وحدت نیوز(پشاور) عزاداری سید الشہداء علیہ السلام اسلام ناب کی ترویج و تبلیغ اور مقصد و فلسفہ شہادت و قیام اما م حسین علیہ السلام کی تبین کا بہترین ذریعہ ہے ۔ عزاداری سیدالشہداء علیہ السلام کے وسیلہ سے امام مظلوم (ع) کے عالمگیر و پاکیزہ انقلاب کا مقصد ہ ہدف بشریت تک بہتر انداز میں پہنچ سکتا ہے۔ یہی عزاداری سید الشہداء ہے جس نے مکتب کو جاودانی عطا کی ہے اور بے حساب انسانوں کو مقصد عاشورا سے جوڑا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سبطین حسینی نے ہنگو میں عظیم الشان اجتماع کی تیاریوں کے سلسلہ میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران کیا۔
علامہ سبطین حسینی نے کہا کہ عزاداری کو بامقصد بنانے اور اس کے عصری تقاضوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہی اہداف کو ملحوظ خاطر رکھ کر اور عزاداری سید الشہداء میں خون کے نذرانے دےکر کربلا کو زندہ رکھنے والے عاشورائیوں کی یاد میں 9 اکتوبر کو کوہاٹ ڈویژن کے غیور اور عزادار عوام باردیگر کربلائے ہنگو میں اکٹھے ہوں گے اور ملکی استحکام و مسلمانان عالم کے وحدت و اخوت کے لئے عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کریں گے۔ 19 اکتوبر بروز اتوار ہنگو شہر میں عزاداران کا عظیم الشان اجتماع ہو گا، عزاداری سید الشہداء علیہ السلام میں شہید ہونے والے کربلائی شہیدوں کی یاد میں اس اجتماع کا عنوان ''عزاداری سید الشہداء کا تحفظ اور اس کے عصری تقاضے'' رکھا گیا ہے۔
صوبائی رہنما ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا نے ہنگو اور کوہاٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی علی داد اور مولانا خورشید انور جوادی سے ملاقات کی گئی اور اجتماع کے انعقاد پر تفصیلی گفتگو کی گئی، بعد ازاں سیکرٹری جنرل کے پی کے نے مولانا ارشاد صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور مولانا قیصر عباس سے بھی ملاقات کی۔ علاوہ ازیں علامہ سبطین حسینی نے مانسہرہ میں مولانا سید وقار حسین صوبائی سیکرٹری تبلیغات کے والد مرحوم کے جنازے میں شرکت کی اور مولانا سید وقار حسین سے اظہار تعزیت کیا۔