خانوادہ اسیران ملت جعفریہ کے کراچی میں جاری دھرنے کی حمایت میں ایم ڈبلیوایم کا سکردومیں علامتی دھرنا
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین بلتستان اور گلگت بلتستان یوتھ الائنس کی جانب سے ملک بھرمیں جاری شیعہ جوانوں کی جبری گمشدگیوں کے خلاف اور کراچی میں جاری دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کے لئے یاد گار شہداء سکردو پر علامتی دھرنادیا گیا اور احتجاج کیا گیا ۔
علامتی احتجاجی دھرنےسے سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیوایم گلگت بلتستان اور مجاہد عالم دین آغا سید علی رضوی ، چیئرمین گلگت بلتستان یوتھ الائنس شیخ حسن جوہری، سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم ضلع سکردو شیخ فدا ذیشان،صدر آئی ایس او بلتستان ڈویژن برادر موسی علی اور دیگر رہنماؤں سے خطاب کیا ۔
مقررین نے کہاکہ کراچی میں شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کےاحتجاجی دھرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ ریاستی ادارے گناہ گاروں کو عدالتوں میں پیش کریں اور بے گناہوں کو رہا کریں۔ جبری گمشدگیاں آئین پاکستان کی سراسر خلاف ورزی ہے ۔
اگر خانوادہ اسیران ملت جعفریہ کے مطالبات تسلیم نا ہوئے تو علامتی احتجاجی دھرنے مستقل دھرنوں میں تبدیل ہوجائیں گے اور یہ سلسلہ پوری ملک میں پھیل جائے گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) عالمی استعماریت کے شکنجے میں جکڑے پاکستان میں محنت کش فاقہ کشی پر مجبور ہے۔ ملکی ترقی اور مزدور دشمن قوانین سے نجات کے لئے مظلوموں کو متحد ہونا ہوگا ۔حکومت عالمی یوم مزدور پر فقط بیانات پر اکتفا کرنے کے بجائے مزدور طبقے کی بہتری کے لئے اقدامات کا اعلان کرے ،ان خیالات کا اظہارسربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےعالمی یوم مزدور کے موقع پر میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے مزدور اور متوسط طبقے کی مشکلات ناقابل برداشت ہیں کسی بھی ملک کی ترقی میں انڈسٹری کو اقتصادی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہوتی ہے اور صنعتوں کا دارومدار مزدور طبقے پر ہے افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ مزد ور طبقے کے حقوق کے لئے لیبرقوانین انتہائی کمزور اور فرسودہ ہیں مزدوروں کی مزدوری بڑھتی ہوئی گرانی سے مطابقت نہیں رکھتی ۔
انہوںنے کہاکہ حکومت کو ملکی ترقی کے اہم ستون مزدور طبقے کی خوشحالی اور لیبر قوانین کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہونگے۔ انہوں نےمزید کہا کہ ہم انشااللہ مزدوروں کی فلاح بہبودکے لئے اور ملک سے مزدور دشمن قوانین کے خاتمے کے لئے جدو جہد جاری رکھیں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہاہے کہ کراچی میں جاری شیعہ گمشدگان کے اہل خانہ کےدھرنے کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان اور ریاستی ادارے خانوادہ اسیران کہ جذبات و احساسات کا خیال رکھتے ہوئے ان گمشدہ پاکستانیوں کی فوری بازیابی کو یقینی بنائیں ۔ ایسی صورتحال پیدا نہ کریں کہ لوگ ریاست و حکمرانوں سے مایوس ہوجائیں ۔ جو ملزم ہیں انکو عدالتوں میں پیش کیاجائے اور بیگناہوں کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے ۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کراچی کے تمام مومنین ومومنات سے گذارش کی کہ وہ اس احتجاجی دھرنے میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں اور اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شریک ہوکرخانوادہ اسیران ملت کے عزم وحوصلے میں اضافے کا سبب بنیں جوکہ اپنے عزیزوں اور پیاروں کی جبری گمشدگیوں کے بعد اس انتہائی اقدام پر مجبور ہوئے ہیں ۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی کنونشن کے موقع پر اکثریت رائے سے سابق صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کو آئندہ تین سال کیلئے سیکرٹری منتخب کرلیا گیا، مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نومنتخب سیکرٹری جنرل سے حلف لیا، کنونشن میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے خصوصی شرکت کی۔ نومنتخب سیکرٹری جنرل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان شاء اللہ پاکستان میں اتحاد اور وحدت کے لیے مزید اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، اُنہوں نے کہا کہ عزاداری سیدالشہداء کو درپیش مشکلات کا تدارک کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(کراچی) خدیجتہ الکبریٰ فاؤنڈیشن پاکستان اور خیر العمل ویلفیئر اینڈ ڈیویلپمنٹ ٹرسٹ شعبہ فلاح وبہبود مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے باہمی اشتراک عمل سے ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا جامع مسجد حسینی ماروی گوٹھ ، قائد آباد میں اہتمام کیا گیا جس میں طبّی ماہرین ڈاکٹر محمد عالم اور ڈاکٹر صباءنے250خواتین ومرد مریضوں کا علیحدہ علیحدہ معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کیں، بعض مریضوں کو ڈرپس بھی لگائی گئیں،ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری اطلاعات احسن عباس رضوی، ضلعی سیکریٹری جنرل سید عارف رضا، ضلعی سیکریٹری خیر العمل ویلفیئر ٹرسٹ سعید رضا، انچارچ الزہرا کلینک ممتاز مہدی اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے، علاقہ مکینوں نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقادکو خوب سراہا اور ایم ڈبلیوایم کا شکریہ اداکیا،اس کیمپ کے انعقاد میں جامع مسجد حسینی ٹرسٹ خصوصاً سرپرست انتظامیہ حب علی لاکھو نے خصوصی طور پر تعاون کیا جس کیلئے منتظمین ان کے مشکورہیں اس ان کی توفیقات خیرمیں اضافے کیلئے دعا گو ہیں ۔
وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان کے حدود میں غیر مقامیوں کی مداخلت ہرگز قبول نہیں۔داریل کے جنگلات پر مقامی لوگوں کا حق ہے جسے ہتھیانے کی کسی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔اپنی زمین کی حفاظت گلگت بلتستان کے ہر شہری کا فرض بنتا ہے ،ہم داریل کے عوام کا اپنے حقوق کیلئے احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنما شیخ نیئر عباس مصطفوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوامی ملکیتی زمینوں اور جنگلات پر قبضے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔داریل کھنبری کے عوام استقامت دکھائیں اور اپنے حق سے ایک انچ انحراف نہ کریں بلتستان سے خنجراب تک عوام آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں زمینوں پر قبضے کا معاملہ پہلے ہی شدت اختیار کرچکا ہے اور ہم اپنی ملکیتی اراضی پر غیروں کا قبضہ قطعاً برداشت نہیں کرینگے۔دیامر کے جنگلات وہاں کے مقامی عوام کی ملکیت ہیں جنہیں سازش یا جبر کے ذریعے ہتھیانے کی ہر اقدام کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔داریل کے عوام سے حکومت فوری مذاکرات کرے اور اس حساس مسئلے کو ختم کرکے عوام کو مطمئن کریںبصورت دیگر شاہ قراقرم صرف دیامر میں بند نہیں ہوگا بلکہ پورے جی بی میں شاہراہ قراقرم پر دھرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ خو اب خرگوش سے بیدارہوں اور گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے ۔ گلگت بلتستان کے حدود شندور، تھور کوہستان اور اب داریل جنگل پر قبضہ کی کوشش صوبائی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔اگر حکومت جی بی کے جغرافیے اور یہاں کے قدرتی وسائل کا تحفظ نہیں کرسکتی تو مستعفی ہوجائے۔