وحدت نیوز(دمشق) جولان ہمیشہ سے شام کا حصہ ہے اور ٹرمپ سمیت کسی کو حق نہیں ہے کہ وہ جولان کو کسی دوسرے ملک کے حوالے کرے. ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے 3 مئی بروز جمعہ کو تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے زیر اہتمام دمشق کے علاقے قدسیا میں منعقدہ ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل اس اقدام سے خطے میں ناامنی چاہتے ہیں.کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ قانونی اور اخلاقی دونوں لحاظ سے فلسطینوں کا وطن واپسی کا حق ثابت ہے اور وہ دن ضرور آئے گا جس دن فلسطینی بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے وطن لوٹیں گے. اور مزید کہا کہ ڈیل آف سنچری کا امریکی منصوبہ بھی اپنی ولادت سے پہلے ایسے ہی دم توڑ چکا ہے جیسے نئے مشرق وسطی کے امریکی منصوبے کا گلا جولائی 2006 میں لبنانی مقاومت حزب اللہ لبنان نے جنم سے پہلے ہی گھونٹ دیا تھا۔
تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے زیر انتظام جولان و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں جنوبی افریقہ, آسٹریلیا, لبنان, فلسطین, پاکستان اور شام سمیت متعدد اسلامی و غیر اسلامی ممالک کے وفود نے شرکت کی. کانفرنس کے مہمان خصوصی انٹرنیشنل مقاومت سپورٹرز کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یحیی غدار تھے. کانفرنس کے اختتام پر بین الاقوامی وفود کے درمیان باہمی ملاقات اور عشائیے کا اہتمام کیا گیا تھا۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل سینٹرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ رمضان المبارک کے قریب آتے ہی مہنگائی کا طوفان آ گیا ہے۔ اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے ، پنجاب حکومت کی پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال نظر نہیں آ رہیں جس کی وجہ سے بازاروں میں ناجائز منافع خوروں نے مہنگائی کا مصنوعی طوفان کھڑا کر کے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب رمضان میں غریب عوام کو ریلیف دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے اور گرانفروشوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے ماہ مبارک صیام کے تقدس پامال کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا خوردنوش کی کمی بھی ایک قابل تشویش عمل ہے جس پر حکومت ایکشن لے اور عوام کو مہنگائی کے طوفان سے بچایا جائے۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے مزید کہا کہ رمضان المبارک احساس اور ہمدردی کا مہینہ ہے امید ہے پنجاب حکومت غریب عوام کا احساس کرے گی اور ریاست مدینہ کے دعووں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) رمضان المبارک سے قبل پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کافیصلہ ظالمانہ اقدام ہے ،نیا پاکستان عوام کے لئے مہنگا پاکستان بن گیا ہے ۔حکومت ریلیف نہیں دے سکتی تو عوام کی مشکلات میں اضافہ بھی نا کرئے پڑول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے فیصلے کو فوری طورپر واپس لیا جائے۔ ان خیالات کااظہار مرکزی سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیوایم سید اسد عباس نقوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ اگست 2018 سے مئی 2019 تک وفاقی حکومت نے چار سے زیادہ مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔سابقہ حکومت کی نسبت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ پی ٹی آئی کی حکومت نے کیا۔جب تحریک انصاف کی حکومت نے اگست 2018 میں اقتدار سنبھالا تھا۔اس وقت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 95 روپے 24 پیسے تھی جبکہ آج اس کی قیمت108 روپے ہے ۔
انہوں نےمزید کہا کہ رمضان المبارک میں گراں فروشوں کی مصنوعی مہنگائی میں اضافے سے تنگ عام آدمی کے لئے اشیائے خوردونوش کی سستے داموں دستیابی مشکل ہو جاتی ہے۔ ایسے میں حکومت کی جانب سے بجائے ریلیف دینے کے پڑول کی قیمتوں میں اضافے نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ناقص معاشی پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔عید پر ٹرانسپورٹ کمپنیوںوا لے من مرضی کے کرائے لیتے ہیںجبکہ اب پٹرول کی قیمت کی اضافے کی وجہ سے غریب آدمی اپنے پیاروں کے ساتھ عید کیسے گزارے گا؟ غریب عوام کے گھر کا چولہا پہلے ہی بڑی مشکل سے جلتاہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے تنظیمی انتخابات میں اراکین صوبائی شوریٰ نے علامہ باقر عباس زیدی کو کثرت رائے سے آئندہ تین سال کیلئے صوبہ سندھ کا نیا میر کارواں منتخب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی آئی آر سی امام بارگاہ میں منعقد کئے جانے والے صوبائی جانثاران امام عصر (ع) کنونشن کا آغاز گذشتہ روز جشن انوار شعبان کی تقریب سے کیا گیا، جس کی صدارت علامہ احمد اقبال رضوی نے کی جبکہ اس موقع پر مہمان خصوصی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری بھی شریک تھے۔ جشن انوار شعبان میں نظامت کے فرائض علامہ نقی نقوی اور الحاج ناصر عباس نے انجام دیئے جبکہ معروف منقب خواں اور شعرائے کرام قمر حسنین، ثمر حسنین، شجاع رضوی، میثم نقوی، صبیب عابدی، طرماح زیدی، عمار عارف، حسن عباس، احسن مہدی، زین عباس و دیگر نے بارگاہ ولایت و امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
