وحدت نیوز(اسلام آباد) عالمی استعماریت کے شکنجے میں جکڑے پاکستان میں محنت کش فاقہ کشی پر مجبور ہے۔ ملکی ترقی اور مزدور دشمن قوانین سے نجات کے لئے مظلوموں کو متحد ہونا ہوگا ۔حکومت عالمی یوم مزدور پر فقط بیانات پر اکتفا کرنے کے بجائے مزدور طبقے کی بہتری کے لئے اقدامات کا اعلان کرے ،ان خیالات کا اظہارسربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےعالمی یوم مزدور کے موقع پر میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے مزدور اور متوسط طبقے کی مشکلات ناقابل برداشت ہیں کسی بھی ملک کی ترقی میں انڈسٹری کو اقتصادی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہوتی ہے اور صنعتوں کا دارومدار مزدور طبقے پر ہے افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ مزد ور طبقے کے حقوق کے لئے لیبرقوانین انتہائی کمزور اور فرسودہ ہیں مزدوروں کی مزدوری بڑھتی ہوئی گرانی سے مطابقت نہیں رکھتی ۔
انہوںنے کہاکہ حکومت کو ملکی ترقی کے اہم ستون مزدور طبقے کی خوشحالی اور لیبر قوانین کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہونگے۔ انہوں نےمزید کہا کہ ہم انشااللہ مزدوروں کی فلاح بہبودکے لئے اور ملک سے مزدور دشمن قوانین کے خاتمے کے لئے جدو جہد جاری رکھیں گے۔