وحدت نیوز(میانوالی) مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے میانوالی میں 233 یتیم بچوں میں رقوم تقسیم کی گئیں، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے رہنما سید عدیل عباس زیدی، ضلع میانوالی کے سیکرٹری جنرل الطاف حسین خان اور ضلعی کابینہ کے دیگر اراکین بھی موجود تھے، ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے ضلع میانوالی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور 233 یتیم بچے، بچیوں میں رقوم تقسیم کیں، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے رہنما سید عدیل عباس زیدی نے اس موقع پر کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اس وقت پاکستان میں مظلومین اور پسے ہوئے طبقہ کی واحد امید ہے، مستحق اور یتیم تک اس کا حق پہنچانا اور اس کی دادرسی کسی بڑی عبادت سے کم نہیں، مستحق لوگوں کی فلاح و بہبود ایم ڈبلیو ایم کا مشن اور فریضہ ہے، یہ کسی پر احسان نہیں۔
وحدت نیوز(سکردو) آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کے اراکین خطے کے مسائل کے حل اور حقوق کے تحفظ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل بنانے پر متفق ہوگئے۔ ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس امامیہ ہال اسکردو میں منعقد ہوا، جس میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل سید علی رضوی، انجمن امامیہ کے صدر شیخ محمد علی مظفری، نائب صدر سید باقر الحسینی اہلسنت والجماعت کے نامور عالم دین حافظ بلال زبیری، انجمن صوفیہ نور بخشیہ کے عالم دین محمد صادق صدیقی، انجمن نور بخشیہ امامیہ کے عالم دین مولانا اسحاق ثاقب، اسلامی تحریک کے رہنماء غلام شہزاد آغا، پیپلز پارٹی کے رہنماء محمد بشیر، تحریک انصاف کے رہنماء محمد علی دلشاد، بلتستان یوتھ الائنس کے صدر ساجد شاکری اور دیگر سیاسی، مذہبی جماعتوں کے رہنماوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت، سی پیک، گلگت اسکردو روڈ، ٹیکسیز، اسکردو کرگل روڈ سمیت دیگر مسائل زیر بحث لائے گئے اور ان مسائل کے حل کے لئے مشترکہ طور پر لائحہ عمل بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر غلام شہزاد آغا کو کوارڈینیٹر مقرر کر دیا۔ اجلاس میں آئینی حیثیت کے تعین، گلگت اسکردو روڈ کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیر اور سی پیک میں گلگت بلتستان کو حصہ نہ دینے پر شدید احتجاج کیا گیا۔
ایم ڈبلیو ایم جی بی کے سیکرٹری جنرل و آل پارٹیز ایکشن کمیٹی بلتستان کے سربراہ سید علی رضوی نے کہا کہ حکومت ہمیں دیوار سے لگا رہی ہے اور حکومت ہمارے مسائل کے حل میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔ وہ آئینی حقوق کی فراہمی اور اسکردو روڈ کی تعمیر میں ہرگز سنجیدہ نہیں ہے۔ سی پیک میں گلگت بلتستان کیلئے کوئی منصوبہ نہیں ہے لیکن حکومت کے اہلکار دعویٰ کر رہے ہیں کہ سی پیک میں گلگت بلتستان کو اربوں روپے ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی اور سیاحتی مقاصد کے لئے جب دیگر سرحدیں کھولی جاسکتی ہیں تو کرگل اسکردو روڈ کیوں نہیں کھولا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک آئینی حقوق نہیں دیئے جائیں گے تب تک کوئی ٹیکس نہیں دیں گے۔ ہماری کسی جماعت سے کوئی دشمنی نہیں ہے، ہم حقوق غصب کرنے پر حکومت کے خلاف ہیں۔انجمن امامیہ کے صدر شیخ محمد علی مظفری نے کہا کہ مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لئے تمام سیاسی مذہبی جماعتوں کو متحد ہو کر کوششیں کرنا ہوں گی۔
حافظ بلال زبیری نے کہا کہ ہم حقوق کی جنگ سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے، جب تک حقوق نہیں ملیں گے گھروں میں واپس نہیں جائیں گے۔ حکومت ہمارے مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کر رہی ہے۔ غلام شہزاد آغا نے کہا کہ بلتستان کو حقوق سے محروم رکھنے کے لئے بڑی سطح پر کوششیں ہو رہی ہیں۔ ایک لابی بلتستان دشمنی پر مبنی کام کر رہی ہے اور ہمارے حقوق غصب کر رہی ہے، ہم اس لابی کو ہرگز معاف نہیں کریں گے۔ ہم اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے کسی بھی سطح پر جانے کے لئے تیار ہیں۔ مولانا صادق، مولانا اسحاق ثاقب، محمد بشیر، محمد علی دلشاد اور دیگر نے کہا کہ حکومت ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے، ہم زیادتیاں اور ناانصافیاں برداشت نہیں کریں گے۔ مسائل کے حل کی حکومت سے کوئی توقع نہیں ہے، ہم بالکل ناامید ہو کر رہ گئے ہیں۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی صوبائی شوری کا پہلا اجلاس 18ستمبر کو جامع مسجد الحسین (ع)نیو ملتان میں منعقد ہوگا، صوبائی شوری کے اجلاس میں تنظیم سازی، محرم الحرام اور شعبہ جاتی پروگرام کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ ملتان سے جاری بیان کے مطابق مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ترجمان ثقلین نقوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے چودہ اضلاع کے سیکرٹری جنرل اور نمائندگان شرکت کریں گے جبکہ مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی آمد بھی متوقع ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری تنظیم سازی مہدی عابدی اور سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی کو خصوصی دعوت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کی شوری عالی نے مئی میں جنوبی پنجاب کو ایک سال کے لیے الگ صوبے کے قیام کی منظوری دی تھی۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام بابائے قوم، فخر ملت تشیع، قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر قرآن خوانی و مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا۔ لاہور صوبائی سیکرٹریٹ شادمان میں قرآن خوانی کے بعد مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ حسن ہمدانی نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کیلئے جو جدوجہد بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے کی، اسے رہتی دنیا تک کوئی فراموش نہیں کرسکے گا، قائد کے پاکستان کو ہم مٹھی بھر انتہا پسندوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے، دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم ہونے تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن، اقرباء پروری، رشوت ستانی اور شاہانہ طرز زندگی گزارنے والوں کا قائد کے افکار سے کوئی تعلق نہیں، آج ہمیں وہ قائد کا پاکستان نظر نہیں آرہا، جس مقصد کیلئے بابائے قوم نے مسلمانوں کی اس عظیم مادر وطن کو برصغیر کے مسلمانوں کیلئے بنایا، آج پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کیلئے کرپشن عروج پر ہے، قومی خزانے سے حکمرانوں کی عیاشیوں پر خرچ ہو رہے ہیں، غریب غریب سے غریب تر ہوتا جا رہا ہے، کرپشن ہی دہشتگردی کی اصل وجہ ہے، آج پاکستانی قوم کو اپنے محسن بابائے قوم سے یہ عہد کرنا ہوگا کہ اس مملکت خداداد سے ہم کرپشن، دہشتگردی، انتہاپسندی کے خاتمے تک میدان عمل میں رہیں گے اور قوم کے خائنوں کو انجام تک پہنچانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ مجلس عزا میں بڑی تعداد میں ضلع لاہور کے کارکنوں اور صوبائی و ضلعی رہنماوں نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(شکارپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع شکارپور کے شہر مدیجی، لکھی غلام شاہ، ترائی اور جاگیر شیخ کا تنظیمی دورا کیا۔ اس موقع پرانہوں نے مدیجی اور ترائی میں عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ اس وقت ایک مشکل دور سے گذر رہی ہے، دہشت گردوں نے اب سرزمین سندہ کا رخ کیا ہے۔ شکارپور اور جیکب آباد کے سانحات، شہداد کوٹ اور خیرپور سمیت سندہ بھرمیں دھشت گردوں کے تربیتی مراکز اور سہولت کار حکومت اور ریاستی اداروں کی مجرمانہ غفلت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ان حالات میں ملت کی نمائندہ جماعت مجلس وحدت مسلمین نے ملت کی ذمہ دار شخصیات، علمائے کرام، خانوادہ شہداء، قومی تنظیموں کے نمائندگان ،ماتمی انجمنوں اور نوحہ خوانوں سے قومی صورتحال پر مشاورت کے حوالے سے اہم اجلاس بلایا ہے ، صوبائی سطح پر تحفظ عزاداری اور پیغام کربلا کانفرنس ۱۸ ستمبر کو منعقد کی جارہی ہے ، جس میں علمائے کرام ، ماتمی انجمنیں اور برادر تنظیمیں شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے میں موجود دھشت گردی کے مراکز اور ٹریننگ کیمپس کے خلاف آپریشن کلین اپ کا آغاز کرے۔وزیر اعلیٰ سندہ متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ اس موقع پر سابق ضلع نائب ناظم تقی عباس خان کماریو نے علامہ ڈومکی سے ملاقات کی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شکارپور میں خود کش حملہ آور کو گرفت میں لینے پر جرات مند افراد کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والے بمبار نے جن مدارس اور شخصیات سے رابطے کا اعتراف کیا ہے حکومت ان کے خلاف فوری طور پر کاروائی کرے۔دہشت گردی کا خاتمہ میں حکومتی نیک نیتی تب ہی واضح ہو گی جب نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل ہو گا۔وطن عزیز میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اس قانون مکمل طور پر عمل درآمد کیا جائے۔اس سے قبل متعدد بار حکومت سے مطالبہ کیا جا چکا ہے کہ سانحہ جیکب آباد اور سانحہ شکار پور کے ذمہ داران کو گرفتار کیا جائے لیکن حکومت کی طرف سے عدم توجہی کا مظاہرہ کیا گیا جو ایک نئے سانحہ کا سبب بننے لگا تھا۔ ہمارا اول روز سے مطالبہ رہا ہے کہ جب تک بلوچستان اوملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور فوجی آپریشن نہیں کیا جاتا تب تک امن کا قیام محض خواب و خیال ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والے ہر فرد کی جان انتہائی قیمتی ہے۔اس ملک کے باسیوں کو دہشت گردوں کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔اب کھوکلے نعروں کی بجائے عملی اقدامات کا وقت آ گیا ہے۔دہشت گردوں کی کمین گاہوں کامکمل تدارک ہی دہشت گردی سے نجات کا واحد حل ہے۔ دہشت گردی کے خلاف حکومت اور عسکری اداروں کو ایک پیج پر آکرایسی موثر اور ٹھوس حکمت عملی مرتب کرنا ہو گی جس پر بلاتاخیر عمل ہو،بلوچستان، پنجاب اور اندرون سندھ میں فوجی آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے ۔ملٹری کورٹ میں جن لوگوں کو سزا سنائی گئی ہے اس پر فوری عمل درآمد کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کی خواہاں ہے اور اس عفریت سے چھٹکارے کے لیے وطن عزیز کا ایک ایک فرد حکومت اور فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا۔