وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع جیکب آباد آئی ایس او اور اصغریہ آرگنائزیشن کے زیراہتمام یوم مردہ باد امریکہ کے موقعہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئےایم ڈبلیوایم کےمرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہاہے کہ خمینی بت شکن نے امریکہ کو شیطان بزرگ کہا جو کہ ہر حوالے سے درست ہے دنیا بھر دہشت گردی قتل و غارت اور شیطنت کا مرکز امریکہ ہے۔ امریکی جرائم کی فہرست بہت طویل ہے۔ ھیروشیما ناگاساکی پر ایٹمی حملہ عراق و افغانستان میں بے گناہ انسانوں کا قتل عام داعش جیسی سفاک دھشت گرد تنظیم کی تشکیل امریکہ کے سنگین جرائم ہیں۔ وطن عزیز پاکستان میں امریکہ کی بے جا مداخلت ہماری مشکلات اور مصائب کا اہم سبب ہے۔
انہوں نےکہا کہ حضرت علی علیہ السلام کے غلام اور کربلا کے پیروکار عصر حاضر کے یزید امریکہ کے سامنے مرد بن کر کھڑے ہیں۔ اور امریکہ کا زوال انتہائی قریب ہے۔مظاہرے سے آئی ایس او کے ڈویژن صدر برادر اللہ بخش سجادی مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی ڈپٹی سیکرٹری منور حسین سولنگی اور اصغریہ آرگنائزیشن کے رہنما اویس احمد جکھرانی اور مشتاق حسین حکمتی نے بھی خطاب کیا۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع جنوبی کراچی کی جانب سے جاری تربیت ساز پندرہ روزہ سلسلہ معارف کلاسز کے نویں روز حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ کاظم عباس نقوی نے سورہ محمدؐ کی آیت نمبر سولہ اور سترہ کی تفسیر بیان کرتے ہوئے کہا کہ ترک معصیت سے تقوی'حاصل ہوتا ہے ۔ کسی بھی گناہ کو چھوٹا نہیں سمجھنا چائیے۔ جس گناہ کو چھوٹا سمجھیں گے شیطان اسی سوراخ سے بڑا نقصان پہنچائے گا ۔ کسی انسان کو چھوٹا نہیں سمجھنا چائیے ۔ نیکی میں سرعت کرنی چائیے ۔ نیکی کی نیت کرنے پر شیطان متحرک ہوجاتا ہے اور نیکی روکنے کیلئے اس کے نتائج سے مایوس کرنے لگتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ انسان کا کمال خدا کا تقرب حاصل کرنے میں ہے ۔ جبکہ دیگر اشیاء کا کمال مومنین کی خدمت میں ہے ۔ ہدایت یافتہ لوگ باعمل ہوتے ہیں اور خدا ایسے افراد کی ظرفیت بڑھادیتا ہے ۔ جس انسان کی جس قدر ظرفیت بڑھتی ہے اسے اتنا ہی کمال حاصل ہوتا جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ سب جانتے ہیں مگر ہوائے نفس عمل کرنے میں رکاوٹ بنتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سورہ محمدؐ کے مطابق کچھ لوگ سب سنتے ہیں لیکن جب باہر نکلتے ہیں تو صاحبان علم سے کہتے ہیں کہ پیغمبر ؐ نے کیا کہا ہے؟ لیکن اس کے باوجود عمل نہیں کرتے ۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ہوائے نفس کی پیروی کرتے ہیں ۔ان پر خدا نے مہر لگادی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دعائے ابو حمزہ ثمالی مطالب کا خزانہ ہے ۔ دنیا امتحان گاہ ہے اور آخرت نتائج کی جگہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں سے جو وعدہ کیا جائے اسے ضرور پورا کرنا چائیے ۔اگر بچوں سے کئے گئے وعدے پورے نہ کئے جائیں تو ان کا اعتقاد دینی معاملات پر بھی کمزور ہوگا ۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی نے رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے کے دوران بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مہنگائی کے جن کو قابو کرے، اور ماہ مبارک میں اگر عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی تو کم از کم ان پر مزید بوجھ نہ ڈالے۔
اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا محل کردیا ہے، یہ سب کچھ خود عمران خان کی حکومت کیلئے بھی ٹھیک نہیں۔ خیبر پختونخوا کے عوام ماہ مبارک رمضان میں بھی اشیائے ضروریہ اور خوردو نوش مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔ اگر حکومت مہنگائی پر قابو پالیتی ہے تو یہ حکومت کیلئے بھی بہتر ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ غریب عوام کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، جب مہنگائی زیادہ اور لوگوں کی آمدنی کم ہوگی تو عوام کیسے گزارہ کرسکیں گے۔؟ صوبائی حکومت کو چاہئے کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بنائے، جو براہ راست وزیراعلی کو جوابدہ ہے، اور خودساختہ مہنگائی کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں بے گناہ آٹھ کشمیریوں کی شہادت افسوس ناک اور قابل مذمت ہے جبکہ ہم مقبوضہ کشمیر میں دو بچیوں سے زیادتی اور حریت رہنماؤں کی گرفتاری کی بھی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنا بند کرے۔ کشمیری آزادی کی داستان اپنے خون سے لکھ رہے ہیں ۔انکے خون کی قیمت کوئی ادا نہیں کر سکتا ۔
علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی ادارے کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد رنگ لائے گی اور اس تحریک کو گولیوں اور خون کی ہولی سے دبایا نہیں جا سکتا۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت آئے روز کشمیروں کی شہادت کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے جواں سال فرزند کے روڈ ایکسیڈنٹ میں جاںبحق ہو نے پر اظہار افسوس۔مرکزی میڈیا سیل سے جاری اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہاکہ رب کریم مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
انہوں نے کہاکہ اسامہ قمر کی ناگہانی موت پر لواحقین بالخصوص قمر الزمان کائرہ کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔ جوان بیٹے کی موت ایک سخت امتحان اور گہراصدمہ ہے ۔ خدا دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم کی والد ہ اور والد سمیت تمام پسماندگان کو اپنی بارگاہ سے صبر جیسی نعمت مرحمت فرمائے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ماہ صیام تذکیہ نفس کے لیے اللہ تعالی کی طرف سے خصوصی انعام ہے۔ محض جسمانی عبادات سے اس ماہ کی برکتوں کو مکمل طور پر نہیں سمیٹا جا سکتا بلکہ یہ مقدس مہینہ آپس کے معاملات میں صبرو تحمل رواداری، اخوت،عجز و انکساری کا بھی تقاضہ کرتا ہے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل احمد اقبال رضوی نے استقبال ماہ رمضان کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔
روزہ جسمانی مشقت کانام نہیں ہے بلکہ نفس کی تربیت کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔یہ ہمیں تمام اخلاقی و جسمانی برائیوں سے دور کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کی مناسبت سے دعائیہ محافل اور دیگر تقریبات میں وطن عزیز کے استحکام و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ حکومت کوبھی چاہئے کہ وہ ملک بھر کی ضلعی انتظامیہ کو پابند کرے کہ ماہ رمضان کے دوران انتظامیہ گراں فروشوں پر کڑی نظر رکھے تاکہ عام آدمی اشیائے خوردو نوش کے حصول میں دشواری سے بچ سکے۔ناجائز منافع خوروں کے لیے فوری طور پر کڑی سزاؤں کا جگہ پر تعین کیا جائے تو عام گزر بسر کرنے والے افراد کو اس ماہ میں جن مشکلات کا سامنا رہتا ہے اس میں یقینی طور پر کمی واقعہ ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے ذمہ دار اداروں کو ملک دشمن عناصر پر بھی گہری نظر رکھنا ہو گی تاکہ وہ شر پسندانہ عزائم میں کامیاب نہ ہو سکیں۔مساجد،امام بارگاہوں سمیت تمام مقدسات اور عبادت گاہوں کی حفاظت ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ماہ رمضان کے دوران ملک بھر میں سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے غیر معمولی اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