The Latest
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ ضلع ملتان کے زیراہتمام انجمن تبلیغ ماتم شبیر جوادیہ کے تعاون سے عید میلاد النبی کے موقع پر دہلی گیٹ چوک پر استقبالیہ کیمپ اور سبیل کا اہتمام کیا گیا۔ استقبالیہ کیمپ میں مجلس علمائے مکتب اہلبیت جنوبی پنجاب کے صوبائی رہنما علامہ وسیم عباس معصومی، صوبائی جنرل سیکریٹری عزاداری ونگ جنوبی پنجاب عون رضا انجم، علامہ سید مجاہد عباس گردیزی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما علامہ عبد الحنان حیدری، مولانا غدیر شیرازی اوردیگر نے شرکت کی۔
علامہ وسیم عباس معصومی نے کہا کہ جس طرح اہل سنت برادران نے محرم الحرام میں میں ہمارے لیے سبیلوں کا اہتمام کیا ہے اسی طرح عید میلادالنبی کے موقع پر میلاد کے جلوسوں کا استقبال اور ان کے لیے نذر و نیاز اور سبیلوں کا اہتمام اتحاد بین المسلمین کا خوبصورت اظہار ہے۔
وحدت نیوز(ملتان) وحدت یوتھ ملتان ڈویژن کے زیراہتمام سبیل بنام رسول اکرم کا انعقاد 12 ربیع الاول کو گھنٹہ گھر چوک پر کیا گیا۔ وحدت یوتھ کے زیراہتمام سبیل پر عاشقان رسول اسلام کے لیے ٹھنڈے پانی اور شربت کا انتظام موجود تھا۔ اس موقع پر صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب علامہ اقتدار حسین نقوی، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری برادر سلیم عباس صدیقی، سیکرٹری میڈیا عاطف سہرانی، سیکرٹری رابطہ علی بخاری، عزاداری ونگ سے صوبائی جنرل سیکریٹری عون انجم ایڈووکیٹ، سیکرٹری میڈیا ثقلین نقوی، سیکرٹری رابطہ مولانا غدیر شیرازی، ڈویژنل صدر مولانا ھادی حسین قمی، ضلعی صدر آئی ایس او احتشام اظہر، و کابینہ، سربراہ النور اسلامک سنٹر و صوبائی رہنما علما مکتب اہلیبت مولانا وسیم عباس معصومی، مسئول تبلیغات شیعہ علما کونسل ملتان مولانا کاشف حسین حیدری، سینئر رہنما جواد رضا جعفری، کمیل زیدی، ڈویژنل و تحصیل سٹی و صدر کابینہ کے افراد اور وحدت یوتھ ڈویژن ملتان کے ممبران نے شرکت کی۔ جلوسوں کے شرکا نے نوجوانوں کی اس کاوش کو سراہا۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) شہدائے سانحہ شب عاشور جیک آباد کی نویں برسی کے سلسلے میں مرکزی امام بارگاہ جیکب آباد میں علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی مسجد و امام بارگاہ باب الحسن کے سید لال شاہ بخاری متولی مرکزی امام بارگاہ سید علی اصغر شاہ خطیب اھل بیت حسین بخش عابدی سید وسیم شاہ و دیگر شریک ہوئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سانحہ شب عاشور کے شہداء کا پاکیزہ لہو یزیدیت کی ذلت و رسوائی کا سبب بنا۔ شہداء ہمارے محسن ہیں اور زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید کی مثال اس شمع کی طرح ہے جو خود جل کر محفل بشریت کو روشنی عطا کرتی ہے۔ ہم نے شہدائے راہ حق کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو سال گذر جانے کے باوجود سانحہ شب عاشورا جیکب آباد کے شہداء کے خون سے انصاف نہیں کیا گیا۔ وارثان شہداء نے انصاف کے لئے ہر ریاستی ادارے کا دروازہ کھٹکھٹایا مگر انہیں کہیں سے انصاف نہیں ملا۔ پولیس ڈپارٹمنٹ میں موجود کالی بھیڑوں نے دھشت گردوں کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ اجلاس کے بعد مرکزی امام بارگاہ جامع مسجد امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وحدت نیوز (لاہور) امامیہ کالونی لاہور میں عید میلادالنبیﷺ کی مناسبت سے تمام لوکل تنظیموں اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے باہمی اشتراک سے ایک عالیشان ریلی کا انعقاد،ریلی میں سینکڑوں لوگوں کی شرکت امامیہ کالونی میں لوکل تنظیموں اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے باہمی اشتراک سے عید میلادالنبیﷺ کی مناسبت ایک عالیشان مشترکہ ریلی کا انعقاد ۔
ریلی میں تمام مکاتب فکر اور مسالک کی جید شخصیات ،دانشمند ،علماء کرام ، ماتمی ونوحہ خوانوں کے سالاراور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ریلی ہر سال کی طرح اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی امامیہ کالونی کی جامع مسجد امامیہ کربلائے امامیہ کالونی پراختتام پذیر ہوئی ریلی کی روٹ پر سارے راستے ریلی کا استقبال کیا گیا تھا ۔مکتب اہلبیت ؑکی جانب سے راستے میں دودھ اور شربت کی سبیلیں لگائی گئیں تھیں ۔ ریلی میں شریک علمائے کرام اور زعمائے قوم نے اپنے مکتب اور مسلک کی ترجمانی کرتے ہوئے شرکائے ریلی سے خطابات بھی کیے ۔
صوبائی جنرل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین نے اپنی جماعت اور مکتب کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم جس ہستی کی ذات پر جمع ہوئےہیں ۔یہی ہمارے آخری نبی خاتم النیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ذات گرامی ہے ۔آج کا دن بہت بابرکت دن ہم سب اکھٹے ہیں ۔ آئیں آج عہد کریں اسی طرح سارا سال ہم اپنے اپنے مسلک اور مکتب پر رہتےہوئے حضور سرور کائنات کی خاطرمتحد رہیں گے۔دشمن کی سازشوں میں نہیں آئیں ۔اگر ہم حضور کی ذات پر اکھٹے ہوجاتے ہیں تو پھر آل رسولﷺ پر کیوں نہیں !یہ دشمن کی بہت بڑی سازش ہے جس نے ہمیں مسلکی بنیادوں پر الگ الگ کیا ہوا ہے ۔
حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات کو محور مرکز بنا کر چلیں ہم کامیاب ہوجائیں گے ان شاءاللہ ۔ قرآن میں جس چیزکا کلمہ گو مسلمانوںسےتقاضا کیا گیا وہ وحدت مسلمین ہے ۔ آج دیکھیں فلسطین ، غزہ اور یمن میں جو کچھ ہورہا ہے یہ سب ہماری نااتفاقی کی بدولت ہے ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں صحیح معنوں سیرت حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین ۔ ریلی میں موجود شرکاء لبیک یارسول اللہ ، نعرہ تکبیر ،نعرہ رسالت اور نعرہ حیدری سے استقبال کرتے رہے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےسربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لبنان کے سٹلائیٹ نظام پر سائبر حملہ اسرائیل اور امریکہ کی مشترکہ جارحیت ہے۔اس سفاکانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہوں۔عوام کے مواصلاتی رابطے کے استعمال کی ڈیوائس کو ہیک کر کے عام شہریوں کا قتل عام ان طاغوتی طاقتوں کا ناقابل معافی جنگی جرم ہے۔ اسرائیل اپنے کھوکھلے وجود کو بچانے کے لیے جس درندگی کا ارتکاب کر رہا ہے وہ اس کی بقا کی ضمانت نہیں بن سکتا ۔اسرائیل کا خاتمہ نوشتہ دیوار ہے جس میں اب زیادہ دیر نہیں۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی اور ضلعی مسئولین کی لاہور اندرون موچی دروازہ میں تاریخی محفل میلاد میں شرکت ملک بھرکی طرح لاہور شہر میں جشن ولادت رسول ﷺ شایان شان طریقے سے منایا گیا، عاشقانِ رسولﷺ اپنے اپنے انداز میں نبی مکرم حضرت محمد مصطفی ﷺ سے عقیدت کا اظہار کرتے رہے جبکہ لاہور شہر میں میلاد النبیﷺ کےحوالے سے مختلف پروگرام منعقد کیے گئے جلوس اور ریلیاںبھی نکالی گئیں۔ خواجہ اجمل حیدر ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال اندرون موچی دروازہ میں ایک عالیشان محفل میلاد منعقد کی گئی جس میں تمام مکاتب فکر کی جید شخصیات ، علمائے کرام ذاکرین عظام ،نعت خوانوں ،نوحہ خوانوں اور ملک کے معروف ثناخوانوںنےشرکت کی اور آقا حضور ﷺ کی بارگاہ میں اظہار عقیدت کرتے نظر آئے ۔ اس محفل کے میزبان لاہور شہر کی معروف مذہبی ، سیاسی اور سماجی شخصیت جناب خواجہ میثم، خواجہ محسن ،خواجہ بشارت تھے ۔ محفل میلاد کے لئے بنائی انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے بہت ہی خوبصورت انداز میں محفل میلاد النبی ﷺکی جگہ سجایاگیا تھا ۔
