The Latest

kashmir rajanasirوحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر میں ہزاروں شہداء کا خون شامل ہے اور اسے کسی بھی صورت سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائے گا، یوم شہدائے کشمیر کی مناسبت سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کا عزم بتاتا ہے کہ ہزاروں مرد و زن شہداء کا خون ان کے حق خود ارادیت کا پاسدار ہے اور ان کی جدوجہد آزادی اور قربانیوں کا سلسلہ بھارت کے ظلم و ستم سے مکمل رہائی حاصل کرنے تک جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات بڑھانے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا جائے، ہمارے دل کشمیری مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، انشاءاللہ ان کی جدوجہد آزادی کو کبھی بھی رائیگاں نہیں ہونے دیں گے، وہ وقت دور نہیں جب وادی کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور اس جنت ارضی کے مکینوں کو بھارتی مظالم سے نجات ملے گی، علامہ ناصر عباس جعفری نے شہدائے کشمیر کے خانوادگان کو تعزیت پیش کی اور مطالبہ کیا کہ کشمیری مسلمانوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خود ارادیت دیا جائے۔

وحدت نیوز (کراچی)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کراچی میں بلاول ہاؤس کے چیف سیکورٹی افسر بلال شیخ کی بم دھماکے میں ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت اپنی ہی جماعت کے رہنماؤں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، ایسی حکومت سے عوام کے تحفظ کی امید رکھنا فضول ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس سولجر بازار سے جاری ایک بیان میں کیا۔ علامہ مختار امامی نے کہا کہ ایک عرصے سے ہم یہ بات کہتے چلے آرہے ہیں کہ دہشت گردوں کی بیخ کنی کے لئے فی الفور اقدامات کئے جائیں مگر ہمارے سیکورٹی کے ادارے اور سیاسی پارٹیاں دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرتی رہیں، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ان دہشت گردوں نے بینظیر بھٹو، بشیر بلور اور کئی ارکان اسمبلی کو خاک و خون میں غلطاں کیا۔

 

علامہ مختار امامی نے مزید کہا کہ اب بھی وقت ہے حکومت اور ہماری سیکورٹی کے ادارے ہوش کے ناخن لیں اور دہشت گردوں سے مزاکرات کے بجائے ان کے خلاف ملک بھر میں آپریشن کلین اپ کریں تاکہ پاکستان کی عوام اپنے ہی وطن میں آزادی کے ساتھ زندگی بسر کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل دہشت گردی کے واقعات سندھ پولیس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ پولیس حکام فقط زبانی دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات کرتے ہوئے ٹارگٹ کلرز اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کرے۔

وحدت نیوز (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے گرومندر میں واقع جامعہ بنوریہ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین صدر پاکستان آصف علی زرداری کے قریبی رفیق اور بلاول ہاؤس کے سیکورٹی انچارج بلال شیخ سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق دھماکا جامعہ بنوریہ کے قریب ہوا جس میں بلاول ہاؤس کے سیکورٹی انچارج بلال شیخ کی ڈبل کیبن گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں صدر آصف علی زرداری کے قریبی رفیق بلال شیخ سمیت 3 جاں بحق جب کہ 8 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کی آواز اس قدر شدید تھی کہ اسے کئی کلومیٹر دور تک سنا گیا، دھماکے سے قریبی گاڑیوں اور دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

 