صوبائی جانثاران امام عصر (ع) کنوشن کے اگلے روز سندھ کے سیکرٹری جنرل کے انتخاب کیلئے شوریٰ کا اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں اراکین شوریٰ نے پہلے مرحلے میں مختلف نام پیش کئے، جن میں علامہ باقر عباس زیدی، علامہ مقصود ڈومکی اور علامہ دوست علی سعیدی کا نام ووٹنگ کیلئے پیش کیا گیا۔ ووٹنگ کے مرحلے میں اراکین شوریٰ نے خفیہ رائے شماری کے ذریعے کثرت رائے سے علامہ باقر عباس زیدی کو سندھ کا نیا میر کارواں منتخب کیا۔ نئے میر کارواں کے نام کا اعلان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کیا اور نومنتخب صوبائی سیکرٹری جنرل سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر علامہ مختار امامی، بزرگ عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین سمیت دیگر تنظیمی رہنما بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ صوبائی سیکرٹری جنرل کے انتخاب کےلئے الیکشن کمیشن کے فرائض علامہ احمد اقبال رضوی، اسد نقوی اور آصف رضا ایڈووکیٹ نے انجام دیئے۔
وحدت نیوز(لاہور) کراچی میں ملت جعفریہ کے جبری گمشدہ افراد کے لواحقین کے صدارتی کیمپ آفس کے سامنے 6 دن سے جاری دھرنے اور ان کے مطالبات کی حمایت میں ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہور کی جانب سے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین لاہور علامہ سید حسن رضا ہمدانی اور شعبہ خواتین کی سیکریٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے کہا کہ ہم حکومت اور ریاستی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ مسنگ پرسنز کے مسٸلے کو فوری حل کیا جاٸے تاکہ ملک سے ہیجانی کیفیت کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک جمہوری ملک میں رہتے ہیں، جہاں احتجاج کرنا یا اختلاف راٸے کا اظہار کرنا ہمارا جمہوری حق ہے لیکن ریاستی اداروں میں موجود متعصب افراد بے گناہ لوگوں کو اغوا کر کے قاٸد اعظم اور علامہ اقبال کے نظریات کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے پُرامن رہے اور پر امن رہیں گے کیوں کہ یہ ملک کسی افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ علامہ حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر اعظم اور آرمی چیف سمیت ریاستی اداروں میں بیٹھے ذمہ داران ان بوڑھی ماٶں اور بیٹیوں کے دکھوں کا مداوا کریں اور لاپتہ افراد کو فوری بازیاب کرایا جاٸے۔ ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ کی رہنما حنا تقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملت جعفریہ کے جبری گمشدہ افراد کے اہلِخانہ کے مطالبات آرٹیکل 10 اور 10-A کے عین مطابق ہیں، گمشدگان کی بازیابی و ان کی حفاطت ریاست کی قانونی ذمہ داری ہے، صدر و وزیر اعظم فوری طور پہ گمشدگان کہ اہلخانہ کہ مطالبات کو پورا کرائیں۔
مظاہرے کے شرکاء نے اپیل کی کہ معصوم بچے، مائیں، بہنیں، بیٹاں شاہراؤں پہ کھلے آسمان تلے 6 روز سے مسلسل سراپا احتجاج ہیں، ان کی داد رسی کی جائے اور ریاست کو کوئی فرد کسی جرم میں مطلوب ہے تو اس کو عدالتوں میں پیش کرکے اسکا ٹرائل کریں لیکن غیر قانونی گمشدگی آئین و قانون کی مکمل خلاف ورزی ہے۔ احتجاجی مظاہرے میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما رائے ناصر علی، رانا ماجد، سجاد نقوی، نجم خان سمیت کثیر تعداد میں مرد خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(ٹھٹھہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل قائد وحدت علامہ راجاناصر عباس جعفری کے حکم پر اسیران ملت جعفریہ اور لا پتہ شیعہ جوانوں کی بازیابی اور پانچ دنوں سے صدر پاکستان عارف علوی کی رہائش گاہ پر جاری دھرنے کی حمایت میں مجلس وحدت مسلمین ضلع ٹھٹھ کی جانب سے شاھ نجف امام بارگاھ سے شاھجان مسجد ٹھٹھ تک احتجاج ریلی نکلی گئی، جس کے بعد شاہجہاں مسجد کے سامنے احتجاجی مظاھرہ کیا گیا۔
مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے رہنما حفیظ علی شاہ، عبدلحسین شاہ، نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملت جعفریہ دوھری مظلومیت کا شکار ہے ایک طرف دھشتگردوں نے گذشتہ کئی دھائیوں سے شیعان علی ع کا قتل عام کیا ہے ہمیں دن کی روشنی میں چوکوں اور چوراہوں پر مارا گیا شناختی کارڈ چیک کرکے گولیوں کا نشانہ بنایاگیا آج تک ریاستی ادارے ان دھشتگردوں کو قانون کی گرفت میں نہ لا سکے۔ آج بھی دھشتگرد اور ان کے سہولت کار ملک کے گلی کوچوں میں دندناتے پھر رہے ہیں جنہوں نے شیعہ کافر کے نعرے لگائے وہ آج بھی ریاستی پروٹوکول میں گھوم رہے ہیں۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل مولانا فدا حسین فردوسی، لالا حسینی نے کہا کہ ملت جعفریہ کے جوانوں کا اغوا حیرت انگیز ہے حالانکہ آج تک ملت جعفریہ نے کبھی پاک وطن سے غداری نہیں کی بلکہ ملت جعفریہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان پر اپنا سب کچھ نچھاور کیا۔ آج ہماری مائیں بہنیں اور بیٹیاں ہمارے بزرگ اور جوان ملک کے ارباب اختیار سے انصاف طلب کر رہے ہیں۔