وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری اور فوکل پرسن بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پنجاب
سید اسدعباس نقوی کی سربراہی میں ہنگو کے مشران نے وفدکی صورت میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے مشیر سید ذلفی بخاری کے والد سید واجد بخاری سے اہم ملاقات کی ہے ۔
وفد اور سید واجد بخاری کے درمیان کے پی کے اور خصوصا ہنگو کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ وفد نے ہنگو میں تکفیری جماعت کی جانب سے علاقائی امن وامان اور شیعہ سنی وحدت کے خلاف حالیہ اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنماعلامہ اقبال بہشتی ،علامہ ارشاد علی ، جناب حسینی صاحب ،ملک عرفان علی ایڈوکیٹ، سید ابن علی شیرازی اورسید محسن شہریار بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(جھل مگسی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی کی ڈی پی او ضلع جھل مگسی گلاب خان شیخ سے ملاقات مختلف امور پر تبادلہ خیال۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے گنداواہ کی معزز شخصیت سید قاسم شاہ حسینی سید عرفان علی شاہ اور ایم ڈبلیو ایم کے سابقہ ضلعی سیکرٹری جنرل سید ولایت حسین شاہ ایڈووکیٹ کی رہائشگاہ پر شہر کے مومنین اور معززین سے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اربعین کا عالمی اجتماع تاریخ بشریت کا بے مثال اجتماع ہے جو اہل حق کو عالمی الہی حکومت اور نظام ولایت و امامت کے غلبے کی نوید دے رہا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ہمیشہ مظلومین جہان کے حق میں اور ظالموں کے خلاف آواز بلند کی ہے۔
انہوں نےکہا کہ چین ہمارا قابل اعتماد دوست ہے۔ ہمیں امریکہ اور آل سعود کی غلامی سے نکل کر ایک آزاد اور خودمختار قوم کی طرح اپنی داخلہ اور خارجہ پالیسی کو مرتب کرنا ہوگا۔ انہوں نےکہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہمیں ابھی سے تیاری کرنی ہوگی تاکہ بہتر منصوبہ بندی کے ذریعہ ہم نچلی سطح تک اپنے نمائندے لا سکیں۔اس موقعہ پر سید ولایت حسین شاہ ایڈووکیٹ نے اپنے والد محترم سید حاکم علی شاہ کے ہاتھ سے لکھے ہوئے قرآن کریم کی زیارت کرائی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین کی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقات ،مقبوضہ کشمیر سمیت ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی گفتگو ۔ مسئلہ کشمیر ہماری اولین ترجیحات میں سے ہے حکومت ملک میں آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے ۔ گلگت بلتستان کی محرومیوں کا ازالہ کریں گئے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
حکومت کےمسئلہ کشمیر اور امت مسلمہ کے مسائل پر اقوام عالم میں دوٹوک موقف کی تائید کرتے ہیں ۔حکومت کو زائرین کے حوالے سے مستقل پالیسی بنانی ہوگی گلگت بلتستان کے لوگ سب سے بڑے محب وطن پاکستانی ہیں انہیں مذید محروم نہ رکھا جائے حکومت کو مسنگ پرسن کے ایشو پر خصوصی توجہ کرنا ہوگی، ان خیالات کا اظہار سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وفد کے ہمراہ ملاقات میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کے لئے اس وقت اولین حیثیت رکھتا ہے ۔