The Latest
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن ناصرآباد یونٹ کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین عوام کی خدمت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے ۔ پی بی 2سے منتخب ایم پی اے نے اپنی کارکردگی سے ثابت کر دیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد جس طرح کئی مہینوں تک صوبائی اسمبلی کے ممبران کے فنڈز بند رہیں وہ سب کے سامنے ہے لیکن اس کے با وجود ایک سال سے بھی کم مدت میں علاقے کے عوام کے لیے کئی ترقیاتی اسکیموں پر کام کے آغاز نے مخالفین کے ہوش اڑا دیے ہیں اور انکو اپنا سیاسی مستقبل خطرے میں نظر آنا شروع ہو گیا ہے اس لیے عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبے چاہے وہ بلوچستان یونیورسٹی کے علمدار کیمپس کی شکل میں ہو، طلباء و طالبات کی اسکالرشپ کی صورت میں ہو یا سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی شکل میں ہو مخالفین سے ہضم نہیں ہورہا ہے جبکہ انکی اپنی کارکردگی کے حوالے سے اچھی طرح واقف ہیں کہ پانچ سالہ نائب ناظم کے دور میں جب ایک نائب ناظم ٹاون کے پاس ایم پی اے سے زیادہ ترقیائی فنڈز ہوتے تھے عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی ترقی کے لیے کونسے کام انجام دیے ہیں؟ عوام کو روز روشن کی طرح معلوم ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، علامہ امین شہیدی ، علامہ شفقت شیرازی ، علامہ حسن ظفر نقوی، پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی اور ایم ڈبلیوایم نجف اشرف کے سیکریٹری جنرل علامہ مہدی نجفی نے مرجع شیعان جہان آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی کے بھائی حجۃ الاسلام مولانا منظور حسین عابدی کی نا گہانی وفات پرآیت اللہ بشیر حسین نجفی اور تمام شیعان پاکستان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ہے ۔اور اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ قبلہ کے انتقال پر ملال سے ملت شیعہ پاکستان ایک عالم باعمل سے محروم ہوگئی ۔مرحوم کی وفات سے پیدا ہونے والا خلہ صدیوں تک پر نہ ہوسکے گامرحوم کی علمی اور ملی خدمات کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی خدا وند تعالیٰ مرحوم کو جوارمحمد ؐو آل محمد ؐ اور پسمان گان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) خیرالعمل فاﺅنڈیشن پاکستان کے چیئرمین نثار فیضی کی زیر صدارت ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مرکزی دفتر میں منعقد ہوا۔ جس میں ممبر بورڈ آف گورنرزعلامہ اعجاز بہشتی نے خصوصی شرکت کی جبکہ دیگر ارکان میں مختلف شعبہ جات و کور کمیٹی کے عہدیداران و صوبائی سیکرٹریز فلاح و بہبود سندھ، بلوچستان، پنجاب، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان شریک تھے اجلاس میں خیرالعمل فاﺅنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں جاری فلاح و بہبود کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تمام صوبائی سیکرٹریز نے اپنے اپنے صوبوں کی رپورٹس پیش کی۔
چیئرمین خیرالعمل فاﺅنڈیشن نثار فیضی نے اجلاس کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور صوبائی سیکرٹریز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیرالعمل فاﺅنڈیشن کی فعالیت ہم سب کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے تین سال کے مختصر عرصے میں خیرالعمل فاﺅنڈیشن نے اب تک ملک کے مختلف علاقوں میں مساجد، واٹر پراجیکٹ، سکولز کے 34 منصوبے مکمل کیے اور 2010 کے سیلاب زدگان کے لیئے تعمیر وطن پروگرام کے تحت 300 کمرے تعمیر کیے گئے، 4 ڈسپنسریاں اور ہزاروں یتیموں کو ماہانہ وظیفہ بھی دیا جا رہا ہے جبکہ اس کے علاوہ اسوقت ملک کے مختلف علاقوں میں مساجد، امام بارگاہوں، ڈسپنسری اور سکولز کے 42 منصوبوں پر کام جاری ہے۔
