The Latest
وحدت نیوز(کراچی) شہر کراچی میں خون اور آگ کی ہولی کھیلی جا رہی ہے اور روزانہ کی بنیادوں پر دسیوں افراد کو موت کی نیند سلانے کا گھناؤنا عمل جاری ہے، گذشتہ دو روز میں 6شیعہ عمائدین بشمول علماء، پروفیسرز، نوجوانوں اور عمائدین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا لیکن افسوس کی بات ہے کہ شہر کراچی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سندھ حکومت بے بس تماشائی بنی ہوئی ہے نہ تو اس سے پہلے قتل کئے گئے شیعہ عمائدین کے قاتلوں کو گرفتار کیا گیا اور نہ ہی مستقبل میں ایسے کوئی آثار نظر آ رہے ہیں ۔گذشتہ دو روز میں کالعدم دہشت گرد گروہوں کی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والوں میں پروفیسر سلمان علی آغا کو سولجر بازار، سرور عباس کو اورنگی ٹاؤن ، شہزاد حسین کو گلبہار کے علاقے میں ، حماد رضا کو نارتھ کراچی میں ، صفدر عباس کو لیاری میں جبکہ معروف عالم دین اور پروفیسر جناب تقی ہادی کو ناظم آباد میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ہم شہر میں جاری مسلسل ٹارگٹ کلنگ کے واقعا ت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ملت جعفریہ کے عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں سندھ حکومت کو براہ راست مجرم قرار دیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی کے رہنما علامہ سید باقر عباس زیدی ، علامہ علی انور جعفری،علامہ نثار احمد قلندری، علامہ مبشر حسن اور علی حسین نقوی نے وحدت ہائوس کراچی میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔
ان کاکہنا تھا کہ ایک طرف حساس اداروں کی رپورٹ میں واضح طور پر بتایا جا چکا ہے کہ شہر کراچی میں کالعدم دہشت گرد گروہ طالبان اور تکفیری دہشت گرد گروہ ملت جعفریہ کے عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں تو پھر ایسی کون سی بات ہے جو حکومت سندھ کو ان تکفیری دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنے سے روک رہی ہے؟ نہ صرف سندھ انتظامیہ ان خطر ناک ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردوں کے خلاف کوئی کاروائی کرنے سے قاصر ہے بلکہ کالعدم دہشت گرد گروہوں کے سرغنہ دہشت گردوں کو سرکاری سیکورٹی بھی فراہم کی گئی ہے جو سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ہم سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر کراچی میں موجود کالعدم دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں پر فی الفور کاروائی عمل میں لائی جائے اور ملت جعفریہ کے عمائدین کے قتل میں ملوث ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان گذشتہ دنوں لاہور میں ہونے والی پچاس سے زائد جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق کل بروز جمعہ کو ’’یوم مذمت طالبان ‘‘ منانے کا اعلان کرتے ہیں، اورا س عنوان سے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔
رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آئے روز کراچی میں دہشت گردی کے واقعات بڑھتے چلے جا رہے ہیں لیکن سندھ حکومت کراچی کے حالات سے آنکھیں بند کئے ہوئے ہے ، اور ایسا لگ رہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کے جرات مندانہ اقدامات کو فراموش کرنا چاہتی ہے جو انہوں نے ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گرد قوتوں کے خلاف اٹھائے ہیں، ہم آج حکومت سندھ کو واضح کرتے ہیں کہ اگر سندھ انتظامیہ نے ملت جعفریہ کے عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس نہ لیا اور قاتلوں کو گرفتار نہ کیا تو ہم اس بات پر مجبور ہوں گے کہ سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کریں ، اگر چہ ہم جانتے ہیں کہ ملک ا س وقت کسی بھی احتجاجی تحریک کا متحمل نہیں ہو سکتا تاہم سندھ حکومت کو بھی چاہئیے کہ وہ شہر کراچی کے بگڑتے ہوئے حالات پر چشم پوشی کرنے کے بجائے مظلوم ملت جعفریہ کے عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم دہشت گرد گروہوں کے خلاف کاروائی عمل می لائے۔