حکومت وقت نے بہتر انداز میں اقوام عالم کے سامنے اس مسئلے کو اجاگر کیاہے ۔ ہمیں کشمیر کو ایک دن کے لئے بھی فراموش نہیں کرنا چاہئے ۔ کشمیر تکمیل پاکستان کا اہم حصہ ہے ۔زائرین کے مسائل کی جانب توجہ دلاتے ہوئے سربراہ ایم ڈبلیوایم نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں ہر سال پاکستانی زائرین مقدس مقامات کی جانب سفر کرتے ہیں گزشتہ ادوار میں اس جانب بلکل توجہ نہیں دی گئی ۔ حکومت زائرین کے حوالے سے مستقل پالیسی بنائے تاکہ ان کے مسائل کا بہتر تدارک کیا جاسکے ۔ انہوں نے مذید کہا کہ وطن عزیز کا ہر فرد ملک سے محبت کرتا ہے لیکن گلگت بلتستان کے لوگ سب سے بڑے محب وطن پاکستانی ہیں انہیں مذید محروم نہ رکھا جائے۔
ا نہوں نے مذید کہا کہ اس وقت ملک میں مسنگ پرسنز کا مسئلہ توجہ کا طالب ہے کسی بھی پاکستانی شہری کو لاپتہ رکھنا انسانی حقوق اور آئین قانون کی خلاف ورزی ہے ۔تحریک انصاف کی حکومت اس اہم سنگین مسئلے پر فوری قانون سازی کرئے ۔صدر مملکت سے ملاقات میں گلگت بلتستان کے آئینی حقوق سمیت تعلیم روزگار کے مواقع اور صحت کی سہولتوں پر بھی بات کی گئی ۔
ایم ڈبلیوایم کے وفد سے بات کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کو وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ امریکہ اور کشمیراور امت مسلمہ مسائل کے حل حوالے سے حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایم ڈبلیوایم کے وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں ،مجلس وحدت مسلمین کی امت مسلمہ کے مسائل اور اتحاد امہ کے وژن کی تائید کرتے ہیں ۔ ہم ملک میں آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں اور انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے خصوصی کوششیں کر رہے ہیں ۔ زائرین کے مسئلے پر تحریک انصاف کی حکومت سے قبل کسی نے اتنی توجہ نہیں دی اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کریں گے ۔
گلگت بلتستان کے مسائل پر بات کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حوالے سے تحریک انصاف کا واضع موقف ہے ہم گلگت بلتستان کی عوام کی محبت اور وفاداری کے مقروض ہیں ۔ تحریک انصاف کی حکومت گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں سمیت تعلیم صحت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے ۔ ملاقات میں آئندہ گلگت بلتستان کے الیکشن پر بھی بات چیت کی گئی ۔ ایم ڈبلیوایم کے وفد میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم سید ناصر شیرازی ، فوکل پرسن حکومت پنجاب و مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی ، ڈپٹی پولٹیکل سیکرٹری سیاسیات سید محسن شہریار بھی شامل تھے ۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) سیکرٹری فلاح و بہبود مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر مولانا سید زاہد حسین کاظمی کے والد محترم،حلقہ کوٹلہ کی معروف سیاسی،سماجی ومذہبی شخصیت سیدغلام سرورشاہ کاظمی المشہدی گزشتہ دنوں انتقال کرگئے،مرحوم مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید طالب حسین ہمدانی کے ماموں و سسرتھے۔