وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ ارشاد علی نے کہا ہے کہ ضلع ہنگو کا علاقہ شاہو خیل گیارہ سال گزرنے کے بعد بھی تباہ حالی کی تصویر بنا ہوا ہے۔2008میں طالبان نے دہشت گردی کی بدترین کارروائی میں پورے علاقے کو تباہ کر دیا تھا جس سے دو سو پچاس سے زائد گھرانے متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ علاقے کی امام بارگاہ اور مساجد بھی اس تباہی کی زد میں آئیں۔طویل عرصہ گزرنے کے بعد بھی ان بے گھر خاندانوں کو آباد نہیں کیا جا سکا۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا کے آئی ڈی پیز کی طرز پر ان لوگوں کو رہائشی سہولیات سمیت دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہو۔
وحدت نیوز(فیصل آباد) قرآن کریم کی حرمت اور تقدس کا خیال رکھنا ہر مسلمان پر واجب ہے ، حکومت اسلامی جمہوریہ پاکستان کو حکومتی سطح پر قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود محترمہ فرحانہ گلزیب نے ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے قائم کردہ قرآن سنٹر فیصل آباد میں منعقدہ تلاوت کلام مجید کی محفل سے کیا۔
حالیہ دنوں میں ناروے میں اسلام دشمن عناصر کی جانب سے قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف اور تقدس کتاب الہی میں قرآن سنٹر میں خواتین نے تلاوت کلام پاک کی اور بعد ازاں محترمہ فرحانہ گلزیب نے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ قرآن مجید جو کہ مسلمانوں کی آخری الہامی کتاب ہے کی حفاظت کا ذمہ خود خداوند عالم نے اپنے ذمہ لیا ہے لیکن بحیثیت مسلمان قرآن کا تقدس اور احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔
اہمیت قرآن پر گفتگو کرتے ہوے انھوں نے کہا اہل اسلام کا المیہ ہی یہی ہے کہ وہ قرآن کی تعلیمات سے دور ہوگئے ہیں اور دشمن اسی دوری کا فائدہ اٹھا کر ہمارے مقدسات کی تحقیر کر رہا ہے ۔انھوں نے مزید کہا کہ اگر امت محمدی اپنے نبی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دختر کا دروازہ اور خیام حسینی جلنے سے بچا لیتی تو آج قرآن جلانے کی بھی کوی جرات نہ کرتا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ امام مہدی علیہ السلام کی ذات مبارکہ کی توہین کرنے والے ملک میں بہت بڑا فساد برپا کرنا چاہتے ہیں۔سوشل میڈیا پر اس شر انگیزی کا تسلسل سوچی سمجھی سازش ہے۔جس کے پس پردہ ملک دشمن قوتیں کارفرما ہیں۔ توہین امام زمانہ کا ارتکاب کرنے والے گستاخ اہلبیت علیہم السلام ہیں انہیں قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ اور ان کی آل پر مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر کا کامل ایمان ہے۔امام مہدی علیہ السلام کی ذات اقدس کے حوالے سے مسلمانوں کے تمام مکاتب متفق ہیں اور ان کے احترام کو ایمان کا حصہ قرار دیتے ہیں۔سوشل میڈیا پر امام مہدی علیہ السلام کی شان میں گستاخی کی نئی لہر امت مسلمہ کے مذہبی جذبات کو مجروح کر رہی ہے اورپورے ملک کو غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔ مقدسات کی یہ توہین ملک کے طول و ارض میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکا نے کی مذموم کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ناپاک جسارت پر ریاستی اداروں کو فوری طور پر حرکت میں آنا چاہیے اور ذمہ داران کو گرفتار کر کے ان پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ کا اندراج کیا جانا چاہیے تاکہ آئندہ کوئی ملک میں توہین اہلبیت اطہار علیہم السلام کر کے ملک میں فساد برپا کرنے کی کوشش نہ کرے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے شیعہ مسنگ پرسن و سندھ کے مختلف اضلاع میں رہنماؤں کو فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آخری جبری لاپتہ شیعہ کی بازیابی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کا مسئلہ ملت جعفریہ کا بنیادی مسئلہ ہے، اپنے پیاروں کی بازیابی تک ہر سطح پرکوششیں جاری رکھیں گے، لاپتہ افراد اس ملک کے بیٹے ہیں جبری گمشدہ رکھنا آئین و قانون کے منافی ہے، اگر ان سے کوئی مجرمانہ فعل سرزد ہوا ہے تو قانون کے مطابق انہیں عدالت کے سامنے پیش کرکے سزا دلوائی جائے، کسی کو طویل عرصہ تک بغیر بتائے غائب رکھنا قانون و انصاف کی توہین ہے۔ انہوں نے حکومت و ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ ملت تشیع کے لاپتا افرا د کو جلد از جلد بازیاب کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت فورتھ شیڈول کو دہشت گردوں کے خلاف استعمال کرنے کی بجائے انتقامی کاروائیوں کے لئے استعمال کر رہی ہے۔
