وحدت نیوز(اسلام آباد) کوئٹہ میں ملک دشمن تکفیری دہشتگردوں نے ایک دفعہ پھر معصوم شہریوں پر وار کر کے ثابت کر دیا کہ یہ درندے کسی بھی رحم کے قابل نہیں ان ظالموں کے خلاف بے رحمانہ کاروائی کے بغیر بلوچستان میں امن کا قیام ممکن نہیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نےحیدری مارکیٹ کوئٹہ میں ملک دشمن دہشت گردوں کے بم دھماکے کے خلاف مرکزی میڈیا سیل سے جاری مذمتی بیان میں کیا۔
انہوںنے کہاکہ حیدری مارکیٹ بم دھماکے کے نتیجے میں ایک اہل تشیع ہزارہ جوان کی شہادت واقع ہوئی اور ایک درجن سے زائد شیعہ سنی شہری شدید زخمی ہوئے ہیں ۔ کوئٹہ میں دہشت گرد دھندناتے پھر رہے ہیں اور دن دہاڑے نہتے عوام کو نشانہ بنارہے ہیں لیکن افسوس کے کوئٹہ میں سکیورٹی ادارے ان دہشت گردوں کو قابو کرنے میں ناکام ہیں ۔ اہل تشیع شہری ان تکفیری دہشت گردعناصر کا آسان ہدف بننے ہوئے ہیں ۔
علامہ احمد اقبال رضوی نےکہاکہ گذشتہ ہفتے میزان چوک پر دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والوں کی قبر کی مٹی بھی خشک نہ ہوپائی تھی کہ آج ایک اور افسوس ناک واقعہ رونما ہوگیا۔انہوںنے آرمی چیف اور وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیاکہ کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان میں وزیرستان طرز کا آپریشن ان دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے انجام دیا جائے ۔علامہ احمد اقبال رضوی نے سانحے میں شہید ہونے والے عبدالحسین کے لئے مغفرت اورپسماندگان کیلئے صبر جمیل کے ساتھ تمام زخمیوں کیلئے فوری صحت یابی کی دعاکی ہے ۔
وحدت نیوز(کراچی) بھارت جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے خطے کو آگ و خون کے سمندر میں جھونک رہا ہے،اگر اقوام عالم نے بھارتی غیر آئینی و غیر اخلاقی اقدامات کو نہ روکا تو کروڑوں انسانوں کی جانوںکو خطرات لاحق ہو نگے۔بھارت حقیقی معنوں میں جنوبی ایشیاءکا اسرائیل ہے جو کہ کشمیریوں پر گزشتہ ستر سالوں سے مظالم ڈھا رہا ۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں بروز جمعہ یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا،بھارتی جارحیت کے خلاف بعد از جمعہ ملک گیر احتجاجی مظاہرے و ریلیاں نکالی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی ،علی حسین نقوی ، مولانا صادق جعفری،مولانا علی انور،علامہ مبشر ،میر تقی ظفر، مولاناغلام عباس نے وحدت ہاوس سولجر بازار صوبائی دفتر میں اپنی مشترکہ پریس کانفرنس سے کیا۔
علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ ہندوستان کسی بھول کا شکار ہے اور اسرائیلی روش اپنا رہا ہے،جس طرح اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین میں فلسطینی مسلمانوں پر ظلم وستم اور جبر و استبداد کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے اسی طرح بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کر رہا ہے،انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا، کشمیر کے مسلمان اپنی جانوں پر کھیل کر اپنے حقوق کا دفاع کرینگے،اور ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائی کی مدد کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،مودی سرکار کو یاد رکھنا چاہیئے آج ہمارے دفاعی ادارے اور افواج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتے ہیں،اور سب سے بڑھ کے مسلمانان پاکستان کے دلوں میں جذبہ جہاد کوٹ کوٹ کے بھرا ہوا ہے جس کا کوئی توڑ نہیں،ہندوستان، مسلمانان پاکستان کے جذبہ ء جہاد و شہادت کا مقابلہ نہیں کر سکتا،ہم کٹ مریں گے مگر غلامی،اور جبر کو برداشت نہیں کریں گے۔حکومت پاکستان کسی دباو میں نہ آئے اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی اور حقوق کی حصول کیلئے سفارتی مہم تیز کرے اور مسلم ممالک کو اعتماد میں لے جبکہ داخلی طور پہ بھی اس اہم ایشو پر تمام سیاسی و سماجی حلقوں کو اعتماد میں لے کر پوری دنیا کو یہ پیغام دیں کہ ہم مظلوم کشمیری بہنوں بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ثابت کرنا ہے کہ پاکستانی ایک قوم اور جسد واحد ہیں،اپوزیشن ہو یا حکومتی جماعتیں اس مسئلہ پر ہم سب ایک ہیں۔