The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پارہ چنار سے شروع ہونے والے پرامن مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ صوبائی حکومت کی نااہلی اور سیکورٹی اداروں کی غفلت کے سبب پارہ چنار ضلع کرم کے عوام گزشتہ کئی ماہ سے محصور ہیں، پارہ چنار کے عوام بنیادی انسانی حقوق اور انسانی ضروریات زندگی کو ترس رہے ہیں لیکن ارباب اختیار کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، ایک ماہ سے قومی شاہراہ بند کی گئی ہے، غذائی اجناس، ایندھن اور ادویات کی قلت سے انسانی المیہ جنم لے رہا ہے اور ملکی سیاہ و سفید پر قابض حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں، امریکی صدر کو مبارک دینے والے ناعاقبت اندیش حکمران اپنے نہتے شہریوں کی مشکلات سے آنکھیں چرا رہے ہیں، مٹھی بھر دہشتگردوں نے وہاں کے شیعہ سنی مسلمانوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے، خیبر پختونخواہ کے نااہل وزیر اعلی کو صوبے میں عوامی مسائل سے کوئی سروکار ہے اور نا ہی امن و عامہ کے ضامن سیکورٹی ادارے ان دہشتگردوں کو لگام دینے میں مخلص ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ضلع کرم کے باشعور اور غیرت مند عوام نے اس جبر کے خلاف پر امن لانگ مارچ شروع کیا ہے ہم اس مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں، سب کی نظریں پارہ چنار ضلع کرم کی جانب ہیں، پاکستانی قوم ضلع کرم کے اپنے بھائیوں کے ساتھ ہے اور ہم پارہ چنار کو غزہ نہیں بننے دیں گے، پارہ چنار کے محب وطن عوام نے پارلیمنٹ، سینیٹ، صوبائی و مرکزی حکومت کے ذمہ داران اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے اس مسئلے کو حل کرنے کی بارہا اپیل کی، وفاقی دارالحکومت میں دھرنے دیئے گئے اور مسلسل میڈیا ٹاکس ہوتی رہی ہیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں ہے، نہتے عوام جن میں بچے بوڑھے اور جوان شامل ہیں اپنے حق کی خاطر گھروں سے نکل پڑے ہیں، حکومت، ارباب اختیار اور سیکورٹی ادارے ہوش کے ناخن لیں کسی بھی حادثے یا ناخوشگوار واقعے کی ذمہ داری "کے پی کے'' کے وزیراعلی اور امن و امان قائم کرنے والے اداروں پر عائد ہو گی۔
وحدت نیوز(پشاور)ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین صاحب کی کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر بخاری سے ملاقات۔
ضلع کرم کے موجودہ دہشتگردی کے واقعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔
ایم این اے انجینئر حمید حسین صاحب نے کہا ضلع کرم میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد پیدا ہونے والے صورتحال، ٹل پارہ چنار مین شاہراہ سمت ضلع کرم کے اہم شاہراہوں پر مسافروں کے قتل و غارت کے واقعات رونما ہوئے ہیں جن بچے و خواتین اور مسافرین شامل ہیں۔
پچھلے 27 دنوں سے پارہ چنار روڈ کی بندش کی وجہ سے اشیائے خورد نوش،تیل اور دوائیوں کی قلت پیدا ہوگئی ہے ضلع کرم میں جاری بدامنی و دہشتگردی کے واقعات کی وجہ سے انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔
کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر بخاری نے کہا کہ ضلع کرم میں عوام کی تکالیف کو کم کرنے اور ٹل پارہ چنار روڈ کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں جارہے ہیں۔
