وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن ضلع جنوبی کے زیر اہتمام عراق میں امریکی دہشتگردی سے شہید ہونے والے سردار قاسم سلیمانی و ابو مہدی المہندس اور ایرانی و عراقی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے بعد نماز جمعہ جامع مسجد آل عمران محمود آباد سے بلوچ کالونی شاہرائے فیصل تک نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی میں علامہ مرزا یوسف حسین، مولانا علی عباس قمی، علی حسین نقوی، علی رحمانی، میر تقی ظفر سمیت بڑی تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں پلے کارڈ اور بینز اٹھائے ہوئے تھے، جس میں قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی تصاویروں سمیت امریکا کے ہاتھوں بہیمانہ قتل کیخلاف مذمتی نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب میں علامہ مرزا یوسف حسین و دیگر مقررین نے کہا کہ خطے میں امریکی غنڈہ گردی کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
رہنماؤں نے کہا کہ امریکا عالمی دہشتگرد اور خطے کے امن کا کھلا دشمن ہے، اس کا وجود عالم اسلام کیلئے شدید خطرہ ہے، ایران کے جنرل قاسم سلمانی کو سرکاری دورے کے دوران نشانہ بنا کر امریکا نے اپنے عزائم واضح کر دیئے ہیں کہ کوئی عالمی قانون اور کوئی اخلاقی و سفارتی آداب اس کے راہ کی رکاوٹ نہیں بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنا کر ایران نے دنیا کے باوقار مسلمانوں کی خواہشات کی ترجمانی کی ہے، آج ہر طرف یہ گونج سنائی دی جا رہی ہے کہ عالمی دہشتگرد امریکا کے خلاف جو ردعمل اکتالیس ممالک پر مشتمل نام نہاد اسلامی عسکری اتحاد نہیں دکھا سکا، وہ کام عالمی اقتصادی پابندیوں میں جھکڑے ہوئے ایک تنہا ملک اسلامی ایران نے کر دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ پر یہ حقیقت آشکار ہو چکی ہے کہ امریکا مختلف حیلوں بہانوں سے ایک ایک کر مسلمان ملکوں کو تباہ کرتا جا رہا ہے۔
خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ اسامہ کی تلاش کے نام پر افغانستان اور پھر کیمیائی ہتھیاروں کو بہانہ بنا کر عراق میں لاکھوں افراد کے قتل کے ذمہ دار امریکا اور اس کے اتحادی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف پر تولنے کا نتیجہ امریکا کو اس کی سوچ سے بھی زیادہ سنگین ملا ہے، رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے اس بیان نے امریکی صدر ٹرمپ کی راتوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں کہ یہ محض ایک تھپڑ تھا، انتقام ابھی باقی ہے، امریکی صدر ٹرمپ کی بوکھلاہٹ اس کے خطاب سے عیاں تھی، اس کے چہرے کے تاثرات اس کے الفاظ کا ساتھ نہیں دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک سے امریکا کی بے دخلی مسلمانوں کی استحکام اور سالمیت کیلئے بھی ضروری ہے، تمام اسلامی ممالک کو چاہئے کہ وہ امریکا سے اپنے تعلقات ہمیشہ کیلئے منقطع کر دیں۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) شیعہ قومی اتحاد جیکب آباد کی جانب سے عراق پر غاصبانہ امریکی قبضے اور دہشت گردی کرکے عالم اسلام کے عظیم سپہ سالار سردار شہید قاسم سلیمانی اور عراقی کمانڈر مہندس ابومہدی کو قتل کرنے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں مرکزی امام بارگاہ جیکب آباد سے امریکہ و اسرائیل مردہ باد احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امریکہ نے عراق افغانستان فلسطین پاکستان سمیت دنیا بھر میں جو مظالم ڈھائے ہیں اس کے باعث وہ اقوام عالم میں منفور ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امریکی غلامی کے بجائے ایک آزاد اور خودمختار ملک کی ترجمانی کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکہ فی الفور اسلامی ممالک سے نکل جائے اور عراق سے اپنی فوجیں نکالے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبد الخالق اسدی کی کال پر پنجاب کے مختلف اضلاع میں احتجاج اور ریلیاں نکالی گئی احتجاج میں شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ساتھ ساتھ ایرانی قوم کو تعزیت پیش کی گئی آج کے احتجاجی جلوس اور مردہ باد امریکہ ریلیوں میں مقررین اور علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے نے کہا ہے کہ کیسے شہید تھے قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کے پاکیزہ لہو نے پورے عالم اسلام کو بیدار اور متحد کردیا ہے۔
مقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمسائے بدلے نہیں جاسکتے لہذا ایران کے ساتھ اس وقت حکومت اپنے آقاؤں کی خوشنودی کے لئے کھڑی نہیں ہو سکتی تو کم از اکم تعزیتی پیغام بھیجنے کی ہمت تو کرتے ہم نے اپنی خود مختاری کو چند ٹکوں کے عوض اغیار کے ہاتھوں میں گروی رکھ دیی ہے آج مصور پاکستان علامہ اقبال کی روح کو اس نا اہل حکومت نے تڑپا کے رکھ دی ہے۔ ریلیوں اور احتجاج میں عوام کی بھرپور شرکت رہی۔ عوام کا غم وغصہ امریکہ کے لئے بہت سخت تھا۔ اور یہ احتجاج اور ریلیوں کا سلسلہ انشاء اللہ شہید کے چہلم تک جاری رہے گا۔
وحدت نیوز(ملتان) ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام امام مہدی کی شان میں گستاخی اور امریکہ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، احتجاجی ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ غلام مصطفی انصاری اور سید امیر حسین گیلانی نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے امام مہدی علیہ السلام کی شان میں ہونے والی گستاخی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ گستاخ امام مہدی کو پھانسی کی سزا دی جائے۔ ریلی کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر حملے کے خلاف پاکستانی حکومت فی الفور اپنا بیانیہ جاری کرے۔
ریلی کے شرکا نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ علامہ اقتدار نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا، آج امت اسلام میں جو انتشار ہے اس کی سب سے بڑی وجہ امریکہ ہی ہے، امریکہ نہیں چاہتا کہ عالم اسلام متحد ہوجائے، آج پہلے سے کہیں زیادہ عالم اسلام کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس وقت اپنا کردار ادا کرنا چاہیے پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے لیکن پاکستان کے بیان سے افسوس ہوا، ہمارے اندر اتنی بھی جرات نہیں ہے کہ ہم ایک اسلامی ملک کے جنرل کی شہادت کی مذمت کر سکیں، ہم سے تو افغانستان ہی بہتر ہے جس نے کم از کم ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی مذمت تو کی ہے۔ علامہ غلام مصطفی انصاری نے کہا کہ امام مہدی علیہ السلام کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے، انہوں نے کہا کہ دادو میں عبدالستار جمالی کے خلاف اگر بروقت کاروائی کی جاتی تو کبیروالا میں اسامہ موچی یہ حرکت نہ کرتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہمیں اس ملک کی سالمیت عزیز ہے، پاکستان ہمارے آباو اجداد نے بنایا تھا اور ہم اس ملک کی حفاظت کریں گے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ امریکہ نے جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرکے اپنی نابودی کا پیش خیمہ خود بنادیا ہے، امریکہ شاید بھول رہا تھا کہ میں نے قاسم سلیمانی کو شہید کر دیا مجھے کوئی جواب نہیں دے گا۔ انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ثقافتی مقامات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے بھی ہمارے مقدس مقامات کی جانب بری نگاہ سے دیکھا تو ہم اس کی آنکھیں نکال لیں گے، خانہ کعبہ اور مدینہ منورہ جس طرح سے ہمارے مقدس مقامات ہیں اسی طرح ائمہ اہل بیت کے مزارات بھی ہمارے لئے مقدس مقامات اور ہماری ریڈلائن ہیں۔ مقدس مقامات کی حفاظت کے لئے شیعہ سنی متحد ہیں اگر کسی نے کوئی میلی آنکھ سے دیکھا تو پاکستان میں امریکیوں کا قبرستان بنادیں گے۔ ریلی سے سلیم عباس صدیقی، سید امیر حسین گیلانی، مولانا غلام جعفر انصاری، مولانا مظہر عباس اور دیگر نے خطاب کیا۔ جبکہ مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی، آئی ایس او ملتان کے صدر شہریار حیدر، عاطف حسین اور دیگر شریک تھے۔