مرحوم کی نماز جنازہ پیچھپی سیداں کے مقام پر ادا کردی گئی نماز جنازہ میں کثیر تعدادمیں سیاسی،سماجی،مذہبی،عمائدین و عوام علاقہ نے شرکت کی جن میں علامہ مفتی سید کفایت حسین نقوی،علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر،علامہ سید فرید عباس نقوی ممبر علماء و مشائخ کونسل آزاد کشمیر،شیخ احمد علی سعیدی ،مولانا حافظ کفایت حسین نقوی ،مولانا سید حمید حسین نقوی،مولانا قاری مختار شاہ ہمدانی کے علاوہ تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی راہنما و امیدوار اسمبلی حلقہ کوٹلہ سردار تبارک علی،جماعت اسلامی کے راہنما سید نزیر حسین شاہ پی پی کے راہنما اظہرحسین ہمدانی ایڈوکیٹ اور دیگر نے شرکت کی ۔
مرحوم سید غلام سرور کاظمی المشہدی کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔مرحوم کی رسم قل مورخہ 09اکتوبر 2019 کو مولانا زاہد حسین کاظمی کی رہائش گاہ ادا کی گئ۔اس موقع پرعلامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نےخطاب کرتے ہوۓ مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے جو خلق خدا کے لیے خدمات سر انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں مرحوم نے اپنی ساری زندگی خلق خدا کی خدمت اسلام کی تبلیغ اور انسانیت کی فلاح بہبود کے لیے وقف کئے رکھی۔مرحوم کا شمار علاقہ کی بااثر سیاسی و سماجی شخصیات میں ہوتا تھا،مرحوم کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ صدیوں پُر نہیں ہوگا،مرحوم غلام سرورکاظمی المشہدی نے علاقہ میں فروغ شعیت و اتحاد بین المسلمین کے لئے جو خدمات سرانجام دی وہ سب کے سامنے عیاں ہیں،مرحوم کی محنت سے اس وقت علاقہ کہوڑی،پٹہیکہ میں ایک بڑی تعداد میں عزاداری و محافل میلاد ہو رہی ہیں۔
علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نےمزیدکہا کہ مرحوم نے دین اسلام کے لیے جو خدمات سر انجام دی ہیں ان کا ثواب ان کو تا قیامت ان کے نام اعمال میں لکھا جاتا رہے گا انہوں نے کہا کہ حدیث پیغمبرﷺ کی رو سے جو بندہ دنیامیں تین کام کر کے وفات پاجاتا ہے تو اس کے نامہ اعمال میں نیکیاں لکھی جاتی ہیں(١)جو مسجد،مدرسہ وغیرہ قائم کر جائے(٢)دینی کتاب لکھ جائے اور(٣)اولاد صالحہ چھوڑ جائے۔ ان میں مرحوم نے مساجد،امام برگاہ قائم کی ہیں جن میں آج نماز جمعہ و جماعت وعزاداری ہو رہی ہے تالیف کے باب میں بھی مرحوم نے علاقہ کے سادات کے نسب نامے پر ایک کتاب لکھ رکھی ہےاورنیک اولاد بھی چھوڑی ہے جو علاقہ میں مصروف تبلیغ دین ہے لہذاان تینوں امورمیں مرحوم کے نامہ اعمال میں ہمیشہ ثواب درج ہوتا رہے گا اور انہوں نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
قل خوانی کی مجلس سے علا مہ سید علی اکبر شاہ کاظمی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی نے خطاب کرتے ہوۓ پسماندگان سے تعزیت وتسلیت و مرحوم کی بلندی درجات کی دعا کی۔