وحدت نیوز (پاراچنار) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے پارا چنار کا اہم دورہ کیا اور وہاں گذشتہ ماہ ہونے والے بم دھماکوں کے زخمیوں اور شہداء کے خانوادوں سے ملاقاتیں کیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے دورہ پارا چنار کے موقع پر وفد کے ہمراہ پارا چنار کی مختلف تنظیموں کے رہنماوں، علمائے کرام اور سیاسی و قبائلی شخصیات کیساتھ بھی اہم ملاقاتیں کیں۔ اور مختلف امور زیر بحث آئے۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے سابق سینیٹر اور بزرگ عالم دین علامہ سید عابد حسین الحسینی، پروفیسر ڈاکٹر سید محمد سلطان، جامعہ جعفریہ میں مرکزی انجمن کے سیکرٹری جنرل اور اراکین سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ مرکزی امام بارگاہ اور جامعہ مسجد کے پیش امام علامہ شیخ نواز عرفانی، علامہ علی حسین الحسینی، مجلس علماء اہل بیت (ع) کے علماء سمیت تحریک حسینی کے مسؤلین سے بھی ملاقاتیں کیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے قبائلی عمائدین، مشران، ائیر مارشل ریٹارڈ قیصر حسین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مسؤلین اور اقبال حسین میاں سے بھی ملاقات کی۔ اس کے علاوہ علامہ ناصر عباس جعفری نے شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی رہ کے مزار پر بھی حاضری دی اور ان کے افکار کے مطابق ایم ڈبلیو ایم کی پالیسیوں کو جاری رکھنے کا عزم کیا۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی، مرکزی سیکرٹری تربیت علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکرٹری بین الصوبائی روابط علامہ اقبال بہشتی، خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ترجمان علامہ سید عبدالحسین الحسینی، صوبائی آفس مسٔول ارشاد حسین بنگش، ضلع ہنگو کے سیکرٹری جنرل علامہ ارشاد علی اور ضلع کوہاٹ کے سیکرٹری جنرل حاجی علی داد خان بھی علامہ راجہ ناصر عباس کے ہمراہ تھے۔ ان ملاقاتوں کے دوران پارا چنار کی صورتحال سمیت ملک بھر میں جاری اہل تشیع کے قتل عام، گزشتہ عام انتخابات کے موقع پر پارا چنار میں پیدا ہونے والی کشیدگی، سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ پارا چنار سے تعلق رکھنے والی ان مذہبی و سیاسی شخصیات نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سربراہی میں آنے والے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کا خیر مقدم کیا اور اسے انتہائی نیک شگون قرار دیا۔
اس موقع پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پارا چنار شہداء کی سرزمین ہے، اس سرزمین نے شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی جیسے عظیم سپوت کو جنم دیا، اور اس سرزمین نے شہید جیسا عظیم رہبر قوم کو عطاء کیا۔ انہوں نے کہا کہ 4 سالہ محاصرہ کے دوران پارا چنار کے مومنین نے جو جذبہ، استقامت اور شجاعت دکھائی وہ مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیشہ ہمارے باہمی اختلافات کا فائدہ اٹھانے کی کوشش میں رہتا ہے، ہم آپس کے چھوٹے موٹے اختلافات میں نہیں الجھیں گے تو دشمن کو ہم پر وار کرنے کا بھی موقع نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارا چنار سے کراچی اور گلگت سے کوئٹہ تک بے گناہ اہل تشیع کا خون بہایا جارہا ہے، لیکن ہم نہ کبھی شہادتوں سے خوفزدہ ہوئے ہیں اور نہ ہی ہوں گے۔