The Latest
وحدت نیوز(گلگت) اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی اور ایم ڈبلیوایم کے پارلیمانی لیڈرکاظم میثم کی سربراہی میں اپوزیشن ممبران جس میں ترجمان متحدہ اپوزیشن جاوید منوا اور چئیرمین سٹینڈنگ کمیٹی فار ورکس اینڈ پاور وزیر محمد سلیم شریک تھے۔ اپوزیشن ممبران نے وزیراعلٰی گلگت بلتستان کو واضح کر دیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ ECC کے اجلاس میں قومی موقف پر زور دینے اور راہ حل کے حوالے سے تجاویز دیں۔
اپوزیشن وفد نے کہا کہ ECC کے پیش کردہ سفارشات کے بعد گندم سو فی صد مقامی گندم فراہم ہوتی ہے تو قیمتوں میں اضافے کو واپس لینے میں کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہوگا۔ مجموعی طور پر سولہ روپے کے اضافے سے پانچ ماہ میں مالیاتی اثر صرف سوا ارب پڑتا ہے جو کہ مہینے میں تقسیم کرے تو چند کروڑ روپے بنتے ہیں۔ مقامی گندم کی فراہمی کے بعد مالیاتی بوجھ میں 70 کروڑ کی مزید گنجائش جی بی حکومت کو ملے گی۔
اپوزیشن وفد نے وزیراعلٰی کو اتمام حجت کیا اور کہا کہ وفاق سے اس قضیے پر لڑنے کے لیے تیار اور آمادہ ہیں۔ ہم آپ کی حکومت گرانے کے لیے نہیں بلکہ عوامی ایشو کو حل کرانا چاہتے ہیں۔ ہم گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گلگت بلتستان کی حساسیت کے پیش نظر فوری اقدام اٹھایا جائے چند روپوں کی عوام کو ٹہٹھرتی سردی میں سڑکوں میں رکھنا مناسب نہیں۔وفد نے عوامی کوارڈنیشن کمیٹی اور نگرسپریم کونسل کے موقف کو پہنچایا اور زور دیا کہ فی الفور قیمتوں میں اضافے کو واپس لیں اور مذاکرات کا دروازہ کھول لیں۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے جشن ولادت با سعادت امیرالمومنین امام علی علیہ سلام کے پر مسرت موقع پر تمام عالم اسلام مومنین و مومنات اور بالخصوص امام زمان عج و رہبر معظم کی خدمت میں ھدیہ تبریک پیش کی ان کا کہنا تھا کہ بچپن، نوجوانی و جوانی کے تمام مراحل میں، آغاز بعث سے لیکر وفات رسول تک، علی (ع) کا کوئی لحظہ ایسا نہیں ہے کہ جو رسول اور اسلام کی خدمت میں نہ گزرا ہو۔ ہر وقت حق و عدالت کو برپا کرنے کی کوشش کی، اسلامی قوانین اور قرآن مجید کے احکام کے نفاذ کے لئے کس قدر مشرکین و کفار کے ساتھ مقابلہ کیا ، مختلف میدانوں میں اپنی جان کو خطرات میں ڈالا۔ جب کسی میدان میں کوئی جانے کے لئے تیار نہیں ہوتا تھا تو اس میں بھی جانے کے لئے ابو طالب کا یہی بیٹا علی (ع) ہی ہوا کرتا تھا۔ حالات کی سختی اور مشکلات، پہاڑوں کی سختی سے بھی زیادہ سخت تھیں لیکن مولا تمام حالات میں ثابت قدم اور دوسرے افراد کو بھی ہمیشہ حوصلہ دیا کرتے تھے۔
حضرت علی (ع) نے اپنا سب کچھ یعنی وقت، زندگی حتٰی اپنی تمام مادی، معنوی قوتوں کو اسلام کی راہ اور حق و حقانیت کی ترویج میں خرچ کیا۔ آج دنیا میں جو انسانی اور دینی اقدار زندہ ہیں وہ امیرالمومنین حضرت علی (ع) کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، حتی آج جو اسلام زندہ ہے اور روز بروز قوی ہو رہا ہے یہ سب سدالانبیاء کے لائے ہوئے دین پر علی (ع) و اولاد علی (ع) کی قربانیوں اور اس راہ میں کئے ہوئے ایثار کی بدولت ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ جشن کی محافل کو معنویت و روحانیت سے بھرپور ہونا چاہیے اور ہم سب پر واجب ہے کہ ان پاکیزہ محافل میں سیرت و کردار امام علی علیہ سلام کو بیان کیا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)13رجب المرجب 23 قمری ہجری مولود کعبہ، شیر