The Latest
وحدت نیوز (نصیرآباد) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے نمازعید الاضحیٰ کے موقع پر منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقعہ پر ہم شہدائے راہ خدا کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ،جنہوں نے دین اسلام اور حسینیت کی راہ میں اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ معصوم انسانوں کے قاتل ، مجرم، ا نتقام الٰہی سے نہیں بچ سکتے ، مظلوموں کی آہیں عرش الٰہی تک جا پہنچی ہیں اور اب دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے زوال کا آغاز ہوچکا ہے۔ بہ یک وقت ملت کو بہت اچھی خبریں مل رہی ہیں ، آپریشن ضرب عضب ، کے ساتھ ساتھ اداروں کی بدلتی سوچ کو مثبت سمجھتے ہیں۔کمانڈرساؤدرن کمانڈ کی مزار شہداء پر حاضری اور زخمیوں کی عیادت کو مثبت رویہ سمجھتے ہوئے ملت جعفریہ اورملک بھر کے عوام دہشت گردوں کے خلااف ملک گیر آپریشن کے متمنی ہیں۔ شیعہ سنی اختلافات کو ہوا دینے کے لئے عالمی سامراج نے اربوں ڈالر اور ریال خرچ کئے اب وہ سامراجی سرمایہ ڈوب رہا ہے۔ ناصر ملت قائد وحدت نے ملت کو خاموش تماشائی بنانے کی بجائے میدان عمل میں اتارا اور حالات کا رخ بدلا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حقیقی عید تب ہوگی جب مہدی دوراں ﷺ کا ظہور ہو، اور ہم ان کی امامت میں نماز ادا کریں۔ ان کے زمانہ غیبت میں نائب امام ،حضرت آیۃ اللہ خامنہ ای کے ادنیٰ سپاہی کہلانے پر فخر ہے۔ زمینی فاصلے رہبر سے عشق و محبت و اطاعت میں حائل نہیں ہوسکتے۔
وحدت نیوز(لاہور) لاہور کے علاقے مسلم ٹاؤن میں ایم ڈبلیوایم پنجاب کا اجلاس زیر صدارت صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید اسد عباس نقوی منعقد ہوا۔ اجلاس میں سانحہ کوئٹہ کی شدید مذمت اور آپریشن ضرب عضب کا دائرہ ملک بھر میں موجود دہشت گردوں کی پناہ گاہوں تک پھیلانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں دہشت گردوں کو ملک بھر میں لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے والی کالعدم جماعت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ محرم الحرام میں پنجاب میں ممکنہ دہشت گردی کا خدشہ خارج از امکان نہیں، پنجاب میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں سب سے بڑی رکاوٹ پنجاب حکومت ہے، پنجاب حکومت میں شامل وزراء دہشت گردوں کی صوبے میں مکمل سرپرستی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں موجودہ حکمرانوں کی جانب سے ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، ہمیں پرامن سیاسی جدوجہد سے دور رکھنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں، ہم اپنے قانونی و آئینی حق سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔
وحدت نیوز (کھرمنگ) آقائے علی رضوی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم بلتستان ، آقائے شیخ زاہد علی زاہدی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم بلتستان اور ایم ڈبلیوایم بلتستان کے دیگر ذمہ داران نےکمنگو کھرمنگ میں الزہرا کالج کے بس کے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا، امدادی کاموں کی سست روی پر ایم ڈبلیوایم کے رہنماوں نے مایوسی کا اظیا ر کیا، اس موقع پر انہوں نے سکردو کھرمنگ سڑک پر جگہ جگہ پڑے سلائیڈنگ کے ملبے کی عدم صفائی پر غم غصہ کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی اداروں کا حادثوں کا ذمہ دار قرار دیا اور اس واقعہ کو پورے بلتستان کے لیے سانحہ قرار دیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید علی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین ان لاشوں کی بازیابی کے حوالے سے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گی۔ کھرمنگ میں ریسکیو کے لیے کام کرنے والے سماجی کارکنان کی سکیورٹی کو بھی یقینی بنانے کے حوالے سے مطالبہ کیا گیا کہ انتظامیہ فوری طور ریسکیو کرنے والے افراد کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کا نوٹس لے، ورنہ تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور مغفرت کی دعا مانگی گئی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی گئی۔
وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کھرمنگ کمنگو میں الزہراء کالج کی بس کو پیش آنے والے حادثے اور قیمتی جانوں کی ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ المناک واقعہ پورے بلتستان کے لیے ایک عظیم سانحہ سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس المناک حادثہ پر الزہراء کالج کے مسئولین، جاں بحق ہونے والے پرنسپل اور دیگر طلباء و طالبات کے لواحقین کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے تعزیت پیش کرتا ہوں، لواحقین کیلئے صبر جمیل، راہ عمل میں راہی عدم ہونے والے عظیم مشن کے مسافروں کے درجات کی بلندی اور انکے گناہوں کی مغفرت کے لیے دعا گوں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ راہ علم میں جان دے دینا گویا شہادت کی موت ہے اور یہ سعادت آفرین لمحہ ہے کہ انسان راہ علم میں جاں بحق ہوجائے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا ، کوئٹہ ڈویژن کے رہنما سید عباس، علامہ ہاشم موسوی ، علامہ ولایت جعفر ی اور کونسلر رجب علی نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں ہزارہ ٹاون علی آباد میں خودکش دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور زخمیوں کی جلدصحت یابی کی دعا کی، واضح رہے کہ ہفتے کی شام کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن علی آباد روڈ پر ایک مرتبہ پھر دہشتگردوں کیجانب سے خودکش دھماکہ کیا گیا۔ دھماکہ شیعہ آبادی کے علاقے بسم اللہ شادی ہال کے قریب اُس وقت کیا گیا، جب عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد عید کی خریداری میں مصروف تھی۔ اب تک اس دہشتگردانہ دھماکے میں خواتین سمیت پانچ افراد شہید جبکہ دس سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دھماکے کے فوراً بعد ریسکو ذرائع کی جانب سے زخمیوں کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لیکر ابتدائی کارروائی شروع کر دی ہے۔ یاد رہے علی آباد ہزارہ ٹاؤن کا وہی علاقہ ہے جہاں اس سے قبل بھی تین مرتبہ دہشتگردی کے بڑے واقعات رونماء ہوچکے ہیں۔ جن سے بڑی تعداد میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔ مذکورہ واقعات کے بعد ہزارہ ٹاؤن چاروں اطراف سے ایف سی بلوچستان کے حصار میں تھا، علاقے میں اتنی بھاری سکیورٹی ہونے کے باوجود دہشتگردی کے اس واقعے کا رونما ہونا، ریاستی اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی کا کہنا تھا کہ ملک اور قوم اس وقت تبدیلی کے دھانے پر کھڑے ہیں۔ انقلاب مارچ نے شیعہ، سنی وحدت اور اتحاد بین المسلمین کی اعلٰی مثال قائم کرتے ہوئے شدت پسند تکفیری سوچ کو مسترد کر دیا ہے اور یہ بات طے ہو چکی ہے کہ اب اس ملک میں تکفیری ٹولے اور معصوم انسانوں کے قاتل دہشت گردوں اور انکے حامیوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر دو فیصد مراعات یافتہ طبقے کی بادشاہت قبول نہیں۔ موجودہ ظالمانہ استحصالی نظام کا خاتمہ ضروری ہے۔ جب تک انتخابی اصلاحات کے نتیجہ میں صاف اور شفاف الیکشن نہیں کرائے جاتے، تبدیلی ممکن نہیں۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے دو روزہ دورہ کراچی کے موقع پر معروف ذاکر اہل بیت علیہ السلام علامہ طالب جوہری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کے داماد سید مبارک کاظمی کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا اور شہید کی بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ شہر کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کا مسئلہ ایک قومی مسئلہ ہے جس پر شیعہ قوم کے تمام طبقات کو مل کر آواز بلند کرنی چاہیئے، انشاء اللہ مجلس وحدت مسلمین کبھی بھی اپنے شہداء کی مظلومیت کی آواز کو نہیں دبنے دے گی اور ہمیشہ اپنے شہداء کی قربانیوں کو زندہ رکھتے ہوئے میدان عمل میں حاضر رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ حضرت ثانی زہرا (س) کی سیرت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مظلومیت کی آواز کو بلند کریں، ہمارے منبروں سے ہمیشہ حق کی حمایت کی گئی یہی ہمارا طرہ امتیاز رہا ہے اور انشاء اللہ یہ کام صدا جاری رہے گا۔
اس موقع پر علامہ طالب جوہری نے شیعہ نسل کشی کا اصل ذمہ دار حکومت کو قرار دیا اور کہا کہ اگر حکومت نے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا ہوتا تو آج صورتحال شاید یہ نہ ہوتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ حکومت وقت ہوش کے ناخن لے اور وطن بچانے کیلئے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرے۔ علامہ طالب جوہری نے علامہ ناصر عباس جعفری کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور مجلس وحدت مسلمین کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا اور ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے شیعہ سنی وحدت کیلئے علامہ طاہر القادری کے ساتھ اتحاد کی پالیسی کو سراہا۔ ملاقات میں علامہ ناصر عباس جعفری کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے رہنما انجینئر رضا نقوی، علی حسین نقوی، علامہ علی انور، مبشر حسن اور میثم عابدی بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز (کراچی) بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں ،لائن آف کنٹرول کی بھارتی خلاف ورزی اور معصوم پاکستانیوں کی شہادت پر وزیر اعظم کی خاموشی باعث تشویش ہے ،دفاع وطن کے لئے وقت آنے پر ہمارے نوجوان سر پر کفن باندھ کر سرحدوں پر ہونگے پاکستان کی طرف دیکھنے والی میلی آنکھوں کو نکال کر رکھ دینگے ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےوحدت ہاوس کراچی میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ وطن کا دفاع ہمارے اوپر واجب ہے حکمرانوں کی بھارت سے تجارتی رفاقت معصوم شہریوں کی قتل عام پر خاموشی کی اصل وجہ ہے پاکستان کے غیور عوام بیدار ہیں ہم اپنے شہیدوں کی پاک لہو کو رائیگاں نہیں جانے دینگے الحمدللہ ہمیں اپنی پاک افواج پر بھروسہ ہے کہ وہ مادر وطن کی حفاظت کے لئے دشمن کو ناکوں چنے چبوانے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے ہم خیبر شکن کے ماننے والے ہیں ان کافروں کو خیبر اور خندق کی یاد دلائیں گے اور سر زمین پاک کی دفاع کے لئے ہمہ وقت سر بکف آمادہ و تیار ہیں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اعلان کیا کہ آنے والے جمعہ کو ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان کے نام سے منائیں گے اور تمام آئمہ جمعہ،، دفاع وطن ایک شرعی فریضہ ،،کے عنوان سے عوام الناس کو خطبہ دینگے۔