قل خوانی کی مجلس میں سابق وزیر جنگلات حکومت آزادکشمیر سردارجاوید ایوب،رہنما مسلم کانفرنس حلقہ سات مظفرآباد سیدتصور عباس موسوی،سابق چئیر مین زکوٰةحلقہ کوٹلہ سید امجد شاہ،سردار درایمان اعوان کے علاوہ دوست احباب اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق قوانین میں مذید بہتری کی ضرورت ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پوری دنیاکو مسئلہ کشمیر کی حساسیت اور اہمیت کی جانب متوجہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار فوکل پرسن برائے بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پنجاب و مرکزی پولیٹکل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم سید اسد عباس نقوی نے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے اسلام آباد میں ملاقات میں کیا ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عام پاکستانیوں کو انسانی حقوق سے متعلق قوانین کی آشنائی دینا ضروری ہے جس کے لئے ملک گیر آگاہی پروگرام کا اجرا ہونا چاہئے۔کشمیر پر تحریک انصاف کی حکومت کا اقوام عالم کے سامنے دوٹوک موقف دونوں طرف کے کشمیریوں کے دلوں کی آواز تھی۔مسئلہ کشمیر اس سے قبل اتنے بہتر اور مدلل انداز میں دنیا کے سامنے پیش نہیں کیا جاسکا تھا۔ آج دنیا کشمیر کے مسئلے کی جانب متوجہ ہوئی ہے۔
اس موقع پر وفا قی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شریں مزاری نے کہا کہ عام پاکستانیوں کے مسائل کے حل سمیت بنیادی انسانی حقوق کی ملک بھر میں فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انسانی حقوق سے متعلق قوانین میں مذید بہتری کی گنجائش موجود ہے جس پر ہم کام کررہے ہیں۔ اس ملاقات میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری سیاسیا ت سید محسن شہریار بھی ہمراہ تھے۔
وحدت نیوز (آرٹیکل)عطیہ سعد بن جنادہ عوفی جو بعض تاریخی کتابوں کے مطابق 36سے 40 ہجری کے درمیان کوفہ میں پیدا ہوئے۔ بعض تحقیقات کے مطابق چونکہ ان کی پرورش کوفہ میں ہوئی اس لئے انھیں کوفی کہا جاتا ہے۔ لیکن بعض کے مطابق وہ کوفہ میں پیدا نہیں ہوئے تھے کیونکہ ان کا والد سعد بن جنادہ کوفہ کا رہنے والا نہیں تھا۔ عطیہ عرب کے معروف و مشہور بکالی خاندان میں پیدا ہوا ۔ بکالی خاندان قبیلہ بنی عوف بن امر القیس سے تعلق رکھتے تھےاور عرب قبائل میں اس قبیلہ کوایک خاص مقام و منزلت حاصل تھا چونکہ وہ بنی عوف قبیلے سے تعلق رکھتاتھا ، اس لئے اسےعطیہ عوفی کہا جاتاہے۔1۔ جنادہ مشہور روایوں میں سے ہیں جنہوں نے بہت ساری روایتوں کو نقل کیا ہے۔وہ پیغمبر اسلام کی رحلت کے بعد امام علی علیہ السلام کے قریبی ساتھیوں میں شامل ہو گئے اورآپ کے ساتھ بہت سے جنگوں میں شرکت کی اوراس بارے میں بہت سی روایات ان سےنقل ہوئی ہیں۔
مشہور مورخ ابن سعد کہتے ہیں: سعد بن محمد ابن الحسن، عطیہ کا بیٹا نقل کرتا ہے: سعد بن جنادہ کوفہ میں امیر المومنین علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ان سے کہا:یا امیر المومنین علیہ السلام: مجھے ایک بیٹا پیدا ہوا ہے ، آپ اس کے لئے کوئی مناسب نام انتخاب کریں۔ امام نے فرمایا: یہ بیٹا اللہ تعالی کی طرف سے ایک عطا اور ہدیہ ہے ۔ پس وہ عطیہ کے نام سے مشہور ہوا اس کی والدہ اہل روم تھیں۔2۔
زیارۃ اربعین کی اہمیت اس قدر زیادہ ہے کہ امام حسن عسکری علیہ السلام نے فرمایا: مومن کی نشانیوں میں سے ایک زیارۃ اربعین کی تلاوت کرناہے۔3۔جب بھی زیارت اربعین اورچہلم امام حسین علیہ السلام کا ذکر ہو وہاں حتما ان دو ہستیوں یعنی جابر اور عطیہ کا ذکر ہوتا ہے۔ یہ دونوں ہستیاں اسلامی تاریخ کی معروف شخصیات میں سے ہیں۔ لیکن جو چیز انہیں دوسری شخصیات اورافراد سے ممتاز کرتی ہے وہ یہ ہے کہ ان کا شمار امام حسین علیہ السلام کے پہلے زائروںمیں ہوتا ہے۔