انہوں نے خیرالعمل فاﺅنڈیشن کے لیے ماہ رمضان کو تنظیمی مہینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس ماہ کی فضیلتوں اور برکتوں سے فیض یاب ہونا چاہیے اور اس ماہ مقدس میں خدمت خلق کو اپنا اولین مقصد بنا کر خصوصی طور پر یتیموں، غربا، مساکین کی خدمت و مدد کرنی چاہیے انہوں نے صوبائی سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے صوبوں میں فعالیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ماہ رمضان کے پروگرامات کو کامیاب بنائیں اجلا س کے آخر میں علامہ اصغر عسکری نے دعا کرائی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ روابط کی سنٹرل باڈی کا اجلاس مرکزی وحدت سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ اجلاس کی صدارت مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرارحسین نے کی۔ اس اجلاس میں سندھ، خیبر پختونخواہ، کشمیر اور بلوچستان سے صوبائی سیکرٹری روابط شفقت حسین، عبدالحق جمالی، سید وقاربخار ی ، مولانا حمید نقوی اور معاون سیکرٹری رابطہ سید ممتاز نقوی نے شرکت کی۔ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت پہ اعتماد کا اظہار کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ناصر ملت کی ہدایات کے مطابق شعبہ روابط اپنی فعالیت کو تمام صوبہ جات میں تیز تر کرے گا۔ اس اجلاس میں آئندہ سہہ ماہی کے لئے شعبہ روابط کا پروگرام تشکیل پایا۔ شعبہ روابط آئندہ سہ ماہی میں تمام صوبوں میں تنظیمی رابطہ مہم کو تیز تر کرے گا نیز تمام صوبہ جات میں شعبہ روابط کی صوبائی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا ۔ جس میں مرکزی اور صوبائی ذمہ داران شرکت کریں گے۔ شعبہ روا بط ملک بھرمیں سیکریٹری روابط کی تعیناتی کو یقینی بنائے گا۔ نیز یہ بھی طے ہوا کہ مقامی طور پہ اپنی مدد آپ کے شعبہ روابط مختلف جگہوں پہ افطار کا اہتمام بھی کرے گا جس میں مومنین کو مجلس وحدت کے منشور اور اغراض و مقاصد سے آگاہ کرے گا۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ مولانا شفقت شیرازی نے کہا ہے کہ اسلام اور مسلمانوں کا دشمن آج پوری دنیا میں اسلام کی طاقت اور اسلامی مزاحمتی بلاک سے خوفزدہ ہو چکا ہے، فلسطین، لبنان ، شام یا پھر عراق یہ معرکہ ظالم اور مظلوم کے درمیان ہے، آج شیعہ مسلمانوں کے ساتھ ناصرف سنی مسلمان بلکہ عرب عیسائی بھی سامراجیت کے خلاف قائم اسلامی مزاحمتی بلاک کو اپنے لئے نجات دہندہ سمجھ رہے ہیں،ان کاکہنا تھا کہ اس اسلامی مزاحمت کا آغاز عظیم و عالی شان بزرگ اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی ؒ نے شروع کیا تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیوایم ضلع ملیر کے زیر اہتمام مرکزی مسجد جعفر طیار سوسائٹی میں عراق وشام کی تازہ صورتحال پر خطاب کر تے ہو ئے کیا۔
مولانا شفقت شیرازی نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد سلسلہ وار کامیابیوں نے دشمن کو اس نتیجے پر پہنچایا کہ مشرق وسطی میں مقاومت کی کمر توڑنے کے لئے دمشق کو کمزور کیا جائے، انہوں نے کہا کہ تہران مرکز مقاومت ہے اور دمشق قلعہ مقاومت ہے، لہذا اس قلعہ کو کمزور کرنے کے لئے امریکا و اسرائیل نے سعودی امداد کے ذریعے 80 سے زائد ممالک سے دہشتگردوں کو شام بھیجا مگر شامی فوج اور رضاکاروں نے مقابلہ کرکے اپنے ملک کا دفاع کیا اور کررہے ہیں علامہ شفقت شیرازی کا کہنا تھا کہ اب یہ دہشتگرد عراق میں اپنی شکست کا بدلہ نکال رہے ہیں لیکن عراق کے مرجع بزرگ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے عراق کے تمام شیعہ و سنی مسلمان متحد ہوگئے ہیں اور اس دہشتگرد گروہ سے نبردآزما ہونے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں یہ بیداری اور مقاومت کے لئے تیاری ظہور امام کا مقدمہ ثابت ہوگی۔