ایس ایس پی راجہ عمر خطاب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں حملہ خودکش نظر آ رہا ہے کیونکہ بلال شیخ آج اپنا راستہ تبدیل کرکے گھر جا رہے تھے اور یہاں پھل لینے کے لیے رکے تھے۔ بلال شیخ کو جس قدر قریب سے نشانہ بنایا گیا ہے اس سے یہی بات سامنے آتی ہے کہ حملہ خودکش تھا۔ پولیس اور دیگر تحقیقاتی ٹیموں نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ صدر آصف زرداری، وزیراعظم نواز شریف، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بلال شیخ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) سرپرست فلسطین فاونڈیشن بلوچستان اور مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ فلسطین فاونڈیشن بلوچستان نے اس سال ماہ مبارک رمضان اور یوم القدس کو "فلسطین اتحاد امت کا مظہر" کے عنوان سے منسوب کیا ہے۔ اسی مناسبت سے تصویری نمائش اور فلسطین سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس میں سیاسی، مذہبی، قبائلی رہنماء اور شیعہ، سنی علمائے کرام شر کت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے صوبائی رہنماء سردار روح اللہ خلجی، رہنماء فلسطین فاونڈیشن بلوچستان مولانا منظور حسین لاشاری، الطاف حسین ہزارہ اور صالح محمد سومرو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ علامہ مقصود ڈومکی نے مزید کہا کہ اس وقت عالم اسلام اپنی تاریخ کے مشکل دو رسے گذر رہا ہے۔ جہاں اسلام دشمن سامراجی قوتیں امت مسلمہ کے خلاف نت نئی سازشوں میں مصروف ہیں۔ اسلام جو کہ امن و سلامتی کا دین ہے، کے مقدس نام پر دہشت گردی اور نفرتوں کی تعلیم، سامراجی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انبیاء (ع) کی سر زمین فلسطین پورے عالم اسلام کی محبت کا محور ہے۔ جہاں بوڑھے استعمار برطانیہ نے ایک سازش کے تحت اسرائیل کی صیہونی حکومت قائم کی اور اب شیطان بزرگ امریکہ صیہونی ریاست کی سر پرستی کر رہا ہے۔ یہ ریاست نہ فقط فلسطینی عوام پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے بلکہ عالمی سطح پر جاری دہشت گردی اور قتل غارت گری میں بھی اس ریاست کا عمل دخل سب پر عیاں ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ پوری دنیا کے مسلمانوں کیلئے محترم ہے، جس پر غاصب صیہونی ریاست کا قبضہ ناقابل برداشت ہے۔ یہی سبب ہے کہ پوری دنیا کے مسلمان اسرائیل غاصب کے خلاف سراپا احتجاج رہے ہیں۔ حالیہ برسوں میں عرب دنیا جہاں عوامی انقلابات سے گذر رہی ہے۔ عوامی بیداری کی ان تحریکوں میں بھی بیت المقدس و فلسطین کی آزادی کا نعرہ بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ لہذا ہم سمجھتے ہیں کہ "فلسطین، اتحاد امت کا مظہر" ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمان شیعہ، سنی، دیوبندی، بریلوی، اہل حدیث وغیرہ کی تفریق سے بالا تر ہو کر آزادی فلسطین کی تحریک میں شریک ہیں۔ اسی لئے فلسطین فاونڈیشن بلوچستان نے اس سال ماہ مبارک رمضان اور یوم القدس کو "فلسطین اتحاد امت کا مظہر" کے عنوان سے منسوب کیا ہے۔ اسی مناسبت سے تصویری نمائش اور فلسطین سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس میں سیاسی، مذہبی، قبائلی رہنماء اور شیعہ، سنی علمائے کرام شر کت کریں گے۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے غیور عوام اور عوام کی نمائندہ سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ آزادی فلسطین کی تحریک کی حمایت کی ہے۔ ہم اس موقعہ پر یوم القدس کوئٹہ کے عظیم شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادی قدس و فلسطین کی راہ میں اپنے پاکیزہ لہو کا نذرانہ پیش کیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اقوام عالم میں غاصب اسرائیل کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت، اس غاصب ریاست کے انجام کی نشاندہی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) نے فرمایا تھا کہ اگر دنیا کے مسلمان متحد ہو کر ایک ایک بالٹی اسرائیل پر بہادیں تو وہ سیلاب میں غرق ہوجائے گا۔ حماس اور حزب اللہ نے غاصب اسرائیل کے خلاف جس جرات و استقامت کا مظاہرہ کیا ہے وہ اس بات کی نوید ہے کہ اب اسرائیل کا زوال اور فلسطین کی آزادی کا وقت قریب آچکا ہے۔ انشاء اللہ جلد ہی مظلوم فلسطین عوام کو آزادی نصیب ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں بلوچستان کے غیور عوام سے اپیل کروں گا کہ وہ بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کی تحریک میں بھر پور شرکت کریں۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی نے صوبہ سندھ کی دس رکنی کابینہ کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ وحدت ہاؤس کراچی سے جاری بیان کے مطابق علامہ صادق رضا تقوی کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل، عالم کربلائی کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل، یعقوب حسینی کو تنظیم سازی و امور تنظیم، عبداللہ مطہری کو سیکرٹری سیاسیات، علامہ نشان حیدر ساجدی کو سیکرٹری تبلیغات و تربیت، سید امتیاز شاہ کو سیکرٹری فلاح و بہبود، آصف صفوی کو سیکرٹری اطلاعات، ظہیر حیدر زیدی کو سیکرٹری فنانس، شفقت لانگا کو سیکرٹری رابطہ جبکہ ناصر حسینی کو آفس سیکرٹری نامزد کیا گیا ہے۔ درایں اثناء کراچی میں موجود صوبائی دفتر میں ایم ڈبلیو ایم کی نو منتخب کابینہ کے اراکین کا اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں علامہ مختار امامی نے نامزد اراکین کابینہ سے ان کی نئی تنظیمی ذمہ داریوں کا حلف لیا۔

