وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے انٹرا پارٹی الیکشن کے سلسلے میں جانثاران امام عصر عج کنونشن 28 اپریل 2019ء بروز اتوار جامعہ شہید عارف حسین الحسینی پشاور میں منعقد ہوگا۔ جس میں تمام اضلاع سے تنظیمی مسئولین اور صوبائی کابینہ کے اراکین شرکت کریں گے اور آئندہ تین سال کیلئے نئے صوبائی میر کاررواں کا انتخاب کیا جائے گا۔
کنونشن میں خصوصی شرکت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی کریں گے۔ جبکہ مرکزی رہنماء علامہ اقبال بہشتی، سید مہدی عابدی اور آصف رضا ایڈووکیٹ بھی کنونشن میں شریک ہوں گے۔ اس سلسلے میں دعوتی عمل اور دیگر انتظامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ہر تین سال بعد مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سطح سے لیکر صوبائی، ضلعی اور یونٹ سطح تک انٹر پارٹی الیکشن ہوتے ہیں۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی ڈویژنل ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مبشر حسن کی قیادت میں SSP ضلع وسطی راؤ عارف سے ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈ کوارٹر میں ملاقات، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنماء علامہ سید علی انور جعفری، میر تقی ظفر اور ضلع وسطی کے ٍپٹی سیکریٹری جنرل علامہ ملک عباس بھی موجود تھے، ایم ڈبلیوایم کے وفد نے شہر کی موجودہ لاءاینڈ آرڈر صورتحال اور رمضان المبارک میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایس ایس پی سے تبادلہ خیال کیا۔
وحدت نیوز(گلگت) اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دوسروں کی جان بچانے والے بہادر سپوتوں کی حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔ہراموش سے تعلق رکھنے والے بہادر جوان خوشبودار حسین اور پولیس اہلکار راجہ ریاض حسین نے جان کی بازی لگاکر ایک قیمتی انسانی جان کو بچالیا ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ان دونوں بہادر جوانوں کو بہادری،جرات اور جانثاری دکھانے پر حوصلہ افزائی کے ساتھ تمغہ شجاعت سے نوازا جائے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ نفسا نفسی کے اس عالم میں اپنے جان سے کھیل کر دوسروں کی جان بچانے والے بہادر جوانوں کی حوصلہ افزائی ایک واجبی امر ہے اور ہم پولیس اہلکار راجہ ریاض حسین اور خوشبودار حسین کی جرات و شجاعت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بغیر حفاظتی جیکٹ کے خود کو دریا کی بے رحم موجوں کے حوالے کیا اور ایک قیمتی انسانی جان کو بچانے میں کوئی لمحہ ضائع نہیں کیا۔جرات وبہادری کی ایسے مثالیں بہت کم دیکھنے کو ملتی ہیں کہ اپنی جان کی بازی لگاکر ان دونوں جوانوں نے سید محمد حسین سبحانی کو دریا کی بے رحم موجوں سے زندہ وسلامت باہر نکال دیاجو نہایت ہی قابل تحسین اقدام ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے عملے نے بھی کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے ایک قیمتی انسان کو موت کے منہ سے نکال لیا ۔ہم ہسپتال کے عملے اور ڈاکٹرز کی بروقت طبی امداد پہنچانے پر انہیں بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے نوجوان سید محمد حسین سبحانی کو دریا بردہونے سے بچانے والے دونوں جوانوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ انہیں تمغہ شجاعت سے نوازنے کا مطالبہ کیا ہے۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے اسکردو میں جشن نیمہ شعبان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تصویر مہدویت کا تعلق کسی خاص مسلک یا اسلام تک محدود نہیں بلکہ یہ فطرت انسانی کی آواز ہے۔ عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کا قیام آرزوئے بشریت اور انبیاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ تصور مہدویت تمام انسانوں اور مستضعفین کے لیے قوت و طاقت کا باعث ہے۔ اگر ہماری زندگیوں سے مہدویت کا نظریہ ختم ہو جائے تو ظالم بے لگام ہوں گے اور مظلوم کی حمایت و داد رسی کرنے والا کوئی نہیں ہوگا۔ قرآن میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ خدا کا ارادہ ہے کہ زمین پر ان لوگوں کو وارث اور امام بنا دیا جائے گا جو مستضعف ہوں۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ امام مہدی کا تصور صرف تصور نہیں بلکہ یہ مسلمانوں کے عقیدے کا حصہ ہے۔ تمام اسلامی مکاتب میں امام مہدیؑ کے ظہور کا ذکر موجود ہے اور انہیں رد کرنے والے دراصل عہد حاضر کے ظالم ہیں۔ آج دنیا بھر میں جاری ظلم و ستم اور ناانصافی کے خاتمے کے لیے وہی طبقہ سامنے آسکتا ہے جن کا ظلم سے کوئی تعلق نہ ہو۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ ظلم چاہے جس کے ساتھ اور دنیا کے جس کونے میں اس پر آواز بلند کرنا اور ظلم کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنا آج کے دن کے منانے کا تقاضا ہے۔ آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ امام مہدی ؑ کے ماننے والے ظلم سے ناطہ توڑ دے اور اور ظلم کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کرے تو معاشرہ میں عدل و انصاف کا بول بالا ہوگا۔ عقیدہ مہدویت کے ماننے والوں کا ہر حملہ ظلم و ستم کے مقابلے میں گزرنا چاہیے۔
وحدت نیوز(لاہور) ایم ڈبلیو ایم کے سینئر رہنما اور رکن شوریٰ عالی علامہ سید مبارک علی موسوی نے ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں ہونیوالے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے عوام سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ لاہور میں اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان سری لنکا کیساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کسی ایک ملک یا خطے کا مسئلہ نہیں یہ ایک عالمی مسئلہ ہے جسے تمام ممالک کو مل کر حل کرنا ہوگا، آئے روز مختلف ممالک میں دہشتگردی کے واقعات قابل تشویش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام معاملات پر اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے اور دنیا میں دہشتگردوں کی مالی فنڈنگ کرنے اور اسلحہ بیچنے والوں کو بے نقاب کیا جائے۔ علامہ سید مبارک علی موسوی نے اس سانحے میں 5 پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت سری لنکن عوام کیساتھ کھڑے ہیں، ہم دہشتگردی کیخلاف سری لنکا ساتھ دیں گے۔
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے میڈیا سیل سے بیان میں کہاہے کہ حالیہ دنوں تباہ کن بارشوں اور ژالہ باری کے نتیجے میں گندم کی کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، پنجاب اور بلوچستان میں کئی ہزارایکڑ زرعی اراضی زیر آب آجانےسے کسانوں کا شدید مالی نقصان ہوا ہے،حکومت تمام متاثرہ کسانوں کیلئےریلیف پیکج کا فوری اعلان کرے تاکہ ان کے دکھوں کا کچھ مداواممکن ہوسکے، علامہ راجہ ناصرعباس نے کہاکہ حکومت ضلعی انتظامیہ کی مدد سے بارشوں اور سیلاب سے کاشتکاروں کے نقصانات کا تخمینہ لگاکرکسانوں کیلئے نقد امداد کا اعلان کرکے ان کے گھروں کے چولھے ٹھنڈے ہونے سے بچائے۔