وحدت نیوز(لاہور) ایم ڈبلیو ایم کے سینئر رہنما اور رکن شوریٰ عالی علامہ سید مبارک علی موسوی نے ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں ہونیوالے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے عوام سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ لاہور میں اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان سری لنکا کیساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کسی ایک ملک یا خطے کا مسئلہ نہیں یہ ایک عالمی مسئلہ ہے جسے تمام ممالک کو مل کر حل کرنا ہوگا، آئے روز مختلف ممالک میں دہشتگردی کے واقعات قابل تشویش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام معاملات پر اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے اور دنیا میں دہشتگردوں کی مالی فنڈنگ کرنے اور اسلحہ بیچنے والوں کو بے نقاب کیا جائے۔ علامہ سید مبارک علی موسوی نے اس سانحے میں 5 پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت سری لنکن عوام کیساتھ کھڑے ہیں، ہم دہشتگردی کیخلاف سری لنکا ساتھ دیں گے۔