The Latest
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین حسین الحسینی نے کہا ہے کہ 10 اگست کو سرزمین کوہاٹ پر ملت تشیع کا عظیم الشان اجتماع منعقد ہوگا، جس میں علاقہ بنگش کے ہزاروں عوام شرکت کریں گے۔ جاری کردہ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ شہید قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید عارف حسین الحسینی (رح) کی برسی اور شہدائے تفتان کے چہلم کی مناسبت سے اگلے ماہ منعقد ہونے والا یہ اجتماع ملت کو وحدت کی طرف لائے گا، اور دہشتگردی کے عذاب سے دوچار عوام کو نیا حوصلہ اور ولولہ فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’یوم عزم وفائے حسین (ع)‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے، اور علاقہ بنگش کے عوام کو لائحہ عمل دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اجتماع کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، اور انشاء اللہ عید الفطر کے فوری بعد تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری نے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس کے ذاتی محافظ اور ڈرائیورز کے اغوا کو پنجاب حکومت کا بزدلانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی انتقامی کارروائیاں نا قابل برداشت حد تک بڑھ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ راجہ ناصر عباس کے محافظوں کو اغوا کرنے کا مقصد اُن کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے، علامہ راجہ ناصر کو کسی بھی قسم کے نقصان کا ذمہ دار شہباز شریف اور چودھری نثار ہونگے۔ علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ ہم انتقامی کارروائیوں سے مرعوب نہیں ہونگے اور ملکی استحکام اور بقا کے لئے اپنا آئینی و قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے، ہم بزدل حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے۔
وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کہا ہے کہ ماہ مبارک رمضان میں غزہ میں بےگناہ فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور اس عظیم ظلم پر نام نہاد اسلامی ممالک بالخصوص عرب ممالک کی مجرمانہ خاموشی انتہائی شرمناک ہے۔ اس مقدس مہینے میں غزہ کے بچے، جوان، بوڑھے اور خواتین بھی خاک و خون میں غلطاں ہیں۔ فلسطینی مظلومین پر ہونے والی وحشیانہ بربریت پر عرب دنیا کی خاموشی مسلم امہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ شام، عراق میں مسلمانوں کے خلاف دہشت گردوں کی حمایت اور امداد جبکہ عالم کفر اور یہود و نصاریٰ کے صیہونی ظالم حکمرانوں کے انسانیت سوز ظلم و بربریت پر خاموشی دراصل اس بات کی تصدیق ہے کہ ان عرب بادشاہوں کو مسلمانوں سے زیادہ اسرائیل اور امریکہ کے مفادات عزیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنی غیر انسانی جنایت کاریوں کے سبب بہت جلد صفحہ ہستی سے نیست و نابود ہو جائے گا۔ دنیا بھر کی تمام حقیقی اسلامی تحریکیں حماس کے ساتھ ہیں اور خداوند متعال سے دعا ہے کہ خدا حماس کو کامیابی سے ہمکنار فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے مظلومین اور مستضعفین پر حملہ اسرائیل کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔ ہمیں یقین ہے کہ شہدائے غزہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) پنجاب حکومت نے مجلس وحدت مسلمین کے خلاف غیراعلانیہ کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ گذشتہ روز ایم ڈبلیوایم کےمرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کے محافظ رضوان، عاصم اور ڈرائیور نثارجو راولپنڈی سے یوم علی (ع) کے جلوس کے بعد واپس اسلام آباد آرہے تھے کہ راستے میں انہیں اغوا ء کرلیا گیا، ذرائع کے مطابق ڈرائیورز کی آخری فون کال ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی کو ہوئی۔ علامہ ناصر عباس جعفری سحری کے وقت واپس اسلام آباد آگئے تھے، تاہم گارڈ اور محافظ بعد میں واپس آرہے تھے کہ انہیں اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس سے غائب کر دیا گیا اور آج دن ایک بجے سےایم ڈبلیوایم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیرعباس نقوی کو بھی اغواء کرلیاگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، چاروں افراد کو راولپنڈی پولیس نے کارروائی کرکے گرفتار کیا ہے اور اس وقت ان افراد کو تھانہ صادق آباد کے نجی ٹارچر سل میں رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین نے اسلام آباد کے تھانہ کہسار میں آغوا کی رپورٹ درج کرا دی ہے۔ یاد رہے کہ نواز حکومت نے تحفظ پاکستان ایکٹ کے نام پر ایک قانون بھی پارلیمنٹ سے پاس کرا لیا ہے جس میں دہشتگردی کے نام پر کسی بھی شخص کو تین ماہ کیلئے گرفتار کیا جاسکتا ہے اور اس گرفتاری کو کسی بھی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔ اس قانون کو آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے اسلام آباد ہائیکورٹ اور جماعت اسلامی نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ ایسا لگ رہا ہے نواز حکومت نے اپنی سیاسی مخالفین کیخلاف اس قانون کو استعمال میں لانا شروع کردیا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے غزہ میں اسرائیلی درندوں کی جانب سے نہتے مسلمانوں کے قتل عام اور تیرہ روز میں اب تک ۴۵۰کے قریب بے گناہ معصوم بچوں ، خواتین اور جوانوں کے قتل عام کیخلاف کل بروز پیر ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان کر دیا۔ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ اسرائیلی بربریت کیخلاف عرب ممالک کی خاموشی امت مسلمہ کیلئے المیہ سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ اسرائیل کیخلاف متحد ہو کر دو ٹوک موقف کا اعلان کرے، حکومت پاکستان مظلومین غزہ کے حق میں عالمی سطح پر موثر آواز اُٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ مظلومین غزہ کو درپیش صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، اسرائیل کیخلاف عملی اقدامات اُٹھائے بغیر دنیا میں امن کا قیام ناممکن ہے، امریکہ و برطانیہ اسرائیلی مظالم میں برابر کے شریک ہیں۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری تبلیغات علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کہا ہے کہ شہر کراچی میں ایک مرتبہ پھر دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز نے معصوم شہریوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے اور گذشتہ دو روز میں اب تک دو شیعہ جوانوں عدیل عباس اور حیدر رضوی سمیت حشمت علی کو شہید کر دیا گیا ہے جبکہ گذشتہ دنوں شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے، ہم شہر میں جاری ملت جعفریہ کے عمائدین سمیت شہریوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ علی انور جعفری اور علی حسین نقوی بھی موجود تھے۔ علامہ اعجاز بہشتی کا کہنا تھا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان دشمن اور اسلام دشمن قوتیں ملت جعفریہ کے نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ میں براہ راست ملوث ہیں اور ان اسلام دشمن اور پاکستان دشمن قوتوں میں سرفہرست عالمی دہشت گرد امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل ہیں۔