بعض افراد عطیہ عوفی کوجابر بن عبد اللہ انصاری کا غلام تصور کرتے ہیں جبکہ یہ بات صحیح نہیں ہےکیونکہ کسی بھی مستند منابع میں اس بات کا ذکر نہیں ہوا ہے بلکہ وہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بزرگ صحابی کا قابل اعتماد شاگرد رہا ہے ۔عطیہ عوفی اور جابر بن عبد اللہ انصاری 20 صفر61ہجری کو امام حسین علیہ السلام کی زیارت سے مشرف ہونے والے پہلے زائر تھے جو شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر کربلا میں امام حسین علیہ السلام کی مرقد پر پہنچے ۔
عطیہ عوفی بہت بڑے عالم ،محدث، مفسر اور سماجی اور سیاسی معاملات میں متحرک مسلمان تھے۔ عطیہ تابعین میں سے تھے جنہوں نے رسول خدا کو درک نہیں کیا وہ امام علی علیہ السلام کے اصحاب اور ان کے بعد باقی ائمہ علیہم السلام کے بھی اصحاب تھے انہوں نے امام محمد باقر علیہ السلام اور امام صادق علیہ السلام کے زمانے کو بھی درک کیا۔عطیہ نے اپنے استاد سے حدیث غدیر کے علاوہ زیارت اربعین کو بھی نقل کیا ہے۔ جابر بن عبد اللہ انصاری پیغمبر خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قریبی اصحاب میں سے ہیں جنہیں رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ ذمہ داری سونپی تھی کہ امام باقر علیہ السلام کو ان کا سلام پیش کرنا ہے۔ کیونکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کو یہ بشارت دی تھی کہ وہ زندہ رہیں گے اور پانچویں امام سے ملاقات کریں گے۔عطیہ عوفی نے برجستہ استادوں سے تربیت حاصل کی جن میں سب سے مشہور جابر بن عبد اللہ انصاری اور عبد اللہ ابن عباس ہیں جبکہ بعض کتابوں میں ان کے آٹھ استا تید کا نام ذکر کیا ہے۔عطیہ نے پانچ جلدوں پر مشتمل قرآن مجید کی تفسیر لکھی ہے۔4
عطیہ اپنے زمانے کے ایک بہت بڑے عالم دین تھےاور علمی اعتبار سے ان کو اتنا مقام حاصل تھا کہ اہل سنت علماء بھی ان پر اعتماد کرتے تھے ۔ عطیہ کے علمی آثاراہل سنت علماء کے درمیان بھی معتبر تھے خاص کر طبری اورخطیب بغدادی جیسی عظیم شخصیات نے اس عظیم عالم کے علمی آثار سے بہت فائدہ اٹھایا ہے۔ عطیہ کو قرآن اور علوم قرآنی سے اس قدر محبت تھی کہ خود ایک روایت میں نقل کرتا ہے: میں نے ابن عباس سے قرآن پاک کی تین دورہ تفسیر سیکھا ہے اور سترمرتبہ قرآن اس کے پاس پڑھا ہے۔5۔
عطیہ نے بھی بعض افراد کی تربیت کی،جن میں سے بعض کے نام کتاب تھذیب التھذیب میں ذکرہے۔ اس کےمہم ترین شاگردوں میں مشہورراوی اعمش اور اس کے اپنےتین بچے حسن ، عمرو اور علی شامل ہیں۔6۔
عطیہ عالم ،مفسر قرآن اور ایک عظیم محدث ہونے کے علاوہ ایک سماجی اور سیاسی کارکن بھی تھے جیسے:
1۔عطیہ نے حدیث ثقلین،حدیث ائمہ اثنا عشر،حدیث سفینہ نوح حدیث غدیر ،حدیث منزلت ، حدیث سد الابواب وغیرہ اوروہ احادیث جو سیاسی اعتبار سے بھی زیادہ اہم سمجھے جاتے تھے، نقل کیا ہے اسی طرح آیہ تطہیر کی تفسیر بیان کی ہے۔