خدا، مولائے کائنات، جانشین پیغمبر اکرم ص، فاتح خیبر و خندق، امام المتقین، امیرالمومنین حضرت امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے پر مسرت موقع پر چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تمام عالم بشریت و عالم اسلام کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی ولادت کا دن تمام مسلمانوں بلکہ تمام مظلوموں، عدالت پسندوں اور حریت پسندوں کے لیے عید کا دن ہے اور عظیم الشان عید کا دن ہونے کے ساتھ ساتھ درس کا دن بھی ہے، اس دن ہم امام المتقین امام علی علیہ السلام کی پاکیزہ ونورانی زندگی سے درس لیتے ہوئے یہ عہد کریں کہ ہماری زندگی راہ علی ع پر گزرے گی، علی ع کی پوری زندگی سیرت پیغبر ص کی آئینہ دار زندگی ہے، جس کا ایک ایک پل ویسے ہی گزرا جیسے ذات خدا کو مطلوب تھا، حضرت امام علی علیہ السلام کا عدل وانصاف تمام اقوام عالم، تہذیبوں اور حکومتوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، اگر قوموں میں عدالت و مساوات ناپید ہو جائے تو ترقی سے تنزلی کا سفر شروع ہو جاتا ہے، آپ کی برگزیدہ ہستی تمام انسانوں، معاشروں اور ثقافتوں کے لیے منبع رشدوہدایت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ علیہ السلام کی فداکاریاں اور قربانیاں اپنی بلندی اور عروج پر نظر آتی ہیں، امیرالمؤمنین نے اسلام، پیغمبرِ اکرم کی جان کی حفاظت اور اسلامی امت کے شرف اور عظمت کے لیے بے انتہاء قربانیاں دیں، ایسی قربانیاں جو انسانی طاقت سے بالاتر تھیں، اگر ہم اپنے وطن عزیز کو ترقی واستحکام کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں تو پھر حضرت علی علیہ السلام کی سیرت و کردار کو نمونہ عمل بنانا ہو گا، حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کے اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے عادلانہ نظام حکومت کا قیام ناگزیر ہے، ملک وملت کے وسیع تر مفاد میں صبر و تحمل اور حکمت و دانائی کے ساتھ فیصلے لینا وقت کی اشد ضرورت ہے اور یہی حضرت علی علیہ السلام، تمام آئمہ ع سمیت اصحاب رسول اکرم ص کی تعلیمات بھی ہیں۔
وحدت نیوز(چنیوٹ) مجلس وحدتِ مسلمین پاکستان کے اعلی سطح وفد کا ضلع چنیوٹ کا دورہ ۔ضلعی صدر ضلع چنیوٹ جناب سید عاشق حسین بخاری کی خصوصی دعوت پر اور آنے والے الیکشن سے متعلق رہنمائی اور کمپین کے لئے مجلس وحدت پاکستان کے جنرل سیکریٹری سید ناصر عباس شیرازی اور صوبائی صدر مجلس وحدتِ مسلمین پنجاب جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی نے چنیوٹ کا دورہ کیا ۔
ضلع چنیوٹ میں ضلعی کابینہ مجلس وحدت مسلمین ضلع چنیوٹ نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کا استقبال کیا ۔ انتخابی کمپین کے سلسلے میں ضلع چنیوٹ کی سرکردہ سیاسی ،سماجی اور مذہبی شخصیات کو ایک شادی ہال میں مدعو کیا گیا تھا ۔ جہاں ان کے لئے ضلع چنیوٹ کی جانب سے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ ضلعی صدر سید عاشق حسین بخاری نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد کوخوش آمدید کہا اور ضلع چنیوٹ کی موجودہ سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا ۔
علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر نے مرکز کی پالیسی کے تناظر میں ضلع چنیوٹ کے برادران کی سفارش پر آنے والے الیکشن الیکشن میں متوقع ون کرنے والے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا اور یقین دلایا اور کہا کہ آج میں چنیوٹ میں کسی کی حمایت کے لیے آیاہوں ۔ اب اگلی بار الیکشن ہوئے تو اتنا ورک کریں کہ دوسرے ہماری حمایت کا اعلان کرنے آئین ہماری پوزیشن اگلے الیکشن میں آج سے بہتر ہونی چاہیے ۔ اس تقریب کے آخری اور مرکزی مقرر جناب سید ناصر عباس شیرازی نے ملکی اور بین الاقوامی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی جسے ہر ایک نے بہت سراہا ۔
انہوں اپنے خطاب میں فرمایا یہ الیکشن ہمارے لیے ایک ٹاسک ہے ہم نے بروقت اپنے مرکز کی ہدایات پر عمل کرنا ہے ۔ ہم اپنا فیصلہ سنا کے جارہے ہیں اب یہاں کے ضلعی سیٹ اپ پر منحصر ہے کہ وہ کس حد تک اپنے آپ کو مرکز سے ہم آہنگ رکھ کر فیصلے کرے ۔ الحمد للہ پورے ملک میں ہماری تنظیم کے مخلص افراد میدان عمل میں ہیں اورملت کی رہنمائی میں مشغول ہیں ۔ آج جس اسٹیج پر ہم پہنچے ہیں اس میں مخلص اور مدبر قیادت کا بہت بڑا رول ہے ۔ ہمیں اپنی قیادت کو تنہا نہیں چھوڑنا بلکہ ان کے فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے اسی میں ہماری بھلائی اور کامیابی ہے ۔
ان شاءاللہ 8 فروری کا معرکہ عزت وآبرو کے ساتھ جیتیں گے ۔ ہم نے نہ پہلے ملت کو مایوس کیا نہ اب کریں گے ۔ ہر (ضلعی ،تحصیل ،یونین کونسل) یونٹس کے ذمے ہے کہ وہ مرکز اور صوبے کی ہدایات پر عمل کریں۔تاکہ یہ مراحل خوش اسلوبی سے طے پا جائیں ۔ مجھے اپنے ضلعی سیٹ اپ پر افتخار ہے کہ وہ سیاسی میدان میں ایک اچھی سوچ کے حامل ہیں اور ان شاءاللہ اسی طرح وہ اپنے سیاسی سفر کو جاری رکھیں گے تاکہ ہم سب ملکر ملک وملت کی بہتر خدمت کرسکیں اور اللہ تعالیٰ کےحضور اور آئمہ اطہار کی بارگاہ میں سرخرو ہو جائیں ۔ان شاءاللہ ۔
وحدت نیوز(چکوال) تلہ گنگ سے پی ٹی آئی کے امیدوار برائے پنجاب اسمبلی جناب حکیم نثار صاحب نے گزشتہ روز مجلس وحدت مسلمین چکوال کے صدر سید وسیم حیدر کاظمی سے ان کے گھر پر ملاقات کی اور مجلس وحدت مسلمین سے الیکشن میں تعاون کی اپیل کی۔
اس موقع پرمجلس وحدت مسلمین چکوال کے صدر نے کہا کہ ہمارے لیڈر راجہ ناصر عباس جعفری صاحب نے واضح طور پر پیغام دیا ہے کہ ہم نے عمران خان سے وعدہ کیا ہے اور ہم حسینی ہیں پورے ملک میں اپنا وعدہ وفا کریں گے اور ہی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو کامیاب کرانے میں سرتوڑ کوشش کریں گے۔
پروگرام کے آخر میں مجلس وحدت مسلمین کے صدر نے حکیم نثار کا شکریہ ادا کیا کہ آپ نے ہم پر اعتماد کیا اور ہم ان شاءاللہ آپ کی توقع پر پورا اتریں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گندم سبسڈی ختم کرنے کے خلاف ستائیس روز سے جاری دھرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی عوام کے مطالبات کو فوری منظور کرنے کے سوا حکومت کے پاس اور کوئی چارہ نہیں ہے، سر زمین بے آئین کے لیے گندم سبسڈی ختم کرنا بلا جواز ہے، سرد ترین موسم میں وسائل دینے کی بجائے عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھینا جا رہا ہے، صوبائی حکومت سمیت وفاقی حکومت کا معاندانہ رویہ شرمناک ہے، آخر اربابِ اختیار غیر ذمہ دارانہ سلوک اور عدم توجہی سے عوام کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، جی بی میں نام نہاد صوبائی سیٹ اپ مسلسل عوامی امنگوں کے بر خلاف اقدامات اٹھا رہا ہے، گلگت بلتستان کی عوامی حمایت سے محروم موجودہ صوبائی حکومت کے تاخیری حربے اس تحریک کو کمزور نہیں کر سکتے، الٹا خون جما دینے والی سردی میں احتجاج کرنے والوں کا دائرہ کار وسیع ہو گا اور عوام سے منفی ہتھکنڈوں سے پیش آنا شدید نفرت کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے، نا صرف سکردو کے عوام اپنے آئینی حقوق کی خاطر سڑکوں پر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں اور ساری اپوزیشن مستعفیٰ ہونے کے لیے اپنے استعفے جمع کر چکی ہے بلکہ پارہ چنار کی مسافر گاڑیوں پر دہشت گردانہ حملوں میں قوم کی بیٹیوں اور بیٹوں کو سڑکوں پر والدین کے سامنے بے دردی سے قتل کیا جاتا ہے، تو کہیں صدائے احتجاج بلند کرتی ہوئی بلوچ بیٹیاں ایک ماہ سے شدید موسم کی سختیاں برداشت کرنے پر مجبور ہیں لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، نو ماہ سے قوم کی بیٹیوں کو ذاتی انا کی تسکین کے لیے پابند سلاسل کیا گیا، عدالتی احکامات کی کھلم کھلا دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، آئین وقانون کو ملک میں بے وقعت کر کے رکھ دیا گیا ہے، یہ روش نہ بدلی گئی تو ابتر ملکی صورتحال وطن عزیز کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سابق آئی جی خیبر پختونخواہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سید ارشاد حسین کی جنرل الیکشن 2024ء کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں اور عمائدین پارہ چنار کے ہمراہ اہم کانر مٹینگ کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 37 ضلع کرم سے انجینئر حمید حسین اور پی کے96 سے سید نجات حسین کی حمایت کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے عمران خان نے جیل سے میسج بھیجا ہے کہ پارہ چنار کے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے جو 2 امیدوار ہیں وہ ہمارے متفقہ طور پر امیدوار ہیں لہذا آپ نے ان دونوں امیدواروں کا ساتھ دینا ہے، میں ان کی بھر پور اسپورٹ اور تعاون کا اعلان کرتا ہوں اور اپنے ضلع کرم کی باشعور عوام سے پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مشترکہ حمایت یافتہ نڈر و بے باک انجینئر حمید حسین کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے اپنے تمام خیرخواہوں اور سپورٹرز کو تاکید کی ہے ملکر ملک وملت کے مفاد کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے عوام کے حقوق اور جان ومال کی حفاظت کرنے والے حقیقی نمائندہ انجینئر حمید حسین کو قومی اسمبلی اور سید نجات حسین کو صوبائی اسمبلی میں پہنچائیں، اس موقع پر ایئر مارشل (ر) سید قیصر عباس، سید محمد شیرازی، علامہ اقبال حسین بہشتی، ملک اقرار حسین علوی، شبیر حسین ساجدی، پروفیسر شبیر حسین سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ سید نجات حسین اور حمید حسین کی بھرپور سپورٹ کریں، آخر میں مرکزی رہنما ملک اقرار حسین علوی اور علامہ محمد اقبال بہشتی نے آئی جی سید ارشاد حسین کا شکریہ ادا کیا۔
سیاسی ماہرین کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور ایم ڈبلیوایم کے اتحاد سے پاراچنار میں انجینئر حمید حسین کی پوزیشن بھرپور مستحکم ہوچکی ہے ، اب 8 فروری کو سیاسی دنگل میں اصل مقابلہ انجینئر حمید حسین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ساجد حسین طوری کے درمیان متوقع ہے ۔
وحدت نیوز(گلگت) اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کاظم میثم کی وزیراعلٰی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سے ملاقات، گلگت بلتستان کی مجموعی صورتحال بلخصوص گندم ایشو اور مالی بحران پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عوام سخت سردی میں احتجاج پر ہے اور گندم کے ایشو کو حل کرنے اور مالیات بحران کو دور کرنے کے لیے صوبائی حکومت وفاق کے خلاف جو بھی اقدام اٹھائے اپوزیشن اس ساتھ کھڑی ہوگی۔ اپوزیشن اراکین بھی عوامی ایشیوز کے حل کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
