وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبد الخالق اسدی نے ایم ڈبلیو ایم ضلع بھکر کے سیکرٹری جنرل سفیر حسین شہانی ایڈووکیٹ کی اچانک وفات پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفیر حسین کی وفات نے ہمیں ایک متحرک،فعال،نڈر اور باکردار شخصیت سے محروم کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفیر حسین ملک و ملت کے لیے بے پناہ درد رکھتے تھے۔انہوں نے ہمیشہ اصولی جدوجہد کو اپنا شعار سمجھا اور میدان عمل کی زینت بنے رہے۔

علامہ خالق اسدی نے مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔یاد رہے کہ سفیر حسین شہانی بھکر ایڈووکیٹ کا تعلق بھکر کے ایک مذہبی گھرانے سے ہے۔گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کے بعد وہ جانبر نہ ہو سکے اور داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کو اولین ترجیح بنا کر عوام کے دل جیتے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اداروں سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے حکومت کو جنگی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے اصلاحات کے عمل کو تیز کرنا ہوگا۔ کسی بھی ریاست کی ناکامی میں کرپٹ اداروں کا ہمیشہ کلیدی کردار رہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ماضی کی حکومتوں میں بدعنوان عناصر کو کھلی چھٹی دی جاتی رہی جس نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔ جن حکمرانوں کو عوام نجات دہندہ سمجھ کر اقتدار میں لائی وہ رہزن کا کردار ادا کرتے ہوئے مادر وطن کو لوٹنے میں مصروف رہے۔ قومی خزانے کو اگر اس طرح بے رحمی سے نہ لوٹا جاتا تو آج وطن عزیز کے حالات مجموعی حالات مختلف ہوتے۔

علامہ راجہ ناصرعباس نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم پیسہ لوٹنے والوں کے بے رحمانہ احتساب کا مطالبہ کر رہی ہے۔عوام اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے جن لوگوں کو ووٹ کی طاقت سے ایوان میں بھیجتی ہے انہیں عوامی حقوق کو مقدم رکھنا چاہیے۔ان خیانت کاروں پر عملی سیاست میں ہمیشہ کے لیے پابندی عائد کی جائے جنہوں نے اقتدار کو لوٹ مار کا زینہ سمجھتے ہوئے ملک کو تباہ حال کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو عوام کے بنیادی مسائل کی طرف بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی،غربت، بے روزگاری اور لاقانونیت سے ہر کوئی متاثر ہو رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں تنبیہ کرنا ہو گی کہ وہ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے سے باز رہیں۔عوام کے جان و مال کا تحفظ اور بنیادی حقوق کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے جس سے چشم پوشی مجرمانہ غفلت میں شمار ہوتی ہے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بانی رکن، سیکرٹری جنرل بھکر و ممتاز قانون دان سفیر حسین شہانی مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے، مرحوم کا تعلق ضلع بھکر سے تھا اور قومیات کے حوالے سے کافی خدمات انجام دیں، سفیر حسین شہانی ایم ڈبلیو ایم کے بانی اراکین میں شامل تھے، اُنہوں نے ضلع بھکر میں ایم ڈبلیو ایم اور قومیات کے حوالے سے تحرک پیدا کیا۔

مرحوم قومیات میں متحرک ہونے کی وجہ سے متعدد بار پابند سلاسل بھی رہے اور ایک لمبے عرصے تک فورتھ شیڈول کا شکار بھی رہے۔ مرحوم نے بھکر میں اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے بھرپور کردار ادا کیا، سفیر حسین شہانی کا کردار سانحہ کوٹلہ جام کے حوالے سے اہم تھا، مرحوم قومیات کے ساتھ ساتھ وکالت کے شعبے سے بھی وابستہ تھے اور اپنی زندگی کے دوران اسیران امامیہ کے حوالے سے نمایاں خدمات انجام دیں۔

 ''وحدت نیوز'' سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ آج ایم ڈبلیو ایم ایک فعال، متدین اور مخلص دوست سے محروم ہوچکی ہے، مرحوم کا شمار جنوبی پنجاب کی اہم شخصیات میں ہوتا تھا بھکر میں منعقد ہونے والی قرآن و اہلیبیت کانفرنس اور اس کے بعد مشکلات کا سامنا کرنا قابل تعریف ہیں، دوسری جانب سفیر حسین شہانی کے انتقال پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی قائدین کی جانب سے اظہار افسوس کیا گیا۔

