وحدت نیوز (اسلام آباد) وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام زیارت پالیسی سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ محمد اقبال بہشتی نے کہا ہے کہ کسی ایسی حکومتی پالیسی کی حمایت نہیں کی جائے گی جس سے زائرین کی سفری یا دستاویزاتی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ایران اور عراق جانے والے زائرین پہلے ہی تشویش ناک صورت حال سے دوچار ہیں۔متعلقہ حکام اس معاملے پر خاطرخواہ توجہ نہیں دے رہے۔زائرین کے حوالے سے حکومت کی یہ سردمہری پوری قوم کے لیے اضطراب کا باعث ہے۔
اجلاس میں ایم ڈبلیوایم کے رہنما نے اپنا موقف نکات کی صورت میں پیش کرتے ہوئے مزیدکہا کہ زائرین کے ٹٰیکسز میں قطعاََ اضافہ نہ کیا جائے۔پاکستانی ہونے کی حیثیت سے شہری پہلے ہی بے شمار قسم کے ٹیکسز کے بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں۔زائرین اب کسی بھی اضافی بوجھ کے متحمل نہیں رہے۔پاکستانی زائرین دوسرے ممالک میں ملک کے روشن تشخص کو اجاگر کرتے ہیں انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات ملنی چاہیئے۔نظم و ضبط کے نام پر زائرین کی تعداد سے مشروط کوئی قانون یا نکتہ قابل قبول نہیں ہو گا۔اس ضمن میں وزارت مذہبی امور کی سفارشات کا مقصد زائرین کوغیر ضروری قوانین کے تابع کرنے کی بجائے زائرین کی مشکلات کا ازالہ ہونا چاہیے۔اس سلسلے میں سیاحت کا موجودہ قانون ہی لاگو رہنا چاہیے۔
انہوںنے کہاکہ زائرین پالیسی کو حج پالیسی کے ساتھ نتھی نہ کیا جائے کیونکہ یہ دونوں مسائل انتظامی اور افرادی اعتبار سے مختلف ہیں۔ایران و عراق میں پاکستانی سفارتخانوں کے عملے کا پاکستانی زائرین کے ساتھ غیرذمہ دارنہ طرز عمل پر متعلقہ وزارت کی طرف سے باز پرس ہونی چاہیے اور انہیں زائرین کے مسائل کے حل کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کا پابند بنایا جائے۔بلوچستان میں داخل ہونے کے لیے این او سی کی شرط سمجھ سے بالاتر اور غیر منصفانہ ہے اس کا فوری طور پر خاتمہ ازحد ضروری ہے۔تفتان میں امیگریشن کے عمل میں آسانی پیدا کرنے اور تیزی لانے کی ضرورت ہے۔محرم صفر کے ایام میں عملے کی تعداد میں ممکنہ حد تک اضافہ اور خواتین کی تعیناتی کی جائے۔کوئٹہ سے تفتان کے سفر کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے سفری سہولیات میں بہتری لائی جائے۔ کوئٹہ اور تفتان میں زائرین کو غیر ضروری قیام پر مجبور کرنے کو سوائے زیادتی کے کوئی اورنام نہیں دیا جا سکتا۔اس زیادتی کا اب ازالہ ہو جانا چاہیے۔
علامہ اقبال بہشتی نے کہاکہ زائرین کی لوٹ مار میں مصروف کوئٹہ اور تفتان میں موجود”مخصوص مافیا“ کو کنٹرول کیا جائے۔کراچی اور سندھ کے لیے گوادر اور پسنی کا سرحدی راستہ کھولا جائے۔ہوائی سفر کرنے والے زائرین کی جملہ مشکلات کا حل نکالا جائے۔محرم اور صفر کے دوران پی آئی اےکی زائرین کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کرکے آسانیاں پیدا کی جاسکتی ہیں۔یا درہے کہ اس سے قبل وفاقی وزارت مذہبی امور کی جانب سے بلائے گئے اجلاس میں شیعہ قافلہ سالاروں کو مدعو نہ کرنے پر مجلس وحدت مسلمین نے احتجاجاََ بائیکاٹ کر دیا تھاجس پر مذکورہ اجلاس دوبارہ بلایا گیااور ایم ڈبلیوایم کے مطالبے پر کراچی تا پاراچنار کوئٹہ تا گلگت تمام بڑے قافلہ سالاروں اور اور ٹورآپریٹرزکو دعوت دی گئی تھی۔وزارت مذہبی امورکی طرف سے ان امور پر سنجیدگی سے غور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے لکی مروت کے ممتاز شاعر، ادیب اور شیعہ رہنما کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت افگار بخاری کو شہید کیا گیا،خیبرپختونخوا میں ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت تکفیری فکر کو دوبارہ سے پروان چڑھایا جا رہا ہے، ٹانک اور بالخصوص ڈیرہ اسماعیل خان کئی سالوں سےاہلِ تشع کی مقتل گاہ بنا ہوا ہے اب لکی مروت میں یہ سلسلہ شروع ہونا اس بات کی غمازی ہے کہ حکومت مٹھی بھر تکفیری شدت پسندوں کے سامنے بے بس ہے۔
علامہ وحید کاظمی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے ذمہ دار صرف طفل تسلیاں دیکر خوابِ خرگوش کی نیند سو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لکی مروت کے مظاہرین کے مطالبات کی بھر پورحمایت کرتے ہیں حکومت شہید افگار بخاری کی قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرے، بصورت دیگر ہم ہر قسم کے احتجاج کاآئینی قانونی اور جمہوری حق محفوظ رکھتے ہیں۔