اس با برکت محفل میں لاہور کی تمام انجمنوں ، جماعتوں ،تنظیموں اور ماتمی سنگتوں کےنمائندوں کے علاوہ لاہور شہرکی انجمن تاجران کی تنظیموں ، انتظامیہ کے اعلی افسران اور سیاسی افراد نےبڑی عقیدت واحترام سےشرکت فرمائی ۔مجلس وحدت مسلمین پنجاب کی صوبائی اور ضلعی کابینہ لاہور کے معزز اراکین نے بھی اس معنوی اور روحانی محفل میں شرکت کی اور مجلس وحدت کی دو شخصیات نے خطاب کیا ۔خطباء وذاکرین ونگ کے مرکزی صدر جناب حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید حسن رضا ہمدانی اور صوبائی سیکریٹریٹ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے آفس سیکریٹری مولانا ظہیر الحسن کربلائی نے مجلس کی نمائندگی کرتے ہوئے خطاب کیا ۔ علامہ سید حسن رضا ہمدانی محفل کے آخر پر دعا بھی کرائی ۔
جناب سید حسین زیدی صوبائی سیکریٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پنجاب ، جناب شیخ عمران علی صوبائی سیکریٹری فلاح وبہبود مجلس وحدت مسلمین پنجاب ، مولانا ظہیر کربلائی صوبائی آفس سیکریٹر ی ،مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب نجم عباس خان ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور ، برادر نقی مھدی ضلعی جنرل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور، رانا کاظم علی ضلعی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور، لاہور کی جانی پہنچانی شخصیت مرزا امیر عباس فرزند الحاج حیدر علی مرزا نے بھی اس محفل میں شرکت کی ۔
وحدت نیوز(لاہور)امام بارگاہ حسینیہ واشنگ لائن جیکب روڈ لاہور کی انتظامیہ کی جانب عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی مناسبت سے گڑھی شاہو سے اہلسنت والجماعت برادران کی طرف سے نکالی گئی ریلی کا شاندار استقبال کیا گیا۔ امام بارگاہ حسینیہ واشنگ لائن انتظامیہ کی جانب سے عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم ریلی کے اعزاز میں پرتکلف ناشتے کا بطور نیاز اہتمام کیا گیا تھا ۔ ریلی کے منتظمین نے واشنگ لائن امام بارگاہ حسینیہ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں ریلی کے ایک ایک فرد کو خوش آمدید کہا اور ویلکم کیا ۔
مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور کے ضلعی صدر جناب نجم عباس خان کہا کہ یہ ہمارے صرف باعث مسرت ہی نہیں بلکہ باعث سعادت ہے کہ آج ہماری پوری ٹیم ساتھ حاضر ہوکرعاشقان مصطفٰی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی میزبانی کا شرف حاصل کررہے ہیں اس بڑھ کر اور کوئی سعادت نہیں ۔ آج ہم سب یک زبان ہو کر آقا دو جہاں کے حضور لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کا نعرہ لگا رہے ہیں ۔ حقیقی خوشی اسی وحدت ،محبت اور اخوت میں ہے اللہ تعالی کا ارشاد ربھی ہے ۔
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم اشداء علی الکفار رحماء بینھم ہم سب مسلمان ہیں آج سید الانبیاء خاتم النبیین کی میلاد سعید کے ایام ہیں اور کتنا خوشی کا موقعہ ہے کہ ہم سب ملکر حضور کا میلاد منارہے ہیں ۔ حضرت امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے 12 سے 17 ربیع الاول کو ہفتہ وحدت اور حضور کے ایام میلاد منانے حکم دیا تھا آج بھی دنیائے اسلام میں بارہ ربیع الاول سے ہفتہ وحدت کا آغاز ہو جاتا اور 17 کو دو معصوم ہستیاں حضرت رسول پاک صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی میلاد کی مناسبت عظیم الشان میلاد منائے جاتے ہیں ۔
وحدت نیوز(لاہور)صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب میں آغاز ہفتہ وحدت اور عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی مناسبت جشن منایا گیا ۔ صوبائی سیکرٹریٹ کے اسٹاف کی یہ کوشش رہتی کہ ہر مذہبی اور قومی دن کی مناسبت سے اسٹاف ملکر ایک صمیمی پروگرام ترتیب دیں ۔
12 ربیع الاول 1446ھ عید میلاد النبی اور حضرت امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کے فرمان کے مطابق آغاز ہفتہ وحدت کی مناسبت سے صوبائی سیکرٹریٹ کے اسٹاف نے ایک بہت ہی مختصر مگر صمیمی پروگرام ترتیب دیا گیا ۔وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان جناب علامہ سید احمد اقبال رضوی کی خصوصی شرکت ۔ عید میلاد اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا ۔
اس موقعہ پر کشمیر ،فلسطین کی آزادی کے لئے اور عالم اسلام کے استحکام اور غاصب اسرائیل اور امریکہ کی نابودی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔غزہ مظلوموں کے خصوصی دعائیں کی گئی اور شہدائے مقاومت اور پارا چنار کی بلندی درجات کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی ۔ وطن عزیز پاکستان کی سلامتی اور ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے اور امن وامان کی بحالی اور مسنگ پرسنز کی جلد آزادی کے لئے دعائیں مانگی گئیں ۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے اتحاد بین المسلمین پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتہ وحدت مسلمانوں کے درمیان اتحاد بین المسلمین کے فروغ کا بہترین موقع ہے۔ 12 سے 17 ربیع الاول کے دوران پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآل وسلم کی ولادت کے جشن میں تمام مسلمان اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اتحاد بین المسلمین کی علمبردار جماعت ہے۔ ہم روز اول سے پاکستان میں اتحاد کے ذریعے نفرتوں کو ختم کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ اتحاد بین المسلمین ہمارے بنیادی مقاصد میں سے ایک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام (ص) سے محبت و عقیدت ہمارے لئے وحدت کا مرکز ہے۔ ہمیں ان کی سیرت پر عمل پیرا ہوکر اپنے مسلمان بھائیوں سے حسن سلوک سے پیش آنا چاہئے۔ دوسروں کو اپنانے اور اتفاق کے فروغ سے ہی مستقبل بہتری کی طرف جائے گی۔ ہماری یکجہتی ہی ہماری بڑی قوت ہے۔ ہمارا اتحاد ہمیں اور ہمارے ملک کو مضبوط بنائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ ماہ ربیع الاول پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا مہینہ ہے۔ جس میں12 سے 17 ربیع الاول کے درمیان دنوں کو ہفتہ وحدت کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ تمام محبان رسول کو چاہئے کہ اس مہینے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آخری نبی کے پیغام کو فروغ دے اور ایک دوسرے کو گلے لگائیں۔ ایک دوسرے کے احترام کے ذریعے غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکتا ہے۔
وحدت نیوز(لاہور)جشن ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفیﷺ کے موقع پر ملک بھر کی طرح پنجاب بھر میں بارہ تا سترہ ربیع الاول ہفتہ وحدت منایا جائے گا، اس سلسلے میں مشترکہ اجتماعات منعقد کر کے عظیم الشان وحدت کا پیغام دینگے۔ تمام مکاتب فکر کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ان اجتماعات میں شرکت کرکے عملی وحدت کا مظاہرہ کریں اور دشمن کی سازش کو ناکام بنا دیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے وحدت ہاوس ماڈل ٹاون لاہور میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے کابینہ کے ارکان اور ضلع لاہور کے عہدیداران شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ، سنی متحد ہیں کوئی فرقہ واریت نہیں، دشمن کی سازش سے ایسی فضا بنانے کی ناکام کوشش کی جاتی ہے جس سے یہ تاثر جائے کہ شیعہ سنی ایک دوسرے کے دشمن ہیں۔ علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا کہ یہ موقع ہے کہ ہم تمام شیعہ سنی متحد ہوکر وحدت کا مظاہرہ کریں اور دشمن کی سازش کو ناکام بناتے ہوئے دنیا کو یہ پیغام دیں کہ ہم امت محمدی، سیرت محمدی پر متحد و متفق ہیں۔