وحدت نیوز(لاہور) پنجاب حکومت سانحہ ماڈل ٹاوُن کی ذمہ دار ہے، وزیراعلٰی اپنے وزرا سمیت مستعفی ہو کر گرفتاری دیں، شہباز شریف نے نہتے لوگوں اور خواتین کا قتل عام کرکے ظلم و بربریت کی بدترین مثال قائم کی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام منعقدہ اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی باشعور اور غیرت مند انسان خواتین پر ہاتھ نہیں اُٹھاتا، جو ظلم سانحہ ماڈل ٹاوُن کے مظلوموں کیساتھ کیا گیا، اس کا حساب ان ظالم حکمرانوں کو دنیا اور آخرت دونوں میں دینا ہوگا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم ہر ظالم کیخلاف اور ہر مظلوم کے حامی ہیں، مسلم لیگ نون نے جمہوریت کا نام بدنام کیا، آج ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا ہم نے ظالموں کے ظلم پر خاموش رہنا ہے یا مظلوموں کا ساتھ دینا ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان عوامی تحریک کے ذمہ داران کو یقین دلایا کہ ہم آپ پر ہونے والے اس ظلم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اس واقعے کیخلاف آپ کی ہر جائز قانونی و آئینی جدوجہد میں آپ کیساتھ ہیں۔ اے پی سی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی اور مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے بھی شرکت کی۔
وحدت نیوز(اسلام آبا د) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی ترجمان علامہ اصغر عسکری نے کہا کہ ریاستی اداروں کی سر پرستی میں کالعدم جماعتوں کی شیعہ دشمنی پر مبنی فعالیت اپنے عروج پر ہے،ملک پاکستان نا اہل حکمرانوں کے ہاتھوں یر غمال بن چکا ہے اور آئے دن مشکلات میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے اگر آج قوم بیدار نہ ہوئی اور ان غدار و مفاد پرست حکمرانوں کے خلاف آواز بلند نہ کی تو مستقبل میں مشکلات مزید بڑھ جائیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آئی خان کے نواحی علاقے حاجی مورہ میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا
علامہ اصغر عسکری نے اپنے خطاب میں پنجاب حکومت کے متعصبانہ اور جانبدارانہ رویے کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے تعصب کی بنیاد پر ضلع بھکر میں ہمارے ایک سو تیس (130) عہدیداران اور کارکنان کو شیڈول فور میں ڈال دیا ہے جبکہ کالعدم تنظیموں کو ہر قسم کی آزادی ہے انہوں نے کہا کہ کالعدم جماعتوں کو باقاعدہ ریاستی اداروں کی سر پرستی حاصل ہے کراچی سے لیکر کشمیر اور خیبر سے لیکر کوئٹہ تک کالعدم جماعتیں اپنے مذموم مقاصد و ملک دشمنی پالیسی پر فعالیت کر رہی ہیں جبکہ کسی کے خلاف کوئی قانونی کاروائی نہیں کی جا رہی اور ہمارے بے گناہ اور شریف شہریوں کو راولپنڈی پولیس نے گزشتہ 3 ماہ سے گرفتار کیا ہوا ہے اور بے بنیاد مقدمات میں ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔ علامہ اصغر عسکری نے کہا کہ اس ظلم و نا انصافی کے خلاف پوری ملت تشیع کو اٹھنا ہو گا اور مجلس وحدت مسلمین کی قیادت کے ساتھ ہم آواز بن کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔
