وحدت نیوز(اسلام آباد) خیرالعمل فاؤنڈیشن پاکستان کے ممبر بورڈ آف گورنرز علامہ اعجاز بہشتی نے کہا کہ ماہ رمضان برکتوں اور رحمتوں والا مہینہ ہے یہ مہینہ اللہ تعالی کی طرف سے ہمارے لیے ایک انمول تحفہ ہے جس میں ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کا موقع میسر آتا ہے ہمارے آئمہ اطہارؑ کا بھی مستضعفین، غرباء اور یتیموں کی پرورش و مدد کرنا شیوہ تھا۔ خیرالعمل فاؤنڈیشن بھی دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ لیکر میدان میں اتری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیرالعمل فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ اعجاز بہشتی نے کہا کہ ماہ مقدس کے مہینے سے ہمیں زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنا چاہیے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لیئے بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کریں اور ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی اس کار خیر میں شامل ہونے کی ترغیب دینی چاہیے۔ انہوں نے خیرالعمل فاؤنڈیشن کی کارکردگی اور مرکز سے لیکر ضلع تک کے عہدیداران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج خیرالعمل فاؤنڈیشن جس مقام پر ہے یہ آپ تمام برادران کی مشترکہ جدو جہدکا نتیجہ ہے درجنوں پراجیکٹس کا مکمل ہونا اور بیسیوں پر کام جاری ہونا ٹیم ورک اور انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے اس کار خیر میں ہر فرد کو شامل ہو کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ہماری آخرت سنور جائے۔