The Latest

وحدت نیوز (مظفرآباد) گلگت ، پارا چنار واقعات محرم سے قبل میں انارکی پھیلانے کی مذموم سازش ہیں، حکومت مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچائے ، واقعات کی ذمہ دار نااہل حکومتیں ہیں، خصوصاً گلگت واقعہ نااہل وزیراعلیٰ کی بیڈگورننس کی مثال ہے، مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر ان واقعات کی بھرپور مذمت کرتی ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری سیاسیات سید تصورعباس موسوی نے ریاستی دفتر مظفرآباد سے جاری مذمتی بیان میں کیا ۔

 

انہوں نے کہا کہ گلگت میں ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے وزارت داخلہ نے جی بی کی حکومت کو تین روز قبل بتادیا تھا ، مگر اس کا تدارک نہ کیئے جانے پر وزیراعلیٰ اور اس کی نااہل انتظامیہ ذمہ داری قبول کرے ، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ محرم الحرام چونکہ بالکل قریب ہے ، عالمی استعمار منظم سازش کے تحت ملک میں افراتفری کا ماحول بنانے کی مذموم کوشش میں ہے، اور نااہل حکومتیں خاموش تماشائی کے کردار کے علاوہ کچھ نہیں کر پا رہیں، قومی سلامتی پالیسی کو نافذ العمل بنایا جانا چاہیے،اگر بے گناہ و نہتے شہریوں کو اٹھا کر دہشتگردی کے مقدمات بنائے جا سکتے ہیں ، تو اصل دہشتگردوں کا احتساب کیوں نہیں کیا جاتا؟ کیوں ان کو کاروائیوں کا موقع دیا جاتا ہے، کیوں آج تک کسی ایک بھی دہشتگرد کو سزانہیں ہوئی ، مملکت خداداد پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ قوم کو کیوں نشانہ بننے دیا جاتا ہے، محب وطن شہریوں کی شہادتوں پر عالمی انسانی حقوق کی تنظمیں کہاں مرجاتی ہیں ، یہ وہ سوالات ہیں کہ جن کا جواب ہر محب وطن جاننا چاہتاہے ۔ محب وطن شہریوں کو یوں منظم انداز میں مارنا قومی سلامتی اداروں کے لیئے لمحہ فکریہ ہے ، انہوں نے کہا کہ گلگت اور پشاور میں ہونے والے بم حملوں کی شفاف تحقیقات کرتے ہوئے مجرموں کو بے نقاب کیا جائے اور حکومت شہریوں کو ان کا بنیاد حق حقِ زندگی دے ۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی، کوئٹہ ڈویژن کے جنرل سیکرٹری سید عباس سمیت تمام عہدیداران و اراکین نے گذشتہ روز گلگت میں مسافر بس پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معصوم اور بیگناہ عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا ہے جو کسی المیہ سے کم نہیں۔ دہشت گرد آزاد پھر رہے ہیں اور معصوم، بیگناہ ملک و ملت سے وفادار شہریوں کو اپنے سفاکیت کا نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ حکومت خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے بیرونی آقاوں کے ایماء پر ان دہشتگرد تکفیری گروہوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے تاکہ یہ شیطانی عناصر اتحاد بین المسلمین کو پارا پارا کرنے کی مذموم سازشوں پر عمل پیرا ہو کر اسلام اور پاکستان کے خلاف کاروائیاں کریں۔ جس کا نقصان گذشتہ ساڑھے تین دہائیوں سے پاکستان کے عوام مشاہدہ کررہے ہیں، کہ کس درد و کرب میں سے گزرتے ہوئے پاکستانی عوام کی اکثریت غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ پاکستان کی نام نہاد جمہوری حکومت عوام کو بیرونی سازشوں کا شکار کرکے دست و گریباں کیے ہوئے ہے۔

 

