The Latest
وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے بلوچستان اسمبلی کے رکن سید آغا محمد رضا رضوی نے ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ قبول کرنے سے معذرت کرلی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر سردار ثناء اللہ زہری نے از خود دو مرتبہ آغا رضا رضوی کو ڈپٹی اسپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی کے فارم جمع کرانے کی درخواست کی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ منع کردیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہمارا ہمیشہ سے یہی مقصد رہا ہے کہ لوگوں کے لئے مراعات حاصل کریں نہ کہ اپنے لئے لہذا ڈپٹی اسپیکر شپ کے عہدے پر باوجود کولیشن پارٹنرز کے اصرار کے معذرت کرلی۔ انہوں نے کہا کہ یہ عہدہ لے کر میں دوسروں کے تو مسائل سنتا رہوں اور وہ مظلوم عوام جنہوں نے مجھے اپنا نمائندہ بنا کر بھیجا ہے ان کیلئے کچھ نہ کر سکوں، اس سے بہتر ہے کہ اسمبلی میں اپنے مظلوم عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتا رہوں، میں اپنے کولیشن پارٹنرز کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے اور میری جماعت مجلس وحدت مسلمین پر اس قدر اعتماد کا اظہار کیا لیکن ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر رہتے ہوئے میں اپنے عوام کی خدمت نہیں کر پاؤں گا۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے انقلاب اسلامی ایران کے بانی اور اکیسویں صدی کے عظیم رہبر و رہنما حضرت امام خمینی کی 24ویں برسی کی مناسبت سے مرکزی کابینہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی ایک کامل اور جامع شخصیت کے حامل تھے، امام خمینی ایک زندہ اور جاوید حقیقت کا نام ہے۔علامہ ناصر عباس جعفری کاکہنا تھا کہ امام خمینی ایک کامل انسان اور اسلام کے عظیم رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عظیم فقیہ تھے اور علم اصول میں عظیم اصول،عظیم عارف،عظیم قائد،عظیم پیشوا، اور رہنما تھے۔امام خمینی نے اپنے دور کے ظالم اور باطل حکمرانوں کو للکارا اور ان کے قائم کئے گئے ظلم کے نظاموں کو چیلنج کیا ،امام خمینی نے ہمیشہ ہر مظلوم کی حمایت کی اور ہر ظالم و جابر کے خلاف قیام کیا ،امام خمینی کی عظیم شخصیت کی برکات کے نتیجے اور اسلامی اصولوں پر پابندی کے سبب ہی ایران میں اسلامی انقلاب کامیاب ہوا جو آج تک امام خمینی کے نائب حضرت امام خامنہ ای کی قیادت میں منزلوں کو طے کرتا ہوا ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کاکہنا تھا کہ امام خمینی کی عظیم جد وجہد نے ہمیں یہ درس دیا ہے کہ اگر دنیا بھر کے مظلوم اکھٹے ہو جائیں تو ظالم اور ظلم کا خاتمہ ہو جائے گا۔امام خمینی نے اسلامی انقلاب اور اسلام کی سر بلندی کی خاطر ہر قسم کی قربانی دی حتیٰ قید وبند کی سختیاں اور جلا وطنی برداشت کی جبکہ انقلاب اسلامی کی راہ میں امام خمینی کے جانثاروں نے اپنی جانوں تک کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ آج بھی اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی قیادت میں عالمی طاغوتی طاقتوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند موجود ہے اور ایک دن آئے گا کہ حق کا پرچم سر بلند ہو گا اور تمام باطل نظاموں کو شکست فاش ہوگی۔
وحدت نیوز (کراچی) بانی انقلاب اسلامی ایران امام امت حضرت امام خمینی رضوان اللہ علیہ کی برسی کے موقع پر کراچی سمیت ملک بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز، اجتماعات، مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں برسی امام امت امام خمینی (رہ) کی مناسبت سے شہر قائد میں مختلف شیعہ تنظیموں کی جانب سے مرکزی اجتماع بریٹو روڈ سولجر بازار میں منعقد کیا گیا۔ اجتماع سےمجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شوریٰ عالی کے سربراہ حجتہ السلام والمسلمین علامہ شیخ محمد حسن صلاح الدین، اصغریہ آرگنائزیشن کے سرپرست حجتہ السلام و المسلمین علامہ حیدر علی جوادی، معروف اہلسنت عالم دین اور متحدہ علماء محاذ پاکستان کے چیئرمین مفتی اسلم نعیمی، حجتہ السلام و المسلمین علامہ سید علی مرتضٰی زیدی، حجتہ السلام و المسلمین علامہ عقیل ساقی و دیگر نے خطاب کیا جبکہ علی دیپ رضوی نے اپنے کلام کے ذریعے امام خمینی (رہ) کو نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ برسی امام خمینی ﴿رہ﴾ کے مرکزی اجتماع میں ایران سے خصوصی طور پر تشریف لانے والے قاری جناب ولی اللہ احمدی پور کی انہتائی خوش الحان تلاوت قرآن پاک نے اجتماع کی روحانیت میں مزید اضافہ کر دیا۔ مرکزی اجتماع امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، مجلس وحدت مسلمین، ناصران امام فاونڈیشن، امامیہ آرگنائزیشن، ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ پاکستان اور اصغریہ آرگنائزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقد کیا گیا تھا۔ اجتماع میں خواتین و حضرات کثیر تعداد میں شریک تھے۔ اس موقع پر مختلف تنظیموں نے اسٹالز لگا رکھے تھے۔
برسی امام خمینی (رہ) کے مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حیدر علی جوادی نے کہا کہ اسلام میں گوشہ نشینی کی کوئی گنجائش اور جگہ نہیں ہے۔ سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام نے میدان کربلا میں اپنے اور آل و اصحاب کے خون سے آبیاری کرکے اسلام کا دوبارہ احیاء کیا ہے۔ کربلا کے بعد آج تک تاریخ میں جب بھی اسلام پر مشکل وقت آیا عاشقان مولا امام حسین (ع) نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس کی حفاظت کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اسلام گم ہو چکا تھا، اسلام کو بھلایا جا چکا تھا، اسلامِ ناب کی جگہ اسلامِ غلامیہ، اسلام امریکائی نے لے لی تھی مگر امام خمینی (رہ) نے ایران میں انقلاب اسلامی برپا کر کے نہ صرف ایران بلکہ پوری دنیا میں اسلام ناب محمدی کا احیاء کر دیا جس کے اثرات تیزی سے پھیل کر اسلام امریکی کو ہر جگہ نابود کرتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انقلاب اسلامی ایران نے تمام مستضعفین جہاں کو ہمت و حوصلہ دیا، جس کے باعث انہوں نے عالمی استعمار و استکبار سے پنجہ آزمائی شروع کی اور اس کے نتیجے میں اقوام عالم کی طاغوت مخالف بیداری میں روز بروز تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ علامہ حیدر علی جوادی کا مزید کہنا تھا کہ افریقہ سے لے کر ایشیاء تک دنیا میں جب بھی کسی مظلوم پر ظلم و ستم ہوتا ہے تو وہ خمینی زمان کو تلاش کرتا ہے، خدا سے خمینی عطا کرنے کیلئے دعا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جب کہ امام خمینی رحلت فرما چکے ہیں تو ہمیں چاہیئے کہ انکے افکار سے استفادہ کرکے حقیقی معنوں میں جدوجہد کرتے ہوئے اسلام ناب محمدی کا دفاع کریں کیونکہ ہم جسم پرست نہیں بلکہ افکار پرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج الحمدللہ رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای، خمینی دیگر کی صورت میں ہماری ویسے ہی رہنمائی فرما رہے ہیں کہ جیسے امام خمینی فرمایا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کل بھی جب امریکہ نے ایران پر حملے کی دھمکی دی تو خمینی بت شکن نے کہا تھا کہ تم حملہ کرو گے، سب سے پہلے میں میدان شہادت میں جنگی لباس میں حاضر ہوں گا۔ آج بھی رہبر معظم سید علی خامنہ ای کے الفاظ فضاء میں گونج کر دشمنان اسلام پر لرزا طاری کرتے ہیں کہ تم حملہ کرو سب سے پہلے مجھے جنگی لباس میں میدان حسینیت میں حاضر پاﺅ گے۔ انہوں نے کہا کہ فرزندانِ بی بی سیدہ فاطمہ زہرا خمینی و خامنہ ای کی حسینی سیرت کا اثر ہے کہ پوری دنیا میں اسلام ناب محمدی کے حقیقی پیروکار عالمی استعمار امریکا اور صیہونیت اسرائیل کے مقابلے میں کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے نہیں گھبراتے اور مسلسل ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پھر ہمیں قومیت، صوبائیت، لسانیت سمیت مختلف تعصبات میں جلانے کی سازش کی جا رہی ہے جس کی اسلام میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ لہٰذا ہر خاص و عام خصوصاَ علماء اور تنظیموں پر سنگین ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اس قسم کی کسی بھی سازش کو پاکستانی عوام میں کامیاب نہیں ہونے دیں۔
علامہ علی مرتضیٰ زیدی نے برسی امام خمینی (رہ) کے مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب لوگ دین کے نام پر ذاتی تقویٰ و پرہیزگاری پر اصرار کر رہے تھے جو کہ بہت ضروری تھا مگر اس کے نتیجے میں دین اسلام خشک مقدسی کی طرف جا رہا تھا مگر معاشرتی عدل و انصاف کی بات نہیں ہو رہی تھی۔ امام خمینی (رہ) نے اس طرز فکر و عمل کو تبدیل کردیا، عوام و خواص کو انبیاء کے راستے پر گامزن کر دیا جو کہ معاشرے کی تبدیلی کا راستہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کا براہ راست پاکستان کے اہل تشیع و اہل تسنن پر بہت گہرا اثر ہوا اور اس وقت ہر دو کی زبان پر یہ نعرہ عام ہو گیا تھا کہ پاکستان کو بھی ایک خمینی کی ضرورت ہے۔ مگر استعمار نے بہت زیادہ محنت کر کے ہمارے درمیان سے اس نعرے کو ختم کر دیا۔ علامہ علی مرتضیٰ زیدی نے کہاکہ عوام اور روحانیت کا جو خاص رابطہ ہونا چاہیئے وہ ابتک بدقسمتی سے ہم پاکستان میں قائم نہیں کر سکے ہیں، اس کے اوپر بہت زیادہ محنت کی ضرورت ہے، ادارے بننے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اندر جو بنیادی دینداری تھی، اس میں کمی نظر آ رہی ہے۔ عوام میں دینداری کی کمی کو ختم کرنے کیلئے بھرپور تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔ علامہ مرتضیٰ زیدی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے جو لوگ مختلف حوالوں سے فعال ہیں جن میں دفاعیات، قومیات، علم، تحریک، تبلیغات، فلاح و بہبود وغیرہ شامل ہیں، ان سب کے درمیان رابطے کا ہونا بہت ضروری ہے۔ اس حوالے سے معاہدوں کی پابندی کا خیال رکھنا بہت اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آج بھی ہم نے منصوبہ بندی نہیں کی، ترجیحیات کا تعین نہیں کیا تو پھر ہم کسی بھی کام کو مقصد کو آگے بڑھانے میں کامیاب نہیں ہو پائیں گے، غلط جگہوں پر سرمایہ کاری کرتے چلے جائیں گے اور نتائج کم نکلیں گے۔
معروف اہلسنت عالم دین اور متحدہ علماء محاذ پاکستان کے چیئرمین مفتی اسلم نعیمی نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ اس وقت اتحاد امت اور وحدت و بیداری مسلمین کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ آج دشمنان اسلام و قرآن ساری دنیا میں یکجا ہو کر شعائر اسلام پر حملہ آور ہے۔ اس کا جواب فقط اور فقط امام خمینی (رہ) کے انقلاب اسلامی سے درس حاصل کرتے ہوئے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمان تو کیا غیر مسلم بھی کہتے نظر آتے ہیں کہ ہمیں خمینی کی ضرورت ہے جو آ کر عالمی استکبار، استعمار و طاغوت سے ہمیں چھٹکارا دلائے اور ہم اس کی سربراہی و رہنمائی میں ظالم جابر کے مقابلے میں ڈٹ جائیں۔ انہوں نے کہاکہ آج علمائے عالم اسلام کو چاہئیے کہ کردار خمینی اپناتے ہوئے حقیقی معنوں میں امت کی رہبریت کی ذمہ داری کو انجام دیتے ہوئے اتحاد و وحدت مسلمین قائم کریں، جس کے بغیر طاغوت کا مقابلہ ممکن نہیں ہے۔ مفتی اسلم نعیمی نے مزید کہا کہ اس وقت عالمی استعمار امریکہ و اسرائیل کی پوری کوشش ہے کہ مسلمانان عالم کو باہم دست و گریباں کرکے ایک ایک کرکے تمام اسلامی ممالک اور انکے وسائل پر قابض ہو جائیں اور اسلام کو نابود کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام سازشوں کا تسلسل ہمیں پاکستان کی سرزمین پر بھی نظر آیا مگر پاکستان کے سنی شیعہ مسلمانوں نے بیداری و ہوشمندی کاثبوت دیتے ہوئے ہر بار استعمار کی فرقہ واریت پھیلانے کی سازش کو ناکام بنایا ہے اور ہمیشہ اہنے اتحاد و وحدت سے ناکام بناتے رہیں گے۔