2۔ عطیہ جابر کے ساتھ اس انتہائی حساس اور خطرناک صورتحال میں امام حسین علیہ السلام کی زیارت کے لئے جاتے ہیں ، کیوں کہ امام حسین کی علیہ السلام شہادت کے بعد یزید اپنے آپ کو فاتح کربلاسمجھتاتھا اور اپنے ظلم و ستم اورجنایتوں کے لئے کسی کو مانع نہیں سمجھتا تھا اور ہمیشہ اختلاف رائے کو خاموش کرنے کے ذریعہ، قیام عاشورا کو اپنی جائز حکومت کے خلاف بغاوت قرار دیتاتھا۔ اس صورت حال میں جناب جابر اور جناب عطیہ کا مدینہ سےامام حسین علیہ السلام کی زیارت کا قصد کر کے کربلاجاناور اس مقدس مرقد پر عزادری کرنا حقیقت میں آپ کے حقیقی فتح کی ترجمانی کرناتھا۔
3۔عطیہ قیام مختار میں شریک ہوئے اور مختار کے حکم پر عبد اللہ بن زبیر کے ہاتھوں سے بنی ہاشم اور محمد بن حنفیہ کو بچانے کے لئے ابو عبد اللہ جدلی کی سربراہی میں مکہ روانہ ہوگئے۔ جب وہ مکہ کے قریب پہنچے تو ابوعبداللہ جدلی نے عطیہ کو آٹھ سو فوجیوں کی کمان دے کر شہر روانہ کیا۔ یہ گروہ مکہ میں تکبیر کی آواز بلند کرتے مکہ میں وار ہوگئے ۔ عبد اللہ بن زبیر نے جب یہ آوازسنا تو بھاگ کر دار الندوہ میں داخل ہو گئے ۔ بعض کے مطابق عبد اللہ بن زبیرنے کعبہ کےغلاف سے پکڑ کر پناہ لی اور کہا کہ میں خدا کی پناہ میں ہوں۔
عطیہ کہتے ہیں: ہم ابن عباس اور ابن حنفیہ کے پاس گئے ، جو اپنے ساتھیوں کے ساتھ گھروں میں قید تھے جن کے چاروں طرف اس طرح سے لکڑی کی دیواریں بنائی گئی تھی کہ اگر کوئی اسے آگ لگا دے تو وہ سب جل جائیں۔ ان افرادکو بچانے کے بعد ہم نے ابن عباس اور محمد بن حنفیہ سے اجازت طلب کی کہ وہ عبداللہ بن زبیر کے نجس وجود کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کے لئے اجازت دیں لیکن انہوں نے خانہ کعبہ کے وقار کی وجہ سے اس بات کی اجازت نہیں دی۔7
4۔ تاریخ ان کی سیاسی جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ تاریخی منابع میں ان کے بارے میں کچھ اس طرح ذکر ہیں:کوفہ میں ظالم و جابر حکومتوں کے خلاف بے شمار تحریکیں وجود میں آئی ہیں جن میں سے ایک عبدالرحمٰن ابن محمد اشعث کی تحریک تھی۔ یہ تحریک خراسان سے شروع ہوئی تھی ، اور عراق کے کچھ بڑے دانشمند اور قاریان ، جیسے سعید بن جبیر ، ابراہیم نخعی اور عطیہ عوفی بھی عبدالرحمٰن کے ساتھ اس تحریک میں شامل تھے۔ جب عبدالرحمٰن کو شکست ہوئی اور اسے گرفتار کرلیا گیا تو عطیہ فارس بھاگ جانے میں کامیاب ہوا۔ حجاج بن یوسف نے محمد بن قاسم ثقفی کو ایک خط لکھا اور یہ حکم دیا کہ وہ عطیہ کو اپنے پاس بلا لیں اور اسے کہ دیں کہ وہ علی بن ابی طالب پر لعنت بھیجیں۔ اگراس نے اس عمل کو انجام دیا تو ٹھیک ہوا ورنہ اسے چار سو کوڑے مار نا اور اس کے سر کے بال اورداڑھی کومنڈوانا۔
چنانچہ اس نے عطیہ کو طلب کیا اور حجاج کے خط کو پڑھ کراسے سنایا۔عطیہ نے اس کی اطاعت سے انکار کردیا ، اور اس نے بھی حجاج کے حکم پر عمل کیا اور اس پر چار سو کوڑے مارا اور اس کے سرکے بال اورداڑھی کو منڈوا لیا ۔ جب قتیبہ بن مسلم نے خراسان کی گورنری سنبھالی تو ، عطیہ اس کے پاس چلا گیا اور خراسان میں رہا یہاں تک کہ عمر بن ہبیرہ نے عراقی حکومت کا اقتدار سنبھال لیا۔ اس وقت ، عطیہ نے اسے ایک خط لکھ کر کوفہ واپس آنے کا مطالبہ کیا تو ہبیرا نے اسے کوفہ آنےکی اجازت دی۔ عطیہ کوفہ واپس آئے اور 111 ہجری میں وفات پانے تک کوفہ میں مقیم رہے۔8
عطیہ سےمنقول روایات:
1۔ حدیث غدیر:
