شہداء شکارپور کی پانچویں برسی کے موقع پر سندھ سطح کا بڑا اجتماع منعقد کیا جائے گا ، علامہ مقصودڈومکی
وحدت نیوز (شکارپور) جامع مسجد سید الشھداء کربلا معلی امام بارگاہ شکارپور میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب اور وارثان شہداء کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان اور وارثان شہداء کمیٹی کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ شہداء شکارپور کی پانچویں برسی کے موقع پر سندھ سطح کا بڑا اجتماع منعقد کیا جائے گا۔ اجتماع میں بزرگ علماء کرام اکابرین اور وارثان شہداء شریک ہوں گے۔
انہوں نےکہا کہ شہداء کی یاد منانا ان کے مشن اور مقصد کے ساتھ تجدید عہد ہے ہم نے اللہ تعالی سے عہد کیا ہے کہ ہم شہداء کے مشن اور مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
انہوں نےکہا کہ شکارپور حساس ضلع ہے یہاں ماضی میں پولیس اور حکومت کی غفلت کے سبب دھشت گردی کے متعدد سانحات رونما ہونے ہیں لہذا مساجد اور امام بارگاہوں کے ساتھ ساتھ شیعہ اکابرین اور وارثان شہداء کے وکیل کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ شکارپور کے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی جن امام بارگاہوں اور مساجد و شخصیات کی سیکورٹی کلوز کی گئی ہے ان کی سیکورٹی بحال کرتے ہوئے وارثان شہداء کے خدشات کا جلد ازالہ کریں۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ سید احمد اقبال احمد رضوی کا کہنا تھا کہ امریکہ نے پاکستان کو ایڈ نہیں ایڈز دی ہے، جنرل قاسم سلیمانی اسلام اور انسانیت کی بات کرتے تھے، امریکہ پاکستان سمیت مشرق وسطٰی کا دشمن ہے، پاکستان کی سالمیت مشرق وسطیٰ کے امن کےساتھ منسلک ہے، اگر ایران و افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان بھی پرامن ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ احمد اقبال رضوی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا یوں ساتھ بیٹھنا اس بات کی دلیل ہے کہ ہم پاکستان کے لئے متحد ہیں اور اسلام کے لئے بھی متحد ہیں، امریکہ نے عراق میں کیمیائی ہتھیاروں کی موجودگی کا جھوٹا الزام لگا کر وہاں حملہ کیا، امریکہ کی وجہ سے آج ہمارے ملک میں تفرقہ بازی ہے، جس معاشرے کے اندر انسانیت کو پامال کیا جائے وہ معاشرہ یقینی طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچتا ہے، اور وہاں کے لوگوں میں ایک خلاء پیدا ہو جاتا ہے، امریکہ کے لئے سب سے بڑی رکاوٹ اسلام ہے، اس اسلام میں شیعہ، سنی، وہابی سب شامل ہیں، بس ہمیں ایک سنجیدہ ارادے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنی ذات سے نکل کر اکٹھے ہونا چاہئے اور طاغوتی طاقتوں کا مقابلہ کرنا چاہئے۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام ایران امریکہ کشیدگی کے بعد خطے کی موجودہ صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، مدارس اور طلبا تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ آل پارٹیز کانفرنس کی صدارت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کی۔ کانفرنس کے میزبان علامہ اقتدار حسین نقوی تھے۔
اےپی سی میں ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے صدر میاں آصف محمود اخوانی، مسلم لیگ نون کے ضلعی صدر رانا شاہد الحسن، جمعیت علمائے پاکستان(نورانی) کے مرکزی رہنما ایوب مغل، پاکستان پیپلزپارٹی کے بابو نفیس احمد انصاری، نعیم شہزاد بھٹی، ممبر صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب شفقت حسنین بھٹہ، علی یونیورسٹی کے پرنسپل علامہ ظفر حسین حقانی، جامعہ شہید مطہری کے پرنسپل علامہ قاضی نادر حسین علوی، مولانا وسیم عباس معصومی، مولانا سبطین نجفی، علما اوقاف بورڈ کے رہنما علامہ غلام مصطفی انصاری، تحریک منہاج القرآن کے یاسر ارشاد، آئی