برسی امام خمینی کے مرکزی پروگرام کے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے علامہ شیخ محمد حسن صلاح الدین نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ امام خمینی کی انقلابی تحریک کو فقط جلسے جلوسوں تک محدود نہ کریں، صرف تقاریر کرنے اور سننے تک ان کی یاد منانے تک محدود نہ کریں بلکہ امریکی اسلام کی نابودی کیلئے امام خمینی (رہ) کی اسلام ناب محمدی کی تحریک سے سبق حاصل کرتے ہوئے عملی طور پر حقیقی معنوں میں اس تحریک حسینیت کا حصہ بن جائیں جو دراصل کربلا میں قیام امام حسین (ع) کا پرتو ہے اور آغازِ انقلاب مہدویت ہے۔ برسی امام خمینی کے مرکزی اجتماع کا اختتام علامہ شیخ محمد حسن صلاح الدین نے دعا سلامتی امام زمانہ ﴿عج﴾ کی تلاوت سے کیا۔
وحدت نیوز (پشاور) ’’افکار خمینی (رح)کنونشن کے دوران نئے صوبائی سیکرٹری جنرل کے لئے تین نام پیش کئے گئے۔ جن میں علامہ سبیل علامہ سبیل حسن مظاہری ایک مرتبہ پھر آئندہ تین سال کیلئے مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے ہیں۔
اس سلسلے میں پشاور کی امام بارگاہ حاجی ملک رحمان میں ’’افکار خمینی (رح)‘‘ کنونش منعقد ہوا۔ جس میں صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، کرم ایجنسی اور اورکزئی ایجنسی سے تنظیمی مسولین نے شرکت کی۔ جبکہ صوبائی کابینہ کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، رکن مرکزی شوریٰ عالی علامہ سید جواد حسین ہادی، رکن مرکزی شوریٰ عالی خادم حسین اعوان، مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین اور عابد بہشتی نے خصوصی شرکت کی۔
کنونشن کے دوران نئے صوبائی سیکرٹری جنرل کے لئے تین نام پیش کئے گئے۔ جن میں علامہ سبیل حسن مظاہری، علامہ ارشاد علی اور علامہ سید عبدالحسین الحسینی کا نام شامل تھا۔ اس موقع پر تمام اضلاع کے مسولین اور صوبائی کابینہ نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ جس کے نتیجے میں علامہ سیبل حسن مظاہری کثرت رائے سے ایک مرتبہ پھر آئندہ 3 سال کیلئے مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔ اس موقع پر علامہ سید حسین الاصغر نے نئے سیکرٹری جنرل سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
وحدت نیوز(پشاور) بزرگ عالم دین علامہ سید حسین الاصغر نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین ملک کی وہ واحد تنظیم ہے جو ملت تشیع کی حقیقی نمائندگی کر رہی ہے، اسی وجہ سے ہم اس کیساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام پشاور میں منعقدہ ’’افکار خمینی (رح)‘‘ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملت تشیع کے حقوق کے لئے ایم ڈبلیو ایم نے قابل تعریف کردار ادا کیا ہے۔ اسی وجہ سے ہم مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں کہ یہ جماعت فعال ہے اور شیعوں کی آواز بھرپور طریقہ سے اٹھا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ مجلس وحدت مسلمین مستقبل میں اس سے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرے گی۔ اس وقت مجلس وحدت مسلمین کے علاوہ ملک میں کوئی تنظیم نہیں ہے جو شیعوں کی نمائندگی کرسکتی ہو۔ علامہ سید اصغر الحسین نے مزید کہا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کے قائدین سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس مشن میں آگے ہوں گے اور ہم ان کے پیچھے ہوں گے۔ ہم حالات کا مقابلہ مولا مشکل کشاء کا نام لیکر کرنے کو تیار ہیں۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ ملت تشیع پاکستان میں مظلوموں کیلئے نجات دہندہ اور امت مسلمہ کی رہبری کرنے کے قابل ہوگئی ہے۔ ہم اپنی شناخت کا اظہار اور سیاسی میدان میں قدم رکھ چکے، اب اگلا مرحلہ بھرپور انداز میں میدان میں کردار ادا کرنے کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں منعقدہ ’’افکار خمینی (رح) کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ 36 ماہ میں جس بھی موقع پر دشمن نے ہم پر وار کیا تو ہم اس سے ڈرے نہیں بلکہ بھرپور انداز میں میدان میں نکل پڑے۔ شہادت سے ہم خوفزہ ہونے والے نہیں بلکہ شہادت ہماری طاقت ہے۔ شہادت وہ عظیم مقام ہے جس کی تمناء اور دعا اور امام علی (ع) ابن ابی طالب شدت سے کیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملت تشیع پاکستان میں بیدار ہونے کیساتھ دیگر مظلوم طبقات کیلئے رول ماڈل کی حیثیت اختیار کر گئی ہے، آج دیگر مکاتب فکر کے تنظیمیں بھی تشیع کی استقامت اور شجاعت کی معترف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج دیگر مکاتب فکر کی مذہبی شخصیات یہ کہنے پر مجبور ہوگئی ہیں کہ جب مجلس وحدت مسلمین کی اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے کاوشیں اور کوششیں خراج تحسین کے قابل ہیں۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے جماعتی انتخابات صوبائی سطح پر تکمیل کے قریب ہیں، اب اضلاع اور یونٹ تک یہ سلسلہ جائے گا، تاہم ہمیں اب پہلے سے زیادہ بہتر اور موثر انداز میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے مسئولین تنظیمی اعتبار سے اپنے چھوٹے اہداف مقرر کریں اور پھر آہستہ آہستہ ان اہداف کو بڑھائیں۔ انہوں نے کہ آج شیعہ میں ظالم کے خلاف ڈٹ جانے کا جذبہ اور ہمت پیدا ہوچکی ہے۔ اب شیعہ دشمن کے کسی حربے سے مرعوب نہیں ہوتا بلکہ یاعلی (ع) مدد کہہ کر میدان میں اتر آتا ہے۔
وحدت نیوز (بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے ایک بیان میں گذشتہ روز قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ذمہ دار فرد کی طرف سے ایک شہری پر کی گئی زیادتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بڑھ کر اور دکھ کی کیا بات ہو سکتی ہے کہ ایک قانون نافذ کرنے والے ادارے کا ذمہ دار فرد قانون کو ہاتھ میں لیکر عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اور اس طرح کے واقعات محکمہ پولیس کے چہرہ پر بدنما داغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ظالم کی مخالفت اور ہر مظلوم کی حمایت ہماری روش ہے۔ ظالم چاہے جس مسلک اور جس پیشے سے ہو ہم مخالفت کریں گے اور ہر مظلوم کی حمایت کریں گے۔
انہوں نے اسکردو ایڈمنسٹریشن کی جانب سے آزادی صحافت پر مارے گے شب خون کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ بدعنوانی، رشوت اور دیگر جرائم کو بے نقاب کرنے والی صحافت کو جسے دور حاضر میں ریاست کے ایک ستون کی حیثیت حاصل ہے اس شعبے کو سہولتیں دینے کے بجائے ان کے اثاثوں پر قبضہ کرنا عجیب اور افسوسناک عمل ہے، ہم آزادی بیان اور آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ اختلاف رائے کا حق ہر صحافی کو حاصل ہے حکومت یا کسی بھی ادارے کو حق حاصل نہیں کہ انہیں ذہنی کوفت میں مبتلا کرکے اپنی مرضی کی باتیں کرنے پر مجبور کرے۔ صحافیوں کوحق کی آواز بلند کرنے کی سزا میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، مجھے امید ہے کہ معاشرہ میں جاری جرائم و بدعنوانیوں کو لگام دینے، آواز حق کو بلند کرنے مصروف رہیں گے اور استقامت و ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسکردو انتظامیہ بلتستان میں امن و امان قائم رکھنے اور معاشرہ میں جاری جرائم اور بدعنوانیوں کی بیخ کنی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کا صوبائی کنونشن بعنوان ’’ یاد روح اللہ خمینی (رہ) کنونشن ‘‘ حیدرآباد میں منعقد کیا گیا۔ کنونشن میں سندھ بھر کے تمام اضلاع کے نمائندگان نے شرکت کی۔ کنونشن میں تنظیمی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور احتسابی عمل بھی کیا گیا۔ کنونشن میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ شفقت عباس شیرازی، مرکزی سیکریٹری میڈیا سیل برادر مہدی عابدی، مرکزی سیکریٹری یوتھ ونگ برادر فضل عباس رکن شوریٰ عالی و گزرگ عالم دین علامہ حیدر علی جوادی، بزرگ عالم دین علامہ غلام قنبر کریمی سمیت دیگر علمائے کرام و شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔ کنونشن میں صوبائی سیکریٹری جنرل کے لئے رائے شماری کے موقع پر صوبائی کابینہ اور ڈسٹرکٹس کی مشاورت سے صوبائی شوریٰ کو تین نام پیش کئے گئے جن میں علامہ مختار امامی، علامہ صادق رضا تقوی اور علامہ امداد علی نسیمی شام تھے۔ بعدازاں برادران نے کثرت رائے سے علامہ مختار امامی کو دوسر مدت کے لئے ایم ڈبلیو ایم سندھ کا سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا۔ اس موقع پر انتخابی کمیٹی کے فرائض علامہ شفقت شیرازی، برادر مہدی عابدی، برادر نثار شیخ اور برادر فضل عباس نے انجام دیئے۔
درایں اثناء صوبائی کنونشن سے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، علامہ حیدر علی جوادی، علامہ باقر عباس زیدی اور علامہ نقی ہاشمی نے خصوصی خطاب کیا۔ کنونشن سے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ اللہ کی جماعت وہ ہے جس کے نظم کا مرکز و محور ولایت ہو اور وہی جماعت غلبہ پانے والی جماعت ہے، غلبہ پانے کے لئے کثرت کی نہیں بلکہ ایسی معیت چاہیئے جس کو اللہ کا ساتھ میسر ہو تو چھوٹی سے چھوٹی جماعت بھی بڑی جماعتوں پر غالب آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کے نظم کا محور بھی ولایت ہی ہونا چاہیئے اور امام زمانہ (عج) کی غیبت میں ہمیں ولی فقیہہ زمان حضرت آیت اللہ خامنہ ای کی ولایت کی پیروی کرنی ہے تاکہ خدا کا قرب حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ تنظیمی تین سال تنظیمی اداروں کی تاسیس کے سال ہیں اور تنظیمی اسٹیبیلیٹی کے سال ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ برادران وحدت کے لئے عہدہ طلبی اور شخصیت پرستی زہر قاتل ہے، ہمیں شخصیات سے زیادہ تنظیم اور نظریات پر اپنی توجہ مرکوز رکھنی چاہیئے تاکہ ایک مظبوط نظریہ کی حامل تنظیم پاکستان کی تمام مظلوم اقوام کو اپنے سامن می سموئے اور ظالموں کے مقابلے میں ہمیشہ قیا کی حالت میں رہے۔
علامہ حیدر علی جوادی نے شرکائے کنونشن سے اپنے خطاب میں کہا کہ طاغوت کے خلاف قیام اور کلمہ حق کے دنیا پر چھا جانے کا نام ہی روح اسلامی ہے، امام خمینی (رہ) نے اس ہی فکر کے تحت اپنی جدوجہد کا آغاز کیا اور دنیا نے انقلاب اسلامی کی کرامات کو اپنی آنکھوں سے دیکھا اور آج تک اس کا مشاہدہ کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینی نے اسلام کو زندان سے نکال کر عملی طور پر انسانی معاشرہ میں نافذ کیا، امام خمینی (رہ) کی سیاست دراصل سیاست حسینی (ع) ہے، امام خمینی (رہ) مجدد اسلام ہیں جنہوں نے اسلام کو نئی زندگی دی، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ انسانی معاشرہ بالخصوص انقلابی افراد روح خمینی (رہ) کو زندہ کرنے کی کوششیں کریں تاکہ انسان کو خدا کے نزدیک کیا جاسکے۔