 

اجلاس میں علامہ مختار امامی نے آئندہ تین سال کے لئے سندھ کے عوام کی خدمت کے لئے منتخب کئے جانے پر اراکین کابینہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نے جن مقاصد کے تحت اپنی جدوجہد کا آغاز کیا ہے ان میں سرفہرست مظلوم کی حمایت ہے، ہمیں اپنے مولا علی (ع) کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے ہر کام میں ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کے نظریئے کو سامنے رکھنا ہے، تاکہ محبان اہل بیت (ع) کی سرزمین کے باسیوں کو تعلیمات اہل بیت (ع) کی روشنی میں میدان عمل میں حاضر رکھ سکیں۔ خدا سے دعا ہے کہ ہمیں اپنے ذمہ داریوں سے عہدہ برآں ہونے کی توفیق عطا فرما۔

وحدت نیوز (اسلام آباد)  لبنان کے شہر بیروت میں برالابید نامی علاقے پر ہونے والے کار بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ آج عالم اسلام کے سامنے تکفیری سوچ ایک خطرناک شکل میں ظاہر ہو رہی ہے اور اس سوچ کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرنے والے عالمی سامراج کی پوری کوشش ہے کہ امت مسلمہ کے اہم اور مضبوط ستونوں کو نشانہ بنائے۔ انہوں نے کہا کہ لبنان مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی میں اپنی مثال آپ ہے جس نے روئے زمین کے سب سے بڑے فسادی اسرائیل کو شکست دے کر عالم اسلام اور بیدار مغز انسانوں میں اپنا خاص مقام حاصل کرلیا ہے اور آج لبنان کی اسلامی تحریک مزاحمت حزب اللہ خونخوار درندہ اسرائیل کے مقابلے میں عالم اسلام کی فرنٹ لائن شمار ہوتی ہے۔

 

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عالمی سامراج کی پوری کوشش ہے کہ عالم اسلام کے اس اہم دفاعی مورچے کو نقصان پہنچائے لیکن وہ اس میں نہ پہلے کامیاب ہوا تھا اور انشاء اللہ نہ اب ہوگا کیونکہ دنیا جانتی ہے اس مورچے میں رات کے راہب اور دن کے شیر جیسے اللہ کے مخلص بندے بیٹھے ہیں جن کی قیادت ایسے دانا، بصیر، شجاع اور مخلص ہاتھوں میں ہے کہ کامیابیاں ہمیشہ ان کے قدم چومتی ہیں۔ انہوں نے بیروت کے برالابید نامی علاقے میں ہونے والے کار بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تکفیری سوچ کے پیچھے چھپے سامراج سے عالم اسلام اور خاص کر لبنان کے ذمہ دار لوگوں کو ہوشیار ہونا چاہیئے۔ انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی صحت یابی کے دعا کرتے ہوئے سید المقاومت حجۃ الاسلام و المسلمین سید حسن نصر اللہ، لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔

وحدت نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) لبنان کے دارلحکومت بیروت میں حزب اللہ کے مضبوط گڑھ میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت کے علاقے برالابید میں زوردار دھماکا ہوا جس کے بعد علاقے میں دھویں کے گہرے بادل چھاگئے، دھماکے میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں جن میں حزب اللہ کے رہنما بھی شامل ہیں تاہم سرکاری طور پر ابھی جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بارودی مواد ایک کار میں رکھا گیا تھا جسے ٹائم ڈیوائس سے اڑایا گیا۔ واضح رہے کہ حزب اللہ اپنے قیام سے لے کر آج تک اسرائیل کے خلاف برسرپیکار ہے اور عرب دنیا میں واحد اسرائیل مخالف تنظیم تصور کی جاتی ہے۔

وحدت نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) حزب اللہ لبنان کے ایک سینئر رہنما نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت اس خیال باطل کے تحت کہ چونکہ حزب اللہ، شام کے بحران میں مصروف ہے، لبنان پر دوبارہ حملہ کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔ اسلامی جمہوری ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز نے ’’ الخبر لبنان ‘‘ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ حزب اللہ کی مجلس عامہ کے نائب سربراہ شیخ نبیل قاووق نے خبردار کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے لبنان پر حملے کرنے کے لئے دو روز قبل فوجی مشقیں مکمل کرلی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت یہ سمجھتی ہے کہ چونکہ حزب اللہ شام میں مشغول ہے، اسی وجہ سے وہ کسی مناسب وقت کی تلاش میں ہے، تاکہ لبنان پر دوبارہ حملہ کرکے اسے نابود اور اپنی ماضی کی پے در پے شکستوں کا بدلہ لے سکے۔

 

شیخ نبیل قاووق نے تاکید کے ساتھ کہا کہ لبنان کے داخلی اور شام میں جاری بحران کے باوجود حزب اللہ اسرائیل کو بڑی شکست اور لبنان کو بڑی کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے ہر لمحے پوری طرح تیار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لبنان کی اس بڑی کامیابی اور اسرائیل کی اس شرمناک شکست سے پورے خطے کی سیاست میں اہم تبدیلیاں واقع ہونگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کا بحران ہمیں اپنے اصلی فرض جو کہ صیہونی حکومت کی جارحیت کا مقابلہ ہے، سے ہرگز نہیں روکے گا۔ شیخ نبیل قاووق نے کہا ہے کہ شام کے بحران کے باوجود حزب اللہ، صیہونی حکومت کو ایک بار پھر زبردست شکست کا مزہ چکھانے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔

 

حزب اللہ کے رہنما نے عبرا کے علاقے میں برپا ہونے والے فتنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ایسی تبدیلی ایک بم کی مانند تھی، دشمن چاہتے تھے کہ اس بم سے پورے لبنان کو نابود کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فتنے کے لئے جمع کئے جانے والے ہتھیاروں کا ذخیرہ اور ملکی اور غیر ملکی دہشتگردوں کی تیاری سے تو ایسا ہی لگ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عبرا میں انتھا پسند وہابی عناصر کی بدامنی سے وہ تمام حلقے رسوا ہوگئے جو لبنان میں پیسے اور ہتھیاروں سے بدامنی اور فتنہ پھیلانا چاہتے تھے۔ البتہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کے فتنے کے لبنان کے تمام علاقوں میں رونما ہونے کے امکانات ہیں، اس لئے تمام لبنانیوں کو پوری طرح ہوشیار رہنا چاہیئے، انہوں نے لبنان کی فوج کی طرف سے لبنان اور تمام لبنانیوں کی حمایت پر اس کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ المستقبل نامی سیاسی پارٹی اپنی تاسیس سے ہی عوام کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرکے حزب اللہ کو نقصان پہنچانے اور بیرونی طاقتوں کے مفادات کے پراجیکٹ پر کام کر رہی ہے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ نادرا اور پاسپورٹ آفس کے اہلکاروں کا رویہ درست نہیں ہیں۔ مختلف بہانے بنا کر عوام کو تنگ کیا جارہا ہے۔ ان کی اس لاپرواہی کی وجہ سے عوام اپنی قومی شناخت سے محروم ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ نادرا اور پاسپورٹ آفس کے اہلکار اپنی لا پرواہی، کوتاہی اور کرپشن کی وجہ سے قومی جرم کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے ترجمان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس قومی مسئلے پر توجہ دے کر نا اہل اہلکاروں کے خلاف تا دیبی کارروائی کرے اور ان دفاتر میں شکایت سیل فوری طور پر قائم کئے جائیں تاکہ عوام کی شکایات کا فوری ازالہ ہو سکے۔

وحدت نیوز (آزاد کشمیر) مجلس وحدت مسلمین آزادجموں وکشمیر کی نئی کابینہ کی تشکیل مکمل کر لی گئی۔ ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے اپنی کابینہ سے حلف لے لیا۔ نئی کابینہ میں سید سرفراز حسین کاظمی (میرپور) ایڈیشنل سیکرٹری جنرل، مولانا ممتاز علی حسینی سیکرٹری ثقافت و تبلیغات، سید محسن رضا جعفری سیکرٹری خیرالعمل فاونڈیشن، مولانا سید افتخار الحسن جعفری (باغ) سیکرٹری تربیت، سید سجاد حسین سبزواری سیکرٹری فنانس، سید تصور عباس موسوی سیکرٹری سیاسیات، سید شعیب علی بخاری (کوٹلی) سیکرٹری شماریات، سید عمران حیدر سبزواری سیکرٹری یوتھ و سکاوٹس، سید قلندر نقوی سیکرٹری نشر و اشاعت، عابد علی قریشی سیکرٹری تنظیم سازی، سید کفایت حسین نقوی سیکرٹری میڈیا سیل، سید عارف حسین کاظمی (ہٹیاں) سیکرٹری امام سجاد فاونڈیشن، مولانا حمید حسین نقوی سیکرٹری روابط شامل ہیں۔

 

تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اتحاد و وحدت کے عملی فروغ کے لئے کوشاں ہے اور خطہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے ہرممکن کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہم سب کا مذہبی اخلاقی اور ایمان فریضہ بنتا ہے اور آئین پاکستان بھی ہمیں اس طرف متوجہ کرتا ہے کہ معاشرتی برائیوں کے خاتمہ اور ایک اسلامی معاشرے کی تشکیل میں ہم مشترکہ کردار ادا کریں ،عوام کی محرومیوں کے ازالہ اور نظام کی تبدیلی کے لئے ہر شخص کو ایک مجاہدانہ کردار ادا کرنا ہوگا جہاد کی فضیلت کے متعلق قرآنی تعلیمات سے ہمیں جو سبق ملتا ہے اس سے پتا چلتا ہے کہ اپنے معاشرے کو سدھارنے کے لئے مصلحانہ کردار بھی جہاد ہے اور اس سلسلہ میں جدوجہد کرنے والوں کو اللہ نے اپنی کتاب میں بیٹھ رہنے والوں پر فضلیت عطا فرمائی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان کا آغاز ہونے والا ہے اور یہ ماہ ہمیں عبادت ریاضت کے ساتھ ساتھ ایثار وقربانی اور ایک دوسرے کے احساس اور فقراء وغرباء اور بے کس بھائیوں کے مسائل کے حل اور ان کی جائزضروریات کی تکمیل کا درس دیتا ہے لہذا اس شہراللہ میں زیادہ سے زیادہ کوشش کی جائے کہ روزے کی روح کو سمجھتے ہوئے تقویٰ کے حصول کے لئے معاشرے کی فلاح واصلاح کا فریضہ سر انجام دیا جائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree