وحدت نیوز(حیدرآباد)حاج قاسم سلیمانی و ابو مھدی المھندس کی جانسوز شھادت پر خراج عقیدت پیش کرنے اور امریکی بربریت کے خلاف تمام ملی تنظیموں کا احتجاج ۔مدافع حرم سیدہ زینب سلام اللہ علیھا و حرم معصومین علیھم السلام بازو رھبر معظم سید علی خامنہ ای ، قدس بریگیڈ کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی اور ابو المھدی المھندس کی المناک شھادت کے موقع پر حیدر آباد پریس کلب کے سامنے تمام فکری ، سماجی ، مذھبی و سیاسی تنظیموں نے بھرپور احتجاج کیاعلمائے کرام اور تنظیمی برادران کا خطاب جس میں شدید غم و غصے کا اظھار کیا گیا۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری روابط محترمہ سیدہ سیمی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا شھید قاسم سلیمانی نے عراق وشام کو داعش کے نجس وجود سے پاک کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا اس عظیم مجاھد کو رخصت کرتے ہوئے دل خون کے آنسو روتا ھے۔ انھوں نے کہا کہ شھید قاسم سلیمانی پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے عقیدت رکھتے تھے اور پاکستان کے حکمران کی جانب سے اس معاملے پر خاموشی ان کی بزدلانہ سوچ کی عکاسی کر رھا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ امریکہ بزدلانہ حملہ کرکے دنیا کو ایک بار پھر نا امنی کی طرف لے گیا ہے ایران کسی صورت اپنے ھیرو قاسم سلیمانی کے انتقام سے دستبردار نہیں ہوگا اور پاکستابی شیعہ سنی عوام اپنے برادر ملک کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ احتجاج میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(چنیوٹ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع چینیوٹ کی جانب سے سردار قاسم سلیمانی ، سردار ابو مھدی المھندس اور دیگر شھدا ءکی یاد میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا مجلس عزا سے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ معصومہ نقوی نے خطاب کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب امام خمینی رح نے گستاخ رسول ؐ سلمان رشدی کے قتل کا فتوی جاری کیا تو بعض عناصر نے اس پر اعتراض کیا کہ ایسا نہ ھو کہ اس کے نتیجے میں دشمن ایران کو صفحہ ھستی سے مٹا دے جس پر امام خمینیؒ نے فرمایا کہ ایران مٹ جائے اور اسلام باقی رہے تو کوی بات نہیں مھم یہ ہے کہ اسلام باقی رہے ، اسی طرح عزیزان محترم اگر امریکہ ہمارے ملک کو برادر ملک کے خلاف استعمال کرنا چاہے تو ہمارے اذھان میں یہ بات محکم رہے کہ ہم نے حقانیت اور اسلام کا ساتھ دینا ہے نہ کہ اپنے مفادات کی خاطر اسلام دشمن عناصر کو مضبوط کریں ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان وہ پہلا ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا ہے۔
انھوں نے کہا آج دنیا دو بڑے بلاکس میں تقسیم ہوگئی ہے۔ایک ناصران امام زمانہ عج اور دوسرادشمنان امام زمان عج کا بلاک ہے لھذا مسلمانان پاکستان ، شیعہ سنی عوام کو اسلام دشمن قوتوں جن میں امریکہ و اسرائیل سر فہرست ہیں کہ خلاف متحد ہونا ہوگا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ کی ہمشیرہ محترمہ قضائے الہیٰ سے انتقال کرگئی ۔ مرحومہ کی نماز جنازہ آج شب ان کے آبائی علاقے چک شیعاں راجگان گوجر خان میں ادا کی جائے گی ۔
مرحومہ کچھ عرصے سے شدید علیل تھیں جو کہ آج صبح داعی اجل کو لبیک کہہ گئیں ، مرحومہ کے انتقال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ، صوبائی ، ضلعی قائدین سمیت مختلف سیاسی، مذہبی وسماجی شخصیات نے دلی رنج وغم اور افسو س کا اظہار کیاہے ۔
قائدین ، سیاسی ، مذہبی وسماجی شخصیات نے اپنے پیغامات میں مرحومہ کی مغفرت اور قبلہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ سمیت تمام پسماندگان کیلئے صبرجمیل کی دعاکی ہے ۔
مرحومہ کی نماز جنازہ آج رات 8 بجے ان کے آبائی گاوں چک شیعاں راجگان ( گوجر خان) میں ادا کی جائے گی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی و دیگر مرکزی و صوبائی قائدین نے امریکہ عراق تنازعے پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق میں حاج قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کو شہید کرکے امریکہ نے عالمی قوانین کی بدترین پامالی کی ہے۔قاسم سلمانی ایرانی فوج کے انتہائی اہم عہدیدار تھے جو عراق حکومت کی دعوت پر بغداد پہنچے تھے۔اسی طرح ابو مہدی المہندس بھی عراق میںایک الائنس حشد الشعبی کے نائب سرپرست تھے۔اسماعیل ہانیہ نے قاسم سلیمانی کو شہید قدس کا خطاب دیا ہے ۔دو ریاستوں کے انتہائی ذمہ دار اور اہم شخصیات کو نشانہ بنایا جانا ایک عالمی دہشت گردی ہے ۔دنیا کا کوئی قانون اس کی اجازت نہیں دیتا۔عراقی وزیر اعظم کے مطابق شہید قاسم سلمانی سعودی عرب اور ایران کے مابین جو بات چیت چل رہی تھی اس پر پیش رفت سے آگاہ کرنے آئے تھے۔انہیں نشانہ بنا کر دومسلمان ممالک کو قریب آنے سے روک دیا گیا۔جو مسلمانوں میں تفرقہ پھیلانے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ عراق کے لوگ امریکہ کی موجودگی سے ناخوش ہیں ۔عراق کی پارلیمنٹ میں امریکی انخلا کے لیے قرار داد بھی منظور کر لی گئی ہے۔امریکہ کا وجود پورے خطے کے لیے خطرے کی علامت بن چکا ہے۔ مشرق وسطی کو امریکہ سے پاک کی کیے بغیر امن ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ایران عالمی دہشت گردی کا شکار ہے۔امریکہ او راس کے حواری ایران کے اس لیے مخالف ہیں کہ وہ عالم اسلام کے خلاف امریکی عزائم کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ امریکی دہشت گردی کے بعد امریکہ کو براہ راست نشانہ بنانے کا ایرانی موقف اصولی اور جرات مندانہ ہے۔ ایران چونکہ فلسطین، کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت میں آواز بلند کرتا ہے جس کی اسے بھاری قیمت چکانا پڑ رہی ہے۔ ہماری ہمدردیاں ایران کے ساتھ ہیں۔پاکستان کے استحکام سے ایران اور ایران کے استحکام سے پاکستان کا استحکام وا بستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سے توقع تھی کہ ان کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک میں آزاد خارجہ پالیسی لائی جائے گی لیکن امریکی دہشت گردی پر پاکستانی وزیر خارجہ کا پالیسی بیان انتہائی مایوس کن ثابت ہوا۔ نیوٹرل پالیسی سے ان کی مراد امریکی بلاک سے وابستگی کا اظہار ہے ۔وزیر خارجہ نے وائٹ ہاوس کے ترجمان کا کردار ادا کیا۔پاکستانی وزیر خارجہ میں اتنی اخلاقی جرت نہیں تھی کہ وہ قاتل اور مقتول کا فرق کر سکیں ۔
انہوں نے کہا شہید قاسم سلمانی نے ماضی میں اسی طرح کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان چاہے ایران کے معاملے میں نیوٹرل رہے لیکن جب کبھی پاکستان پر مشکل پڑی تو ہم نیوٹرل نہیں رہیں گے۔ میں پاکستان کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وزیر اعظم کی خاموشی تشویش کا باعث ہے۔ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ جارحانہ اقدامات کی مذمت کرتے میں انہیں کیا رکاوٹ ہے۔ہم وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے استعفی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامات مقدسہ پر حملے کی دھمکی ٹرمپ کی کم فہمی ہے۔عالم اسلام کو مقامات مقدسہ اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہیں۔کسی میں جرات نہیں کہ وہ آل رسول ۖ کے مزارات کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھے۔شیعہ سنی باہم ہو کر اسلام دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ہم عراقی حکومت کے امریکی افواج کی ملک سے بے دخلی کے مطالبے کی تائید کرتے ہیں ۔جنرل قاسم کا قتل عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، آج ایران کی طرف سے امریکہ کو پڑنےوالے تھپڑ کی حمایت کرتے ہیں پریس کانفرنس میں علامہ سید علی رضوی،علامہ محمد اقبال بہشتی ڈاکٹر محمد یونس ،، علامہ صیغم عباس حسینی،علامہ علی اکبر کاظمی سمیت دیگر علما بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(سخی سرور) مجلس وحدت مسلمین سخی سرور یونٹ کے زیراہتمام ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت اور امریکی بزدلانہ کاروائی کے خلاف مرکزی امام بارگاہ حیدریہ سے ہسپتال چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری روابط عنصر عباس، ضلعی سیکرٹری جنرل کاظم رضا، انجمن جعفریہ کے صدر ڈاکٹر غلام رضا، عرفان حیدر اور یونٹ سیکرٹری جنرل جہانزیب حیدر نے کی۔
ریلی کے شرکاء نے پرچم، پلے کارڈز، بینرز اور شہید قاسم سلیمانی کی تصاویر اُٹھا رکھی تھیں۔ ریلی کے شرکاء نے امریکہ اور اُس کے اتحادیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ریلی کے اختتام پر امریکی و اسرائیلی پرچم بھی نذرآتش کیے گئے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھرکے غیور مسلمان دورحاضر کے مالک اشتر قاسم سلیمانی اور اُن کے رفقاء کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں، امریکہ نے ایک ایسی غلطی کی ہے جس کی سزاء اس کی نسلیں بھگتیں گی۔ ریلی کے آخر میں شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی اور اجتماعی دعا بھی کرائی گئی۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) عراق میں امریکی حملے میں حاج قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کی شہادت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد کی طرف سے پریس کلب پر احتجاج کیا گیا اور ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں مجلس وحدت مسلمین، جعفریہ الائنس، آئی ایس او، المصطفی اسکاؤٹس، پیام اسکاؤٹس، اصلاح امت حیدرآباد کے کارکنوں نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب میں رہنماؤں سید شمیم نقوی، علامہ آغا محمد قمبرانی، سید ظفر عباس نقوی، مصطفی علی حیدری، رحمن رضا عباسی و دیگر نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی ایک اسلامی ملک کی فوج کے جنرل تھے جن کو امریکا نے مسلمان دشمنی میں عراق میں حملہ کرکے شہید کیا، جنرل سلیمانی کی شہادت اسلای ممالک کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے جس کی امریکا کو قیمت چکانی پڑے گی۔
رہنماؤں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی اسلامی فوج کا ایک سچا سپاہی تھا جس کی شہادت کو بھلایا نہیں جاسکتا، وہ مسلمانوں سمیت تمام انسانوں سے محبت کرتے تھے جبکہ اسرائیکل اور امریکا اور ان کے حواری یہ مسلسل کوشش کررہے تھے کہ مسلمانوں کے ایسے لیڈر کو ختم کیا جائے، کشمیر، بھارت، یمن، فلسطین میں مسلمانوں پر ظلم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان امریکا، اسرائیل اور ان کے حامی سعودی عرب اور بھارت کا مکمل بائیکاٹ کرے اور اقوام متحدہ میں ان کے خلاف آواز بلند کی جائے۔