وحدت نیوز(گلگت) صوبائی حکومت عدالتی معاملات میں بیجا مداخلت کررہی ہے ۔ وکلاء برادری کے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ۔ عدالت حکومتی ہٹ دھرمی کیخلاف ایکشن لیکر رول آف لاء کو یقینی بنائے ۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری سیاسیات غلام عباس نے کہا ہے کہ حکومت اپنے من پسند سفارشی پراسکیوٹر کو مستقل کرنے کیلئے عدالتی احکامات کو بھی نظر انداز کررہی ہے ۔ تمام خالی پوسٹوں کو پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پر کرکے وکلاء برادری میں پائی جانیوالی بے چینی کو دور کرے ۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں موجودہ حکومت کے دور میں میرٹ پامالی کی بدترین مثالیں رقم کردی گئی ہیں ، آج نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ گریڈون بھرتی ہونے کیلئے ضروری ہے کہ وہ کسی حکومتی وزیر مشیر کا رشتہ دار ہونا ضروری ہوگیا ہے ۔ اہل اور حقدار پڑھے لکھے افراد کو دیوار سے لگایا جارہا ہے جبکہ سفارشی بنیادوں پر ملازمتیں بندربانٹ کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے پڑھے لکھے جوان مایوسی کا شکار ہیں ۔ نوجوانوں میں مایوسی اس حد تک جاچکی ہے کہ کئی غریب گھرانوں کے اہل افراد ٹیسٹ انٹرویو کے نام پر جو ناٹک رچایا جارہا ہے اس میں حصہ لینا بھی بند کردیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ پوسٹوں پر کام کرنے والے آفیسران بھی ریاست سے زیادہ حکومت کی وفاداری کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ ایک ایسی صورت حال میں عوام کا آخری سہاراعدالتیں ہیں اگر عدالتوں کو بھی حکومت بائی پاس کرے تو غریبوں کا آخری سہارابھی چھن جائےگا ۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبد الخالق اسدی نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں توڑپھوڑ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند افراد کے غیر سنجیدہ عمل کی وجہ سے پوری وکلا برادری کے خلاف انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا قانون شکنی ایک مجرمانہ فعل ہے جس کی اجازت کسی کو حاصل نہیں۔اسپتال جیسے حساس مقام پر اس طرح کی ہنگامہ آرائی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنی ہے جس کی تلافی کسی طور ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اس طرح کے واقعات منظر عام پر آچکے ہیں جس سے وکلا کی نیک نامی کسی حد تک متاثر ہوئی۔ قانون و انصاف کی سربلندی کے لیے علم اٹھانے والے کبھی قانون شکن نہیں ہو سکتے ۔وکلا کو چاہیے کہ وہ اپنی صفوں میں موجود ایسے عناصر کی نشاندھی کریں جو وکلا کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا پی آئی سی میں رونما ہونے والا واقعہ ایک انتہائی خطرناک عمل ہے جس کے محرکات پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔ واقعہ کی اعلی سطح تحقیقات ہونی چاہیئے اور ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیئے ۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاھور کی جانب سے علی حسین آباد میں محترمہ نسیم زھرا کے تعاون سے نیا یونٹ تشکیل دیا گیا۔اس موقع پر ضلعی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاھور محترمہ حنا تقوی نے خواتین سے خطاب کیا۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی بھی موجود تھیں۔ اپنے خطاب میں انھوں نے گزشتہ روز یمن پر سعودی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے معصوم لوگوں کی شہادتیں سعودی عرب کی یزیدی حکومت کا تختہ الٹ دیں گی۔ انھوں نے کشمیر میں ایک سو چھبیس روزہ کرفیو پر اظہار تشویش کرتے ہوے کہا کہ دنیا کی طاغوتی طاقتیں مسلمانوں کو ظلم و بربریت کیساتھ کمزور کرنا چاہتی ہیں لیکن ان شاءالله وہ وقت دور نہیں جب عدل و انصاف کا پیکر امام برحق ، مھدی موعود علیہ سلام ظالم حکومتوں کو تہ و بالا کر کے پوری دنیا میں امن قائم کریگا۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا عالمی دن منانے والوں کو مقبوضہ کشمیر اور مقبوضہ بیت المقدس میں انسانی حقوق کی پامالی اور مظلوموں کی گرتی نعشیں نظر نہیں آتیں، کیونکہ ان کی آنکھوں پر مفادات کی پٹی بندھی ہے۔
انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے لاہور میں ہونیوالے اجلاس میں گفتگو میں علامہ عبدالخالق اسدی کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں مرد و خواتین، بزرگ و بچے گھروں میں محصور ہیں، اناج اور ادویات کا قحط ہے، کئی دہائیوں سے مظلوم فلسطینی اپنی سر زمین کیلئے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں لیکن انسانی حقوق کے موجودہ داعی ہی ان مظلوموں پر مظالم کی وجہ ہیں، کیونکہ ظلم ہوتا دیکھ کر بھی یہ خاموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام سے بڑا انسانی حقوق کا داعی کوئی نہیں اور آج انسانی حقوق کیلئے سب سے زیادہ چیخ و پکار کرنیوالے ہی اس کے ذمہ دار نظر آتے ہیں۔