وحدت نیوز(مظفرآباد)صدر عزاداری ونگ مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر سید غفران علی کاظمی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انوار سرکار اپنے اقتدار کو بچانے کہ لیے اوچھے ہتھکنڈے پر اتر آئی ہے ، پر امن احتجاج پر شہری کا بنیادی حق ہے ، ہر شہری کو آئین نے یہ آزادی دے رکھی ہے کہ وہ اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرے ، اس حق پر کسی کو بھی شب خون مارنے نہیں دیں گے. صدارتی آرڈیننس کو ردی کی ٹوکری میں پھنکتے ہیں یہ ایسا قانون ہے کہ اب اپنا حق مانگنے سے پہلے حکمرانوں سے اجازت لینی پڑھے گی۔ انوار سرکار ہوش کہ ناخن لے ایسے کالے قانون جبری نافذ کرنے سے گریز کرے جس پر عمل درآمد کرنا مشکل ہو۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین صاحب کا نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے دوران وزیر اعلٰی خیبر پختونخواہ جناب علی آمین گنڈاپور صاحب سے ملاقات،ضلع کرم کے موجودہ تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی گفتگو۔آئے روز ضلع کرم کے سڑکوں پر مسافروں کو دہشت گرد،دہشتگردی کا نشانہ بنا رہے ہیں ،کل لوئر کرم اوچت میں واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پرصوبائی حکومت کی طرف سے ضلع کرم کے مسائل کے حل کے لئے بننے والے جرگے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وحدت نیوز(جیکب آ باد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ جیکب آباد میں ایک کالعدم دہشت گرد ٹولے کی جانب سے شیعہ سنی مسلمانوں کے درمیان شرانگیزی اور نفرت کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعۃ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ضلع جیکب آباد کے شیعہ اکابرین، علماء، سادات اور قومی تنظیموں کے نمائندگان کے اہم اجلاس کی زیر صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بزرگ شیعہ رہنماء سید لال شاہ بخاری، سید غلام شبیر نقوی، انجمن سپاہ علی اکبر کے چیئرمین سید احسان علی شاہ بخاری، سید راجہ ریاض علی شاہ، مجلس وحدت مسلمین ضلع جیکب آباد کے صدر نذیر حسین جعفری، تعلقہ صدر ٹھل غلام حیدر برڑو، جعفریہ الائنس پاکستان کے ڈویژنل صدر وزیر علی مشہدی، جنرل سیکرٹری زوار شاہنواز جعفری، وحدت یوتھ ڈویژن لاڑکانہ کے جنرل سیکرٹری اللہ بخش میرالی، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی رہنماء اویس علی جکھرانی، مجلس علماء مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، مولانا منور حسین سولنگی، نثار احمد ابڑو، سید علی شاہ، مولانا ارشاد علی سولنگی و دیگر رہنماء شریک ہوئے۔
قومی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جیکب آباد میں شیعہ سنی مسلمان صدیوں سے آپس میں اسلامی اخوت اور بھائی چارے کے ساتھ رہ رہے ہیں، مگر ایک کالعدم دہشت گرد ٹولے کی جانب سے شرانگیزی اور نفرت کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔ اسی دہشت گرد ٹولے نے 2015 میں شب عاشور جلوس عزاء پر حملہ کرکے 29 بے گناہ انسانوں کو شہید، جبکہ 59 معصوم شہریوں کو زخمی کیا تھا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید احسان علی شاہ بخاری نے کہا کہ ضلع جیکب آباد میں کلعدم دہشت گرد ٹولے کو نفرت انگیزی کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے، جس کی وجہ سے ضلع کا امن خطرے میں ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زوار وزیر علی مشہدی نے کہا کہ جیکب آباد کے پرامن ماحول کو جان بوجھ کر خراب کیا جا رہا ہے۔
نذیر حسین جعفری نے کہا کہ چار دسمبر کو کالعدم ٹولے نے شرانگیزی پر مبنی اجتماع کا اعلان کرکے ضلع کی پرامن فضاء کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ چار دسمبر کو ملت جعفریہ جیکب آباد کے شہداء کی یاد میں دہشتگردی کے خلاف تاریخی اجتماع کرے گی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 4 دسمبر کو جیکب آباد میں دہشتگردی کے خلاف شہدائے جیکب آباد کی یاد میں تاریخی عظمت شہداء کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
