وحدت نیوز (فیصل آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع فیصل آباد کے زیر اہتمام استقبال محرم حسینؑ سب کا کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس میں خواتین نے بھر پور شرکت کی. کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور نعت رسولؐ مقبول پڑھی گئی، مقررین نے سیرت امام حسینؑ پر روشنی ڈالی ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرانقوی نے اپنے خطاب میں مقصد امام حسینؑ اور خواتین کی ذمہ داریوں پر گفتگو کی اور انہوں نے شرکاء سے چیف جسٹس اور وزیر اعظم کے ڈیم فنڈ اور سرسبز پاکستان مہم میں بھرپور حصہ لینے کی تاکید کی کانفرنس میں مرکزی سیکریٹری فلاح و بہبودمحترمہ فرحانہ گلزیب نے بانیان ، ذاکرین اور سامعین کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی ،کانفرنس میں وحدت اسکائوٹ نے اپنے فرائض انجام دیئے اور آخر میں ڈپٹی سیکریٹری جنرل پنجاب ڈاکٹر سید افتخار نقوی کے گھرشرکاءکیلئے نمازباجماعت اور کھانے کا اہتمام کیا گیا ۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی سے ماھ محرم الحرام کے حوالے سے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاھ کا ٹیلیفونک رابطہ، محرم الحرام سے متعلق انتظامات پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ صوبائی حکومت ایام عزا سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے صوبائی کابینہ کی جانب سے فوکل پرسن مقرر کیا جائے جو ایام عزا سے متعلق مسائل حل کرے۔انہوں نے کہا کہ واپڈا کو پابند کیا جائے کہ رات کو بجلی بند نہ کی جائے۔ بلدیہ جلوس عزا کے روٹس کی صفائی یقینی بناتے ہوئے مین ہول اور راستوں کی کھدائی اور گڑھوں کے مسائل حل کرے۔
انہوں صوبائی وزیر کو بتایا کہ کئی مقامات پر انتظامی میٹنگز میں ملت کی نمائندھ شخصیات کو بلانے کی بجائے خانہ پری کی جارہی ہے جوکہ کسی طور بھی مناسب نہیں۔اس موقعہ پر صوبائی وزیر سید ناصرعلی شاھ نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت عزاداروں سے مکمل تعاون کرتے ہوئے ایام عزا محرم الحرام کے دوران اپنے فرائض ادا کرے گی اور ان مسائل سے متعلق وزیراعلی سندھ کو بھی آگاہ کریں گے اور مکمل تعاون کیا جائے گا۔
وحدت نیوز (علی پور) مجلس وحدت مسلمین ضلع علی پور کی شوریٰ کا اجلاس مرکزی امام بارگاہ مہاجرین میں منعقد ہوا، اجلاس میں ضلع بھر کے تمام یونٹس سیکرٹری جنرل اور نمائندگان نے شرکت کی، اجلاس کی صدارت ضلعی سیکرٹری جنرل خواجہ قمر عباس نے کی جبکہ اجلاس میں خصوصی طور پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، صوبائی رہنما سید ندیم عباس کاظمی، سید زعیم نواز زیدی، سید رضوان کاظمی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے آخر میں سیکرٹری جنرل خواجہ قمر عباس نے اپنی ضلعی کابینہ کا اعلان بھی کیا۔
وحدت نیوز(مظفرگڑھ) مجلس وحدت مسلمین ضلع مظفرگڑھ کی ضلعی شوریٰ کا اجلاس جامع مسجد مظفرگڑھ میں منعقد ہوا، اجلاس میں ضلع بھر کے تمام یونٹس اور علاقوں سے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں خصوصی طور پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی سیال نے شرکت کی، اجلاس میں راکین شوریٰ نے متفقہ طور پر ضیغم عباس کو ضلعی سیکرٹری جنرل منتخب کیا، نومنتخب سیکرٹری جنرل صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی نے حلف لیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سلیم عباس صدیقی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کے مسائل فوری حل کیے جائیں، سابق دور حکومت میں بنائے گئے بے بنیاد مقدمات ختم کیے جائیں، عزاداری کے خلاف کسی قسم کی سازش اور رُکاوٹ قابل قبول نہیں ہے، نومنتخب سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