کانفرنس سے خطاب میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ ہند وستان سو سال اور بھی کوشش کرلے کشمیر کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا، ہندوستان اربوں ڈالر ز اور لاکھوں فوجی لگا کر بھی تحریک آزادی کشمیر کو خاموش نہیں کروا سکا ہندوستانی قیادت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے گزشتہ چند دنوں میں قابض ہندوستانی فورسز کے ہاتھوں ہونی والی شہادتوں کی شدید مذمت کرتے ہیں ،ستر سالوں میں مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ اور عالمی امن کی علمبردار تنظیموں کے منہ پر طماچہ ہے ۔ہزاروں شہادتوں اور لاکھوں افراد کے زخمی ہونے کے باوجود عالمی ضمیر پر جوں نہیں رینگی بھارت کا بھیانک چہر ہ اگر کسی نے دیکھنا ہے تو وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم کو دیکھ لے ۔ہے مسئلہ کشمیر پر عالمی امن اداروں کا کردار انتہائی افسوس ناک ہے ۔کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا ہم کشمیری بھائیوں کی ہر پلیٹ فارم پر حمایت جاری رکھیں گئے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ایم ڈبلیو ایم کا مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کےخلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان ۔بروز جمعہ ملک کے ہر کونے کونے سے اپنے مظلوم نہتے کشمیری بھائیوں کے لئے صدائے احتجاج بلند کی جائے گی ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گئے پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کی آزادی کے لئے قربانی دینے کے لئے تیار ہے بھارت کی جموں و کشمیر ، لداخ میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں خطے کو بدامنی میں دھکیل دے گی ۔عالمی برادی اس کشیدہ صورت حال پر نوٹس لے ۔ان خیالات کا اظہار سربرامجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں مرکزی رہنماوں علامہ احمد اقبال رضوی،سید محمد آغا رضا ،فوکل پرسن حکومت پنجاب برائے مذہبی ہم آہنگی سید اسد عباس نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اسرائیل کی ڈگر پر چل رہا ہے لیکن اسے یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ اسرئیل تمام تر مظالم اور کوششوں کے باوجود نہتے فلسطیوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکے قابض بھارتی افواج جس قدر کشمیر میں مظالم کو تیز کررہی ہے جدوجہد آزدی کی تحریک اسی قدر منزل سے قریب تر ہوتی چلی جارہی ہے ۔ ہماری وزرت خارجہ کو موجودہ صورتحال کے پیش نظرمسئلہ کشمیر اور بھارتی مظالم کےخلاف آگاہی کے لئے سفارتی سطح پر ایمرجنسی بنیادوں پر بھرپور انداز میں فعال کردار ادا کرنا ہو گا ۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کسی دباو کے بغیر مسئلہ کشمیر پر عوام کو اعتماد میں لے عوام حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ایک جسد واحد کی مانند کھڑی ہو گی ۔ اقوام متحدہ ،اور او آئی سی کو اس نازک صورتحا ل پر موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف کشمیر کی عوام کے امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے ۔کشمیر ی عوام اس مسئلے کا سب سے اہم فریق ہیں ۔ مودی سرکار کے اقدامات اور عزائم خطے میں جنگی صورت حال پیدا کررہی ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دیتے ہیں ہم تنہا نہیں ہم آپ کی اس جدو جہد میں آپ کے شانہ بشانہ ہیں اور کشمیری بھائیوں کی آزادی کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے پوری قوم تیار ہیں،بھارت کا غرور انشااللہ خاک میں مل جائیگا اور کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) قائد ملت جعفریہ شھید علامہ عارف حسین الحسینیؒ کی اکتیسیویں برسی کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے سالہاۓ گزشتہ کی طرح فقید المثال ناصران ولایت کانفرنس منعقد کی گئ جس میں ملک کے گوش و کنار سے فرزندان شھید نے شرکت کی اس موقع پر کنیزان زینب سلام الله علیھا بھی پیش پیش رہیں اور مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے چلائی گئی بھرپور دعوتی مہم کے نتیجے میں ھزاروں پیروان سیدہؑ نے کانفرنس میں شرکت کی۔ ضلع راولپنڈی ، اسلام آباد ، لاھور، چینیوٹ ، سرگودھا ، فیصل آباد ، ملتان ، ھری پور، جھلم ، اٹک ، تلہ گنگ، سکھر اور دیگر علاقوں سے خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس سے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی راہنماوں اور دیگر مقررین نے خطاب کیا اور شھید قائد کے افکار پر روشنی ڈالی۔