وحدت نیوز(کوئٹہ ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن سے جاری کردہ ایک بیان میں کونسلر کربلائی رجب علی نے کہا ہے کہ ہزارہ ٹاون بروری اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں پانی کی شدید قلت اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا اجیرن کر رکھا ہیں شدید گرمی میں گھنٹوں بجلی غائب رہتی ہے اور جب بجلی آتی بھی ہے تو بہت کمزور ہونے کی وجہ سے برقی آلات فریج، پنکھا، واٹر پمپ وغیرہ نہیں چل سکتے اور بڑے پیمانے پر لوگوں کے برقی آلات خراب ہونے کی شکایات آرہی ہے جسکی وجہ سے عوام کو معاشی طور پر بہت نقصان اُٹھانا پڑ رہا ہیں دوسری جانب قلت آب نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے اور گرمی کے اس شدید موسم میں لوگ بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں اور عوام کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جو عوام سے من مانی قیمت وصول کرتے ہیں اور اب کئی دنوں سے ٹینکرز مالکان بھی عوام کو پانی پہنچانے سے معذرت کرتے نظر آتے ہیں اور ہڑتال اور مختلف قسم کے بہانوں سے اپنی قیمتیں بڑھانے کے چکروں میں رہتے ہیں جبکہ عوامی نمائندے کسی قسم کا کردار ادا کرنے سے مکمل قاصر نظر آتے ہیں اور صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے میں حکومت سے پر زور مطالبہ کیا گیا کہ محکمہ واسا اور واپڈا کی اس خراب کارکردگی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے عوام کی اس کرب کی صورت حال سے نجات دلایا جائے اور عوام کو انکے بنیادی حقوق کے سلسلے میں کردار ادا کیا جائے۔
وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے راولپنڈی میں بےگناہ شیعہ افراد کی گرفتاری کو پنجاب حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے زیراثر حکومت صوبے میں پرُامن شہریوں کو ہراساں کرنے سے باز رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جنوبی پنجاب کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب سے انشاءاللہ وطن عزیز سے شدت پسندوں کا خاتمہ ہو گا، پاکستانی عوام یکجا ہو کر اپنی بہادر فوج کا ساتھ دیں تاکہ مملکت خداداد پاکستان کو پھر سے امن و محبت کا گہوارا بنایا جا سکے۔ علامہ اسدی نے رمضان المبارک کے آمد سے قبل ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اللہ کے مہینے کے تقدس کو پامال کرنے کے مترادف ہے، حکومت کا فرض ہے کہ وہ ان مافیاز کیخلاف فوری کارروائی کرے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔ علامہ اسدی نے عوام سے اپیل کی کہ آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی بھرپور مدد کریں یہ ہمارے وہ بھائی ہیں جنہوں نے اپنا آج ہمارے کل کے لئے قربان کیا ہے۔
وحدت نیوز(اوکزئی ایجنسی) سانحہ تفتان کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام اورکزئی ایجنسی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، قبل ازیں مدرسہ انوارال اہلبیت (ع) کے زیر اہتمام احتجاجی جلسہ منعقد ہوا، جس میں ایجنسی بھر سے لوگ شریک ہوئے۔ ایم ڈبلیوایم مانی خیل یونٹ کے زیر اہتمام مانی خیل امام بارگاہ سے کلایہ بازار تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین اورکزئی ایجنسی کے سیکرٹری جنرل اور پرنسپل مدرسہ انوار ال اہلبیت (ع) علامہ مصطفیٰ بہشتی نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومت کی طرف سے سانحہ تفتان میں ملوث عناصر کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی شہداء کے لواحقین کیلئے مالی معاوضے کا اعلان ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے حکمران کس قدر نااہل اور بے کار ہیں، انہیں حکومت چلانے کا طریقہ ہی نہیں آتا، ہم اس عظیم اجتماع کے ذریعے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت شہداء کے لئے مالی معاوضے کا اعلان کرے اور زائرین کے لئے راستے کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ زائرین کی مشکلات کو ختم کیا جائے، ان کے ساتھ ناروا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر علامہ سید اعوان علی شاہ، علامہ باقر حسین منتظری، علامہ جواد حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور سانحہ تفتان کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