وحدت نیوز(اسلام آباد) کوئٹہ میں ملک دشمن تکفیری دہشتگردوں نے ایک دفعہ پھر معصوم شہریوں پر وار کر کے ثابت کر دیا کہ یہ درندے کسی بھی رحم کے قابل نہیں ان ظالموں کے خلاف بے رحمانہ کاروائی کے بغیر بلوچستان میں امن کا قیام ممکن نہیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نےحیدری مارکیٹ کوئٹہ میں ملک دشمن دہشت گردوں کے بم دھماکے کے خلاف مرکزی میڈیا سیل سے جاری مذمتی بیان میں کیا۔
انہوںنے کہاکہ حیدری مارکیٹ بم دھماکے کے نتیجے میں ایک اہل تشیع ہزارہ جوان کی شہادت واقع ہوئی اور ایک درجن سے زائد شیعہ سنی شہری شدید زخمی ہوئے ہیں ۔ کوئٹہ میں دہشت گرد دھندناتے پھر رہے ہیں اور دن دہاڑے نہتے عوام کو نشانہ بنارہے ہیں لیکن افسوس کے کوئٹہ میں سکیورٹی ادارے ان دہشت گردوں کو قابو کرنے میں ناکام ہیں ۔ اہل تشیع شہری ان تکفیری دہشت گردعناصر کا آسان ہدف بننے ہوئے ہیں ۔
علامہ احمد اقبال رضوی نےکہاکہ گذشتہ ہفتے میزان چوک پر دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والوں کی قبر کی مٹی بھی خشک نہ ہوپائی تھی کہ آج ایک اور افسوس ناک واقعہ رونما ہوگیا۔انہوںنے آرمی چیف اور وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیاکہ کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان میں وزیرستان طرز کا آپریشن ان دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے انجام دیا جائے ۔علامہ احمد اقبال رضوی نے سانحے میں شہید ہونے والے عبدالحسین کے لئے مغفرت اورپسماندگان کیلئے صبر جمیل کے ساتھ تمام زخمیوں کیلئے فوری صحت یابی کی دعاکی ہے ۔