وحدت نیوز(ڈی آئی خان) امریکی حملے کے نتیجے میں سردار لشکر اسلام حاج قاسم سلیمانی اور ان کے رفقاءکی شہادت پر شیطان بزرگ کے خلاف پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی نماز جمعہ کے بعد شہریوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کئے گئے، جن میں امریکہ، اسرائیل اور ان کے جنگی اتحادیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور ان تمام ممالک کو عالم اسلام کا حقیقی ترجمان قرار دیا گیا کہ جو عالمی دہشتگرد امریکہ کے خلاف خم ٹھونک کر میدان میں موجود ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں مجلس وحدت مسلمین،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، شیعہ علماء کونسل کی جانب سے مشترکہ طور پر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی نماز جمعہ کے بعد مسجد و امام بارگاہ امام زمان (ع) کوٹلی امام حسین (ع) سے برآمد ہوئی۔ ریلی میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے عالم اسلام کے عظیم سپہ سالار سردار قاسم سلیمانی اور ان کے رفقاء کو خراج عقیدت پیش کیا اور انہیں عصر حاضر میں نمانہ عمل قرار دیا گیا۔
احتجاجی ریلی سرکلر روڈ پہ پہنچ کر احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہو گئی۔ جس کی وجہ سے دونوں اطراف میں ٹریفک کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ مقررین نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید سردار قاسم سلیمانی پہ امریکی حملہ تمام تر عالمی، جنگی قوانین و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے، اقوام عالم کو امریکی جارحیت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا چاہیئے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) پاکستان کے مختلف شہروں کی شیعہ مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران امریکہ کے خلاف شدید نفرت کا اظہار کیا گیا۔آئمہ مساجد نے اپنے خطابات میں امریکہ کو وقت کا فرعون، نمرود اور شداد قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی رعونت پوری دنیا کے لیے سنگین خطرہ ہے۔عالمی امن کو قائم رکھنے کے لیے امریکہ کو راہ راست پر لانا ہوگا جس کے لیے امت مسلمہ کا باہم ہونا ضروری ہے۔خطبات میں کہا گیا کہ امریکہ آستین کا وہ سانپ ہے جو دودھ پلانے والے کو بھی ڈس لیتا ہے۔عالم اسلام کے خلاف امریکہ کے جارحانہ عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ اس نے جب بھی وار کیا مسلمانوں کو ہی نشانہ بنایا۔حاج قاسم سلمانی کی شہادت امریکہ کا وہ جرم ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔امریکہ نے دہشت گردی کی حالیہ کاروائی سے اپنے خلاف نفرت میں غیر معمولی اضافہ کر لیا ہے۔
دریں اثنا مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی متشدد سوچ نے پوری دنیا میں امریکی قوم کو رسوا کیا ہے۔آج امریکہ کا نام نفرت کی علامت سمجھاجانے لگا ہے جس کا ذمہ دار صدر ٹرمپ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام کے خلاف باطل قوتیں بڑی تیزی کے ساتھ یکجا ہو رہی ہیں۔مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ فروعی اختلافات کو نظر انداز کرتے ہوئے مشترکات پر یک جان ہو جائیں۔اگر ہم نے وحدت و اخوت کی اہمیت اور طاقت کادرک نہ کیا تو دشمن کے ہاتھ باری باری سب کے گریبانوں تک پہنچیں گے۔ ایران اور امریکہ کا تنازع حق و باطل کی جنگ ہے۔جو لوگ ایران کی مخالفت میں امریکہ کی حمایت کررہے ہیں وہ یا نادان دوست ہیں یا پھر طاغوتی آلہ کار، ایسے لوگوں کو اپنے کردار و عمل پر نظر ثانی کرنی چاہیے تاکہ میدان حشر میں انہیں شرمسار نہ ہونا پڑے۔