آخر میں خصوصی خطاب سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے کیا اس عظیم الشان کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ نرگس سجاد ، مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود محترمہ فرحانہ گلزیب ، مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی ، مرکزی سیکرٹری روابط محترمہ سیمی نقوی ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات محترمہ عرفہ عباس ، مرکزی سیکرٹری ورکنگ وومن محترمہ ڈاکٹر ردا فاطمہ ، مرکزی سیکرٹری مالیات محترمہ قراة العین ،مرکزی سیکرٹری شماریات محترمہ فرح دیبا اور مرکزی سیکرٹری تحفظ عزاداری محترمہ شبانہ میرانی بھی شریک تھیں۔
ضلع راولپنڈی کی سیکرٹری جنرل اور مرکزی سیکرٹری شعبہ جوانان جنرل محترمہ قندیل کاظمی ، مرکزی آفس سیکرٹری محترمہ بینا شاہ اور سیکرٹری جنرل اسلام آباد محترمہ صدیقہ کائنات ، محترمہ سیمی نقوی اور دیگر نے اپنے کارکنان کے ہمراہ شعبہ خواتین کی جانب سے تمام امور جن میں استقبالیہ ،سیکیورٹی ، طعام، بھی شامل تھے ،پروگرام کے دیگر انتظامی امور اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے بہترین حکمت عملی اور ٹیم ورک کا مظاھرہ کیا۔راولپنڈی ، اسلام آباد ، مری ، اٹک ، جامعہ بعثت اور تلہ گنگ کے رضاکار دستوں نے کانفرس میں اپنے فرائض و خدمات انجام دیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات خانم سیدہ نرگس سجاد جعفری کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی یکطرفہ احمقانہ بھارتی کوشش خطہ کےامن کے لیے خطرناک ہے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے اس طرح کے نا عاقبت اندیشانہ حرکتیں کررہا ہے۔ بھارت کے ان اقدامات سے تحریک آذادی کو مزید تقویت ملی۔
میڈیا سیل سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عالمی اداروں اور بین الاقوامی طاقتوں کو مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ یہ ایک ارب سے زاہد انسانوں کی موت و حیات کا مسئلہ ہے ۔ حکومت پاکستان کو چاہیئے کہ دوست ممالک سے رابطے کرے اور سلامتی کونسل اور او آئی سی کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کرے۔ انھوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا دل اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے مشکل کی اس گھڑی میں مجلس وحدت المسلمین کے کارکنان کشمیر کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) جماعت اسلامی اور مجلس وحدت مسلمین جیکب آباد کے زیر اہتمام کشمیری مسلمانوں سے یکجہتی کے لئےپریس کلب کےباہر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے بھارت کی جانب سے کشمیر میں کلسٹر بموں کے استعمال کو ظلم و بربریت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں پرتازہ بھارتی مظالم نے اسرائیلی ظلم و ستم کی یاد تازہ کردی ہے۔
ان کاکہنا تھاکہ کشمیری مسلمانوں کی قربانیوں کی بدولت کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے مگر بدمست بھارتی حکمران گولی اور بندوق کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبانا چاہتے ہیں بھارت کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حق یعنی حق خودارادیت کو دبانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نےکہا کہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی قربت امت مسلمہ کے خلاف منحوس عزائم پر مبنی ہے کشمیر اور فلسطین کی آزادی کی تحریکیں آپس میں مربوط ہونی چاہیئں۔انہوں نے دنیائے اسلام سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم پر صدائے احتجاج بلند کرے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہر محاذ پر مظلوم کشمیری بھائیوں کے حق میں آواز بلند کرتی رہی ہے اور ہم آئندہ بھی اسے اپنا شرعی و اخلاقی فریضہ سمجھتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کی حمایت جاری رکھیں گے۔