وحدت نیوز(کراچی) آل پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام ماہ محرم الحرام کی آمد کی مناسبت سے ’’تقدس محرم الحرام اور کشمیر میں بھارت کی ریاستی جارحیت‘‘ کے عنوان سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری کی زیر صدارت کراچی پریس کلب میں کیا گیا، کانفرنس سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق مشیر حکومت سندھ پرویز آرائیں، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما اسد اللہ بھٹو، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا باقر زیدی، علامہ مقصود علی ڈومکی، متحدہ علماء محاذ کے صدر علامہ امین انصاری، معروف عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنما صابر ابو مریم، پاکستان امن کونسل کے علامہ طارق محمود مدنی، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما اسلم غوری، مرکزی اہلحدیث کے رہنما مولانا مرتضیٰ خان رحمانی، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے انور شاہ کشمیری، آل سندھ ذاکر ایسوسی ایشن کے علامہ سجاد شبیر رضوی، علامہ علی کرار نقوی، تنظیم الاخوان کے لئیق احمد خان، معروف عالم دین منظر الحق تھانوی، جمعیت علمائے اسلام (س) کے علامہ حافظ احمد علی، اسلامی یکجہتی کونسل کے سربراہ محمد اسلم شاہ فریدی، پنجابی پختون اتحاد کے رہنما ملک یاسر سکندر اعوان، علامہ عبد الخالق فریدی، ملک حمید اعوان، علامہ عبداللہ جونا گڑھی، انیس احمد خان، علامہ یعقوب حسین شاہ، سید سجاد حسین شاہ، قاضی محمد طارق، آصف حسین اعوان، محمد شاہ بخاری، محمد حمزہ درانی اور دیگر نے شرکت کی۔
آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ماہ محرم الحرام ہمیں اتحاد و اخوت اور ظالم قوتوں سے ڈٹ کر مقابلہ کا درس دیتا ہے، پاکستان میں تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ باہم وحدت اور یکجہتی کے ساتھ ماہ محرم الحرام میں مراسم عزاداری کو انجام دیتے ہیں، تاہم غیر ملکی قوتوں کی ایماء پر دہشتگرد گروہوں کی جانب سے عزاداری اور ربیع الاول کے جلوسوں اور مجالس کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ان دہشتگرد گروہوں اور قوتوں کا قلع قمع کرنے میں بھرپور کردار ادا کرے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ تمام علمائے کرام اور مشائخ کی ذمہ داری ہے کہ وہ محرم الحرام میں وحدت اور یکجہتی کو فروغ دیتے ہوئے امام حسینؑ عالی مقام کے پیغام کو زندہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، اور ملت پاکستان کو امام حسینؑ عالی مقام کی سیرت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ظالم اور فاسق قوتوں اور وقت کے یزیدوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننے کا درس دیں، تاکہ مقصد حسینی لوگوں میں زندہ ہو سکے۔ مقررین نے کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ مشرقی تیمور اور سوڈان کی تقسیم کے لئے تو فی الفور ریفرنڈم کروا کر مغربی آقاؤں کے ایجنڈے کی تکمیل کرتی ہے البتہ کشمیر اور فلسطین میں چلنے والی آزادی کی تحریکوں پر اقوام متحدہ کا کردار مجرمانہ ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
مقررین نے حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے علماء و مشائخ بھارت کی جانب سے ہونے والی کسم بھی قسم کی بزدلانہ کارروائی اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور وطن عزیز کا دفاع کرنے کے لئے ہر اول دستہ ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر مشترکہ رائے سے اقوام متحدہ کے خلاف مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ فلسطین و کشمیر کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مثبت کردار ادا کرے۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں بلاتفریق دہشتگرد گروہوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں، تاکہ محرم الحرام سے ربیع الاول تک مذہبی رسومات اور مراسم عزادار ی سمیت دیگر اجتماعات کا امن و امان کے ساتھ انعقاد یقینی بنایا جائے۔ رہنماؤں نے دہشت گردی کو ملک و قوم کے لئے ناسور قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے علماء و مشائخ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمہ سمیت محرم الحرام میں امن و امان کے قیام سمیت فلسطین و کشمیر کے مظلومین کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
وحدت نیوز (فیصل آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع فیصل آباد کے زیر اہتمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ہال میں ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا احسان علی جعفری کی زیر صدارت " امن سیمینار حسین سب کا " منعقد کیا گیا جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ، صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید مبارک علی موسوی ، مہمانان خصوصی تھے ،سیمینار میں ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ احسان علی جعفری نے تمام شرکاء اور مجلس وحدت مسلمین اور اہل سنت قائدین کو خوش آمدید کہا ،
سیمینار سے ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت ہم کو اہل بیت کی محبت سے ایک رائی کے دانے کے برابر پیچھے نہیں ہٹا سکتی ، امام حسین کا راستہ عدل کا راستہ ہے ، ایسا راستہ جس پر چلنے سے انسانوں کو دنیا میں راحت و سکون ملتا ہے ۔امام حسین کی محبت دلوں میں شعلے کی طرح ہمیشہ حرارت پیدا کرتی رہتی ہے ، آج ہم نے عاشور اور عزاداری کے ذریعے اسلام کو زندہ رکھنا ہے ۔
سیمینار سے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید مبارک علی موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ سلام بلا تفریق تمام غیرت مند انسانیت کے امام ہیں عزت و غیرت کا راستہ کربلا سے گزرتا ہے اور امام حسین کے سچے اور حقیقی عاشق ذلت و رسوائی کو اپنے قریب نھی أنے دیتے ،انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت اس سال عشرہ محرم کو امام حسین علیہ السلام کے فرمان مثلی لا یبایع مثله کے عنوان سے منا رہی ہے اس میں ملک بھر کے تمام خطباء سے گزارش کریں گے کہ اس حدیث کے مطالب کو اپنی گفتگو کا حصہ بنائیں ، مجلس وحدت مسلمین عزاداری سیدالشہداء کے تحفظ کیلئے ہر حد تک جائے گی سیمینار سے علامہ سید فضل عباس کاظمی ، خطیب سید ذاکر حسین نقوی ، اہل سنت عالم دین مولانا مفتی ابراہیم ، خواہر فرحانہ گلزیب مرکزی سیکرٹری تربیت شعبہ خواتین ،ڈاکٹر سید افتخار حسین نقوی صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے بھی خطاب کیا جبکہ سیمینار میں معروف شخصیات سید بابر کاظمی ، مولانا غلام شبر جعفری ، سید طاہر کاظمی ، سید شاھد حسین نقوی اور ضلع کے عمائدین زعماء ، انجمن تاجران کے عہدیداران ، اراکین ضلعی امن کمیٹی ،اہل سنت علماء کرام ، نعت خواں حضرات نے شرکت کی -
باسمہ تعالیٰ
ماہ محرم الحرام 1438 ھ کی مناسبت سے علامہ ناصر جعفری سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا ملت اسلامیہ کے نا م خصوصی پیغام
" قُل لَّا أَسْأَلُكُمْ عَلَيْهِ أَجْراً إِلَّا الْمَوَدَّةَ فِي الْقُرْبَى"۔
ترجمہ: کہہ دیجئے کہ میں تم سے اس (تبلیغِ رسالت) پر کوئی معاوضہ نہیں مانگتا مگر یہ کہ امت میری آل ؑ سے محبت کرے ۔ سورہ شوریٰ آیت 23
کل یوم عاشورہ و کل ارض کربلا
عزاداران امام حسین اور تمام پاکستانی بھائیوں السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ!
سر تاج انبیاء ،خاتم النبین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے اپنی رسالت کا کوئی اجر اپنی امت سے طلب نہ کیا مگر یہ کہ امت انکی آل پاکؑ سے مودت اور محبت کریں ۔
بلا شبہ نواسہ رسول ﷺ ،سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام ،حضرت رسول پاک ﷺکے قرابت دار بھی ہیں اور آل عباء کے ایک اہم رکن بھی اور آیۃ مباہلہ قلْ تَعَالَوْاْ نَدْعُ أَبْنَاءنَا وَأَبْنَاءكُمْ وَنِسَاءنَا وَنِسَاءكُمْ وَأَنفُسَنَا وأَنفُسَكُمْ ۔۔۔۔۔۔کی رو سے فرزند رسول اللہ ﷺ بھی ہیں ۔لہذا ہر کلمہ گو مسلمان پرامام حسین ؑ کی محبت اور ان کے دشمنوں سے نفرت فرض ہے ۔ماہ محرم وہ مہینہ ہے جس میں نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؑ نے یزید جیسے فاسق و فاجر اور بد عقیدہ انسان کی بیعت سے اس لئے انکار کیا چونکہ وہ جس مسند پر براجمان ہوا تھا ،وہ انبیاء اور انکے معصوم اوصیاءکا منصب تھا ۔امام حسین ؑ جو وارث خاتم الانبیاء ہیں وہ کیسے اتنے بڑے انحراف اور غصب کو برداشت کرتے کہ جسکی بنا پر پورے اسلامی معاشرے کی بنیادیں متزلزل ہو رہی تھیں اور جسکا اثر صرف اس زمانے تک محدود نہ تھا بلکہ تا قیامت بشر ، دین مبین اسلام جیسی ابدی نعمت سے محروم ہو جاتا ۔
اسی لئے امام حسین ؑ نے یزید کی بیعت کو ٹھکرا تے ہوئے فرمایا کہ و علی الاسلام السّلام اذ قد بلیت الامة براع مثل یزید ۔ کہ اسلام پر فاتحہ پڑھ لینی چاہئے اگر یزید جیسا پلید انسان اس امت کا خلیفہ بن بیٹھے ۔
پس ماہ محرم الحرام ،محمدی اسلام کے خلاف بر سر پیکار قوتوں کی بیعت کے انکار کا نام ہے ۔ہر دور کی یزیدیت کے خلاف حسینیت کے قیام کا مہینہ ہے ۔عزاداری سید الشہداء امام حسین ؑ سے تجدید عہد ،مودت ،محبت اور اظہار وفاداری کا مہینہ ہے ۔
مادر وطن کے تمام مسلم اور غیر مسلم بھی ماہ محرم کا احترام کرتے ہیں ۔یہ مہینہ امن اور آشتی کا مہینہ ہے ۔یہ مہینہ مادر وطن کے تمام بیٹوں کے درمیان ہمآہنگی ،محبت اور بھائی چارے کا مہینہ ہے ۔لہذا امید ہے کہ تمام شیعہ اور سنی بھائی ملکر نواسہ رسول ﷺ کا غم پوری عقیدت و احترام سے منائیں گے ۔
اس سال کا ماہ محرم ان حالات میں آرہا ہے جب ایک جانب ہندوستان کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کےپہاڑ توڑے جارہے ہیں ۔ ہمارے بارڈر پر مسلسل جارحیت اور جنگی جنون کے اظہارکے ساتھ ساتھ گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ دشمن کی طرف سے جاری ہے اور دشمن کی یہ کوشش ہے کہ امام حسین ؑ کی ماننے والی پاکستانی قوم کو اپنی بزدلانہ کاروائیوں سے ڈرادے ،لیکن ہمارا جواب دشمن کو وہی ہے جو امام حسین ؑ کا جواب یزید کو تھا کہ " ھیھات منا الذلۃ "ذلت و رسوائی ہم سے دور ہے ،ہم جان تو دے سکتے ہیں لیکن اپنے ملک کی سالمیت پر کو ئی سمجھوتا نہیں کر سکتے ۔
دوسری جانب ملک دشمن تکفیری دہشت گرد اور کالعدم جماعتیں اس ملک کو اندرونی طور پر کمزور کرنے کی اپنی مذموم کو ششوں میں مصروف ہیں اور یہ منحوس یزیدی قوتیں ملک کی سالمیت سے کھیل رہی ہیں لیکن پاکستان کا ہر محب وطن شہری ان تکفیری دہشت گردوں سے نفرت کرتا رہا ہے ۔اس ملک میں شدت پسندوں اور کالعدم تکفیری جماعتوں کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔ہم پاک فوج کے ضرب عضب اور نیشنل ایکش پلان کی بھر پور حمایت کرتے ہیں لیکن ساتھ ساتھ ایسی بعض قوتیں جونیشنل ایکشن پلان کو منحرف کرنا چاہتی ہیں اسکی بھی بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔
ہم تمام عزاداروں ،ماتمی دستوں ،بانیان مجالس ،ذاکرین عظام اور علماء کرام کے ساتھ ملکر ان شاءاللہ عزاداری سید الشہداء کو پوری قوت اور طاقت کے ساتھ منائیں گے اور اس راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو پوری طاقت کے ساتھ دور کریں گے (ان شاءاللہ)میںتمام عزاداروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ نظم وضبط،وحدت اور سیکیورٹی کے بھر پور انتظامات کے ساتھ عزاداری کو انجام دیں۔
امید ہے حکومت نے جو وعدے اس ماہ محرم کےحوالے سے کیے ہیںجس میںامن و امان کی بحالی، بے جا پابندیوںکےاٹھانے اور ذاکرین اور بانیان مجالس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی شامل ہے وہ اس پر عمل کرے گی ۔
کشمیر، فلسطین، یمن ،شام ،لبنان ،عراق ،نائجیریا اور دیگر اسلامی ممالک میں استکباری طاقتوں کا جو کھیل کھیلا جا رہا ہے وہ حسینی جوانوں کی شجاعت اور بہادری کے نتیجے میں دم توڑ چکا ہے اور انکے مذموم مقاصد ناکام ہو چکے ہیں اور جب تک کربلائی جوان اور با بصیرت رہبریت موجود ہے ،استکباری یزیدی طاقتیں اپنے شیطانی مقاصد میں کھبی کامیاب نہیں ہو پائیں گی۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو معرفت کربلا اور پیروی امام حسین ؑ نصیب فرمائے اور آخری حجت کا جلد ظہور فرمائے ۔ تاکہ ظلم کی سیاہ راتیں تمام ہوں اور عدل و معنویت کا سورج طلوع ہو ۔
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
ناصر عباس جعفری
مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان
29ذی الحجۃ 1438 ھ
وحدت نیوز(لاہور) لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت مودی حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے،دشمن سن لیں پاکستانی غیور قوم متحد ہیں اور مادر وطن کے لئے ہر قسم کی قربانی کے لئے تیار ہیں،کشمیر کی آزادی انشااللہ قریب ہے اور اب ہندوستان کو ٹکرے ٹکرے ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک علی موسوی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں لائن آف کنٹرول پر شہید ہونے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے بلائے گئے لاہور ڈویژن کے اجلاس سے خطاب میں کیا،انہوں نے کہا کہ بھارت کی پریشانی پاک چائنہ اکنامک کوریڈور منصوبہ ہے جسے ناکام بنانے کے لئے وہ اپنے مکروہ فعل سرانجام دے رہا ہے،انشااللہ اقتصادی راہ داری ہماری شہ رگ ہے اس کی تکمیل کے لئے ہر قسم کی قربانی کے لئے قوم تیار ہیں،اور بھارت سمیت اس میگا منصوبے کے دشمن ناکام رہیں گے،اجلاس میں شہدائے ایل او سی کی درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی اور دونوں قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری وحدت ہاوس سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے اندرونی اختلافات کو ایک طرف رکھنا ہوگا،حکومت فوری طور پرتمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کا اجلاس بلائے ،بھارت کی بار بارکی گیدڑ بھپکیاں غیرت مند پاکستانیوں کے لیے نا قابل برداشت ہے ،ان کا مزید کہنا تھا لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے دو جوانوں کی شہادت بھارتی دہشتگردی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،بھارت جنگی جنون کوہوا دے کرخطے کے امن کو داو پرنہ لگائے، مسلح افواج غیر ملکی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں جب کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیرمیں مظالم سے توجہ ہٹا نہیں سکتا ہے کشمیریوں کی تحریک آزادی کامیاب ہوکررہے گی، وطن عزیزکے دفاع کے لیے عوام اور مسلح افواج یکجان ہیں۔