وحدت نیوز(آرٹیکل) عراقی کالم نگار ایہاب الجبوری نے 13 ستمبر 2019ء کو اپنے کالم میں یہ سوال اٹھایا تھا کہ کیا وزیراعظم عادل عبدالمہدی کا دورہ چین اور مختلف شعبوں میں اقتصادی معاہدے ان کے اقتدار کی بساط لپیٹ سکتے ہیں۔؟ اقتصادی ماہرین نے کہا یہ دورہ عراق کو اقتصادی لحاظ سے مستحکم کرنے کے لئے بہت اہم ہے۔ اس دورے کے موقع پر ہونے والے معاہدوں کے بعد چائنہ کی بڑی بڑی کمپنیاں عراق میں سرمایہ کاری کریں گی اور اس سرمایہ کاری کے نتیجے میں نظام مواصلات میں بہتری آئے گی۔ بڑی بڑی شاہراہوں اور ریلوے لائنوں کا جال بچھے گا۔ رہائشی و دیگر سہولیات کی اسکیمیں اور منصوبے شروع ہوں گے اور جدید طرز کے صنعتی و رہائشی و تجارتی شہر آباد ہوں گے، ملک خوشحال ہوگا۔ بغداد کو شمال و جنوب اور دور دراز علاقوں سمیت ہمسایہ ممالک ایران و شام و اردن سے جوڑنے والے موٹر ویز تعمیر ہوں گے۔ اس دورہ کے موقع پر 10 ارب ڈالرز کے چینی و عراقی مشترکہ "تعمیراتی فنڈ" کی بنیاد کے معاہدے پر دستخط بھی ہوں گے۔

عراقی وزیراعظم کے دورہ چین سے ایک ہفتہ پہلے 13 ستمبر 2019ء کے کالم میں ایہاب جبوری نے معروف صحافی اور مصنف محمد حسن الساعدی کا بیان نقل کیا کہ وزیراعظم اپنی سیاست پر قائم رہے گا اور ان کی حکومت کے خاتمے کی باتیں فقط رائے عامہ کو ان کے خلاف کرنے اور ان کی حکومت کو ناکام کرنے کے لئے کی جا رہی ہیں۔ عادل عبدالمہدی ایک اقتصادی انقلاب لائیں گے، حکومت کی کامیابی اور ناکامی کا معیار ان اسٹراٹیجک مسائل و مشکلات کے علاج کرنے میں ہے، جن میں عراق پر بعض طاقتور اور خود غرض سیاسی شخصیات، پارٹیاں اور گروہ مسلط ہیں، جو عوام کی فلاح اور ملک کی ترقی کے سامنے رکاوٹ بنتے ہیں۔

انڈیپنڈنٹ عربیہ کے مطابق وزیراعظم کے اس دورہ کے موقع پر چین اور عراق کے مابین 8 معاہدوں پر دستخط ہوئے، جن میں نئے بجلی گھروں کی تعمیر، پانچ مشترکہ صنعتی شہروں کی تعمیر، جہاں پر عالمی معیار کے مطابق چینی مصنوعات بنائی جائیں گی اور اسی طرح مواصلات کے میدان میں چینی کمپنی ہواوی کئی پروجیکٹس شروع کرے گی، عراق کے انفراسٹرکچر کو مستحکم کرنے اور توانائی، مواصلات، ثقافت، ٹیکنالوجی اور تعمیراتی منصوبے اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے شعبوں میں معاہدے کئے گئے۔ بڑی تعداد میں وزراء اور گورنرز بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، جنہوں نے بھی متعلقہ شعبوں کے معاہدوں پر دستخط کئے۔