علامہ اعجاز بہشتی کا کہنا تھا کہ ایک طرف ہم دیکھ رہے ہیں کہ غزہ پر صیہونی اسرائیلی جارحیت اور بربریت کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جبکہ دوسری طرف عراق اور شام میں اسرائیلی تربیت یافتہ دہشت گرد گروہ داعش معصوم انسانوں اور مسلمانوں کو بلاتفریق اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ سر زمین پاکستان پر دہشت گردوں کے خلاف افواج پاکستان کا جاری ضرب عضب آپریشن بھی ہے کہ جس کو کمزور کرنے کے لئے اور پاکستان کے عوام کو عالمی مسائل کے لئے آواز بلند کرنے سے روکنے کے لئے ایک مرتبہ پھر زر خرید اسرائیلی ایجنٹ دہشت گردوں کو شہر کراچی میں کھلی چھٹی دے دی گئی ہے تاکہ وہ معصوم انسانوں کو اپنی دہشتگردی کا نشانہ بنائیں اور اس طرح پوری قوم کو اندرونی مسائل میں الجھا دیا جائے تاکہ سر زمین پاکستان سے غزہ کے مظلوموں کے لئے اٹھائی جانے والی آواز کو بھی دبایا جا سکے اور اسی طرح پاکستان میں انارکی کی فضا پیدا کر کے افواج پاکستان کے آپریشن ضرب عضب کو بھی کمزور کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم واضح طور پر یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی اور بالخصوص ملت جعفریہ کے عمائدین کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ اور نسل کشی کا سلسلہ عالمی سامراجی اور صیہونی سازشوں کا نتیجہ ہے اور اس دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کو انجام دینے کے لئے پاکستان میں موجود ان سامراجی اور صیہونی قوتوں کے ایجنٹ موجود ہیں جو چند ڈالروں کے عوض اپنے ہی ملک کے معماروں اور دانشوروں سمیت نوجوانوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ہم افواج پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیلی ایجنٹ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار وسیع کیا جائے اور شہر کراچی میں موجود دہشت گردوں کے مراکز اور ان کے مددگاروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع کیا جائے تاکہ شہر کو امن نصیب ہو اور شہر میں بسنے والوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
علامہ اعجاز بہشتی کا کہنا تھا کہ آپ کو یہ بھی بتانا چاہتے ہیں کہ گذشتہ ماہ سندھ حکومت نے ملت جعفریہ کے ساتھ وعدہ کیا تھا کہ کراچی میں موجود ان کالعدم دہشت گرد گروہوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور ملت جعفریہ کے عمائدین کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کے سلسلے کو روکنے کے لئے آپریشن کیا جائے گا تاہم حکومت کی جانب سے کاروائی تو عمل میں لائی گئی لیکن تاحال وعدے کے مطابق دہشت گردوں کو منظر عام پر نہیں لایا گیا اور یہ اسی سستی اور کاہلی کا نتیجہ ہے کہ ایک مرتبہ پھر انہی کالعدم دہشت گرد گروہوں نے کہ جن کی ڈوریاں امریکی اور اسرائیلی ایماء پر ہلائی جا رہی ہیں، شہر کراچی میں ملت جعفریہ کے نوجوانوں اور عمائدین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ ہم سندھ حکومت سے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر میں قائم کالعدم دہشت گرد گروہوں کے مراکز کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کیا جائے اور ملت جعفریہ کے عمائدین کی نسل کشی میں ملوث ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردوں کے سرغنہ افراد کو منظر عام پر لایا جائے اور سخت سے سخت سزائیں دے کر شہر میں امن و امان اور شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
علامہ اعجاز بہشتی کا کہنا تھا کہ ہم سندھ پولیس، رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو انجام دیں اور شہر کراچی میں ان ملک دشمن دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے میں اپنا کردار کریں۔ ہم گذشتہ کئی سالوں سے کالعدم دہشت گرد گروہوں کے دہشت گردانہ حملوں میں شہید ہونے والے تمام کراچی کے شہریوں، پولیس، رینجرز اہلکاروں سمیت دیگر شہداء کے اہل خانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور حکومت کو ایک مرتبہ پھر متنبہ کرتے ہیں کہ اگر ان دہشت گردانہ کاروائیوں میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف فی الفور کاروائی عمل میں نہ لائی گئی تو ملت جعفریہ احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