علامہ باقر زیدی نے کہا کہ ہم گورنر سندھ ، وزیر اعلٰی سندھ اور ڈی جی رینجرز سمیت آئی جی سندھ پولیس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فی الفور کالعدم دہشت گرد گروہوں کے خلاف کاروائی عمل میں لاتے ہوئے سیکڑوں معصوم شہریوں کے قاتل ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گرد وں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دیں۔ہم سیاسی و مذہبی جماعتوں ،سول سوسائٹی اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہر ذی شعو ر سے اپیل کرتے ہیں کہ جمعہ اٹھائیس فروری کو ’’یوم مذمت طالبان‘‘ میں ہمارا ساتھ دیں اور پاکستان کو ان خطر ناک دہشت گردوں سے بچانے کے لئے پر امن احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوں، اس حوالے سے ہم مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے کارکنوں کو بھی ہدایات دیتے ہیں کہ وہ بھی اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور خدمات انجام دیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی مسئول آفس علامہ سید اسرار حسین گیلانی نے کہا ہے کہ کراچی میں دو گھنٹوں میں شیعہ اسکالر پروفیسر ڈاکٹر تقی ہادی نقوی سمیت چار شیعہ اکابرین کی مظلومانہ شہادت ظلم و بربریت کی بدترین مثال ہے، شہر قائد میں جاری رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود معصوم انسانوں کے خون کی ہولی حکومت اور قانون پر عملداری کے ذمہ دار اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، مجلس وحدت مسلمین ان سفاکانہ کارروائیوں کی پر زور مذمت کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتی ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری اور راہنما علامہ علی شیر انصاری کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس میں کیا۔ علامہ اسرار گیلانی کا کہنا تھا کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد تقی ہادی نقوی کا تعلق مقدس ترین شعبہ تعلیم تھا، انہیں اس پاک دھرتی کو علم کے نور سے منور کرنے کی پاداش میں شہید کیا گیا، اگر علم کے چراغ جلانا جرم ہے تو ہم سب مجرم ہیں، یہ ملک اس لیے حاصل کیا گیا تھا کہ کہ اس پاک سرزمین سے دنیا کے کونے کونے میں امن و آشتی کا پیغام پہنچایا جاسکے جو علم کے نور کے بغیر ممکن نہیں۔
مولانا اسرار گیلانی نے کہا کہ وطن دشمن عناصر اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنیوالی مملکت خدادا پاکستان کو جہالت کی گہرائیوں میں دھکیلنا چاہتے ہیں، پروفیسر تقی ہادی کی شہادت اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک سازش کے تحت ایل علم شخصیات کو چن چن کر شہید کیا جا رہا ہے، ایک دن ڈاکٹر کو شہید کیا جاتا ہے تو دوسرے دن کوئی نہ کوئی ماہر تعلیم دہشت گردوں کی اندھی گولیوں کا نشانہ بن جاتا ہے، ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ یہ ٹارگٹ کلنگ، قتل غارت گری اور خودکش حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے ہیں، ہم اس مادر وطن کے غیور اور باوفا بیٹے ہیں، اور شہداء کے مقدس خون کے ساتھ عہد کرتے ہیں کہ ان کے خون کو رائیگان نہیں جانے دیں گے، ان کے عظیم مشن کو ہر صورت میں جاری رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے پروفیسر تقی ہادی کی شہادت پر تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایم ڈبلیو ایم مسئول دفتر کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ اٹھائیس فروری کو منائے جانیوالے انٹی طالبان ڈے کے موقع پر پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں فرقہ واریت نہیں، قائد اعظم کے پاکستان پر ایک مخصوص گروہ اپنے نظریات مسلط کرنے کے لئے، شیعہ، سنی مسلمانوں سمیت تمام مسالک کے افراد کو نشانہ بنا رہا ہے، ان کا راستہ شیعہ سنی اتحاد کی طاقت سے روکیں گے، انہوں نے تحریک حمایت مظلومین کے حوالے سے دو مارچ کو راولپنڈی میں بھی بھرپور احتجاج کرنے کا اعلان کیا۔
وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل سے استفادہ کرنے کے سب سے زیادہ حقدار یہاں کے مقامی افراد ہیں۔ کسی ادارے کو ہمارے قدرتی وسائل کی بندر بانٹ کا اختیار حاصل نہیں ہے اور اگر زبردستی کی گئی تو بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ دنیا کی نظریں گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل کی طرف لگی ہوئی ہیں اراکین کونسل اور ممبران اسمبلی اپنے ذاتی مفادات کی خاطر علاقے کو گروی رکھنے سے باز آ جائیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمیں پاکستان گلگت ڈویژن کے ترجمان سعید الحسنین نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں کچھ ناعاقبت اندیش اہلکاروں نے ناقص قوانین KANA ڈویژن سے پاس کروا کر علاقے میں نافذ کرنے کی کوشش کی جسے اس علاقے کے عوام نے مسترد کیا ہے۔ اب گلگت بلتستان کونسل کے ذریعے عوام دشمن رولز بنوا کر گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل کی بندر بانٹ کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ یہ یاد رکھیں کہ غیر مقامی افراد یا کمپنیوں کو اس علاقے کے قدرتی وسائل کے استفادے کیلئے لائسنسز کا اجراء کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے اور بلوچستان جیسے حالات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ لہٰذا متعلقہ اداروں کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ ایسے کسی اقدام سے گریز کیا جائے جو یہاں کے عوام کے مفاد کے خلاف ہو۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سانحہ عاشورا راولپنڈی کیس میں بے گناہ اسیر 70سے زائد مومنین کی رہائی کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین و دیگر تنظیموں کی جانب سے احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا گیا ہے، حوالے سے تحریک اسیران سانحہ عاشورا کا ایک اہم اجلاس وحدت ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہواجس میں مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد کے سیکریٹری جنرل ظہیر نقوی، ضلع راولپنڈی کے سیکریٹری جنرل سعید الحسن رضوی، لیگل ایڈ کمیٹی کے رکن اصغر علی مبارک ایڈووکیٹ ، امام جمعہ شاہ چن چراغ علامہ سجاد حسین گردیزی ، علامہ اکبر کاظمی سربراہ تحریک اسیران عاشوراسمیت راولپنڈی کے تمام آئمہ جمعہ والجماعت نے خصوصی شرکت کی ، اجلاس میں طے پایا کہ آئندہ اتوار 2مارچ کو پریس کلب کے سامنے ایک بھر پو ر احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں علمائے کرام، آئمہ جمعہ ، تنظیمی ذمہ داران اور خانوادہ اسیران سانحہ عاشورا خصوصی طور پر شرکت کریں گے ، شرکائے اجلاس نے صوبائی حکومت کو متنبہ کیا کہ جلد از جلد بے گناہ اسیران کی رہائی کو یقینی بنایا جائے ورنہ ملت جعفریہ کے احتجاج کا دائرہ کار راولپنڈی اسلام آباد سے نکل کر پہلے مرحلے میں پنجاب بھر میں اور پھر پاکستان بھر میں پھیل جائے گا ، اور حالات کی تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہو گی ، تمام صبر کا مذید امتحان نہ لیا جائے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) کراچی میں دہشت گردی کا جن بے قابو ہو چکا ہے، پروفیسر علامہ تقی ہادی نقوی کی شہادت نا صرف ملت جعفریہ بلکہ علم دوست معاشرے کا عظیم نقصان ہے، وفاقی حکومت کی طرح سندھ کی صوبائی حکومت بھی محض دہشت گردوں کے خلاف زبانی جمع خرچ سے کام لے رہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت روز کراچی میں ایک ایک درجن جنازے اٹھنے پر بھی مطمئن نظر آتی ہے،کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن ہاتھی کے دانتوں کے مانند ہے، جو دیکھنے میں کچھ اورحقیقت میں کچھ ہے، گیارہ ہزار دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کی گرفتار ی کے دعوے دار ایک مجرم کو بھی سزا دلوانے میں ناکام ہیں ،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ خصوصاً پروفیسر علامہ تقی ہادی نقوی کی پر درد شہادت کے موقع پر مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں روزانہ ایک درجن سے