The Latest
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے پاکستان عوامی تحریک کی پرامن اور جمہوری جدوجہد کی مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران اخلاقی، قانونی اور آئینی طور پر حق حکمرانی کھو چکے ہیں، پاکستان کے تمام محب وطن اور جمہوری قوتوں کو چاہیئے کہ وہ ان خائن اور ظالم حکمرانوں کیخلاف میدان عمل میں نکلیں اور مظلوموں کو ان کے حقوق دلانے میں کردار ادا کریں،خواتین پر اندہوناک ظلم نے حکمرانوں کی فرعونیت کو واضح کر دیا، ظلم کی سیاہ رات کے خاتمے کی تحریک میں ہر اول دستہ ثابت ہونگے،ایم ڈبلیوایم نے دس نکاتی اصلاحاتی ایجنڈے میں دو اضافی تجاویز چوہدری شجاعت اور طاہر القادری کو پیش کردی ہیں ،تاحال کسی مشترکہ الائنس کا قیام عمل میں نہیں لایا گیا،مشروط حمایت جاری رہے گی ،ان خیالات کا اظہارعلامہ ناصرعباس جعفری نےپاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ پر علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری، چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضااور مسلم لیگ ق کے رہنماء چوہدری پرویز الہی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔
علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہماری بے گناہ ماوں ، بہنوں ، بیٹیوں پر گولیاں چلا کر نواز لیگ نے ثابت کر دیا کہ وہ سیاسی اختلاف کے نتیجے میں خواتین کو بھی راستے کی دیوار بنتانہیں دیکھ سکتے،بوڑھوں ، بزرگوں اور خواتین پر بربریت کہاں کی مردانگی ہے، شریعت اور مشرقی روایات بھی بزرگو ں پر لاٹھیاں برسانے کی اجازت نہیں دیتی، جوان مرداور خاندانی اصولوں کے حامل افراد بھی خواتین پر ہاتھ نہیں اٹھا تے،بے شرم قاتل حکمرانوں کے مقابلے میں مظلوموں کو اکھٹا کر نے کا وقت آچکا ہے، پاکستان میں گذشتہ 35 سالوں سے ہماری قوم کی نسل کشی ہوئی جو کہ اب بھی جاری ہے، لیکن ان ظالم حکمرانوں نے ہمیشہ سے قاتلوں اور ظالموں کو پناہ دی اور مظلوموں کے خون کا مذاق اُڑایا، اب ہم اپنے شہداء کے پاک لہو کو رائیگان نہیں جانے دینگے، دشمن ہمیں تقسیم کرکے حکمرانی کرنے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے، انشاءاللہ اس ملک کو مشکلوں کی دلدل سے اس کے باوفا بیٹے ہی نکالیں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کے کیخلاف ضرب عضب کا آغاز کامیابی کیساتھ شروع کر دیا ہے، اب ان غاصب حکمرانوں کیخلاف عوامی ضرب عضب کا جلد آغاز ہوگا، ہم نہ فقط سنی و شیعہ بلکہ مسیحی ، ہندو اور سکھ برادری کے حقوق کی جنگ بھی اسی پلیٹ فارم سے لڑیں گے،جس سے ان غاصبوں اور ظالموں کا صفایا ہوگا۔
ان کا مذید کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت اور پرویز الہٰی کی جانب سے ایم ڈبلیوایم کو پیش کیئے گئے دس نکاتی اصلاحاتی ایجنڈے میں دو نکاتی اضافی تجاویز طاہر القادری صاحب کو پیش کر دی گئی ہیں ، انشاء اللہ باہمی مشاورت سے ایم ڈبلیوایم کے نکات کی شمولیت کے بعدیہ پاکستان بھر کے مظلوم عوام کا ایجنڈہ ہو گا، شہیدوں کے وارث اگر اہل ہوں تو شہیدوں کا خون اثر رکھتا ہے،نا اہل ہوں ، جھکنے والے ہوں ، بکنے والے ہوں ،شہیدوں کی روح کے قریب نہ ہوں ، ان کے ارمانوں ، امنگوں اور احساسات کو محسوس نہ کرتے ہوں وہ شہیدوں کے لائق وارث نہیں ہوتے،انشاء اللہ ہم ثابت کریں گے کہ ہم شہیدوں کے پاک و پاکیزہ خون کےاہل وارث ہیں نا اہل وارث نہیں ، ان کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیں،ان شہیدوں کے پاک خون کی بدولت اس ملک میں تبدیلی آئے گی،انہوں نے کہا کہ ہم لاشوں پر سیاست کر نے والے ہوتے جنازے مال روڈ پر ہوتے ، پورے ملک کی عوام کو اکھٹا کرتے، ہم نے لاشوں پر سیاست نہیں کی بلکے ان ظالم حکمرانوں نے لاشیں دینے کی سیاست کی ہے اور انہیں اس سنگین جرم کا خمیازہ جلد ہی بھگتنا پڑے گا، انشاء اللہ بہت جلد عوام کی مدد اور تعاون سے اس عرض وطن سے تفرقوں ، نفرتوں، کدورتوں کا خاتمہ ہوگامحبت آئے گی،وحدت آئے گی اور آشتی کا راج ہو گا، بے امنی کا خاتمہ ہوگا، بے روزگاری ختم ہو گی، عوام کو مساوی حقوق کے موقع ملیں گے۔انہوں نے آخر میں کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ جب مشترکہ طور پر فیصلہ جات ہونگے،مشترکہ طور پر اسٹینڈ لیں گے،یہ کاروان جب چلے گاان ظالم حکمرانوں کو خس وخاشاک کی طرح بہا کر لے جائے گا۔پریس کانفرنس کے بعد علامہ ناصر عباس جعفری کے سربراہی میں مجلس وحدت مسلمین کے اعلٰی سطح کے وفد نے علامہ ڈاکٹر طاہر القادری سے خصوصی ملاقات کی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس نے ماہ رمضان المبارک کی آمد پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک برکتوں ،رحمتوں اور مغفرت والا مہینہ ہے اور یہ ماہ بندگی استقامت صبر و تحمل کا درس دیتا ہے۔ اس ماہ میں زیادہ سے زیادہ عبادات کر کے اللہ رب العزت کی ان نعمتوں اور رحمتوں سے مستفید ہونا چاہیے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ رمضان المبارک تمام مہینوں سے افضل ہے اس کو اللہ رب العزت نے اپنا مہینہ قرار دیا ہے ۔ اس ماہ کا ثواب تمام ماہ کے ثواب سے زیادہ ہے۔اس ماہ کی راتیں تمام ماہ کی راتوں سے افضل ہیں ۔ اس ماہ کی عبادات ہر ماہ کی عبادتوں سے افضل ہے۔ اس ماہ میں تقویٰ پرہیز گاری اور صبر وتحمل اپنایا جائے تو قرب خدا نصیب ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس بابرکت ماہ میں برائیوں سے اجتناب کیا جائے اور نیکیوں کو فروغ دیا جائے ۔انہوں نے مزید کہاکہ اس ماہ مبارک میں خدا کے ساتھ ساتھ اس کی پسندیدہ مخلوق کو بھی یاد رکھے اور مستضعف ومحروم افراد کی بھی مدد کو اپنا وظیفہ بنائیں ، عبادات اور تقویٰ کی طرف توجہ دی جائے ۔تاکہ تکمیل انسانیت کے مصداق بن کر خدا کی قربت کا نظارہ کرسکے ۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان لاہور ڈویژن کا ایک اہم اجلاس فلاح و بہبود اور رمضان میں خدمات کے حوالے سے منعقد ہوا ، اجلاس میں لاہور ، قصور ، شیخوپورہ اور ننکانہ کے سیکرٹری فلاح و بہبود اور ڈپٹی سیکرٹری نے شرکت کی، اس اجلاس میں خیرالعمل فاونڈیشن صوبہ پنجاب کے مسئول جناب مسرت کاظمی خصوصی طور پر شرکت کے لئے تشریف لائے ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری لاہور ڈویژن شیخ عمران علی نے کہا کہ خدمت ِ انسانیت کے زریعے ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا ممکن ہے ،ملت تشیع میں بہت سے افراد فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ، مگر بہت سے افراد مناسب روابط نہ ہونے کے باعث باوجود استطاعت رکھنے کے یہ خدمت نہیں کر پاتے ، ہمیں خیر العمل کے منظم ترین سیٹ اپ کی صورت میں ایک پلیٹ فارم مل چکا ہے جس کی مدد سے ہم یہ کام سر انجام دے سکتے ہیں ۔ لاہور ڈویژن میں ضرورتمند جوڑوں کی اجتماعی شادی کا پروگرام زیرِ غور ہے ، جو انشاء اللہ جلد پیش کر دیا جائے گا۔
سیکرٹری فلاح و بہبود سید فصاحت علی بخاری نے کہا کہ فلاح و بہبود کے پروجیکٹس ملت کی خدمت کے لئے ہیں ، معاشی طور پر مضبوط قوم اپنے مخالفین کا زیادہ بہتر مقابلہ کر سکتی ہے ، ہمیں ملت کے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملت کے نادار ، ضرورتمند ، بیوگان یتامیٰ کی خدمت کرنا ہے ۔