وحدت نیوز( لاہور) یوم خلفتہ المسلمین امیرالمومنین حضرت علی ؑ پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں جلوس کے روٹ پروحدت یوتھ کے کارکنان انتظامیہ کیساتھ عزادران کی خدمت کے لئے اختتام جلوس تک موجود رہیں گے لاہور میں دہشت گردوں کے خلاف پولیس کی موثر کاروائی قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ امتیازکاظمی نے لاہور کابینہ و یوتھ کے کارکنان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اُن کاکہنا تھا دہشت گردوں کیخلاف قوم متحد ہیں اب آپریشن ضرب عضب کے دوسرے مرحلے میں دہشت گردوں کے حامیوں کیخلاف بھی کاروائی ہونی چاہیے جو ان ظالموں کے مدد اور پناہ دیتے رہے تاکہ اس ناسور کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہو سکے اجلاس میں سیکرٹری یوتھ آغانقی مہدی نے جلوس کے روٹ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی جلوس صبح 10 بجے مبارک حویلی سے برآمد ہوگی جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے شام 6 بجے کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا جلوس کے روٹ پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ وحدت یوتھ کے نوجوانان بھی موجود ہونگے۔
وحدت نیوز(ایبٹ آباد) مجلس وحدت مسلمین یونین کونسل جھنگڑہ کے زیراہتمام یوم ضربت علی علیہ السلام کی مناسب سے مجلس عزا و افطار کا اہتمام کیا گیا، جس کا آغاز حسین علوی مشہدی نے زیارت عاشورہ پڑھ کر کیا۔ اس کے بعد ضلعی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم سید مدثرعلی کاظمی نے دعا توسل کی تلاوت کی اور شرکائے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی سیرت مقدسہ پرعمل پیرا ہونے میں ہی ہماری نجات ہے۔ علی علی کر کے جرم کرنا مولائے متقیان (ع) کو پسند نہیں۔ مولا علی (ع) اس کائنات میں انسانیت کو جرم سے چھٹکارہ دینے کے لئے آئے تھے نہ کہ مجرموں کو چھڑانے کے لئے۔ بعد ازاں حسین علوی مشہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام تقویٰ اختیار کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے بہترین عنایت ہے۔ اور مولا متقیان (ع) کو ماننے والا ہی متقی ہو سکتا ہے۔ جبکہ شاعر اہلبیت (ع) سید نجم الحسن کاظمی اور ایم ڈبلیو ایم یو سی جھنگڑہ کے سیکرٹری جنرل سید فراست شاہ نے بھی مولا کائنات (ع) سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ آخر میں نماز مغربین کے بعد افطاری کا اہتمام کیا گیا۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی شعبہ مالیات کے زیراہتمام ملتان میں صوبہ پنجا ب کے 12 جنوبی اضلاع پر مشتمل پانچ شعبوں (مالیات ، خیرالعمل ، روابط،یوتھ اور تنظیم سازی) کے مسؤلین کی تربیتی ورکشاپ اور افطار ڈنر کا اہتمام یوتھ ونگ کے مرکزی آفس میں کیا گیا۔مالیات کے شعبہ کولیکشن پروگرام کے مرکزی و شعبہ خیرالعمل فاونڈیشن پنجاب کے مسؤل سید مسرت حسین کاظمی،مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین ،مرکزی سیکرٹری امور جوانان و حدت سکاوٹس سید فضل عباس نقوی،مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی یعقوب حسینی،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور مسؤل امور اسیران ویلفئیر سید اسد عباس نقوی،صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی ظفر عباس چشتی،صوبائی سیکرٹری مالیات رائے نا صر،صوبائی سیکرٹری روابط علی رضا طوری،صوبائی سیکرٹری امور شہداء سید اظہر کاظمی کے ساتھ ساتھ پنجاب کے جنوبی اضلاع سے کثیر تعداد میں تنظیمی برادران نے شرکت کی۔