ابن مغازلی نے اپنی کتاب میں عطیہ عوفی سے روایت نقل کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ عطیہ نے کہا:میں نے ابن ابی اوفی کو اس کے گھر کے پاس دیکھا جب وہ نابینا ہو چکا تھا۔ میں نے اس سے حدیث غدیر کے بارے میں پوچھا تو اس نے کہا: اے کوفہ کے رہنے والو :کس قدر تم بد بخت ہو ۔وائے تمہاری اس حالت پر۔ میں نے کہا: خدا تمہارے کام کو آسان اوراصلاح کرے ، میں کوفہ سے نہیں ہوں اور تجھے اس بات کا علم نہیں ہے کہ میں کوفہ کا رہنے والانہیں ہوں۔ اس نے پوچھا: تمہاری مراد کونسی حدیث ہے؟ میں نے کہا حدیث غدیر کے بارے میں جاننا چاہتا ہوں جسے رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے روز غدیر علی ابن علی طالب کے بارے میں فرمایا تھا۔وہ کہتا ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خم کے میدان میں غدیر کے دن علی ابن ابی طالب کا ہاتھ پکڑ کر لوگوں سے اس طرح مخاطب ہوا:
اےلوگو! کیا تم نہیں جانتے کہ میں مومنین سے زیادہ ان کے جسموں پر تصرف کا حق رکھتا ہوں؟ سب نے کہا: کیوں نہیں اے رسول خدا۔ اس کے بعد رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرمایا: جس جس کا میں مولا ہوں اس کا علی ابن ابی طالب بھی مولا ہے ۔9۔علامہ مجلسی لکھتے ہیں:حافظ ابونعیم نے اپنی کتاب (مانزل من القرآن فی علی )میں اعمش (عطیہ عوفی کا شاگرد)سے اور اعمش، عطیہ عوفی سے نقل کرتا ہے کہ عطیہ اس آیہ شریفہ (یا آیھا الرسول بلغ ما انزل الیک من ربک)10۔کی شان نزول کے بارے میں کہتا ہے کہ : (نزلت ہذہ الآیہ علی رسول اللہ فی علی بن ابی طالب) یہ علی بن ابی طالب کے بارے میں نازل ہوا ہے۔ 11
2۔خطبہ فدک: عطیہ کا دوسرا لازوال کام حضرت زہراسلام اللہ علیہا کاخطبہ فدکیہ ہے۔ آپ نے یہ خطبہ مسجد نبوی میں دیا تھا۔ عطیہ
نے اسے امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے فرزند عبد اللہ بن مثنی کو نقل کیا اور اس طرح یہ خطبہ ہمیشہ کے لئے تاریخ میں ایک یاد گار کے طور پر ثبت ہوا۔
3۔حدیث زیارت اربعین
طبری اپنی سند کے ساتھ عطیہ عوفی سے نقل کرتا ہے کہ عطیہ عوفی نے کہا کہ: میں جابر بن عبد اللہ انصاری کے ساتھ حسین بن علی علیہ السلام کی قبر کی زیارت کرنے کے لئے کوفہ سے نکلے۔ جب ہم کربلا پہنچے تو جابر فرات کے ساحل کے قریب گیا اور غسل انجام دیا اور محرم افراد کی طرح ایک چادرپہنا ، پھر ایک تھیلی سے خوشبو نکالا اوراپنے آپ کو اس خوشبو سے معطر کیا اور ذکر الہی کے ساتھ قدم اٹھانا شروع کیا یہاں تک کہ وہ حسین ابن علی کے مرقد کے قریب پہنچا۔ جب ہم نزدیک پہنچے تو جابرنے کہا : میرا ہاتھ قبر حسین پر رکھو۔ میں نے جابر کے ہاتھوں کو قبر حسین پر رکھا ۔ اس نے قبر حسین ابنی علی کو سینے سے لگایا اور بے ہوش ہو گیا ۔ جب میں نے اس کے اوپر پر پانی ڈالا تو وہ ہوش میں آیا۔
اس نے تین مرتبہ یا حسین کہ کر آواز بلند کیا اور کہا: (حبیب لا یجیب حبیبہ)کیا دوست دوست کو جواب نہیں دیتا؟ پھرجابر خود جواب دیتا ہے "آپ کس طرح جواب دو گے کہ آپ کے مقدس کو جسم سے جدا کیا گیا ہے ؟میں گواہی دیتا ہوں کہ آپ پیغمبر خاتم اور امیر المومنین علی ابن ابی طالب اور فاطمہ زہرا کے فرزند ہیں اورآپ اس طرح کیوں نہ ہو ، کیونکہ خدا کے رسول نے اپنے دست مبارک سے آپ کو غذا دیا ہے اور نیک لوگوں نے آپ کی پرورش اور تربیت کی ہے۔ آپ نے ایک پاک اور بہترین زندگی اور بہترین موت حاصل کی ہے اگرچہ مومنین آپ کی شہادت سے محزون ہیں ۔خدا کی رضایت اور سلام شامل حال ہو اے فرزند رسول خدا۔میں گواہی دیتا ہوں کہ آپ کو ایسی شہادت نصیب ہوئی جیسےیحیی بن زکریا کو نصیب ہوا تھا۔