عراقی وزیراعظم کو وطن سے وفا کی سزا

وزیراعظم کے دورہ چین کے دو دن بعد 25 ستمبر 2019ء کو معروف صحافی عمر ستار نے ذکر کیا کہ وزیراعظم کے دورہ چین کی وجہ سے عراقی پارلیمنٹ میں تنازعے و اختلافات نے جنم لیا ہے، ان پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ ملک کی صورتحال کو بہتر کرنے اور عوام کی مشکلات و مسائل کو حل کرنے میں حکومت نے کچھ نہیں کیا نیز عادل عبدالمہدی کی موجودہ حکومت ایک ناکام حکومت ہے۔ 3 اکتوبر 2019ء کو صحافی نور ایوب اپنے کالم میں عراقی وزیراعظم کو سزا دینے کے منصوبے پر لکھتے ہیں کہ اس وقت امریکہ اور وزیراعظم کے مابین "معرکۃ کسر عظم" یعنی ایک دوسرے کی ہڈیاں توڑنے کا معرکہ جاری ہے، جس نہج پر حکومت جا رہی ہے، امریکہ اس سے بہت زیادہ حساس ہوچکا ہے۔

1۔ متعدد آپشنز پر عراقی حکومت کا سوچنا واشنگٹن کو ہرگز قبول نہیں۔
2۔ ہر وہ اقدام جس سے عراق امریکی جال سے نکلے، یہ بھی قطعاً امریکہ کو قبول نہیں۔
3۔ اور نہ ہی یہ قبول ہے کہ عراق امریکہ اور مغرب کی بجائے مشرقی بلاک کی طرف جائے۔

مصنف کہتا ہے کہ ایک اعلیٰ عراقی سورس نے نام ذکر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکہ دو بنیادی وجوہات کی بناء پر حکومت کے خلاف عوام کو سڑکوں پر لایا ہے اور اس حکومت کا خاتمہ چاہتا ہے۔

1۔ وزیراعظم کا دورہ چین اور عراق میں چائنہ کی سرمایہ کاری، امریکہ چین کے علاوہ جرمن کمپنیوں سے معاہدوں سے بھی غضبناک ہے۔
2۔ وزیراعظم کی جانب سے حشد الشعبی کے متعدد مراکز پر حملوں کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا جانا، جولائی اور اگست کے مہینوں میں ڈپلومیسی کے میدان میں عراقی حکومت نے اسرائیل کے خلاف اقدامات اٹھائے ہیں اور کھل کر اس کی مذمت کی نیز جواب دینے کے حق کی بات بھی کی ہے۔ اس کے علاوہ ایران کا عراق میں اثر و نفوذ، شام کے ساتھ زمینی راستے البوکمال کی سرحد کو کھولنا بھی شامل ہے، اس طرح تہران، بغداد، دمشق سے بیروت تک راستہ کھل جاتا ہے۔ جس کے بارے میں امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کہتے ہیں کہ یہ حزب اللہ اور خطے میں دیگر مقاومت کی تنظیموں تک اسلحہ کی ترسیل کا راستہ ہے۔


تحریر: علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع بھکر کے بانی رہنما سفیر حسین شہانی کے اچانک انتقال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے دلی رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

 مرکزی میڈیا سیل سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں انہوںنے کہاکہ سفیر حسین شہانی جیسے مومن ،مخلص ،بہادر ،بابصیرت ساتھی اور مشکلات اور سختیوں میں نہ گھبرانے والے ،بلکہ ڈٹ جانے والے ہمسفر دوست کی جدائی کی خبر یقیناًھم سب کے لئے غم کی خبر ہے ۔اس مصیبت کی گھڑی کی میں مجلس وحدت مسلمین کے سب دوستوں اور مرحوم کے پسماندگان کی خدمت میں تعزیت اور تسلیت عرض کرتا ہوں ۔

انہوںنے مزید کہاکہ خدا وند متعال کی بارگاہ میں دعا ہے کہ مرحوم برادر سفیر شہانی کی مغفرت فرمائے اور انہیں جوار معصومین ع نصیب کرے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور اپنی بارگاہ سے صابرین کا بہترین اجر انہیں نصیب کرے۔۔۔۔ آمین یا رب العالمین