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے مالیات کے شعبہ کولیکشن پروگرام کے مرکزی و شعبہ خیرالعمل فاونڈیشن پنجاب کے مسؤل سید مسرت حسین کاظمی نے مجلس وحدت مسلمین کی خودانحصاری کا مرکزی مالیاتی پروگرام پیش کیا۔انہوں نے رہبر معظم کی تقریرکا حوالہ دیتے ہو ئے کہا کہ مادی نظریات کی بنیاد پر چلنے والی دنیا میں کمزور کی موت فطری امر ہے۔اگر قوم بیدار نہیں ہوتی، خود کو طاقتور نہیں بناتی تو دوسرے آکر من مانی کریں گے۔اس کے ساتھ زور زبردستی ہو گی،دنیا کی باج خواہ طاقتیں اس سے غنڈہ ٹیکس وصول کریں گی۔اگر ان کا بس چلے تو اس کمزور قوم کی توہین کریں اور بس چلے تو اس کو کچل دیں۔مادہ پرستانہ افکار کی بنیاد پر جودنیا چل رہی ہے اس کا مزاج یہی ہے۔جو بھی خود کو طاقتور پائے گا وہ کمزور دکھائی دینے والوں پر اپنی مرضی مسلط کرے گا، خواہ کمزور نظر آنے والا کوئی فرد ہو یا قوم ۔ بقول شاعر
ہے جرم ضعیفی کی سزا مرگ مفاجات
صرف ہتھیاروں کے بل بوتے پر کو ئی قوم طاقتور نہیں ہو سکتی۔کسی قوم کو طاقتور بنانے کے لئے تین عناصر بہت اہم ہیں۔ ایک ہے معیشت ،دوسرے ثقافت اور تیسرے علم و دانش۔رہبر معظم کی خواہش کے مطابق پہلے مرحلے میں ہم مزاحمتی معیشت یعنی اپنے ملک اور اپنی عوام کے اندر موجود صلاحیتوں اور استعداد و وسائل پر انحصار کرتے ہوئے اپنی قوم کو اس عوامی معیشت سے عوامی سرمائے اور عوامی شرکت سے خود انحصاری کیطرف گامزن کیا جائے گا۔جس کے لئے مجلس وحدت مسلمین نے ایک جامع مالیاتی پروگرام تشکیل دیا ہے ۔جس کا آغاز پورے ملک میں کردیا گیاہے۔اجلاس میں موجود تمام مرکزی ،صوبائی اور ضلعی مسؤلین نے اپنے آپ کو مجلس وحدت کے ڈونر کے طور پر اپنے آپ کو رجسٹرڈ کرایا۔
خیرالعمل فاونڈیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سید مسرت حسین کاظمی نے خیرالعمل فانڈیشن کے بارے میں بریفنگ دی، مختلف شعبوں اور طریق کار کے بارے میں بتایا۔ماہِ رمضان میں خدمات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہر ضلع اپنے وسائل کے زریعے کم از کم دو سو ضرورت مندوں تک راشن پہنچائے ، ایک مناسب مقدار میں ضروریات کی اشیا اس پیکج میں شامل ہوں ،ہم اس کام کا آغاز اپنے آپ سے کریں، پہلا راشن کا پیکٹ اپنی طرف سے دیں ، مستحقین وہ لوگ جو کسی کے آگے دستِ سوال نہیں پھیلاتے ، ہمارا ٹارگٹ ہیں ، غیر محسوس طریقے سے عزتِ نفس کو مدِ مظر رکھتے ہوئے ان تک رسائی حاصل کی جائے اور آئمہ اطہار کے پیروکار ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے کسی تشہیر کے بغیر ان کی مدد کی جائے ، یہ سلسلہ ڈونرز اور ضرورتمند کے درمیان رابطے کی صورت میں اگلے مہینوں میں بھی چلایا جا سکتا ہے ۔ رمضان کے آخری عشرے کو ایتام سے منسوب کیا جائے اور اس عشرے میں ملت کے یتیم بچوں بچیوں کی کفالت کے لئے انتظامات کئے جائیں ۔خیرالعمل فانڈیشن اس کام کا آغاز کر چکی ہے ،اس کام کو ماہِ مبارک رمضان میں مذید فعال بنایا جائے، ملت کا یہ طبقہ ہماری خاص توجہات کا متقاضی ہے، ملت کے مخیر حضرات کا ان ایتام سے رابطہ مستقل بنیادوں پر استوار کرانے میں ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور مسؤل امور اسیران ویلفئیر سید اسد عباس نقوی نے اسیران ویلفئیر کی گزشتہ سال کی کارکردگی پیش کیا اور حاضرین کو بے گناہ اسیران اور ان کی فیملیزکی مشکلات سے آگاہ کیا اور مستقبل کے حوالے بے گناہ اسیران اور ان کی فیملیز کی معاونت کے بارے اپنے پروگرام سے آگاہ کیا۔
مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین اور صوبہ پنجاب کے سیکرٹری روابط برادر علی رضا طوری نے شرکا ورکشاپ کو روابط کے سہ ماہی پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ تمام سیکرٹری روابط نے نہ صرف اپنے اضلاع کی تفصیلی صورتحال بیان کی بلکہ اس عزم کا اظہار کیا کہ شعبہ روابط تنظیمی ہم آہنگی اور تنظیمی روابط کو مضبوط سے مضبوط تر کرے گا اور تمام شعبہ جات کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہوئے مجلس وحدت کے کاروان میں اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔مرکزی سیکرٹری روابط نے شعبہ جاتی فعالیت کے علاوہ مجلس وحدت کی کلی صورتحال سے بھی اضلاع کو آگاہ کیا ۔ اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہم انشااللہ ناصر ملت ، قائد وحدت کی دانشمندانہ قیادت میں ولایت کے پرچم تلے وحدت و استحکام کا سفر جاری رکھیں گے اور اس کاروان کو منزل تک پہنچائیں گے۔ مرکزی سیکرٹری روابط کے معاون برادر سید ممتاز نقوی نے بھی ورکشاپ کے انعقاد میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔
مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی یعقوب حسینی نے اپنے شعبے کے متعلق بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ الحمدللہ پاکستان کے تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان مجلس وحدت کا تنظیمی سٹریکچرموجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ شعبہ تنظیم میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے۔تمام اضلاع اپنے اپنے ضلع میں یونٹ سازی کا عمل تیز کریں۔
مرکزی سیکرٹری امور جوانان و و حدت سکاوٹس سید فضل عباس نقوی نے ضلعی مسؤلین کے سوالات کے جوابات دئیے۔ انہوں نے مجلس وحدت کی سیاسی، تنظیمی،شعبہ جاتی پالیسیوں سے آگاہ کیا اور ملت کو درپیش ملکی اور غیر ملکی مسائل خصوصاً عراق اور فلسطین میں جاری مشکلات سے مسؤلین کو آگاہی دی ۔اجلاس میں اسرائیل ،امریکہ اور امریکی نا جائز اولاد داعش کی پر زور مذمت کی گئی۔اور یوم القدس کو بھرپور جزبے کیساتھ منانے کی پلاننگ کی گئی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) خانہ فرہنگ کوئٹہ کے زیراہتمام (ماہ مبارک رمضان دنیا بھر کے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و وحدت کی علامت ) کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد ہوا، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان شہر اللہ یعنی اللہ کا مہینہ ، نزول قران کریم کا مہینہ ،امت مسلمہ کے درمیان وحدت و اتحاد کی علامت ہے کہ جس میں دنیا بھر کے مسلمان رنگ ،نسل اور فرقوں کی تفریق سے بالا تر ہوکر خدائے واحد کی اطاعت بجا لاتے ہوئے روزہ رکھتے ہیں۔ دنیا میں کروڑوں مسلمانوں کے درمیان یہ یکجہتی اور ہم آہنگی کی لازوال مثال ہے،انبیاء ؑ کی سر زمین فلسطین پر اسرئیلی جارحیت پر اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کے عالمی اداروں کی خاموشی قابل مذمت ہے، ہم مظلوم فلسطینی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ ہمارے دلوں میں بستے ہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں، اور آپ کی مظلومیت پر ہم سوگوار ہیں، انشاء اللہ نصرت الہی کا وعدہ جلد سچا ہوگا اور امت مسلمہ کی وحدت بیداری اور قیام للہ کے نتیجہ میں قبلہ اول جلد آزاد ہوگا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالمتین آخونزادہ نے کہا کہ مسجد اقصی اور قبلہ اول کی بابرکت سرزمین پر اسرئیل کا غاصبانہ قبضہ، اور سر زمین انبیاءؑ پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ایران کی اسلامی نظام حکومت کو مسلکی اختلاف کے باوجود ہم اپنے لئے آئیڈیل سمجھتے ہیں۔ جمعیت اتحاد العلماء کے ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کہا کہ آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم قران کریم کے فرمان انما المومنون اخوہ سے ہدایت لیتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کے ذریعے تفرقہ اور انتشار کی ہر سامراجی سازش کو ناکام بنا دیں گے۔
سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے ایرانی کونسل جنرل آقائے سید حسن یحیوی نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام دہشت گردی کا شکار ہے جہاں مسجدیں اور نمازی تک محفوظ نہیں،ہم دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے معاشرے کے باشعور طبقات سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ قیام امن و فروغ اتحاد میں اپنا کردار ادا کریں۔ سیمینار سے معروف دانشور امان اللہ شادیزئی اور ڈائریکٹر خانہ فرہنگ سید ابوالفضل حسینی نے بھی خطاب کیا۔