اپنی عیاشیوں کیلئے پاکستانی مظلوم عوام کی استحصال کررہے ہیں، بعض ایسے بھی اشارے مل رہے ہیں کہ حکومت اپنی اقتدار کی خاطر عوام کے اندر نفرتوں کو ہوا دے کر پاکستان اور عوام کو بے دردی سے لوٹ کر اپنی ناپاک حکمرانی چلارہے ہیں جسکی ہر ذی شعور انسان مذمت کرتا ہے۔ دہشت گردی کی منظم سازش کے خلاف خاموشی پاکستانی حکومت کی غلامانہ سوچ کی عکاس ہے۔ مجلس وحدت مسلمین مسلمانوں کے اندر اتحاد و اتفاق کے جدوجہد میں مصروف عمل اور اس میں کسی بھی قسم کوتاہی روا نہیں رکھتی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف بھرپور انداز میں آواز بلند کرتے ہوئے حکومت اور پاکستان کے مقتدر اداروں سے پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ پاکستان کے خلاف بیرونی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے فوراً دہشت گرد، تکفیری عناصر کے خلاف آپریشن شروع کریں۔ ورنہ خدانخواستہ دہشت گردی کی آگ جو شیطان پرست طاقتوں امریکہ، اسرائیل برطانیہ وغیرہ کی ایماء پر لگائی جا رہی ہے، جو پاکستان کیلئے تباہ کن ہے جس کی پاکستانی عوام گواہ ہے۔ آخر میں انہوں نے گلگت میں مسافر بس میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے درجات کی بلندی کیلئے اور زخمیوں کی شفایابی اور ان کے پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وحدت نیوز (گلگت) مسافر وین کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے واقعے کا رخ موڑنے کی حکومتی کوشش قابل مذمت ہے۔ ایس پی کا بیان حقیقت کے بالکل برعکس ہے گلگت بلتستان حکومت اپنی ناکامی کو چھپانے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔SP گلگت ضیاء نے ماضی میں بھی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا رخ موڑنے کی کوشش کی ہے اور ذاتی رنجش پر قتل کو فرقہ وارانہ رنگ دیکر بے گناہ افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔توقیر عباس پال کے قاتل بے نقاب ہونے کے باوجودمجرموں کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔دہشت گردوں سے ڈکٹیشن لینے والے آفیسروں کی علاقے کو کوئی ضرورت نہیں۔

 

ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئرعباس مصطفوی نے اپنے اخباری بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کروائی جائے تو حقیقت کا پتہ لگانے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی ۔ اصل حقیقت یہ ہے کہ حکومت عوم کے جان و مال کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے اور دہشت گردوں کے سامنے بے بس نظر آرہی ہے۔ممکنہ دہشت گردانہ کاروائیوں کی پیشگی انتباہ کے باوجود حکومت کا نوٹس نہ لینا اور عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ہم نے بارہا اعلان کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی عمل میں لائے خواہ اس کا تعلق کسی بھی مکتبہ فکر سے ہوا۔ اس خطے میں امن بحال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے لاشوں کی سیاست کا زمانہ گزر گیااب حکومت کو عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنا ہی پڑے گا ۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے کہ وہ مٹھی بھر دہشت گردوں کے آگے بے بس کیوں ہے؟ گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان میں اہل تسنن اور اہل تشیع متحد ہیں افسوسناک واقعے کی ذمہ داری انتظامیہ اور نااہل وزیر اعلیٰ پر عائد ہوتی ہے۔حساس اداروں کی جانب سے گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع کے باوجود کسی قسم کا اقدام نہ کرنا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بزدلانہ کاروائی میں ملوث مجرموں کو قانون کی گرفت میں لانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی قابل برداشت نہیں ہوگی۔

وحدت نیوز (گلگت ) ہراموش وین دھماکہ جو خالصتاً دہشت گردی کا واقعہ ہے کے تفتیشی رخ کو موڑنے کیلئے ضلعی ایڈمنسٹریشن کے آفیسران میڈیا ٹرائل پر اتر آئے ہیں جبکہ حکومت کا کہیں وجود نظر نہیں آرہا ہے۔ اتنے بڑے وقعے کو حکومت نے سنجیدہ نہیں لیا اور ضلعی آفیسران کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے اور وہ حکومتی ترجمان بن چکے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اس طرح کے بیانات خود قانون کی خلاف ورزی ہے۔

 

ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے ایک بار پھر بیوروکریسی گلگت بلتستان پر مسلط ہوچکی ہے۔ دہشت گردی کے اتنے بڑے واقعے پر اب تک باضابطہ طور حکومتی موقف کا سامنا نہ آنا انتہائی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے ڈی سی گلگت، ایس ایس پی گلگت کے بیانات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات سے صرف دہشت گردوں کو ہی فائدہ ہوسکتا ہے ،اس سے اندازہ ہورہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ خود دہشت گردوں کی سپورٹ میں عوام کے خلاف فریق بننا چاہتی ہے۔ اگر دہشت گرد ان کو اتنے ہی پیارے ہیں تو پھر اپنی پوزیشن کو عوام پر واضح کریں پھر عوام جانیں اور دہشت گرد جانیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے تفتیش کا رخ موڑنے کیلئے گلگت سے بارود کے باکس اٹھائے ہیں اور رات کی تاریک کا فائدہ اٹھاکر موقع واردات تک پہنچایا ہے تاکہ توجہ کو دوسری طرف مبذول کیا جاسکے۔ یہ کیسا بارود تھا کہ گاڑی کا توپرزہ پرزہ ہوگیا ہے اور ان بارود کے باکسز کو کوئی خراش تک نہیں آیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعے کو حادثہ قرار دینا دہشت گردوں کو سپورٹ کرنے کے مترادف ہے اور اگر یہی روش جاری رہی تو سیکورٹی کے اداروں سے عوام کا اعتماد اٹھ جانے کا قوی امکان ہے لہٰذا اس غیر منطقی روش کو ترک کیا جائے بصورت دیگر عوام کو سڑکوں پر آنے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ اعجاز حسین بہشتی نے اپنے ایک بیان میں حالیہ دہشتگردی کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت سے حراموش اور پشاور سے پاراچنار جانے والی بسوں پر بم حملے حکومت وقت کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے اور اسی نااہل حکومت کی غفلت کی بنا پر ایک درجن سے زائد لوگ شہید و زخمی ہوگئے ہیں۔ حکومت کو چاہیئےکہ وہ ملک دشمن عناصر کو فی الفور سزائیں دیکر نشان عبرت بنائے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی کوئی مسئلہ نہیں، جان بوجھ کر ایسے حالات پیدا کئے جا رہے ہیں، تاکہ ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جا سکے، تاہم ہم اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سانحہ چلاس، کوہستان اور لولوسر کے ذمہ داران کو کیفرکردار تک پہنچایا جاتا تو آج ہمیں اس طرح کے واقعات دیکھنے کو نہ ملتے۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ گلگت اور اس کے اردگرد میں موجود دہشتگردوں کے خلاف بلاتاخیر آپریشن کرے۔

وحدت نیوز(لاہور) گلگت اور پشاور میں دہشت گردوں کے ہاتھوں بے گناہوں کا قتل عام ریاستی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے لاہور میں تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والوں کو امن پسندی اور حب الوطنی کی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دشمن شیعہ سنی وحدت سے خوفزدہ ہے، ملک بھر کی طرح وہ فرقہ واریت کے ناسور کو اس پر امن علاقے میں بھی پھیلانا چاہتے ہیں، لیکن الحمدللہ وہاں کے غیور شیعہ سنی عوام بیدار ہیں اور ان دہشت گردوں کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

 

علامہ عبدالخالق اسدی نے سانحہ گلگت حراموش کو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گلگت میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، وزیر اعلٰی گلگت بلتستان بلاول ہاؤس کراچی کے طواف میں مصروف ہیں، عوامی مسائل اور ان کے جان و مال کے تحفظ سے ان حکمرانوں کو کوئی سروکار نہیں، یہ اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی اور گلگت بلتستان انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سانحے کی حقائق کو جلد منظر عام پر لایا جائے اور علاقے کی پرامن فضاء کو خراب کرنے والے شرپسندوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے المرتضٰی کالونی، شیخ محلہ، گوٹھ میر شیر محمد خان میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضیائی آمریت کی منحوس پالیسیوں نے ملک میں دہشت گردی فرقہ واریت اور نفرتوں کو فروغ دیا۔ جس کی ریاستی سطح پر حوصلہ افزائی کی گئی۔ مجلس وحدت مسلمین نے ملکی سیاست میں تماشائی بننے کی بجائے اس میں مثبت تبدیلیوں کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے مجاہدانہ کردار کے باعث آج شیعہ سنی وحدت فروغ پا رہی ہے جبکہ تکفیری ٹولہ رو بہ زوال ہے۔ ان کے غبارے سے ہوا نکل رہی ہے۔ جب ان کی ہوا نکل گئی تو وہ بے وزن رہ جائیں گے۔ شیعہ سنی وحدت ملک میں ملت کے لئے نوید امن و استحکام بنے گی۔ آئندہ انتخابات میں ایم ڈبلیو ایم ایک حقیقت بن کر سامنے آئے گی۔

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی نے کوہاٹ روڑ پشاور پر گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہونے والے دو دھماکوں کو حکومت کی ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد آزادانہ طور پر عوام کو اپنی بربریت کا نشانہ بنارہے ہیں تاہم حکمرانوں کو احساس تک نہیں، وحدت ہاوس پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کو پشاور کی اسی شاہراہ پر پارا چنار جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا اور اب کوہاٹ جانے والے بے گناہ مسافروں کو شہید کیا گیا، انہوں نے بتایا کہ کوہاٹ کے ان مسافروں میں خواتین اور بچوں سمیت شیعہ، سنی علمائے کرام بھی سوار تھے، دہشتگردی کی اس کارروائی میں اہل تشیع عالم دین محمد شہنشاہ اور اہل سنت عالم دین سجاد فرید بھی زخمی ہوئے ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دہشتگرد ملک میں فروغ پانے والے شیعہ، سنی وحدت سے پریشان ہیں اور انہیں نشانہ بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت فوری طور پر ان دونوں دھماکوں کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے، اور اس کی رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر عوام کے سامنے لائی جائے، ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کی طرح پورے ملک سے دہشتگردوں کا صفایا کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وحدت نیوز(پشاور) عزاداری سید الشہداء علیہ السلام اسلام ناب کی ترویج و تبلیغ اور مقصد و فلسفہ شہادت و قیام اما م حسین علیہ السلام کی تبین کا بہترین ذریعہ ہے ۔ عزاداری سیدالشہداء علیہ السلام کے وسیلہ سے امام مظلوم (ع) کے عالمگیر و پاکیزہ انقلاب کا مقصد ہ ہدف بشریت تک بہتر انداز میں پہنچ سکتا ہے۔ یہی عزاداری سید الشہداء ہے جس نے مکتب کو جاودانی عطا کی ہے اور بے حساب انسانوں کو مقصد عاشورا سے جوڑا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سبطین حسینی نے ہنگو میں عظیم الشان اجتماع کی تیاریوں کے سلسلہ میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران کیا۔

 

علامہ سبطین حسینی نے کہا کہ عزاداری کو بامقصد بنانے اور اس کے عصری تقاضوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہی اہداف کو ملحوظ خاطر رکھ کر اور عزاداری سید الشہداء میں خون کے نذرانے دےکر کربلا کو زندہ رکھنے والے عاشورائیوں کی یاد میں 9 اکتوبر کو کوہاٹ ڈویژن کے غیور اور عزادار عوام باردیگر کربلائے ہنگو میں اکٹھے ہوں گے اور ملکی استحکام و مسلمانان عالم کے وحدت و اخوت کے لئے عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کریں گے۔ 19 اکتوبر بروز اتوار ہنگو شہر میں عزاداران کا عظیم الشان اجتماع ہو گا، عزاداری سید الشہداء علیہ السلام میں شہید ہونے والے کربلائی شہیدوں کی یاد میں اس اجتماع کا عنوان ''عزاداری سید الشہداء کا تحفظ اور اس کے عصری تقاضے'' رکھا گیا ہے۔

 

صوبائی رہنما ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا نے ہنگو اور کوہاٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی علی داد اور مولانا خورشید انور جوادی سے ملاقات کی گئی اور اجتماع کے انعقاد پر تفصیلی گفتگو کی گئی، بعد ازاں سیکرٹری جنرل کے پی کے نے مولانا ارشاد صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور مولانا قیصر عباس سے بھی ملاقات کی۔ علاوہ ازیں علامہ سبطین حسینی نے مانسہرہ میں مولانا سید وقار حسین صوبائی سیکرٹری تبلیغات کے والد مرحوم کے جنازے میں شرکت کی اور مولانا سید وقار حسین سے اظہار تعزیت کیا۔

وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم کے سیکرٹری جنرل علامہ غلام محمد فخرالدین نے کہا ہے کہ گلگت اور پاراچنار میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات ایک گھناؤنی سازش کا حصہ ہیں، گلگت میں دہشت گردی کے واقعات کی پہلے ہی اطلاعات موجود تھیں، حکومت کو چاہیئے کہ وہ ملک دشمن عناصر کو فی الفور سزائیں دیکر نشان عبرت بنائے۔ ان خیالات کا انہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں، جان بوجھ کر ایسے حالات پیدا کئے جا رہے ہیں، تاکہ ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جاسکے، تاہم ہم اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ گلگت اور پاراچنار روٹ پر دہشتگردی کا یہ پہلا واقعہ نہیں، اگر اسلام آباد کو دہشت گردوں سے محفوظ رکھنے کے لئے آرٹیکل 245 کا نفاذ کیا جاسکتا ہے تو ملک کے دیگر حساس شہروں میں بھی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آرٹیکل 245 کا نفاذ کرکے فوجی آپریشن کیا جائے۔ گلگت میں دہشت گردی وفاقی و صوبائی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree