وحدت نیوز(مشہدمقدس) مجلس وحدت مسلمین مشھد مقدس کیطرف سے جوار ثامن الآئمہ میں ولادت با سعادت سیدہ النساء العالمین نور چشم رسول،بضعه الرسول جناب بتول سلام اللہ علیھا اور تولد رہبر کبیر حضرت امام خمینی رضوان اللہ کی مناسبت سے سیمینارپیام ولایت برگزار ہوا جس میں علمائے کرام ،طلاب عظام نے کثیر تعداد میں بھر پور شرکت فرمائی۔پروگرام کی ابتدا تلاوت کلام مجید سے کیا گیا جسکی سعادت قاری خوش الحان جناب برادر فضل شاہ نے حاصل کی۔اسکے بعد برادر حسنین رضا نے منقبت پڑھی۔پروگرام کے پہلے خطیب حجتہ الاسلام والمسلمین جناب محمد الہی خراسانی تھے جنہوں رہبر معظم کے فرمودات کی روشنی میں انقلاب اسلامی کے دوسرے مرحلہ کے بارہ میں تفصیلی گفتگو فرمائی۔
اسکے بعد حضار کو ویڈیو کلپ دکھایا گیا ۔اسکے بعد سمینار کے مہمان خصوصی مجلس خبرگان رہبری کے رکن حضرت آیت اللہ استاد ڈاکٹر عبد خدائی حفظہ اللہ نے حضرت صدیقہ طاہر ہ جناب فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیھا کی سیرہ طیبہ کے اخلاقی اور سیاسی پہلووں پر بہت ہی مفید گفتگو فرمائی۔پروگرام کی نظامت کے فرائض جناب برادر سید فراز حسین نقوی نے انجام دیے۔مجلس وحدت مسلمین مشھدمقدس حجتہ الاسلام آغا عقیل حسین خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور سمینار میں تشریف لانے پر انکا کا شکریہ ادا کیا ۔پروگرام کو برگزار کرنے میں موسسہ فاطمہ الزہراسلام اللہ علیھا،موسسہ جوادالآئمہ،انتظار نور فاونڈیشن بلتستان نے مجلس وحدت مسلمین(موسسہ شھید عارف الحسینی) مشھدمقدس کے ساتھ خصوصی تعاون کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کی اعلیٰ قیادت کی بروقت کوششوں سے تہران میں قائم پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ایران میں مقیم پاکستانیوں کو نئے پاسپورٹ کے اجراءاور پرانے پاسپورٹ کی تجدید کے حوالے سے درپیش دیرینہ مسئلہ حل ہوگیاہے،علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی ہدایت پر ایم ڈبلیوایم پولیٹیکل سیل کے اراکین نے وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے مسئلے پر توجہ دلائی جس پر وزارت خارجہ نے ایم ڈبلیوایم کے اراکین کوتہران میں پاسپورٹ کےاجراءمیں حائل مشکلات اور تکنیکی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے فوری طور پر پرانے پاسپورٹ کومینولی رینیو کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے،ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایران میں مقیم پاکستانی اب آڈنری فیس کی بابت 400سو رروپے اور ارجنٹ فیس کی بابت 800روپے پاکستانی میں ایک سال کیلئےاپنے پرانے پاسپورٹ مینولی رینیوکرواسکیں گے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا ذرائع پر ایران میں مقیم علماءوطلبہ اور ان کے اہل خانہ کو پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے گذشتہ 9ماہ سے نئے پاسپورٹ کے حصول اور پرانے پاسپورٹ کی تجدید میں شدید دشواریوں کا سامنا تھا،قم ، اصفہان اور دیگر دور دراز شہروں سے تہران میں قائم پاکستانی سفارت خانے پہنچنے کے بعدعملےکی جانب سے انہیں تکنیکی مسائل کے سبب پاسپورٹ کے اجراءیا تجدید سے معذرت خواہی کے بعد واپس بھیج دیا جاتا تھا یہ معاملہ اتنا شدت اختیار کرگیا تھاکہ ایران مقیم پاکستانی علماءوطلبہ نے سوشل میڈیا پر صدائے احتجاج بلند کی اور طلبہ ترجمان کمیٹی تشکیل دی گئی اور دوسری مرحلے میں پاکستانی سفارتی عملے کے عدم تعاون کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے پر غور جاری تھا، ایران میں فعال پاکستانی طلبہ کی تنظیمات بالخصوص جامعہ روحانیت بلتستان نے تہران میں موجود پاکستانی سفیر سے بھی متعددملاقاتیں کیں اور اس مسئلے کے حل کیلئے بھرپور کرداراداکیا ، بلآخر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےمعاملے کی حساسیت کا ادراک کرتےہوئے اس معاملے کا نوٹس لیکر ایم ڈبلیوایم کی پولیٹیکل ٹیم کو ٹاسک سونپاکہ وہ وزارت خارجہ سے رجوع کرکے مسئلے کے فوری حل کی کوشش کرے ا ور الحمد اللہ ایران میں مقیم پاکستانیوں کی ایک دیرینہ مشکل اور پریشانی کا خاتمہ ممکن ہوگیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان پر بھارتی جنگی جارحیت اور نہتے مظلوم کشمیریو ں پر بہیمانہ بھارتی مظالم کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی زیر اہتمام علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی ہدایت پرملک گیریوم دفاع مادر وطن منایا گیا،جس کا مقصد حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاک افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہندوستان کی جنگی جارحیت کی مذمت اور مقبوضہ کشمیر کے مظلو م کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنا تھا، چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان ،آزاد جموں وکشمیر کے تمام اضلاع کراچی، نوشہروفیروز، سجاول، بدین،لاڑکانہ،جیکب آباد،نصیرآباد ، کوئٹہ،کشمور،ماتلی،ٹنڈوالہیار،خیرپور،جامشورو،تھر،شکارپور،سکھر،گلگت ، سکردو،اسلام آباد،بہاولپور، گجرانوالہ ،ملتان، رحیم یارخان، فیصل آباد، جہلم،سیالکوٹ،ڈی جی خان سمیت چھوٹے بڑے شہروں ، قصبوں، دیہاتوںسمیت100سے زائدمقامات پر بعد نماز جمعہ احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور پریس کلبز کے سامنے احتجاجی مظاہرے بھی کیئے گئے۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ پاکستان زندہ باد ، پاک فوج پائندہ باد اور ہندوستان مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے، کئی شہروں میں بھارتی وزیر اعظم مودی کے پتلےاور بھارتی پرچم بھی نظر آتش کئے گئے ۔اس موقع پر مقررین اور شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے خون کے آخری قطرے اور اپنی آخری سانس تک مادر وطن کا دفاع کرتے رہیں گے ، پاکستان کے 22کروڑعوام اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ میدان میں ڈٹی رہے گی، مقررین نے ہندوستان کو یہ پیغام دیاکہ وہ کسی بھی مہم جوئی سے باز رہے دو بھارتی جنگی جہازوں کا مارگرایا جانا اور پائلٹ کی گرفتاری صرف یہ ٹریلر ہے اگر بھارت مذید کسی ایڈونچرکا خواہاں ہے تو شوق پورا کرلے ۔
سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کایوم دفاع مادر وطن منانے کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ہندوستانی جارحیت کے خلاف پورے ملک کی عوام اپنے وطن کے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے تمام سیاسی و دینی قیادت اس حساس مرحلے پر متحد ہے۔ وطن سے عشق ہمارے دین اور ایمان کا حصہ ہے مادر وطن پر جان نثار کرنا ہر پاکستانی اپنے لئے باعث افتخار سمجھتا ہے۔ہم دنیا کی کسی بھی طاقت کو وطن عزیز کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے،بھارت امریکہ اور اسرائیل دنیا کی امن کے لئے ایک مستقل خطرہ ہے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،جذبہ شہادت سے سرشار یہ غیور قوم دشمن کے ہر مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے ہمہ وقت سر بکف تیار ہیں وطن کی سلامتی و استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان اور آئی ایس او کے زیراہتمام علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی اپیل پر پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے نماز جمعہ کے بعد خلاف امام بارگاہ ابوالفضل العباس سے چوک کمہاراں تک ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت آئی ایس او پاکستان ملتان ڈویژن کے ڈویژنل صدر عاطف حسین اور ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی سیکرٹری جنرل وجاہت علی مرزا نے کی، اس کے علاوہ امامیہ طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا عزم کیا۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے سابق مرکزی جنرل سیکرٹری خیام نقوی نے کہا کہ آئے دن بڑھتی ہوئی بھارتی جارہیت خطے کے امن و امان کو تباہ کر رہی ہے، کشمیر کی مظلوم عوام پر جب ظلم کی انتہاء کر دی گئی تو ان پر مرنے کا خوف ختم کر دیا گیا، جس کا ردعمل انہوں نے دیا۔ کئی دہائیوں پر محیط داستان کا ردعمل یہ واقعہ تھا، اس پر پاکستانی سرحد کی خلاف ورزی اور خود مختاری کو للکارنے کے مترادف ہے، اس پر پاک فوج کی بھرپور کاروائی لائقِ تحسین ہے، پاکستان ہمیشہ سے امن کا گہوارہ رہا ہے اور اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے۔ آئی ایس او پاکستان کا ہر جوان پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کا محافظ ہے اور وطن عزیز پر اٹھنے والے ہر ہاتھ اور ہر حملے کی دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے، ہمہ وقت مادرِ وطن کی ترقی و ترویج کے لیے کوشاں ہیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کے سیکرٹری جنرل وجاہت علی مرزا نے کہا کہ ہم ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ اور فلاحی امور کی انجام دہی کرتے رہے ہیں، اس نازک موڑ پر پوری قوم بالخصوص مجلس وحدت مسلمین پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، اسلامی جمہوریہ پاکستان کی سرحدوں کے حملے پر او آئی سی کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے، اپنے مفاد کے حصول کے لئے نام نہاد اسلامی اتحاد یکجا ہو جاتا ہے، مگر وطن عزیز کی طرف اٹھتے ہوئے ناپاک قدموں کے خلاف خاموشی ایک سنگین جرم ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہوچکا ہے، جس کے لیے پاکستان کا ہر جوان بھارت کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر نمودار ہو رہا ہے، پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری نہیں بلکہ صحیح حکمتِ عملی سمجھا جائے، ہم پاکستان کی حکومت، پاک فوج اور پاکستانی اداروں سے مکمل یکجہتی اور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں، کسی بھی ناگہانی حالات کی صورت میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ریلی کے اختتام پر بھارتی پرچم نذرآتش کیا گیا، ریلی میں پرنسپل جامعہ شہید مطہری علامہ قاضی نادر علوی، مولانا عمران ظفر، مولانا غلام جعفر انصاری، شہریار حیدر سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت اور خطاب کیا۔
وحدت نیوز(رحیم یارخان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پریوم دفاع مادر وطن کے موقع پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح رحیم یارخان میں بھی پاک فوج کے حق میں اور بھارتی جارحیت کے خلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت ضلعی سیکرٹری جنرل سید حسنین عباس نقوی نے کی، مظاہرین نے پاک فوج کے حق میں اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ بھارت نے جارحیت کا مزہ چکھ لیا، پاک فوج دنیا کی عظیم ترین آرمی ہے، پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستانی حکومت کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ کو رہا کرنا دنیا کو امن کا پیغام دینا ہے، بھارتی میڈیا اور حکومت عوام میں پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، پاک فضائیہ نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا کے سامنے بھارتی طاقت کو نے نقاب کر دیا ہے۔ رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی اپوزیشن اس وقت مودی کی چالاکی سمجھ چکی ہے، نریندر مودی پاکستان کے ساتھ حالات خراب کرکے الیکشن جیتنا چاہتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے آئندہ اگر جارحیت کا مظاہرہ کیا تو ہماری فوج اس سے بھی بڑا سرپرائز دے گی۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی کے رہنما اورمعروف سماجی شخصیت سبط اصغر زیدی کے پولیس کے ہاتھوں بغیر وارنٹ گرفتاری(اغواء) کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،ترجمان ایم ڈبلیوایم نے کہاہے کہ سبط اصغر اورنگی ٹاون کے رہائشی ہیں انہیں گزشتہ رات پولیس نے گھر سے گرفتار کیا مگر تاحال لاپتہ ہیں، سماجی رہنما سبط اصغر زیدی ضلع غربی میں کمشنر کراچی کے فوکل پرسن بھی ہیں،ممبر امن کمیٹی اور اتحاد بین المسلمین کے داعی سبط اصغر کی گرفتاری سے ملت جعفریہ میں بے چینی پائی جاتی ہے، سبط اصغر کو کس بنیاد پر گرفتار کر کے لاپتہ کیا گیا ؟؟وزیر اعلی سندھ واقعہ کا فوری نوٹس لیں،وزیر اعلی و آئی جی سندھ سے سبط اصغر زیدی کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں۔