وحدت نیوز(گلگت) اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن ممبران روز اول سے عوامی مطالبات پر انکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ عوامی کوآرڈینیشن کمیٹی جو بھی فیصلہ کرے ہم تیار ہے۔ یادگار شہداء سکردو پر بلائیں یا کہیں اور دھرنا دینے کو کہیں ہم تیار ہیں۔ وفاقی اداروں تک عوام کے موقف کو بھرپور انداز میں پہنچا دیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان میں جاری احتجاج کو ہلکا لینے والے یا غلط رنگ دینے والے دونوں بدخواہ ہیں۔ خطے کی حساسیت کے پیش نظر ہم نے مقتدر حلقوں تک بھی عوامی مطالبات پہنچا دیئے ہیں۔ تحریک کی کامیابی کا سہرا کوآرڈینیشن کمیٹی کے سر ہی جائے گا۔ موجودہ دھرنا جی بی کی تاریخ کا طویل دھرنا ہے اتنی طویل مدت سے جاری احتجاج پر بے حسی کا مظاہرہ کرنا کسی طور درست نہیں۔ عوامی مطالبات کو تسلیم کرنا جمہوریت کا حسن ہے اور کسی کی شکست نہیں۔ حکمران عوام سے ہیں اور عوام کے مطالبات پر ضد اور ہٹ دھرمی دکھانے کے نقصانات زیادہ ہوں گے۔ دھرنا جتنا طویل ہو کامیاب ضرور ہونا ہے لیکن اس سے وفاق اور حکومت کی سبکی ہوتی ہے۔
کاظم میثم نے مزید کہا کہ بعض کی کوشش ہے دھرنے میں بدنظمی ہو اور سیاسی اختلافات کو ہوا دیکر تحریک کو سبوتاژ کرے۔ لیکن مجھے امید ہے کہ منتظمین نہایت بردباری کے ساتھ اس تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرے گے۔ ایک سوال کے جواب میں کاظم میثم نے کہا کہ عوام کے ووٹ سے ہم اسمبلی میں پہنچے ہیں آج عوام کے ساتھ کھڑے ہونا ہماری ذمہ داری ہے۔ جب استعفی' تک عوام کے ہاتھوں میں اور عوامی تحریک کے قائدین کے اختیار میں رکھا ہوتو وہاں یادگار پہ شرکت کرنے کے حوالے سے سوال ہی نہیں بنتا بلکہ آمادہ و تیار ہوں۔ کوآرڈینیشن کمیٹی آج حکم دیں آج تیار ہوں۔ ہم نے ہر سطح پر انہی کے ہی مطالبات پہنچائے ہیں اور عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اپنی قیادت جماعت اور تحریک کے قائدین سے رابطے میں ہو اور اپنی بساط کے مطابق کوشش کر رہا ہوں۔
وحدت نیوز(شکارپور) ابڑا قبیلے کے چیف سردار سابقہ ایم پی اے ہمت علی خان کماریو کی وفات پر لواحقین سے تعزیت کرنے کے لئے پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 193 علامہ مقصود علی ڈومکی کارکنان کے ہمراہ کماریہ ہاؤس ترائی پہنچے،سرادر ذوالفقار علی خان کماریو، نجف علی خان کماریو سے علامہ مقصود علی ڈومکی کی نے ہمت علی کماریو کی وفات پر تعزیت کی مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی،ہمت علی کماریو کی وفات پر دکھ ہوا اللہ رب العزت مرحوم کی مغفرت فرمائے اور جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 193 علامہ مقصود علی ڈومکی کارکنان کے ہمراہ کماریہ ہاؤس ترائی پہنچ کر ابڑا قبیلے کے چیف سردار سابقہ ایم پی اے ہمت علی خان کماریو کی وفات پر لواحقین سے تعزیت کی مرحوم کے درجات بلند کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے مرحوم کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اس موقع پر ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار، عبدالعلي کوهارو، مستنصر مہدی ابڑو، محمد ملوک چانڈیو سمیت دیگر کارکنان ہمراہ تھے۔