وحدت نیوز(گلگت) اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مورل اتھارٹی نہ رکھنے والے وزیراعظم پاکستان کا دورہ گلگت بلتستان فلاپ شو تھا جہاں عوامی منتخب نمائندوں کی تذلیل کے علاوہ خطے کو کچھ نہیں ملا۔ صوبائی حکومت کو اس دورہ کے دوران لفٹ نہ کرانا ثابت کرتا ہے کہ جمہوری اقدار اور عوامی مینڈیٹ کی ان کے سامنے کیا حیثیت ہے؟ وفاق میں جس پیپلز پارٹی کی بیساکھی کے ذریعے فارم 47 پر بننے والے وزیراعظم اور جی بی کی ٹیم کو خیال تک نہ آیا کہ گلگت بلتستان میں اتحادی حکومت ہے جس کا سب سے بڑا سٹیک ہولڈر پیپلز پارٹی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اتحادی پارٹی کے قائدین سے خطے کے مسائل پوچھنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ کسی اور پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم کا دورہ گلگت بلتستان اس طرح خالی ہاتھ آکے کرتا تو اب تک حفیظ الرحمان اور امجد ایڈووکیٹ اس پارٹی کے سربراہان کو اور حکومت پر سخت ترین الزامات لگاتے، نااہلی کے طعنے دیتے لیکن اب ان کو کون سمجھائے کہ جیسے بھی بنا ہوا وزیراعظم ہو ایگزیکٹو پاور تو انکے ہی پاس ہے اور خطے کے مسائل کا حل بظاہر انکے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ لیکن مجال صوبائی حکومت سمیت کسی کو توفیق ملی ہو کہ اس دورہ سے استفادہ کرے اور خطے کے عوام کا کوئی بڑا اور اہم مسئلہ حل کرائے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا پرانی سکیموں پر تختی شوق سے لگوائیں لیکن ایسے دورے سے خاطر خواہ استفادہ نہ کرنے پر ان دونوں پارٹیوں کے رہنماوں سے گلہ ضرور بنتا ہے۔ ان کے ساتھ ساتھ ان کا بھی گلہ بنتا ہے جنہوں نے انجینئرنگ کرکے صوبائی حکومت بنائی جو خطے کا کوئی بھی مقدمہ ڈھنگ سے نہیں لڑ سکا ہے۔ آج گلگت بلتستان کے عوام کا گلہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ بھان متی کا کنبہ بنانے والے طاقتوروں سے بھی ہے کہ کس طرح کی فیل سکرپٹ لکھی تھی جس کے بعد خطے میں مایوسی میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ اور حد تو یہ ہے کہ دونوں اتحادی جماعتوں کے سربراہان اس حکومت کو نااہل، نکمہ اور چور ڈاکو تک کہہ گئے ہیں۔
کاظم میثم کا کہنا تھا کہ جس طرح شہباز شریف وزیراعظم بنا دنیا کے سامنے ہے لیکن جب تک ان کے نام کے ساتھ یہ ٹائٹل ہے تمام حکومتی جماعت کے وزیراعظم ہے۔ لیکن جس انداز میں حکومتی جماعتوں کو اس دورہ کے حوالے سے بے تفاوت رکھا گیا اور بے توقیر کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کو ایڈریس کیے بنا واپس لے جایا گیا وہ کسی طور قابل تعریف نہیں ہے۔ وزیراعظم کو بریف کرنے اسمبلی کے باہر موجود سیاسی رہنما گلبر ہی کی حکومت کا حصہ بن کر وزیراعظم کو یہ سمجھانے میں کامیاب ہو گیا ہے کہ جون کے بعد گلبر رجیم کو گھر بھیجا جائے۔
گلبر حکومت چغلی کے بجائے اس خطے کا کوئی مسئلہ حل کراتی تو ہم داد دیتے۔ ایسے سمجھانے والوں کو سمجھنا ہوگا کہ سمجھانے سے کچھ نہیں ہونا جب فیصلہ کرانا ہوگا تو وزیراعظم بھی اس فیصلے کے آگے نہیں ٹھہر سکتا۔ اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ پی ایس ڈی پی سکیموں کو تیز کرنے، اضافی بجٹ رکھوانے، نئی سکیمیں شامل کروانے، بجلی بحران، صحت کے مسائل، انفراسٹرکچرکے ایشوز، مالیاتی بحران اور جدید چیلنجز کے حوالے سے اور گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کو سامنے رکھ کر اس دورہ کو دیکھیں تو یہ دورہ شوشا کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔
وحدت نیوز(سرگودھا)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مدارس دینیہ نے دنیا کو عظیم رہنماء دیئے ہیں۔ جن کا ثانی لانا دنیا کی کسی یونیورسٹی کے بس کی بات نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالعلوم محمدیہ سرگودھا میں مدرسے کے اساتذہ کرام اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبہ پنجاب کے تنظیمی دورے کے موقع پر دارالعلوم محمدیہ کے پرنسپل اور مجلس علماء امامیہ کے صدر علامہ ملک نصیر حسین نے علامہ مقصود ڈومکی کو دارالعلوم کی تاریخ اور دینی خدمات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر مجلسِ وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی رہنماء مولانا ظہیر الحسن، ضلعی صدر ذوالفقار علی اسدی، مولانا ملک محمد سبطین، علامہ سید ظفر عباس شمسی، علامہ سہیل اکبر شیرازی و دیگر موجود تھے۔
دارالعلوم محمدیہ میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مدارس دینیہ اور حوزات علمیہ میں جن عظیم انسانوں نے تربیت پائی وہ عصر حاضر میں روشنی اور ہدایت کا مینار ہیں۔ آج جب ہر طرف ظلمت، تاریکی، ظلم اور بربریت کا دور دورہ ہے ایسے میں علوم قرآن و علوم آل محمد (ص) سے مزین یہ حوزات علمیہ اور مدارس دینیہ علوم آل محمد (ص) کی روشنی پھیلا رہے ہیں اور دنیا کو عدل انصاف اور ظلم کے خلاف قیام کا درس دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کے عظیم انقلابی رہنماء حضرت امام خمینی کسی یونیورسٹی کے نہیں، بلکہ حوزہ علمیہ کے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس دینیہ کے طلباء کو کبھی احساس کمتری کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔ مدارس دینیہ نے دنیا کو شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی، آیت اللہ سید باقر الصدر، شہید مرتضیٰ مطہری، شہید سید حسن نصر اللہ، علامہ ابراہیم زکزاکی اور رہبر معظم جیسے عظیم رہنماء دیئے، جن پر عالم انسانیت کو ناز کرنا چاہئے۔ جن کا ثانی لانا دنیا کی کسی یونیورسٹی کے بس کی بات نہیں۔ در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے مدرسہ امام صادق علیہ السلام اور گاؤں کی مسجد و امام بارگاہ کا وزٹ کیا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان نے مطالبہ کیا ہے کہ واسا ملازمین سے مذاکرات کرکے انہیں ان کے آئینی حقوق دلوائے جائے۔ موجودہ مہنگائی میں عوامی حلقوں کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ حکومت عوام الناس بلخصوص غریب طبقے کو نظرانداز کرکے اشرافیہ کی خوشنودی میں مصروف ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ ملک میں حکومت کی ناکام پالیسیوں کی مہربانی سے ہونے والی مہنگائی نے عوام الناس کی زندگی دشوار کر دی ہے۔ ایسے میں واسا ملازمین کی تنخواہیں انتہائی کم ہے۔ جس سے ان کے گھر کا گزارہ بھی مشکل سے ہو رہا ہے۔ حکومت ان کی تنخواہوں میں طے شدہ اضافہ کرکے ان کی دشواریاں کم کرے۔ واسا کے ملازمین نے مجبور ہو کر احتجاج احتجاج کا راستہ اپنایا ہے۔ حکومت کسی بھی قسم کے غلط رویہ کے بجائے اصولی طریقے سے اس معاملے کو حل کرے اور واسا ملازمین کی تنخواہیں بڑھائے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) شیعیان حیدرکرارؑ کی دلی آرزو کی تکمیل ، پاکستانی شیعہ قائدین آپس میں مل بیٹھے، اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں سربراہ شیعہ علماءکونسل علامہ سید ساجد علی نقوی، سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس اور سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ علامہ سید جواد نقوی کی خوشگوار ملاقات، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ، پیروان مکتب اہل بیتؑ کا مسرت کا اظہار ۔
تفصیلات کےمطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دورہ پاکستان کے موقع پر سفیر جمہوری اسلامی ایران آقائی رضا امیری مقدم کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں وہ مناظر دیکھنے میں آئے جن کی شیعہ قوم برسوں سے متمنی تھی۔
