وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ لاہور پریس کلب کے سامنے دھرنا جاری ہے، آج پانچواں دن ہے، لاہور میں دھرنا پورے جوش و جذبے کیساتھ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں لاہور پریس کلب کے باہر ڈیوس روڈ پر بیٹھے ہیں۔ لاہور کے تمام لوگ دھرنے میں پہنچیں، کسی کنفیوژن کا شکار نہیں ہوں، کسی آڈیو، ویڈیو پیغام پر کان نہ دھریں۔ سید احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ جب تک یہاں سٹیج سے اعلان نہیں ہوتا، دھرنا جاری رہے گا، ہمارے قائدین جب تک کوئی اعلان نہ کریں، کہیں بھی دھرنا ختم نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پارا چنار کے عوام کیساتھ یکجہتی کیلئے بیٹھے ہیں، جب تک پارا چنار کے مومنین بیٹھے ہیں، ہم بھی یہاں بیٹھے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، کراچی کے مائیں، بہنیں، ہمارے بھائی اور بزرگ، جنہوں نے بڑے پیمانے پر سڑکوں پر نکل کر کارِ زینبی انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر، بلتستان، گلگت، ملتان، جھنگ، اسلام آباد میں دھرنے جاری ہیں، ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ فی الفور پارا چنار روڈ کو بحال کیا جائے، مومنین پارا چنار کے مطالبات پورے کئے جائیں، جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے، ہم یہاں بیٹھے رہیں گے۔