خیرالعمل فاؤنڈیشن صوبہ پنجاب کے مسئول مسرت کاظمی نے خیرالعمل فاؤنڈیشن کے بارے میں بریفنگ دی، مختلف شعبوں اور طریق کار کے بارے میں بتایا ، انہوں نے بتایا کہ اس نیک کام کے آغاز سے ہی خدا کے فضل و کرم سے اتنی پذیرائی اور لوگوں کی توجہ حاصل ہوئی جس کی توقع نہیں تھی ، سیلاب زدگان کے لئے کی جانے والی کروڑوں روپے کی منظم امداد کارکنان کی کاوشوں اور خدا کے خاص کرم سے ممکن ہوئی ، خیرالعمل فاؤنڈیشن تعمیراتِ مساجد ، امام بارگاہ، سکول ،ہسپتال ، واٹر فلٹریشن پلانٹس اور اس طرح کے کئی پراجیکٹس مکمل کر چکی ہے ، اور درجنوں پراجیکٹس تکمیل کے مراحل میں ہیں ، ڈونرز سے رابطہ ، انہیں پروجیکٹ کی موجودہ صورتحال بتاتے اور دکھاتے رہنا ڈونرز کے اعتماد کا باعث ہے۔
ماہِ رمضان میں خدمات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہر ضلع اپنے وسائل کے زریعے کم از کم دو سو ضرورت مندوں تک راشن پہنچائے ، ایک مناسب مقدار میں ضروریات کی اشیاء اس پیکج میں شامل ہوں ،ہم اس کام کا آغاز اپنے آپ سے کریں، پہلا راشن کا پیکٹ اپنی طرف سے دیں ، مستحقین وہ لوگ جو کسی کے آگے دستِ سوال نہیں پھیلاتے ، ہمارا ٹارگٹ ہیں ، غیر محسوس طریقے سے عزتِ نفس کو مدِ مظر رکھتے ہوئے ان تک رسائی حاصل کی جائے اور آئمہ اطہار کے پیروکار ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے کسی تشہیر کے بغیر ان کی مدد کی جائے ، یہ سلسلہ ڈونرز اور ضرورتمند کے درمیان رابطے کی صورت میں اگلے مہینوں میں بھی چلایا جا سکتا ہے ۔ رمضان کے آخری عشرے کو ایتام سے منسوب کیا جائے اور اس عشرے میں ملت کے یتیم بچوں بچیوں کی کفالت کے لئے انتظامات کئے جائیں ۔خیرالعمل فاؤنڈیشن اس کام کا آغاز کر چکی ہے ،اس کام کو ماہِ مبارک رمضان میں مذید فعال بنایا جائے، ملت کا یہ طبقہ ہماری خاص توجہات کا متقاضی ہے، ملت کے مخیر حضرات کا ان ایتام سے رابطہ مستقل بنیادوں پر استوار کرانے میں ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ہمیں اپنا نظامِ مالیات منظم کرنا ہو گا، اور معاملات میں خود کفالت کی طرف جانا ہوگا، اس کے لئے عنقریب ایک منظم ، جامع پلان دیا جائے گا، تاکہ ہم ملت کو خود کفیل بنانے کی طرف قدم بڑھا سکیں، اس اجلاس کے اختتام پرشرکاء کی خدمت میں افطار و طعام بھی پیش کیا گیا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) کوئٹہ میں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن، ایم پی اے یوسف شاہوانی نے ایک وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی اور رکن صوبائی اسمبلی آغا سید محمد رضا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کو کراچی میں پاک فوج اور آپریشن کی حمایت میں منعقد ہونے والے پروگرام میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے آپریشن کو ملک و ملت کے مفاد میں سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کراچی میں معصوم انسانوں خصوصاً شیعہ مسلمانوں کے قتل عام پر شدید تشویش ہے۔ ہم آپ کے توسط سے ایم کیو ایم کے قائد اور رہنماؤں سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ اسے روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ پاک فوج کی حمایت میں اجتماع کو مثبت اقدام سمجھتے ہیں مگر اس میں شرکت کا فیصلہ ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی قیادت کرے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی آغا سید محمد رضا نے کہا کہ ہم محب وطن ہیں۔ اس لئے اتنے مظالم سہنے کے باوجود ہم نے وطن کی عزت و سربلندی اور بقاء کے لئے قربانی دی۔ دہشت گردی کے خلاف آپریشن کو عوام کی بھرپور تائید اور حمایت حاصل ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یوسف شاہوانی نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں۔ ان کے خلاف اور پاک فوج کی حمایت میں 6 جولائی کو کراچی میں تاریخی اجتماع ہوگا۔ ہماری خواہش ہوگی کہ اس تاریخی اجتماع میں مجلس وحدت مسلمین کی قیادت شریک ہو۔ ملاقات میں علامہ ولایت حسین جعفری، ڈاکٹر اقبال نظر، سید یوسف آغا، سلیم اختر ایڈووکیٹ و دیگر موجود تھے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے سیکریٹری جنرل سید احسن رضوی نے کہا ہے کہ کراچی کے علاقے ملیر میں ترقیاتی کاموں کی جھوٹی داستانیں سنائی جا رہی ہیں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام خوش فہمی میں نہ رہیں۔ جھوٹ بول کر ملیر کے عوام گمراہ نہیں کیا جاسکتا، سیا سی جماعتیں گزشتہ بیس سالوں سے ملیر کے عوام کو بے و قوف بنا رہی ہیں ۔پانی کی فراہمی سے لیکر نکاسی آب اور سڑکوں کی مرمت تک کے دعوے کئے جاتے ہیں جبکہ عملی طور پر کسی قسم کے اقدامات نظر نہیں آتے ۔عوامی نمائندگان محض میڈیا کوریج اور میڈیا پرکار کردگی دکھانے کیلئے ہی نظر آتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ملیر کے کئی علاقے سیوریج کے پانی سے ڈوبے ہوئے ہیں ۔سڑکیں بالکل ختم ہو چکی ہیں جن پر پیوند کاری کی بھی ضرورت محسوس نہیں کی گئی ۔ حلقہ کے عوامی نمائندے ڈھٹائی سے جھوٹ بولتے چلے آرہے ہیں کہ ملیر میں سڑکوں پر کارپٹ روڈ ڈالے گئے ہیں اور اسی طرح سفائی ستھرائی کا نظام بھی شدید متاثر ہ ہے جس پرہم میڈیا کو دعوت دیتے ہیں کے وہ ملیر ٹاؤن اوراس کی آبادیوں کابا قاعدہ دورہ کریں، ملیرسعود آباد ،ملیر پندرہ ،شیش محل ، جعفرطیار،بی ایریا سمیت بہت سے علاقے ہیں جن میں نکاسی آب اورصٖفائی ستھرائی کا کوئی مناسب انتظام نہیں کیا گیا۔ ۸۰فیصد بلنگ ریکوری کے با وجود غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ سے عوام تنگ آگئے ہیں جبکہ ملیر سے منتخب عوامی نمائندگان کی گلیوں میں لوڈ شیڈنگ کا تصور بھی نہیں پایا جاتا ۔احسن رضوی نے ڈائریکٹر کے الیکٹرک ،ایم ڈی واٹر بورڈ سمیت وفاقی حکومت و وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کے وہ ضلع ملیر کے ترقیاتی کاموں کی ابتر صورتحا ل کا فوری نوٹس لیں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے تر جیحاتی بنیادوں پر کاموں کا آغاز کیا جائے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) خیرالعمل فاؤنڈیشن پاکستان کے ممبر بورڈ آف گورنرز علامہ اعجاز بہشتی نے کہا کہ ماہ رمضان برکتوں اور رحمتوں والا مہینہ ہے یہ مہینہ اللہ تعالی کی طرف سے ہمارے لیے ایک انمول تحفہ ہے جس میں ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کا موقع میسر آتا ہے ہمارے آئمہ اطہارؑ کا بھی مستضعفین، غرباء اور یتیموں کی پرورش و مدد کرنا شیوہ تھا۔ خیرالعمل فاؤنڈیشن بھی دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ لیکر میدان میں اتری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیرالعمل فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ اعجاز بہشتی نے کہا کہ ماہ مقدس کے مہینے سے ہمیں زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنا چاہیے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لیئے بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کریں اور ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی اس کار خیر میں شامل ہونے کی ترغیب دینی چاہیے۔ انہوں نے خیرالعمل فاؤنڈیشن کی کارکردگی اور مرکز سے لیکر ضلع تک کے عہدیداران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج خیرالعمل فاؤنڈیشن جس مقام پر ہے یہ آپ تمام برادران کی مشترکہ جدو جہدکا نتیجہ ہے درجنوں پراجیکٹس کا مکمل ہونا اور بیسیوں پر کام جاری ہونا ٹیم ورک اور انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے اس کار خیر میں ہر فرد کو شامل ہو کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ہماری آخرت سنور جائے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ ہوم سیکریٹری بلوچستان اکبر حسین درانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آر پی او کوئٹہ منیر احمد بھی موجود تھے۔ وفد میں مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری مولانا ولایت حسین جعفری ، ڈاکٹر اقبال نظر اورعبدالحکیم عمرانی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ زائرین کے مسئلے پر ملت جعفریہ کو حکومتی پالیسی پرشدید تحفظات ہیں، زائرین کے لئے نہ تو فیری سروس شروع کی گئی اور نہ ہی زمینی راستہ میں سیکورٹی دی جا رہی ہے۔ پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا خیر مقدم کرتے ہوئے بلوچستان میں بھی لشکر جھنگوی کے خلاف آپریشن کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے ہوم سیکریٹری کو بارہ نکاتی تجاویز پیش کیں جس میں مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں کالعدم جماعتوں کے شر انگیز بیانات کو روکا جائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہوم سیکریٹری اکبر درانی نے کہا کہ وزیرستان آپریشن کے پیش نظر ہم بلوچستان میں دہشت گردوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں، ہم علامہ مقصود علی ڈومکی کی امن تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں، ان پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوٹھ آچر عمرانی میں متاثرین کی درخواست پر انکوائری کریں گے، پولیس قانون کی پابند ہے اسے بے گناہ لوگوں کے گھر جلانے کا اختیار نہیں ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری , مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی اور سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے جناح ہسپتال لاہور میں معروف شیعہ رہنما الحاج حیدرعلی مرزا کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کے لئے دعا کی الحاج حیدر علی مرزا گذشتہ کئی دنوں سے جناح ہسپتال میں زیرعلاج ہیں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اُن کے قومی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ الحاج حیدر علی مرزا صاحب اتحاد بین المسلمین کے داعی اور ملت جعفریہ کا سرمایا ہیں خدا ان کا سایہ ملت اسلامیہ پر تا دیر قائم رکھے اور انہیں جلد مکمل صحت یابی عنایت کرے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء اور رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے کہا ہے کہ ترقیاتی بجٹ کا ایک ایک پیسہ حلقے کے عوام کی امانت ہے اور یہ امانت لوگوں تک مختلف ترقیاتی کاموں کے ذریعے احسن طریقے سے پہنچ رہی ہے۔ سڑکوں کی مرمت کا کام زور و شور سے جاری ہے اور کام انتہائی تسلی بخش اور ماہرین کی نگرانی میں ہو رہا ہے لیکن بعض عناصر کو ترقیاتی کاموں سے اللہ واسطے کا بیر ہے وہ نہیں چاہتے کہ غریب عوام تک ترقیاتی اسکیموں کا فیض پہنچ سکے۔ ترقیاتی اسکیموں کا دائرہ صرف سڑکوں کی مرمت تک ہی محدود نہیں بلکہ بلوچستان یونیورسٹی کے سب کیمپس میگا پروجیکٹ پر کام انتہائی تیزی سے جاری ہے۔ دل سوز، غم سوز و عجیب و غریب نام سے نام نہاد فلاحی ادارہ کو چلانے والے نام نہاد عناصر جب بیرون ملک سےغریبوں کے نام پر آنے والے پیسوں سے عیاشیاں کرتے ہیں، اس وقت ان کو غیرت کیوں نہیں آتی۔؟ اصل میں رد شدہ نام نہاد لیڈر ترقیاتی کاموں سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ مسلسل الیکشن میں ناکامی کے بعد کچرا سیاست شروع کرنا انکا شیوہ رہا ہے۔ جب ان کو موقع ملا تھا اس وقت ترقی کے نام پر ایک اینٹ تک نہیں رکھی گئی۔ اب ان سے ترقیاتی اسکیموں کے تسلی بخش کام کی افادیت ہضم نہیں ہو رہی۔ پی بی 2 کی عوام اب سکون کا سانس لے رہی ہے کیونکہ ان کا حقیقی منتخب نمائندہ ان کی دہلیز پر ان کو وہ ساری سہولیات پہنچا رہا ہے جن کا ماضی میں لوگوں نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔ عوام کا حقیقی منتخب نمائندہ آئندہ بھی اسی عزم کے ساتھ لوگوں کے مسائل کا مداوا کرتا رہے گا۔ چاہے یہ بات کسی کو کتنا ناگوار کیوں نہ گزرے۔ عوام کا پیسہ اگر عوام پر خرچ ہو رہا ہے تو اس پر اتنا سیخ پا ہونے کی کیا ضرورت ہے۔؟ ویسے بھی آپ دوسروں کے کام کا کریڈٹ لینے سے ذرا بھر نہیں شرماتے اور چھاتی ٹھونک کر انتہائی بے شرمی اور بے ضمیری سے معصوم عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اب عوام کی آنکھیں کھل گئیں ہیں۔ وہ یہ بات اچھی طرح جان گئے ہیں کہ ان کے مسائل کے حل میں کون دلچسپی لے رہا ہے اور کون صرف ایک گلی تک محدود صرف پروٹوکول کو ترس رہا ہے۔
وحدت نیوز(ٹیکسلا) مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ٹیکسلا میں بیاد شہداء کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم علامہ ناصر عباس جعفری، علامہ عبدالخالق اسدی، خانم سکینہ مہدوی، علامہ اصغر عسکری، علامہ سبطین حسینی، علامہ مہدی رضا شیرازی و دیگر نے شرکت کی۔ ٹیکسلا میں منعقدہ کانفرنس میں عیسائی برادری کے ایک وفد نے بھی شرکت کی۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے شہداء کی تصاویر پر مشتمل ایک نمائش کا اہتمام کرکے شہداء کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔
علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ اس مکتب اور عزاداری کو کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی کیونکہ کربلا والوں نے اس مکتب کی خون سے آبیاری کی۔ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ شہید کے پیغام کو پھیلائیں، شہید پیغام دے رہا ہے کہ اپنے مکتب کا دفاع کرنے کے لئے بھرپور تیاری کرکے میدان عمل میں اتریں، ہمارا مکتب یہ نہیں کہتا کہ اگر تمہارے ایک گال پر کوئی تھپڑ مارے تو دوسرا حاضر کر دو بلکہ ظلم کا جواب دینا واجب ہے، ظلم کے مقابلے میں خاموشی جرم اور حرام ہے۔
مرکزی انچارج شعبہ خواتین ایم ڈبلیو ایم پاکستان خانم سکینہ مہدوی کا بیاد شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دور حاصر میں تشیع دستہ بندیوں میں الجھ کر رہ گئے ہیں۔ خدا کہہ رہا ہے کہ میری رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور فرقوں میں نہ بٹ جاو۔ خدا کی رسی ولایت و امامت ہے۔ جو ولایت کی اس رسی کو تھام لے گا نہ تفرقہ ڈالے گا نہ تفرقے کو حصہ بنے گا۔ مولا علی (ع) کے چاہنے والوں کو بانٹنے والے کیسے ممکن ہے رسول رحمت (ص) کی نظروں میں نہ گریں۔ شہید بہشتی فرماتے ہیں کہ وہ قوم تباہ ہو جاتی ہے جو اپنے شہداء کو بھلا دیتی ہے۔ شہید دنیا والوں کو شجاعت و شہامت بانٹتا ہے۔ دشمن کے سامنے ڈٹ جانا اور اپنے مشن سے ذرا برابر بھی پیچھے نہ ہٹنا شہید کی یاد منانے والوں کے لئے تحفہ ہے۔ شہید کا اعزاز ہے کہ وہ امام حسین علیہ السلام کے نقش قدم پر چلتا ہے۔
مرکزی مسئول شیعہ خواتین نے کہا کہ پاکستان کی ماوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے ہر ہر بیٹے کو مشن حسینی پر قربان کرسکتی ہیں۔ چودہ معصومین (ع) میں سے تیرہ معصومین (ع) کو اللہ تعالٰی نے شہادت عطا کی، ایک معصوم (ع) کو پردہ غیبت میں رکھا، اس شہادت کا راز صرف اور صرف یہ تھا کہ انہوں نے زمانے کے ظالموں کے سامنے ڈٹ جانے کو ترجیح دی۔ اب جو بھی دشمن کو للکارے گا، اس کی پشت پر چودہ معصومین (ع) کی طاقت ہوگی۔ معصوم (ع) پردہ غیبت میں ہیں، اس عجیب زمانہ میں ہم دستہ بندیوں میں الجھ کر رہ گئے ہیں۔ خدا کہہ رہا ہے کہ میری رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور فرقوں میں نہ بٹ جاو۔ خدا کی رسی ولایت و امامت ہے۔ جو ولایت کی اس رسی کو تھام لے گا نہ تفرقہ ڈالے گا نہ تفرقے کو حصہ بنے گا۔ مولا علی (ع) کے چاہنے والوں کو بانٹنے والے کیسے ممکن ہے رسول رحمت (ص) کی نظروں میں نہ گریں۔
مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ اللہ کی حزب بننے کے لئے اللہ کی ولایت کے اندر قدم رکھنا ہوگا، اللہ کی ولایت تک پہنچنے کے لئے علی کے آستانہ ولایت پر سر جھکانا ہوگا، جس طرح علی باب مدینۃ العلم ہے اسی طرح علی کی ولایت باب ولایت اللہ ہے۔ آپ نے دیکھا لبنان کے شیعوں کو جب وہ علی (ع) کی ولایت میں نہیں تھے، تو کوئی کمیونسٹ پارٹی میں تھا، کوئی نیشنلسٹ پارٹی میں تھا، کوئی شیعہ عیسائی پارٹی میں تھا، سب ان پر غالب تھے اور یہ مغلوب تھے۔ اس لئے غالب آنے کے لئے غالب علی کل غالب کو ولی ماننا پڑے گا۔ لیکن جب حزب اللہ بنی، علی (ع) کی ولایت کا پرچم اٹھایا تو اس دنیا کی بہت بڑی طاقت بن گئے اور اسرائیل جیسے دشمن پر غالب آئے، پوری دنیا کی انٹیلی جنس اور شام میں دنیا کے 83 ملکوں کے دہشت گردوں پر غالب آئے، چونکہ انہوں نے علی (ع) کی ولایت کو پرچم اٹھایا اور تمام جماعتوں کی ولایت کو چھوڑ دیا۔ سید مقاومت نے للکار کر کہا کہ اے اسرائیل کے وزیراعظم کیا تو مجھے پہچانتا نہیں ہے، میں حیدر (ع) کا بیٹا ہوں۔ جب بھی سید حسن نصراللہ سے ملاقات ہوتی ہے تو ان سے حالات جنگ دریافت کرتا ہوں۔
ایک دفعہ انہوں نے اپنے ایک مجاہد کو واقعہ سنایا جو میزائل فائر کرنے اپنے مورچہ سے باہر آیا، اسی دوران اسرائیلی جہازوں نے اسے دیکھ لیا اور مجاہد کو یقین ہوگیا کہ اس کا اب بچنا ناممکن ہے، اس کی زبان سے تین بار نکلا یاعلی (ع) ادرکنی، یہ کہتا ہے کہ میں نے کیا دیکھا کہ ایک شخص آگے بڑھا اور اس نے میزائل کو دو ٹکڑے کرکے پرے پھینکا، مجاہد کہتا ہے کہ میں نے اس شخص سے پوچھا کون ہو تم میری مدد کرنے والے تو اس شخص نے کہا کہ کیا تو نے مجھے ابھی مدد کے لئے پکارا نہیں تھا، مولا (ع) مدد کو آتے ہیں اگر ان کے ولایت میں آجاو تو، آپ مجھے بتائیں کیا پیپلزپارٹی اللہ کی حزب ہے۔ اسی طرح نون لیگ، قاف، لام، ی، و، ر، ز اور دیگر یہ اللہ کی حزب نہیں بلکہ حزب شیطان ہیں۔ ہم پانچ کروڑ سے زیادہ شیعہ ہیں، ہم اگر پرچم ولایت تلے جمع ہوجائیں تو اس دھرتی کے خیبر کو فتح کرسکتے ہیں۔