وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی نے رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے کے دوران بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مہنگائی کے جن کو قابو کرے، اور ماہ مبارک میں اگر عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی تو کم از کم ان پر مزید بوجھ نہ ڈالے۔
اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا محل کردیا ہے، یہ سب کچھ خود عمران خان کی حکومت کیلئے بھی ٹھیک نہیں۔ خیبر پختونخوا کے عوام ماہ مبارک رمضان میں بھی اشیائے ضروریہ اور خوردو نوش مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔ اگر حکومت مہنگائی پر قابو پالیتی ہے تو یہ حکومت کیلئے بھی بہتر ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ غریب عوام کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، جب مہنگائی زیادہ اور لوگوں کی آمدنی کم ہوگی تو عوام کیسے گزارہ کرسکیں گے۔؟ صوبائی حکومت کو چاہئے کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بنائے، جو براہ راست وزیراعلی کو جوابدہ ہے، اور خودساختہ مہنگائی کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