وحدت نیوز(اسلام آباد) کلچرل کونسل ایران کے سابق مسئول حجت الاسلام والمسلمین علامہ مرتضٰی، ڈاکٹر تقی صادقی اور نائب کلچرل کونسلر ایران قاسم مرادی نے خیرالعمل فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی آفس کا دورہ کیا اور فاونڈیشن کے چیئرمین نثار فیضی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ اصغرعسکری بھی اُن کے ہمراہ تھے، خیرالعمل فاﺅنڈیشن کے چیئرمین نثار علی فیضی نے کلچرل کونسلر ایران کے نمائندگان کو خوش آمدید کہا اور بریفنگ دیتے ہوئے خیرالعمل کے اغراض و مقاصد، جاری اور مکمل منصوبوں کی تفصیلات اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔
اس موقع پر علامہ مرتضٰی نے خیرالعمل فاﺅنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی ہے کہ پاکستان میں ایسا بھی ادارہ موجود ہے جو خلوص نیت اور انسانی ہمدردی کے جذبے سے سرشار ہوکر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق ہی ہمارے آئمہ علیہ السلام کا شیوہ تھا کہ انہوں نے ہمیشہ مظلوم اور مستضعفین کی فلاح کا ذمہ خود لیا، اللہ تعالٰی نے بھی حقوق العباد کی بہت اہمیت رکھی ہے اور زکوة اور خمس کو صاحب حیثیت لوگوں پر فرض کیا ہے، تاکہ وہ اپنے غریب بھائیوں کی مدد کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم کسی غریب کی اتنی امداد کریں کہ وہ دیگر مسائل کا شکار نہ ہوسکے، عام لوگوں کی مدد کے ساتھ ساتھ ان کی فنی تربیت بھی کی جائے، تاکہ وہ اپنے پاوں پر کھڑے ہوسکیں۔