وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام آج تیسرے روز بھی پاراچنار اور ضلع کرم کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے مین ڈی سی چوک پر احتجاجی دھرنا جاری رہا۔ احتجاجی دھرنے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، ضلعی صدر نذیر حسین جعفری، سید غلام شبیر نقوی، مولانا منور حسین سولنگی، جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد کے امیر حاجی دیدار علی لاشاری، سماجی رہنماء رحمدل ٹالانی، مجلس علماء مکتب اہل بیت کے رہنماء مولانا ارشاد علی سولنگی اور دیگر نے خطاب کیا اور مظلومین پاراجنار سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاراچنار کے عوام کو مستقل امن چاہئے پاراچنار کا مسئلہ فرقوں کی لڑائی نہیں بلکہ ایک دہشت گرد ٹولے کی پرامن شہریوں کے خلاف شرپسندی ہے۔ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار کے عوام گزشتہ تین ماہ سے محاصرے میں ہیں۔ پاراچنار کے راستوں کو ناامن بنا کر آئے روز مسافروں کو گولیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ہم ضلع کرم میں شیعہ سنی تمام مکاتب فکر کے لئے امن کے خواہاں ہیں۔ یہ حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کو مستقل امن فراہم کریں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم جیکب آباد نذیر حسین جعفری نے کہا کہ جب تک پاراچنار کے مظلوموں کے مطالبات پورے نہیں ہوتے اس وقت تک ہمارا دھرنا جاری رہے گا۔ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر پورے پاکستان میں لاکھوں عاشقان اہل بیت پاراچنار کے عوام کے لئے دھرنا دے کر بیٹھے ہیں۔ حکومت اور ریاستی ادارے جتنی جلدی پاراچنار کے عوام کے مطالبات تسلیم کریں اتنا ہی بہتر ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد کے امیر حاجی دیدار علی لاشاری نے کہا کہ ہم پاراچنار کے مظلوم عوام کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ پاراچنار میں معصوم انسانوں کا قتل عام روکا جائے اور ضلع کرم کے روڈ اور راستے کھولے جائیں۔ تمام مسلمان شیعہ سنی آپس میں بھائی بھائی ہیں جن کے درمیان اسلامی اخوت کا رشتہ قائم ہے۔