علامہ باقر زیدی کا مزید کہنا تھا کہ ملت تشیع کے وہ علماء اور عمائدین جن کی اتحاد بین المسلمین اور حب الوطنی کے فروغ میں نمایاں خدمات ہیں ان کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، متوازن پالیسی کی آڑ میں ایسے ظالمانہ اقدامات کسی طور قابل قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی مخاصمت و عناد کی بنیاد پر ایس ایچ او کی جانب سے کسی شخص کا نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی سفارش پر فوری عملدرآمد غیر منصفانہ اقدام ہے جس کی قطعاََ اجازت نہیں دی جا سکتی، کسی بھی شخص کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے سے پہلے متعلقہ ادارے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس شخص کے کردار کی جانچ پرتال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اہل تشیع اس ملک کے باوفا اور ذمہ دار شہری ہیں، مخالفین کی ایماء پر انہیں انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) انجنیئرعید محمد ڈومکی کی رہائشگاہ پر محفل میلاد کا انعقاد ہوا حضرت پیر محمد شاہد نے صدارت کی ، مہمان خاص محترم انور خان سومرو و دیگر شریک ہوئے۔ محفل میلاد سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نےخصوصی خطاب کیا۔ جبکہ نعت خوان حضرات نے بارگاہ رسالت میں نعت اور منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔
محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور اھل بیت ع کی محبت اور مودت ایمان کی نشانی ہے۔ اھل سنت کے بزرگوں نے آل رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے اپنی محبت کا اظہار کرکے خارجی اور ناصبی ٹولے کو شکست دی ہے کیونکہ ناصبی ٹولے آج بھی بغض اھل بیت کی تبلیغ کرکے اپنے یزیدی ہونے کا ثبوت دیتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ شیعہ اور سنی اسلام کے دو بازو ہیں جنہوں نے متحد ہو کر اسلام دشمن سامراجی طاقتوں کو شکست دینی ہے۔انہوں نےکہا کہ ذکر خدا ، یاد خدا اور ذکر مصطفی کی محفلیں ضروری ہیں۔ ہر محلے میں دعائے کمیل کے اجتماعات ہونے چاہئیں کیونکہ دعائے کمیل حضرت خضر نبی ع کی دعا ہے جو مولا علی ؑنے اپنے صاحب معرفت شاگرد حضرت کمیلؓ کو تعلیم دی۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید کاظمی نے کہا ہے کہ پشاور میں خفیہ اداروں کی اطلاعات پر پولیس نے بروقت کاروائی کر کے کسی بڑے ممکنہ نقصان سے بچا لیا ہے۔ بارودی مواد لے کے جانے والی دہشت گرد خاتون کی گرفتاری بلاشبہ ایک بڑی کامیابی ہے۔جس پر پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے تحسین کے مستحق ہیں۔ مذکورہ گرفتاری کے بعد دہشت گردوں کے کسی بڑے نیٹ ورک تک رسائی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی کی ہر کاروائی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔پاک افغان سرحد پر نگرانی کے عمل کو مزید موثر اور تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تاک میں بیٹھے ملک دشمنوں کو ہر میدان میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے۔ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کامیابی کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو دہشت گردی کے چنگل سے آزاد کرنے کے لیے ریاستی اداروں کا کردار مثالی ہے۔ وطن عزیز میں امن کے حقیقی قیام کے لیے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی گئیں ہیں جورائیگاں نہیں جائیں گی۔