تقریب کے دوران سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی غیرمعمولی اندازمیں سربراہ شیعہ علماءکونسل علامہ سید ساجد علی نقوی اور سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ علامہ سید جواد نقوی سے علیحدہ علیحدہ اور مشترکہ ملاقات اور مصافحہ نے تمام شرکاءخصوصاً کیمرہ مین حضرات کی توجہ مبذول کروالی۔
کیمرے میں محفوظ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مہمان خصوصی وزیر خارجہ جمہوری اسلامی کے ایران عباس عراقچی کے ہمراہ گروپ فوٹو بنوانے کے بعد علامہ راجہ ناصرعباس اور علامہ سید جواد نقوی نے خاص طور پر علامہ سید ساجدعلی نقوی سے سلام علیک کیا اور مصافحہ بھی کیا۔
تصاویر گواہ ہیں کہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری علامہ سید ساجدعلی نقوی کا ہاتھ انتہائی محبت بھرے اندازمیں اپنے دونوں ہاتھوں سے تھام کر سینے سے لگائے ہوئے ہیں اور دوران گفتگوعلامہ ساجد نقوی علامہ راجہ ناصرعباس کے ساتھ مسکراہٹوں کا تبادلہ کررہے ہیں۔
دوسری جانب ضیافت کے دوران علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اپنی نشست سے اٹھ کر خاص طور پرعلامہ سید جواد نقوی سے معانقہ کرنے ، رازونیاز کی باتیں کرنے کیلئے خاص ان کی جانب تشریف لائے، علامہ سید جوادنقوی نے بھی نشست سے اٹھ کر ان کا استقبال کیااور دونوں شخصیات نے ایک دوسرے کے ہاتھ تھام کر کافی دیرسرگوشیاں بھی کیں۔ اس دوران سفیر محترم جمہوری اسلامی ایران نے دونوں بزرگان سے خوشکوار انداز میں بات چیت کی۔
اس دیرینہ ملاقات کی شاندار تصاویرتیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہیں اور صارفین ان ملاقاتوں اور محبتوں کی تقسیم کو خون شہداءخصوصاً سردار مقاومت شہید سید حسن نصراللہ ؒ کے پاکیزہ خون کی برکت قرار دے رہے ہیںاور اس امید کا اظہار کررہے ہیں کہ انشاءاللہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور شیعہ قائدین قومی مسائل پر مشترکہ حکمت عملی وضع کریں گے۔
وحدت نیوز(کراچی) سوئی سدرن گیس کمپنی ملیر زون کی جانب سےعلاقہ مکینوں اور مجلس وحدت مسلمین کی گیس پریشر میں کمی اور گیس بندش کی شکایات پر عمار یاسر سوسائٹی سروے نمبر 595 میں ڈالی گئی نئی لائن کے بعد جنرل مینیجر سوئی سدرن گیس کمپنی ملیر زون جناب محمد اسلم قریشی، ڈپٹی جنرل مینیجر الطاف سرائیو،مینیجر ٹیکنیکل حسن میکری و دیگر افسران واسٹاف کا متعلقہ علاقے کا مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے صدر سید احسن عباس رضوی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری ممتازمہدی ، سماجی رہنما اختیار امام رضوی اور اظہر عباس کے ہمراہ دورہ۔
اس موقع پر متاثرہ مکینوں کے گھروں پر نئے کنیکشنز کا آغاز بھی کردیا گیا،نئے کنکشن کے بعدعلاقہ مکینوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد ہمارے چولھے جلے ہیں۔ اہل علاقہ نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام اور ایم ڈبلیوایم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے یہ دیرینہ عوامی مسئلہ حل پذیر ہوا۔
جنرل مینیجر SSGC ملیر زون اسلم قریشی صاحب نے کہا کہ جلد میگا پروجیکٹ پر کام آغاز ہورہا جس کے نتیجے میں 60 ہزار فٹ نئی لائنیں ڈالی جائیں گی جس سے ملیر کے عوام کو گیس پریشر میں کمی کی شکایت کا مستقل خاتمہ ہوجائے گا۔
اس موقع پر صدر ایم ڈبلیوایم ضلع ملیر احسن عباس رضوی نے سوئی گیس حکام کی توجہ جعفرطیار فیز 2، سروے نمبر 709، سروے نمبر331 و دیگر شکایت کنندہ علاقوں کی جانب بھی مبذول کروائی جن کا سروے تعطل کا شکارہے، جس پر جنرل مینیجر نے موقع پر موجود افسران کو فوری سروے مکمل کروانے کے احکامات دیئے۔