زائد افراد کا دن دھاڑے قتل معمول بن چکا ہے ، پولیس رینجرز صبح شام دہشت گردوں کی گرفتاری کے دعوے کر تی نظر آتی ہے، گیارہ ہزار دہشت گردو ں اور ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کا شو ر مچانے والی صوبائی حکومت اور قانون نافذ کر نے والے ادارے ایک بھی قاتل کو تختہ دار تک پہنچانے میں کامیاب نہیں ہو سکے، کراچی سیاسی و مذہبی لبادے میں ملبوث ٹارگٹ کلرز کے نرغے میں ہے، گذشتہ تین روز میں 6بے گناہ شیعہ عمائدین سمیت دسیوں بے قصور شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں ، صوبائی حکومت سب اچھا ہے کا راگ الاپنے کے سوا کو ئی کام نہیں کر رہی ۔
انہوں نے صوبائی حکومت کو متنبہ کیا کہ کراچی میں دہشت گردی کے خاتمے اور دہشت گردوں کے کیفر کردار تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے ورنہ اہل کراچی سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو جائیں گے، انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ پروفیسر علامہ تقی ہادی نقوی سمیت تمام بے گناہ شہریوں اور شیعہ عمائدین کے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور سزا دلوانے کے لئے موثر اقدامات کریں ورنہ دہشت گردی کے خلاف تحریک کا سامنا کر نے کے لئے تیار رہیں۔
آج یورپ کے نظام زندگی اور نظریہ حکومت میں اخلاق اور ایمان کی کوئی جگہ موجود نہیں ہے، ڈاکٹر حداد عادل
وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کی جانب سے انقلاب اسلامی ایران کی پینتیسویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام میں رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کے مشیراعلٰی اور سابق اسپیکر مجلس شوریٰ اسلامی ڈاکٹر غلام علی حداد عادل نے خصوصی خطاب کیا ۔ ایم ڈبلیو ایم کے دفتر آمد پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری اور شعبہ قم کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین غلام محمد فخرالدین نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی کابینہ نے اس پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر حداد عادل نے حوزہ علمیہ قم میں موجود پاکستانی طلاب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رھبر معظم انقلاب اسلامی ایران کے بقول قم میں موجود مختلف ممالک کے طلاب اس شہر میں مہمان نہیں بلکہ اس شہر کے باسی ہیں اور اسلامی جمہوری ایران آپ کا اپنا ملک ہے۔ انہوں نے انقلاب اسلامی ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران درحقیقت دنیا میں رائج سوشلزم اور سرمایہ داری نظاموں کی نفی اور ان نظاموں کے عین مخالف دین کی حاکمیت کا نظام ہے۔ ولایت فقیہ شیعہ مذہب کی حاکمیت کا نام نہیں ہے بلکہ جو کوئی بھی دین کی حاکمیت کی بات کرتا ہے وہ ولایت فقیہ کا قائل ہے ہوسکتا ہے، کوئی خلیفہ یا امیر یا کوئی اور لفظ استعمال کرے، لیکن جب ہم دین کی حاکمیت کی بات کرتے ہیں تو کس طرح ممکن ہے کہ حاکم ایسا شخص ہو جو دین سے ناواقف ہو اور دین سے واقف اشخاص میں فقیہ حکومت کیلئے سب سے افضل مقام رکھتا ہے، اور یہی نظریہ ولایت فقیہ ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے مشیر اعلٰی نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کی آپس میں دوستی اور بہت پرانا رشتہ ہے۔ ایران میں علامہ محمد اقبال کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور اسی طرح برصغیر پاک و ھند کے بارے میں مشہور ہے کہ وہاں کوئی ایسا گھر نہیں ہوتا تھا کہ جس میں حافظ شیرازی کے مجموعہ اشعار موجود نہ ہو۔ ڈاکٹر حداد عادل نے یورپی نظام کو اندر سے خالی نظام کا نام دیا اور کہا کہ آج یورپ کے نظام زندگی اور نظریہ حکومت میں اخلاق اور ایمان کی کوئی جگہ موجود نہیں ہے۔ یورپ نوجوانوں کو گمراہی، بے راہ روی اور اخلاق سے خالی زندگی کی جانب دعوت دے رہا ہے، جبکہ اسلام نے انسان کی زندگی میں اخلاق کو بہت اہمیت دی ہے۔ ایران میں انقلاب اسلامی اور امام خمینی (رہ) کی تحریک کا سب سے اہم نتیجہ یہ ہے کہ یہاں سے یورپی افکار کو اٹھا کر باہر پھینک دیا گیا اور یہاں سے دنیا کو دوبارہ دین اور اخلاق کی جانب دعوت دی گئی۔
