وحدت نیوز(کوٹ ڈیجی) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام مرکزی اسکاوٹس کیمپ میں (ظہور امام زمانہ ع کے آداب اور ہماری ذمہ داریاں) کے موضوع پر درس دیتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امام مہدی ع انبیاء کرام کے وارث ہیں لہذا ان کی جدوجہد تحریک انبیاء کا تسلسل ہے۔ منتظرین امام زمانہ ع کو علم و تقوی کے ذریعہ کردار سازی اور معاشرہ سازی کرنی چاہیے۔ زمانہ غیبت میں نائب امام ولی فقیہ ہی کے ذریعے ہم امام وقت کی اطاعت کر سکتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ امریکہ اور اسرائیل عصر حاضر کے فرعون اور یزید ہیں ان کی غلامی کرنے والے حکمران امت مسلمہ اور انسانیت سے خیانت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ آل سعود نے امریکی غلامی کے بعد اب اسرائیل غاصب کی غلامی کا طوق اپنی گردن میں ڈالا ہے لہذا وہ امت مسلمہ کی قیادت کے کسی طور اھل نہیں۔انہوں نےکہا کہ انسانیت کا مستقبل تابناک ہے ظالموں کے تخت و تاج خطرے میں ہیں کیوں اب مظلوم بیدار ہو کر طاغوت کے خلاف صف آرا ہو چکے ہیں۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے وفد نےسیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر علامہ سیدتصور حسین نقوی الجوادی کی سربراہی میں کمشنر مظفرآباد جناب چوہدری امتیاز سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔علامہ تصور جوادی نے کمشنر صاحب کو عمرہ کی ادائیگی پر مبارکباد دی اور اہم مذہبی وانتظامی امور زیر بحث آئے۔
کمشنر صاحب نےعلامہ صاحب کی طرف سےنشاندہی کردہ امور کےجلد حل و تکمیل کی یقین دہانی کروای۔وفد میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل آغا طالب حسین ہمدانی،سیکرٹری سیاسیات تنویر احمد مغل،سیکرٹری ویلفیئرخالد محمود عباسی،سیکرٹری روابط سید عامر علی نقوی،سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع مظفرآباد سید غفران علی کاظمی و دیگر شامل تھے۔جبکہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرآباد جناب بدر منیر کے علاوہ دیگر حکام بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(گلگت) ریاست کا تقدس اور پاک فوج کو متہم کرنے کی ہرکوشش ناکام بنائینگے ۔ حقوق سے محروم ہونے کے باوجود ملک پاکستان کے استحکام اور اس کی سرحدوں کے دفاع میں گلگت بلتستان کے جوان کسی سے پیچھے نہیں رہینگے ۔ حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام دکھائی دے رہی ہے، کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرکے وزیر اعظم نے بہت بڑی غلطی کی ہے ۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی فوج کو کسی صورت کمزور نہیں ہونے دینگے ۔ سامراجی طاقتیں افواج پاکستان کیخلاف نفرت پھیلانے کیلئے سرگرم ہیں اور سیاستدانوں اور بعض اداروں کی طرف سے پاک فوج کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش کی مذمت کرتے ہیں ۔ وزیر ا علیٰ گلگت بلتستان عوامی ملکیتی زمینوں پر ناجائزقبضے کیلئے پاک فوج کا نام استعمال کرکے عوام میں افواج پاکستان کیخلاف نفرت کے بیج بورہا ہے ۔
علامہ شیخ نیئرعباس نے کہاکہ چھلمس داس نومل کے حوالے سے وزیراعلیٰ بددیانتی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ نومل کے عوام کےساتھ زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ نومل کے عوام نے تعلیمی اداروں کیلئے مفت زمین فراہم کرکے نیک نیتی کا ثبوت دیا ہے اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ چھلمس داس کو آباد کرنے کیلئے جلد سے جلد وسائل فراہم کرے ۔
انہوں نے خبردار کیا کہ نومل کے عوام کے ساتھ کسی قسم کا فراڈ کیا گیا تو چھلمس داس میں نہ تو ٹیکنیکل کالج رہے گا اور نہ ہی قراقرم یونیورسٹی کی تعمیرات ہونگی ۔ لہٰذا حکومت عوام اور فوج کو آمنے سامنے لانے کی سازش سے باز رہے اور وعدے کے مطابق چھلمس داس کی آباد کاری میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی بھارتی تاریخ کی وہ متعصب ترین شخص ہے جس نے اپنے ملک میں اقلیتوں پر زندگی تنگ کر کے باہمی نفاق کی بنیاد رکھی ہے۔آج ہندوستان میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والوں میں عدم برداشت عروج پر ہے اور متعدد علاقے خانہ جنگی کامنظر پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستانی افواج کی بڑھتی ہوئی جارحیت دوایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا باعث ہے۔بھارت کی طرف سے سرحد پار بلااشتعال گولہ باری کا کوئی جواز نہیں۔مودی ایشیا کے امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہیں۔ارض پاک کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔بھارت کی جانب سے کسی بھی پیش قدمی کی صورت میں پوری قوم مادر وطن کی مضبوط ڈھال بن جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں عالمی قوتوں کو خاموش تماشائی بننے کی بجائے ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کسی بھی ممکنہ معرکے کے اثرات محض دو ملکوں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس سے پوری دنیا کا امن متاثر ہو گا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل برکت علی مطہری نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ غیر دانشمندانہ اقدام ہے جس سے حکومت کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچے گا۔انہوں نے کہا مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام مزید کوئی بوجھ اُٹھانے کے متحمل نہیں ہے۔ریاست کا فرض عوام کو ریلیف دینا ہے نا کہ ان کی مشکلات میں اضافہ کرنا۔
ان کا کہناتھاکہ موجودہ حکومت پر عوام نےاعتماد اس لیے کیا تھا کہ وہ ایسی مثبت تبدیلی کے متمنی تھے جو ملک سے استحصال و پسماندگی کا خاتمہ کرے۔جہاں غریب و امیر کے ساتھ ریاست کا برتاؤ ایک جیسا ہو لیکن یہاں صورتحال اس کے بالکل برعکس ہوتی جا رہی ہے۔بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے۔
انہوں نے کہا جس حکومت کی پالیسیاں عوامی ضرورتوں کے تابع نہیں ہوتیں اس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔موجودہ حکومت کے پالیسی ساز اداروں کو چاہیئے کہ قومی حوالے سے ایسی حکمت عملی طے کریں جس سے عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے متوسط اور پسماندہ طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے تاکہ ان کے روزمرہ معاملات میں آسانیاں پیدا ہوں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے ۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا متوسط طبقہ پہلے ہی منگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ سفید پوشی کا بھرم رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔سیاست دانوں کی لوٹ مار کا بدلہ عوام سے نہ لیا جائے۔
انہوں نے کہا عوام نے تحریک انصاف کا ساتھ ایسی تبدیلی کے لیے دیا تھا جس سے طبقاتی تفریق کا خاتمہ ہو اور ہر شہری کو باوقار زندگی گزارنے کے یکساں مواقع حاصل ہو سکیں لیکن یہاں صورتحال توقعات کے بالکل برعکس ہوتی جا رہی ہے۔عام آدمی کی زندگی کو اجیرن بنایا جارہا ہے۔مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ اور بنیادی ضروریات زندگی کے حصول میں رکاوٹیں تحریک انصاف کی مقبولیت کے لیے سخت خطرہ ہیں۔قوم کو مزید آزمائش میں ڈالنا دانشمندی نہیں ۔عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک اب بند ہونا چاہئے۔انہوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