کام نہیں کیا جا رہا ہے کہ اس کو ہم نے میچور کروایا تھا اور وفاق سے منظور کروایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ چیف سکریٹری ابرار احمد مرزا کا بھی ہم شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے بھی اس کلیدی شاہراہ کی تعمیر کو یقینی بنانے اور پی سی ون کی ریویژن میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا مگر یہ کونسی بات ہے کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو سبوتاژ کرنے کیلئے ایک لابی شروع سے سرگرم عمل ہے۔ کیا یہی عمل حکمرانی کے زمرے میں آتا ہے؟ ہم کبھی کوئی منفی سیاست نہیں کرتے، جو لوگ اچھے کام کرتے ہیں ان کی تعریف بھی کریں گے۔ شغرتھنگ شاہراہ کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیری حربوں سے بلتستان کے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ رہی ہے۔ جب تک شغرتھنگ شاہراہ پر کام شروع نہیں کریں گے ہم خاموش نہیں رہیں گے۔
بلتستان دشمن لابی شاہراہ شغرتھنگ کی تعمیر میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے، اپوزیشن لیڈرکاظم میثم