وحدت نیوز(آرٹیکل) بسم اللہ‎ الرحمٰن الرحیم ۔۔۔۔۔۔میرے دشمن دیکھ لیں ، مجھے قتل کرنے والے دیکھ لیں میں زندہ ہوں ۔ میں لوگوں کے درمیان ہوں میں ان سے گفتگو کر رہا ہوں ۔لیکن میرے دشمن کی قسمت میں گمنامی ہے۔ چونکہ اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی ذلت و رسوائی ان کا مقدر ہے ۔ وہ سمجھ رہے تھے کہ وہ مجھے قتل کرکے میری آواز کو دبا دیں گے ۔ میرے پیغام کو آپ بھائیوں اور بہنوں تک پہچنے سے دوک دیں گے۔

میں دشمن کو بتانا چاہتا ہوں کہ پیروکار حسین ابن علیؑ کی طاقت کو دیکھ ! تو نے چاہا کہ مسجد و امام بارگاہ الحسینی سے بلند ہونے والی صداِ حق اور امر بلمعروف ونہی عن المنکر کا پر چار رک جائے گا لیکن آج سچل ،ایوب گوٹھ ، بلاول گوٹھ صفورہ ، موسمیات اور اردگرد کے علاقوں میں نہیں صرف کراچی شہر نہیں ، پورے ملک میں نہیں ملک سے باہر بھی دیدار علی جلبانی کا پیغام اور ذکر پھیل رہا ہے ۔ آج ہر جگہ ہر بچہ و بوڑھا مرد و عورت مجھے مظلوم اور تجھے ظالم کہ کر یاد کرتا ہے ۔ یہ کس کی فتح ہے؟ یہ حق کی فتح ہے اور یہی میرا مشن ہے ۔حق غالب رہے اور باطل مٹ جائے

میری تمام لوگوں کووصیت ہے کہ نماز کبھی ترک نہ کرنا روزہ کو اس کے تمام احترام سے انجام دینا تلاوت کلام پاک اگر عربی نہ آتی ہو تو ترجمہ کے ساتھ انجام دینا اور عزاداری سیدالشہداء ہی ہے کہ جس نے مجھے زندہ رہنے والی زندگی عطاکی ہے اور آپ بھائیوں اور محبت کرنے والوں کے درمیان رکھا ہے ۔ آپ گواہ ہیں کہ میں ہر نماز کے بعد شہادت کی دعا مانگتا تھا تو یہ پروردگارِ عالم کا احسانِ عظیم ہے کہ اس نے مجھ گنہگار کو شہادت جیسی عظیم نعمت سے نوازا۔

میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں مسجد امام بارگاہ الحسینی میں جمعہ کے خطبے میں برائیوں کے خلاف گفتگو اور اچھائیوں کے پیغام کو عام کرنے کی شکل میں موجود رہوں گا۔ آپ دیکھیں گے کہ میری شہادت خواہ سنی ہو یا شیعہ سب کے درمیان اسلام کی حقیقی بیداری کا سبب بنے گی اور پورے ملک خصوصاً سچل ،الوب گوٹھ اور قرب و جوار کے علاقوں میں ہر گھر حسین ابن علیؑ کی یاد منانے والوں کی آماجگاہ بنے گی۔

میں ایک مرتبہ پھر تمام بھائیوں اور بہنوں اور بچوں اور بچیوں کو نماز کی پابندی اور ماؤں بہنوں کو پردے کی وصیت کرتے ہوے اس بات کی وصیت کرتا ہوں کہ اپنے گھروں پر علم ِحضرت ِعباسؑ لگا کر بتائیں کہ حسینیت کو بڑھتے رہنا اور یزیدیت کو فنا ہونا ہے ۔ کیونکہ یہ الہی وعدہ
ہے۔ ہر جگہ خصوصاً مسجد امام بارگاہ الحسینی میں نماز جمعہ کی شرکت کو بڑھا کر دوگناہ کردیں۔ انشا اللہ آپ کا یہ عمل ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دشمن کو شکست سے دوچار کرے گا۔

یادرکھیے ! آپ میں سے ہر شخص کو دیدار علی جلبانی بننا ہے تاکہ دشمن کو شکست دیتے رہیں ۔

 اللہ تعالیٰ آپکاحامی وناصرہو    

آپ کا بھائی : دیدارعلی جلبانی

Page 92 of 1134

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree