The Latest
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے شعبہ ویلفیئرخیرالعمل فاونڈیشن کی جانب سے سالہائے گذشتہ کی طرح امسال بھی مستحقین و محرومین کی امداد کے لئے راشن پیک کی تقسیم کا عمل الحمد اللہ وحدت ہاوس ملیر میں مکمل کر لیا گیا ، اس سلسلے میں کل 106ضرورت مند خاندانوں کو راشن بیگ تقسیم کیئےگے،ان راشن بیگ کا کل تخمینہ تقریباً 2,00,000دو لاکھ روپئےہے،اس موقع پرپیش امام مرکزی مسجد مولانا ذوالفقار جعفری نے خصوصی دعوت پر وحدت ہاوس آکر مستحقین میں راشن تقسیم کیا ، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم ضلع ملیر کے سیکریٹری جنرل سید احسن عباس رضوی، ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثمر عباس ، سیکریٹری فلاح و بہبود اسد علی زیدی، سیکریٹری اطلاعات سید محمد جعفر ، سیکریٹری روابط سعید رضا ، سیکریٹری مالیات شیراز زیدی، سیکریٹری نشرواشاعت مختار منگی و دیگر بھی موجود تھے،یہ راشن بیگ ضلع ملیر کے مختلف علاقوں کے مستحق افراد میں بلاتفریق تقسیم کئے گئے ہیں جن میں اہل سنت برادران بھی شامل ہیں ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا ذوالفقار جعفری کا کہنا تھا کہ مستضعف و محروم طبقے کی مدد کرناکار انبیاءو آئمہ ہے، مجلس وحدت کی عوامی خدمت ہی اس کا طرہ امتیاز ہے،انسانیت کی خدمت اور مسلسل میدان میں حاضری ہی کسی جماعت کی کامیابی اور مقبولیت کی ضمانت ہوتی ہے، البتہ تنظیمی اور سیاسی امور میں قرب خدا کوملحوض خاطر رکھنا واجب ہے، علامہ ذوالفقار جعفری نےایم ڈبلیوایم کی اس کاوش کو خوب سراہا اور اپنے تعاون کا بھی یقین دلایا۔
ضلعی سیکریٹری جنرل احسن رضوی نے علامہ ذوالفقار جعفری کوخیر العمل فاونڈیشن ضلع ملیرکی فلاحی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خدا وند متعال کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کی توفیق دی،ورنہ ہم اس عظیم فریضے کی انجام دہی کی استطاعت ہی نہیں رکھتے، خدا کا لطف جاری رہا تو انسانی خدمت کا سفر جاری رہے گا ،ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے مجاہد و مخلص قائدین کی اتباء کر تے ہوئے معاشرے کے ہر میدان میں بر وقت موجود رہنے کو نعمت خدا وندی قرار دیتے ہیں ، انہوں نے مذید کہا کہ خیر العمل فاونڈیشن(ایم ڈبلیوایم ضلع ملیر ) مستحق افراد میں راشن کی تقسیم اور مختلف عناوین یعنی اسکول فیس، کالج فیس، ایڈمیشن فیس، کرایہ، شادی اور نقد امداد کا سلسلہ سارا سال جاری رکھتا ہے، گذشتہ سال کیئے جانے والے فلاحی کاموں کا کل تخمینہ 3.25لاکھ روپے ہے، یہ تمام امور خیریہ آپ مومنین اور مسلمین کے تعاون سے ہی ممکن ہیں ، خیر العمل فاونڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کے اس سفر میں آپ صاحبان استطاعت کے تعاون کی طلبگار ہے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنمااور رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے کہا ہے کہ صحت اللہ تعالٰی کی طرف سے بہت بڑی نعمت ہے اور ہم سب کو اس کیلئے اللہ کا شکر ادا کرنا چائیے، کیونکہ ایک بیمار انسان کیلئے زندگی کافی مشکل ہوتی ہے اور وہ زندگی سے اس طرح سے لطف اندوز نہیں ہوتا ہے، جس طرح سے ایک صحت مند انسان اللہ تعالٰی کی نعمتوں سے لطف اندوز ہوتا ہے۔ اس لئے یہ ہم سب کا فرض ہے کہ اپنے ارد گرد موجود مریضوں کا خیال رکھیں اور ان کی مدد کریں۔ اسی لئے ایم پی اے فنڈز میں میڈیکل کی مد میں مختص فنڈ کو غریب مریضوں تک ہر ممکن طریقے سے شفاف طور پر پہچانے کی کوشش کی ہے۔ تاکہ دل، گردے اور کینسر جیسے خطرناک امراض میں مبتلا مریض جن کے علاج پر لاکھوں روپے کا خرچ آتا ہے، اپنا علاج بہتر انداز میں کراسکیں۔ اس کے علاوہ ایسی بے شمار بیماریاں جن کے علاج کیلئے زیادہ پیسے خرچ ہوتے ہیں، ایسے مریضوں کو علاج کیلئے مالی امداد فراہم کی گئی ہے، تاکہ اُن کا علاج بہتر طریقے سے ہوسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور ہم اس پر مکمل یقین رکھتے ہوئے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ اسی لئے ہم نے میڈیکل اور اسپورٹس کی مد میں لاکھوں روپے جاری کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے اُس میں اسپورٹس کا ہونا لازمی ہے، تاکہ نوجوان نسل اپنی صلاحیتوں کا مثبت استعمال کرتے ہوئے اسپورٹس کے شعبے میں ترقی کرکے ملک و قوم کا نام روشن کرسکے۔ اس کے علاوہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک رکھنے کیلئے بھی اسپورٹس کے شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اسی لئے ہم نے اسپورٹس کے مختلف شعبوں فٹ بال، کرکٹ، کراٹے، کنگفو، ہائیکنگ اور دوسرے کھیلوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے امدادی چیک تقسیم کیئے ہیں، تاکہ یہ کھلاڑی معاشرے اور ملک کے ایک کار آمد شہری کے طور پر سامنے آکر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
وحدت نیوز(لاہور) فلسطینی مظلومین پر ہونے والی وحشیانہ بربریت پر عرب دنیا کی خاموشی مسلم امہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے شام، عراق میں مسلمانوں کے خلاف دہشت گردوں کی حمایت اور امداد جبکہ عالم کفر اور یہود و نصاریٰ کی صہیونی ظالم حکمرانوں کی انسانیت سوز ظلم و بربریت پر خاموشی دراصل اس بات کی تصدیق ہے کہ ان عرب بادشاہوں کو مسلمانوں سے زیادہ اسرائیل اور امریکہ کے مفادات عزیز ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں کارکنان کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ یوم القدس کو پہلے سے زیادہ موثر انداز میں منانا ہر کلمہ گو پر واجب ہے ہم تمام سیاسی مذہبی جماعتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں، سول سوسائٹی کو دعوت دیتے ہیں آئیں اس یوم القدس کو اپنے نہتے مظلوم فلسطینی بھائی بہنوں سے اظہار یکجہتی کریں اور دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد اسرائیل اور اس کا باپ امریکہ کے سیاہ کارناموں کے خلاف آواز بلند کر کے اپنا اخلاقی ودینی فریضہ ادا کریں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرئے اور فلسطین کے مظلومین کو یقین دلائے کہ دنیائے اسلام کی واحد ایٹمی طاقت پاکستان اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کیساتھ ہیں۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس و حدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویثرن کی جانب سے کیتھولک کلب میں دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں ایم ڈبلیو ایم کے سر براہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے شرکاء سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ اگر دشمن کو نہ پہنچانا توناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا،ڈاکٹر طاہرالقاری سے روش کار پر اختلاف ہو سکتا ہے، لیکن ظالموں کے مقابلے میں مظلوموں کا اتحاد ناگزیر ہے، اہل سنت نے عزاداری کے دفاع میں ہمیں سپورٹ کیا ہم بھی حقِ وفا نبھائیں گے،شیعہ سنی پاکستان کی اکثریت ہیں جن پرضیائی دور سے امریکی و سعودی ایماء سے اقلیت کو مسلط کرنے کی کوششیں کی گئیں ،امت مسلمہ غزہ کے مظلوموں کے لئے یک زبان ہو، اس موقع پرمرکزی ڈپٹی
سیکر ٹری جنرل علامہ امین شہیدی،علامہ حسن صلاح الدین،علامہ نثا ر قلندری علامہ جعفررضا، علامہ نعیم الحسن،علامہ حسن ہاشمی ،علامہ علی انور اور علی حسین نقوی،انجینئر رضا نقوی ،علی احمر,آصف صفوی سمیت دیگر نے شرکت کی، جس میں پرنٹ اور الیکڑانکس میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے۔ نماز مغربین مولانا حسن صلاح الدین کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
علامہ ناصر عباس نے مزید کہا کہ سوشلز م اور کیپلٹزم کے نظام ناکام ہوچکے ہیں۔ آج کنزیومر ازم کا دور ہے بچے کے بھوک اور رونا بھی کمرشل پراڈکٹ بن چکی ہیں۔ عالمی استکباری قوتیں دنیا میں شراور فساد پھیلار ہی اور تکفیری ٹولہ اسکتباری قوتوں کے پے رول پر کام کررہا ہے۔ اس کا ایک مرکز مصر، ایک مرکز سعودی عرب اور ایک مرکز پاکستان میں ہے یہ دوسرے مسلمانوں کو کافر کہتے ہیں ،القاعدہ، داعش، النصرۃ، لشکر جھنگوی اور جنداللہ ہیں ان عنوانات کے تحت پاکستان اور عالم اسلام میں مختلف مقامات سے جنگجوؤں کولاکر جمع کیا گیا ۔ افغانستان کے مقدس جہاد کو بھی یرغمال بنایا گیا اور اس کو تکفیریوں کے ہاتھوں میں ڈال دیا گیا ۔ شام میں بشار الاسد کی حکومت کو گرانے کے لیے سعودی عرب کے پیٹ میں سب سے زیادہ درد ہوا اور شام میں تیراسی ملکوں کے دہشت گرد کو لاکر جمع کیا گیا۔ عراق میں نوے فیصد اہلسنت کو تکفیریوں نے شہید کیا، لیکن سعودیہ کو اسرائیل کے خلاف حزب اللہ کی قیادت میں مقاومت اور شام کی حمایت پسند نہیں تھی اوردوہزار چھ میں حزب اللہ نے اسرائیل کو جب مار مار کر اس کے شانے سوجھادیے تھے تو وہ خوف کے مارے اپنی حدود میں دیوار اٹھانے لگا اور نیل اور فرات تک قبضے کی باتیں بھول گیا یہ سب سعودی حکومت کی بنا پر ہوا،ہمارے ملک میں بھی دہشت گردوں کے خلاف جنگ دیر سے شروع کرائی ، نواز شریف کی حکومت نے اس سلسلے میں تاخیر کرکے قاتل کا کردار ادا کیا ، آج جو آپریشن شروع ہوا ہے وہ پورے ملک میں ہوناچاہیے صرف شمالی وزیرستان تک محدود رکھنا ملک کے ساتھ دشمنی ہوگی۔ ہم اس تکفیری گروہ کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ سوات میں اپریشن کر کےوزیرستان کو چھوڑنا ایسا ہی تھا جیسے ثانپ کو زخمی کر کے چھوڑ دینا ۔
ان کا مذید کہنا تھا کہ شہباز شریف کی حکومت بلکل کوفے کے ابن زیاد کی حکومت کی مثل ہے ۔ اس سال پنڈی میں ہمارے ساتھ جو ہوا اس میں دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ کسی ایک شیعہ نے بھی کسی دکان کو آگ نہیں لگائی نہ ہی کوئی شخص کسی شیعہ نے قتل کیا، اس واقعے میں دہشت گرد نہیں بلکہ گولڈ میڈلسٹ طالب علم اور گریڈ 14 سے19کے سرکار ی افسر ان کو بلاجواز گرفتار کیا گیا، اسٹیٹ ورسز شیعہ مقدمہ لڑا گیا ،حکومت نے سردار اسحاق کو شیعہ مکتب کے خلاف کیس لڑنے کے لئے ایک کروڑ روپے دیئے، پنجاب حکومت کا جانبدارانہ کردار ہے، یہی کچھ ماڈل ٹاؤن سانحے میں ہوئے۔ وہاں پولیس نے قادری صاحب کے دروازے پر جو خواتین تھیں ان کے منہ میں گولیاں ماریں، یہ تکفیری ٹولے کی ہی سوچ ہے جو ماضی کی طرح سے دہشت گردی کررہے ہیں ، یہ پہلے بھی اسی طرح کرتے رہے، پنڈی کے سانحے میں سنی بھائیوں نے ہمارا ساتھ دیا، ہم نے ان سے وعدہ کیا ہم بھی آپ کا ساتھ دیں گے کیونکہ ہم نے وفا حضرت ابولفضل العباس سے سیکھی ہے ، ہم نے طاہرالقادری صاحب کے دس نکاتی ایجنڈے میں دو اضافی نکات درج کروانے کے لئے دیئے ہیں ، ہم تمام قاتلوں کے خلاف ہیں۔ جب چلاس کا واقعہ ہوا تھا تو ہم نے نو دن تک دھرنا دیا تھا اور کیانی صاحب کو کہا تھا کہ ہم ان قاتلوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ان کی ڈوریں اپ کے گھروں تک جاتی ہیں ، ہم پاکستان میں مارے جانے والے ہر مظلوم کے ساتھ ہیں، جب کوئی مسجد میں ہے تو مسلمان شیعہ یا سنی ہے، مندر میں ہندو، چرچ میں عیسائی ہیں، لیکن جب باہر ہیں تو ہم پاکستانی ہیں۔ فلسطین میں ہر ساڑھے چار منٹ کے بعد حملہ ہورہا ہے،عرب حکمرانوں کی خیانتوں نے شام ، عراق اور فلسطین کو لہو لہان کر دیا ہے، انشا اللہ اس سال یوم القدس مثالی ہوگا اور اس میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو شرکت کرنا چاہیے تاکہ فلسطین کے مظلوموں سے بھرپور اظہار یکجہتی کی جاسکے۔
وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت ڈویژن کے وفد نے سیکرٹری داخلہ گلگت بلتستان ڈاکٹرعطاءالرّحمٰن سے ملاقات کی۔ وفد نے ملاقات کے دوران کہا کہ ضلع دیامرمیں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی مکمل حمایت اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کرتے ہیں۔ دہشت گردوں نے دیامر کو اپنے لیے محفوظ مقام بنا لیا ہے اور ماضی میں ضلع دیامر کی حدود میں سکیورٹی فورسز، مسافروں اور سیاحوں پر حملے کرتے رہے ہیں۔ یہ دہشت گرد کسی قسم کے رحم کے قابل نہیں، ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا پڑے گا۔ وفد نے سیکرٹری داخلہ کو اس آپریشن کے سلسلے میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آپریشن صرف اور صرف دہشت گردوں کے خلاف ہونا چاہیے، اس آپریشن سے دیامر کے بے گناہ عوام متاثر نہ ہوں اور اس بات کا پورا پورا خیال رکھنا چاہیے کہ اس مبارک مہینے میں کسی بے گناہ کو گرفتار نہ کیا جائے۔
مجلس وحدت مسلمین دیامر میں جہاں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی مکمل حمایت کرتی ہے، وہاں دیامر کے مظلوم عوام کے ساتھ بھی کھڑی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے سیکرٹری داخلہ کو اسکردو میں ایک نااہل ڈی سی کی جانب سے پیدا کردہ مسائل پر اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صوبائی انتظامیہ واقعے کا نوٹس لیکر علاقے میں بدامنی پھیلانے میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کرے اور ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ وفد نے گرفتار بے گناہ ضعیف العمر اور کم سن بچوں پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرنے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایکٹ کے تحت قائم مقدمات کو ختم کیا جائے۔ سیکرٹری داخلہ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے اسکردو واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائیں گے اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد میں شیخ شہادت حسین، سیکرٹری سیاسیات غلام عباس، صوبائی ترجمان محمد الیاس صدیقی، شہزاد آغا، اکبر حسین اور شبیر حسین شامل تھے۔
وحدت نیوز(نوشہروفیروز) مجلس وحدت مسلمین پاکستان یونٹ بھریا سٹی کی جانب سے جشن ولادت امام حسن علیہ السلام عقیدت و احترام کے ساتھ امام بارگاہ معصومیہ میں منایا گیا جس میں ضلع سیکریٹری جنرل اعجاز علی ممنائی اور سیکریٹری میڈیا مشتاق حسین بلوچ نے خصوصی شرکت کی اس موقۓ پر مولانا نثار احمد سمائل اور مولانا نثار دھاریجو نے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ امام حسن (ع ) نے اپنے جد امجد کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر امن و محبت کا درس دیا۔ اسلام کی تاریخ میں صلح امام حسن (ع) ایک عظیم معاہدہ ہے جس نے حق و باطل کے درمیان حد فاصل کھینچ دی ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح نبی کریم ص کے صلح حدیبیہ نے ملت اسلامیہ کو بچایا اورمنافق لوگوں نے نبوت پر شک کیا اس طرح امام حسن ع کے صلح نے بھی ملت کو خون خرابے سے بچایا اور وہ ہی منافق امامت پر شک کرنے لگے پس امام حسن (ع) کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ہم معاشرہ میں امن و سلامتی کو فروغ دے سکتے ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور) چودہ اگست کواسلام آباد میں جلسے جلوس پر پابندی حکومتی بوکھلاہٹ اور آمرانہ ذہنیت کی دلیل ہے، سانحہ ماڈل ٹاوُن میں پولیس اہلکاروں کے متضاد بیانات نے حکومتی جھوٹ کو بے نقاب کر دیا ہے، قرائین بتا رہے ہیں کہ پنجاب کا سابق وزیر قانون رانا ثنااللہ جو کالعدم دہشت گرد جماعتوں کا سرپرست بھی ہے، اس المناک سانحے کا ماسٹر مائنڈ نکلے گا، پنجاب میں دہشت گردوں کے حامی افراد کو ہی قانون کا قلمدان کیوں دیا جاتا ہے؟ مسلم لیگ ن میں شامل تکفیری مائنڈ سیٹ دہشت گرد مخالف قوتوں کیخلاف آئے دن سازشوں میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ اصغرعسکری نے کارکنان کو دیے گئے افطارڈنر سے خطاب میں کیا۔ اُن کہنا تھا کہ بھکر میں ہمارے کارکنوں کو مسلسل سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، دہشت گردوں کو کھلی چھٹی اور معصوم اور بے گناہ لوگوں کو شیڈول فور میں شامل کر کے ہراساں کیا جا رہا ہے، پنجاب کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور پر امن لوگوں کو ہراساں کرنے سے گریز کریں۔
وحدت نیوز(ایبٹ آباد) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا شوریٰ عالی کے رہنما علامہ آغا جہانزیب حسین جعفری نے کہا ہے کہ علامہ سید وسیم شیرازی اور ان کے والد کے قاتلوں کو فی الفور بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام خطیب آل محمد (ص) علامہ سید وسیم شیرازی اور ان کے والد کے بہیمانہ قتل کے خلاف نکالی جانیوالی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سید وسیم شیرازی اور انکے والد غلام مصطفی شیرازی کو گزشتہ روز روزے کی حالت میں اس وقت تکفیری دہشت گردوں نے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا، جب وہ نماز جمعہ کے لیے مسجد جارہے تھے۔ احتجاجی ریلی میں ایم ڈبلیو ایم، علما کونسل اور آئی ایس او سمیت دیگر ملی جماعتوں نے بھی شرکت کی۔ احتجاجی ریلی امام بارگاہ تا فوارہ چوک ایبٹ آباد تک نکالی گئی۔ فوارہ چوک پر پہنچ کے ریلی نے جلسے کی صورت اختیار کرلی۔ جلسے کی وجہ سے شاہراہ ریشم تین گھنٹوں کے لیے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رہی۔ بعدازاں ڈی پی او ایبٹ آباد محمد علی خان گنڈہ پور نے احتجاجی جلسے میں حاضر ہوکر مظاہرین کو یقین دھانی کرائی کہ بہت جلد دہشت گردوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ علامہ آغا جہانزیب حسین جعفری نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ یہ ایبٹ آبادکی تاریخ کا کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی ملت تشیع کے چیدہ چیدہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی ہے، لیکن انتطامیہ نے کوئی تادیبی کاروائی نہیں کی۔ ہم پرامن احتجاج کے ذریعے اپیل کرتے ہیں کہ اس واقعہ کو فراموش نہ کیا جائے اور دہشت گردوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ اس جلسے میں علماء کونسل کے رہنما اور جامعۃ اہلبیت کے مہتمم اعلٰی علامہ سید حافظ ریاض حسین شاہ نے کہاکہ ملت کی ٹارگٹ کلنگ میں وہی دہشت گرد سرگرم ہیں۔ جنہوں نے پاکستان کو کافرستان اور قائداعظم کو کافر اعظم کہا تھا۔ ان کے بعد ڈاکٹر حسنین رضا ترابی نے ڈی پی اوکی یقین دہانی کے بعدیوم القدس تک اس جلسے کو ختم کرنے کا اعلان کیا اور ان دونوں شہداء کے جنازوں کو جنگی سیداں لے جایا گیا۔ جہاں پر علامہ آغا جہانزیب حسین جعفری نے دونوں شہداء کی نماز جنازہ ادا کی آخر میں دعا مغفرت اور نوحہ خوانی کی گئی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اسلام آباد چیپٹرکے زیر اہتمام غزہ پر جاری صیہونی جارحیت اور حملوں کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس کا انقعاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا، کانفرنس کا عنوان ’’زخمی زخمی قدس پکارا اب تو مسلم جاگ خدارا‘‘رکھا گیا تھا، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم کےمرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی نے کہا کہ قرآن نے دشمن اسلام یہود و نصاریٰ کے ساتھ دوستی سے منع کیا ہے۔ یہ پیغام خدا کا ہے کہ یہود و نصاریٰ کو دوست نہ بناو۔ ہمارا دشمن یہود ہے، ہمیں اس دشمن حقیقی سے مقابلہ کے لئے قرآن سے رہنمائی لینا ہوگی۔ جس طرح اللہ نے موسی علیہ السلام کو کہا تھا کہ فرعون سے نجات پانا چاہتے ہو تو اللہ سے مدد مانگو۔
علامہ اعجاز بہشتی کا کہنا تھا کہ آج اسی طرح ہم اسرائیلی ظلم و ستم سے پریشان ہیں۔ ہمیں آج بناوٹی اسلام کو ترک کرکے حقیقی اسلام کا دامن تھامنا ہوگا۔ جب ہم نے صبر سے کام لیتے ہوئے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیا تو اسرائیل سے چھٹکارا پا لیں گے۔ کیوں آج مسلمانان عالم معصوم بچوں پر ہونے والے اسرائیلی ظلم و ستم پر خاموش ہیں۔ قرآن کہہ رہا ہے کہ اگر تم اللہ کی رسی کو پکڑو گے تو خدا تمہارے دشمن کا خاتمہ کر دے گا اور تمہیں حکومت عطا کرے گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) کلچرل کونسل ایران کے سابق مسئول حجت الاسلام والمسلمین علامہ مرتضٰی، ڈاکٹر تقی صادقی اور نائب کلچرل کونسلر ایران قاسم مرادی نے خیرالعمل فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی آفس کا دورہ کیا اور فاونڈیشن کے چیئرمین نثار فیضی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ اصغرعسکری بھی اُن کے ہمراہ تھے، خیرالعمل فاﺅنڈیشن کے چیئرمین نثار علی فیضی نے کلچرل کونسلر ایران کے نمائندگان کو خوش آمدید کہا اور بریفنگ دیتے ہوئے خیرالعمل کے اغراض و مقاصد، جاری اور مکمل منصوبوں کی تفصیلات اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔
اس موقع پر علامہ مرتضٰی نے خیرالعمل فاﺅنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی ہے کہ پاکستان میں ایسا بھی ادارہ موجود ہے جو خلوص نیت اور انسانی ہمدردی کے جذبے سے سرشار ہوکر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق ہی ہمارے آئمہ علیہ السلام کا شیوہ تھا کہ انہوں نے ہمیشہ مظلوم اور مستضعفین کی فلاح کا ذمہ خود لیا، اللہ تعالٰی نے بھی حقوق العباد کی بہت اہمیت رکھی ہے اور زکوة اور خمس کو صاحب حیثیت لوگوں پر فرض کیا ہے، تاکہ وہ اپنے غریب بھائیوں کی مدد کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم کسی غریب کی اتنی امداد کریں کہ وہ دیگر مسائل کا شکار نہ ہوسکے، عام لوگوں کی مدد کے ساتھ ساتھ ان کی فنی تربیت بھی کی جائے، تاکہ وہ اپنے پاوں پر کھڑے ہوسکیں۔