وحدت نیوز(لاہور) علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور میں امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، جہاں مرکزی صدر آئی ایس او انصر مہدی اور دیگر عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ سربراہ مجلس وحدت مسلمین اور مرکزی صدر آئی ایس او نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، علی مہدی اور مظاہر شگری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر نے مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں کو مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیئے، تاکہ ملت کے اجتماعی معاملات بطریق احسن آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملت کو درپیش مسائل کا حل باہمی وحدت میں ہے۔
انصر مہدی نے مزید کہا کہ دشمن انقلابی حلقوں کیخلاف سازشیں کرکے نظریاتی و انقلابی لوگوں کے مابین دوریاں پیدا کرکے اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانا چاہتا ہے، پاکستان میں موجود انقلابی قوتوں کو ایک دوسرے کی تقویت کا سبب بن کر دشمن کی سازش کو ناکام بنانا ہوگا، تاکہ پاکستان میں رہبریت کی آرزو (وحدت) پوری ہوسکے۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے آئی ایس او کی تعلیمی میدان میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ آئی ایس او نوجوانوں کو دین سے روشناس کرانے کا اہم ترین فریضہ نبھا رہی ہے اور آئی ایس او سے مربوط نوجوان استعمار کی سازشوں کا ادراک رکھتے ہیں، اسی وجہ سے آئی ایس او پاکستان استعمار کی آنکھ میں کھٹکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہماری ملت کا قیمتی سرمایہ ہیں اور علماء نوجوانوں کیساتھ اپنا تمسک برقرار رکھیں گے۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) ڈپٹی کمشنر مظفرآبادمسعودالرحمان کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے انتظامیہ، بانیان مجالس ،ملت جعفریہ کے زعما اور علماء کرام کا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ مفتی کفایت حسین نقوی ، چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل سید شبیر حسین بخاری ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر علامہ سید طالب حسین ہمدانی، ایس ایس راجہ اکمل خان، ایس پی سید ارشد حسین نقوی، اے ڈی سی جنرل سید اشفاق گیلانی،اے سی پٹہکہ غلام محی الدین گیلانی، مرکزی صدر انجمن جعفریہ ؍ڈی ایس پی ریٹائرڈ سید نذیر حسین نقوی،انفارمیشن آفیسر سید آصف حسین نقوی ،صدر حسینی فاؤنڈیشن سید عارف حسین بخاری، سینئر نائب صدر مرکزی انجمن جعفریہ سید الطاف حسین نقوی، جنرل سیکرٹری اقتدار حسین نقوی، مولانا سید معصوم سبزواری، سید تجمل حسین نقوی ایڈووکیٹ، انتظامیہ اور ضلعی آفیسران نے شرکت کی ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مسعودالرحمان نے کہاکہ تمام انٹری پوائنٹس اور رابطہ پلوں پر سخت چیکنگ کی جائے گی ، انتظامیہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہے گی، محرم الحرام میں دوران مجالس لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ بخوبی اپنی ذمہ داری پوری کریگی اور محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ ایس ایچ او صاحبان کو ہدایت کی محرم الحرا م کے دوران سیکورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں ۔ اجلاس میں ، بانیان مجالس ،ملت جعفریہ کے زعما اور علماء کرام نے انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ مفتی سید کفایت حسین نقوی ، چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل سید شبیر حسین بخاری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت المسلمین علامہ سید طالب حسین ہمدانی اور صدر مرکزی انجمن جعفریہ سید نذیر حسین نقوی نے ڈپٹی کمشنر اور انتظامیہ کا محرم الحرام میں بہترین انتظامات کے حوالہ سے شکریہ اداکیا۔ آخر میں ملک و ملت کی ترقی و استحکام اور کشمیر و فلسطین کی جلد آزادی کیلئے دعا کی گئی ۔