وحدت نیوز(قم المقدسہ) مقام معظم رهبری حضرت آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر عالی آقائے غلام علی حداد عادل نے مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے دفتر میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی ، اس موقع پرمرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی ، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ شفقت شیرازی ، مرکزی سیکریٹری تبلیغات علامہ اعجاز حسین بہشتی، سیکریٹری جنرل گلگت بلتستان علامہ شیخ نیئر عباس ، سیکریٹری جنرل شعبہ قم علامہ غلام محمد فخرالدین، ڈپٹی سیکریٹری جنرل شعبہ قم علامہ میثم ہمدانی و دیگر بھی موجود تھے۔آقائےغلام علی حداد عادل نے ایم ڈبلیو ایم شعبہ قم کے دفتر میں ایک سیمینار سے بھی خطاب کیا ، جس میں علمائے کرام اور طلاب حوزہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
وحدت نیوز(لاہور) تحفظ ناموس رسالت محاذ کے زیراہتمام ملک عزیز میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اورطالبانائزیشن کے خلاف اور فوجی آپریشن کی حمایت میں 50سے زائداہل سنت وجماعت کی تنظیمات اور دیگر ہم خیال سیاسی ومذہبی جماعتوں پر مشتمل آل پارٹیز اینٹی طالبان اے پی سی منعقدہوئی جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی ،ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما اور رکن رابطہ کمیٹی عبدالحسیب اورمسلم لیگ ق کے وفود نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔
آل پاٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا پاکستان کے استحکام او ر سلامتی کے لئے محب وطن قوتوں کا یکجا ہو نا نا گزیر ہو چکا ہے ، سیاسی و مذہبی جماعتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ، خدا کاشکر ہے کہ مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کا طالبان کے خلاف موقف آج قومی آواز بن چکا ہے، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے اکابرین کا آج یہاں طالبان کے ظلم کے خلاف اکھٹا ہونا خوش آئند اقدام ہے، مجلس وحدت مسلمین سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر کل بروز جمعہ ملک گیر اینٹی طالبان ڈے منائے گی، اس حوالے سے بعد نماز جمعہ احتجاج مظاہرےکیئے جائیں گےاور ریلیاں نکالی جائیں گی جس میں محب وطن عوام دہشت گردوں سے نفرت اور شہداء سے اظہار عقیدت کریں گے۔
اس آل پارٹیز کانفرنس میں اہل سنت وجماعت جن میں سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا ،پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری ، ناظم اعلی جامعہ نعیمیہ اور نائب ناظم اعلی تنظیم المدار س اہل سنت پاکستان علامہ محمد راغب حسین نعیمی ،تحفظ ناموس رسالت محاذ کے صدر علامہ رضائے مصطفی نقشبندی ، تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان کے علامہ غلام محمد سیالوی ، سنی تحریک لاہور ڈویژن کے امیر مولانا مجاہد عبدالرسول قادری ، ادارہ صراط مستقیم پاکستان کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی ،خیرالامم فانڈیشن پاکستان کے سربراہ پیر سید کرامت علی حسین ،محمد ضیا الحق نقشبندی تحفظ ناموس رسالت محاذ کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد علی نقشبندی ،نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر مفتی محمد حسیب قادری ،جمعیت علما پاکستان سواداعظم کے امیر پیر سید محفوظ مشہدی ،محافظان ختم نبوت پاکستان کے امیر مولانا محمد اعظم نعیمی اور علامہ ذوالفقار مصطفی ہاشمی ،انجمن اساتذہ پاکستان پنجاب کے صدر پروفیسر محمد احمد اعوان ،تحریک فدایان مصطفی کے امیر حافظ محمد اکبر جتوئی ،وکلا ونگ کے صدر کامران بھٹہ ایڈووکیٹ ،اسلامک ریسرچ کونسل پاکستان کے صدر مفتی محمد کریم خان ،پاکستان فلاح پارٹی کے صدر قاضی عتیق الرحمن ، مرکزی جماعت اہل سنت پاکستان کے مولانا محمد نعیم عارف نوریدعوت حق کے امیر مولانا اصغرعلی نورانی ،تحریک فدایان ختم نبوت کے امیر پیر سید واجد علی شاہ ،مولانا محمد ارشد نعیمی فخرالعلوم علما کونسل ،عدنان رضا قادری اوردیگر اکابرین اہل سنت شامل تھیں ۔
جبکہ دیگر اہلسنت وجماعت کی تنظیموں جن میں مجلس علما نظامیہ ،بزم رسولیہ شیرازیہ ، انوار مدینہ نعت کونسل ، ،بزم نعیمیہ ،نگینہ ویلفیئر سوسائٹی ، تنظیم علما اہل سنت ،کونسل آف جرائد اہل سنت ، الفکر ٹرسٹ ،بزم لاثانی ،نیشنل مشائخ کونسل پاکستان ،پاکستان مشائخ کونسل ،نفاذ فقہ حنفیہ ، دفاع اسلام محاذ، بزم جامعہ اسلامیہ ،ادار المصطفی ،حقوق اہل سنت ،عالمی اہل سنت والجماعت ،عالمی تنظیم اہل سنت ،ختم نبوت انٹرنیشنل ،عالمی بزم لاثانی شامل ہیں ۔
صاحبزادہ حامد رضا نے اختتامی پریس کانفرنس کر تے ہو ئے کہا کہ دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے دہشت گردوں کے اندورنی و بیرنی فنڈز کے تمام ذرائع ختم کیے جائیں ،پاکستان میں مداخلت کرنے والے اسلامی اور غیراسلامی ممالک سے دو ٹوک بات کی جائے اور انہیں پاکستا ن میں مداخلت ختم کرنے کے لیے قائل کریں ،طالبان اور امریکہ دونوں مسلمانوں اور پاکستانیوں کو ماررہے ہیں اس لیے امریکہ اور طالبان سے نجات میں ہی قوم کی حیات ہے۔شام میں بشار الاسد حکومت کرنے کیلئے سعودی عرب کی ایماء پر پاکستانی فوج بھیجنے اور دہشت گردوں کی تربیت کرنے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ وطن عزیز میں سعودی اور امریکی مداخلت روکی جائے۔
وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کھٹائی میں پڑگیا ہے، وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ایران پر امریکہ اور یورپی پابندیوں کے باعث گیس منصوبے پر کام نہیں کرسکتے، غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایران پر امریکی اور یورپی پابندیوں کی وجہ سے گیس منصوبے پر کام کرنا ممکن نہیں رہا۔ دوسری طرف ایرانی وزیر تیل نے کہا ہے کہ پاکستان کو منصوبے کے تحت گیس فراہم کرنے کے لیے تیار تھے لیکن جب تک پاکستان اپنا سرکاری موقف واضح نہیں کرتا، ایران اپنا ردعمل ظاہر نہیں کرسکتا۔
وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) وائس آف شہداء کے ترجمان سینیٹرسید فیصل رضا عابدی نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں اے ٹی آئی کے کارکنان پر جھوٹے، بے بنیاد مقدمات، گرفتاریوں اور انکے گھروں پر پولیس چھاپوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں سے خوف زدہ حکمران محب وطن لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں، موجودہ حکمران داخلی اور خارجی سطح پر ناکام ہوگئے ہیں، اے ٹی آئی کے کارکنوں پر تشدد ناقابل برداشت ہے کوئی اے ٹی آئی کے کارکنوں کو تنہا نہ سمجھے پوری قوم انکے ساتھ ہے، قومی دھارے میں اہم کردار ادا کرنیوالے اے ٹی آئی کے نوجوانوں پر فخر ہے، ان کے عزم و حوصلے کو ریاستی جبر سے نہیں توڑا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن طلباء اسلام کے زیراہتمام 27 فروری کو اسلام آباد میں ہونیوالے امن سمینار کی دعوت دینے آنیوالے مرکزی میڈیا سیل کے ترجمان محمد اکرم رضوی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ بیگناہوں کا قتل عام انسانیت کیخلاف سب سے بڑا گھناؤنا جرم ہے، طالبان کا طرز عمل شریعت نہیں شرارت پر مبنی ہے، حکومت دو ٹوک الفاظ میں ریاست مخالف دہشت گردوں سے مذاکرات ختم کرکے ملک سلامتی کیلئے آپریشن کا اعلان کرے، طالبان جبر اور ہم صبر والے ہیں قوم تشدد اور فساد کے علمبرداروں سے شدید نفرت کرتی ہے، پاک فوج کو دشمن کہنے والے پاکستان کے غدار ہیں، فسادیوں کو اثاثہ سمجھنے کی ریاستی سوچ چھوڑنا ہوگا، امریکہ اور طالبان نواز عناصر امن کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ فیصل رضا عابدی کا مزید کہنا تھا پنجاب حکومت اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا امن تباہ کرنیوالے وی سی ڈاکٹر مختار کو فوری تبدیل کرکے کوئی فرض شناض وی سی تعینات کیا جائے، تاکہ طلبہ برادری میں بے چینی اور اضطراب مزید فروغ نہ پا سکے۔