اس کے بعد جابر نے سید الشہداء علیہ السلام کے اطراف میں موجود قبروں کی طرف دیکھا اور کہا: سلام ہو آپ لوگوں پر اے پاکیزہ ہستیاں کہ آپ لوگوں نے حسین ابن علی علیہ السلام کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ آپ لوگوں نے نماز قائم کی اور زکوٰ ۃ ادا کیا اور ملحدوں کے ساتھ جہاد کیا اور خدا کی اتنی عبادت کی کہ یقین کے مرحلہ تک پہنچ گئے ہو۔ قسم اس ذات کی جس نے حضرت محمد مصطفی کو نبوت اور رسالت پر مبعوث کیا ہم بھی آپ لوگوں کے اس عمل میں شریک ہیں ۔
عطیہ کہتے ہیں: میں نے جابر سے پوچھا: ہم کس طرح ان کے ساتھ ثواب میں شریک ہوسکتے ہیں جب کہ ہم نہ کوئی بھی کام انجام نہیں دیا ہے ۔نہ ہم نے تلوار ہاتھوں میں لیا ہے نہ ہم نے کسی سے جنگ کی ہےلیکن ان لوگوں کےسروں کو ان کے جسموں سے جدا کیا گیا ہے۔ان کے بچے یتیم ہو گئے ہیں اوران کی شریک حیات بیوہ ہو گئی ہیں ؟جابر نے مجھے جواب دیا اےعطیہ! میں نے اپنے محبوب رسول خدا سے یہ کہتے ہوئے سنا ہےکہ اگرکوئی کسی گروہ کو چاہتا ہے تو وہ اس گروہ کے ساتھ محشور ہوں گے ، اور جو بھی کسی گروہ کے عمل سے راضی ہو تو وہ بھی اس گروہ کے اعمال میں شریک ہیں۔ اس ہستی کی قسم جس نےمحمد مصطفی کو مبعوث کیا ہے کہ میرا اور دوسرے چاہنے والوں کو ارادہ بھی وہی ہے جو امام حسین علیہ السلام اور ان کے با وفا اصحاب کا تھا ۔پھر اس کے بعد جابرنے کہا:میرا ہاتھ پکڑ و اور مجھے کوفہ کی طرف لے چلو۔
جابر کوفہ کی طرف جاتے ہوئے کہتا ہے: اے عطیہ! کیا تم چاہتے ہو کہ میں تجھے وصیت کروں؟ کیونکہ مجھے نہیں لگتا کہ اس سفر کے بعد میں تم سے دوبارہ ملوں ۔ اے عطیہ! آل محمد کے چاہنے والوں سے محبت کرو جب تک کہ وہ آل محمد سے محبت اور دوستی کرتے ہیں۔ آل محمد کے دشمنوں سے عداوت کرو جب تک کہ وہ آل محمد سے دشمنی کرتےہیں گرچہ وہ دن کو روزہ رکھتا ہواور رات کو شب بیداری میں ہی کیوں نہ گزارتا ہو۔ آل محمد کےچاہنے والوں کے ساتھ رواداری اور نرمی سے پیش آجاو کیونکہ اگر ان کے پاؤں گناہوں کی بوجھ کو برداشت نہ کر سکے تو ان کا دوسرا پاؤں آل محمد کی محبت کی وجہ سےمضبوط اور ثابت قدم رہے گا۔ بے شک آل محمد کے چاہنے والے جنت میں جائیں گے جبکہ ان کے دشمن جہنم میں چلے جائیں گے۔ 12
تحریر: محمد لطیف مطہری کچوروی
حوالہ جات:
1۔سفینۃ البحار،ج۶،ص۲۹۶۔
2۔شيخ عباس قمي، سفینۃ البحار، ج 6، ص 296 بہ نقل از تنقیح المقال۔
3۔وسائل الشیعہ جلد10، صفحہ 373۔
4۔ شيخ عباس قمي، سفینۃ البحار، ج 6، ص 296 بہ نقل از تنقیح المقال۔
5۔ریحانۃ الادب،ج۴،ص۲۱۸۔
6۔ شيخ عباس قمي، سفینۃ البحار، ج 6، ص 296 بہ نقل از تنقیح المقال۔
7۔ الطبقات الکبری، ج۵، ص:۷۵۔
8۔ شيخ عباس قمي، سفینۃالبحار، ج 6، ص 296 بہ نقل از تنقیح المقال۔
9۔ محمدباقر مجلسي، بحارالانوار، ج 37، ص 185 بہ نقل از الطرائف۔
10۔ مائدہ، آیۃ 67۔
11۔بحارالانوار، ج 37، ص 190۔
12۔عمادالدین قاسم طبری آملي، بشارۃ المصطفی، ص 125، حدیث 72؛ بحارالانوار، ج 68، ص 130،ح 62۔