وحدت نیوز (بدین ) امام علی ع کی ولایت ہم سے تقاضہ کر تی ہے کہ ، ہم ہمیشہ مظلوموں کے حامی اور ظا لموں کے دشمن بن کر رہیں ،چاہے وہ ظالم شیعہ ہی کیوں نہ ہو اور مظلوم کافر ہی کیوں نہ ہو، انتخابات انجام نہیں آغاز تھے ، ہماری جدو جہد بہت طولانی ہے ، اور راستہ کٹھن ہے ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شاہ نواز چوک بدین میں جشن مولود کعبہ کے جلسہ عام سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ، اس موقع پر اہلیان بدین ہزاروں کی تعداد میں موجود تھے ، جب کے علماء کرام ، معزین اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء بہادر علی ، زھیر عباس حیدری اور آفتاب حسین جعفری بھی شریک تھے ۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھاکہ ولایت علی ع باب ولایت اللہ ہے ، پس خدا کے قرب و خوشنودی کے حصول کے لیئے دامن ولایت علی ع سے متمسک رہنا واجب ہے ، جب کوئی جماعت نظام ولایت سے مربوط ہو جائے تو دنیا کی بڑی سے بڑی شیطانی قوت بھی اس جماعت کو شکست سے دوچار نہیں کر سکتی اور بیشک وہی جماعت اللہ کی جماعت یعنی حزب اللہ ہے ،اور اسی حزب اللہ نے غالب آنا ہے اور پرودگار کا قرآن مجید میں وعدہ ہے جو کبھی جھوٹا نہیں ہو سکتا کہ اسی گروہ کو خدا نے اہل زمین کا وارث بنانا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن ہمیں انتخابات کے بعد بھی غیر ضروری ایشوز میں الجھا کر رکھنا چاہتا ہے ،الیکشن ہو گئے ،دھاندلی بھی ہو ئی اور خیانت بھی ، لیکن ہم ان زخموں کو لے کر نہیں بیٹھیں گے ، ہمیں آگے کی حکمت عملی مرتب کر نی ہے ، یہ الیکشن آغاز تھے انجام نہیں ، ہم نے جس جدوجہد کا آغاز کیا ہے وہ بہت طویل ہے ، اور انتہائی پر خطر اور کٹھن راستہ ہے ، یہ حوصلوں اور جذبوں کی جنگ ہے کمزور لوگ اس جنگ کو نہیں لڑ سکتے ، اپنے امور کو منظم کریں اور ولایت کے پرچم تلے جمع ہو کر مظلوموں کے حقوق کی جنگ میں ہمارا ساتھ دیں ، مظلوم مظلوم ہے خواہ وہ سنی ہو یا شیعہ ، ہندو ہو یا عیسائی ، ہمیں سب کے حقوق کا دفاع کر نا ہے ، ان انتخابات میں ہندوں اور عیسائیوں نے بھی ہم پر اعتماد کیا اب ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم مندروں اور گرجا گھروں میں جا کر ان کے مسائل سنیں اور ان کا حل بھی تلاش کریں ۔ .
جلسے کے اختتام پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو وادی مہران کی ثقافتی نشانی اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا ، بدین کے ضلعی دفتر کا افتتاح بدست مبارک علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ہوا ۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سبیل حسن مظاہری نے ایک وفد کے ہمراہ امامیہ کالونی بم دھماکہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ وفد میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی آفس مسول ارشاد حسین بنگش، صوبائی سیکرٹری اطلاعات ایس اے زیدی، سیکرٹری جنرل ضلع پشاور محمد عباس اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل ذوالفقار حسین بھی تھے۔ وفد نے پہلے امامیہ کالونی پشاور کا دورہ کیا اور شہید ظہیر عباس اور شہید گلشن علی کے خانوادوں سے تعزیت کی۔ اس موقع پر علامہ سبیل حسن مظاہری کا کہنا تھا کہ معصوم لوگوں کا خون بہانے والے دہشتگرد خدا کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ دہشتگرد ان مزموم حرکتوں سے ملت تشیع کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے شہداء کے خانوادوں کو اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ بعدازاں ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا اور دھماکہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ علاوہ ازیں علامہ سبیل حسن نے دیگر مسئولین کے ہمراہ گزشتہ روز شہید ہونے والے نوجوان آغا میر کے خانوادے سے ملاقات کی اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