وحدت نیوز(گلگت) اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دوسروں کی جان بچانے والے بہادر سپوتوں کی حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔ہراموش سے تعلق رکھنے والے بہادر جوان خوشبودار حسین اور پولیس اہلکار راجہ ریاض حسین نے جان کی بازی لگاکر ایک قیمتی انسانی جان کو بچالیا ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ان دونوں بہادر جوانوں کو بہادری،جرات اور جانثاری دکھانے پر حوصلہ افزائی کے ساتھ تمغہ شجاعت سے نوازا جائے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ نفسا نفسی کے اس عالم میں اپنے جان سے کھیل کر دوسروں کی جان بچانے والے بہادر جوانوں کی حوصلہ افزائی ایک واجبی امر ہے اور ہم پولیس اہلکار راجہ ریاض حسین اور خوشبودار حسین کی جرات و شجاعت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بغیر حفاظتی جیکٹ کے خود کو دریا کی بے رحم موجوں کے حوالے کیا اور ایک قیمتی انسانی جان کو بچانے میں کوئی لمحہ ضائع نہیں کیا۔جرات وبہادری کی ایسے مثالیں بہت کم دیکھنے کو ملتی ہیں کہ اپنی جان کی بازی لگاکر ان دونوں جوانوں نے سید محمد حسین سبحانی کو دریا کی بے رحم موجوں سے زندہ وسلامت باہر نکال دیاجو نہایت ہی قابل تحسین اقدام ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے عملے نے بھی کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے ایک قیمتی انسان کو موت کے منہ سے نکال لیا ۔ہم ہسپتال کے عملے اور ڈاکٹرز کی بروقت طبی امداد پہنچانے پر انہیں بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے نوجوان سید محمد حسین سبحانی کو دریا بردہونے سے بچانے والے دونوں جوانوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ انہیں تمغہ شجاعت سے نوازنے کا مطالبہ کیا ہے۔