ایس او ملتان کے ڈویژنل صدر شہریار حیدر، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما راو محمد عارف رضوی، مہدیہ کمپلکس کے سربراہ علامہ سلطان نقوی نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں سنی تحریک کے رہنما مرزا ارشدالقادری، مسیحی کمیونٹی کے رہنما پادری نعیم جاوید، امامیہ آرگنائزیشن کے امجد صدیقی، سنی اتحاد کونسل کے رہنما قاری محمد افضل، دی میڈیا فانڈیشن کے رہنما پروفیسر عبدالماجد وٹو، جرنلسٹ فار ڈیموکریسی اینڈ ہیومن رائٹس کے رہنما شفقت بھٹہ، سماجی رہنما عامر محمود نقشبندی، سلیم عباس صدیقی، مہر سخاوت علی سیال، فہیم جعفر ایڈووکیٹ، مرزا وجاہت علی، حسنین انصاری اور دیگر شریک تھے۔
رہنماوں کا کہنا تھا کہ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے، شہید قاسم سلیمانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، امریکہ اور اس کے حواریوں کا نشانہ پاکستان ہے، ہماری خواہش ہے کہ پاکستان امت مسلمہ کی نمائندگی کرے، مقررین نے اپنے خطاب میں عالم اسلام کی وحدت پر زور دیا، رہنماوں نے مسلمانوں کے تمام مسائل کا ذمہ دار امریکہ کو قراردیا، ایران نے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی، امریکہ کے خلاف اس جنگ میں ایران کے ساتھ ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے مناواں کے مقام پر یونٹ قائم کیا گیا اور تقریب حلف برداری منعقد کی گئی۔محترمہ حنا تقوی جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور نے اراکین یونٹ سے حلف لیا۔اس موقع پر محترمہ عظمیٰ نقوی ڈپٹی جنرل سیکریٹری بھی موجود تھیں۔اراکین یونٹ کی جانب سے سردار قاسم سلیمانی و مہدی المہندس کے لئے مجلس ترحیم کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
مجلس کے دوران خطاب کرتے ہوئے محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ عہد حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ملت تشیع و ملت اسلامیہ کو متحد و منظم ہونے کی ضرورت ہے۔دشمن کی پسپائی کے لیےحق کی معرفت رکھتے ھوئے اپنے کردار کو سمجھنا، حالات پر زیرک نگاہ رکھتے ھوئے آئندہ کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینا،قوم و ملت کو مضبوط کرنے کے لیے منصوبہ بندی کرنا بے حد اہم ہے۔
وحدت نیوز (جیکب آباد) ایام فاطمیہ کی مناسبت سے گوٹھ میر شیر محمد خان میں مجلس عزا منعقد ہوئی مجلس عزا سے علامہ مقصود علی ڈومکی اور آغا سیف علی ڈومکی نے خطاب کیا جب کہ حافظ صدام حسین جاکھرانی نے نعت اور منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حیات طیبہ پوری انسانیت خصوصا صنف نسواں کے لئے بہترین نمونہ عمل ہے۔ حیاء عفت عصمت اور انسانی کمالات و پاکیزہ کردار کے باعث سید الانبیاء ص نے آپ کو سیدہ النساء العالمین کا خطاب دیا۔
انہوں نےکہا کہ آل سعود نے جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے تاریخی قبرستان اور آل رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مقدس مزارات منہدم کرکے ناقابل معافی جرم کیا ہے وہ انتقام الہی سے نہیں بچ سکتے۔ ہمیں جنت البقیع کی تعمیر کے لئے فاسق و فاجر لوگوں سے کسی خیر کی امید نہیں ان شاء اللہ جنت البقیع عنقریب خدا کے صالح بندوں کے ہاتھوں تعمیر ہوگا۔
انہوں نےکہا کہ فیس بک انتظامیہ کی جانب سے ہزاروں لوگوں کے اکاونٹس بند کرنا شرمناک عمل ہے آزادی اظہار کے نام نہاد علم برداروں کی جانب سے آزادی اظہار پر پابندی ان کے دوغلے منافقانہ کردار کو بے نقاب کرتا ہے۔
وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان میں حالیہ شدید برفباری سے دور افتادہ علاقوں میں عوام شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔محکمہ خوراک کی غفلت سے کارگاہ اور نلتر میں بروقت راشن نہ پہنچانے سے گندم کا بحران پیدا ہوا ہے۔ریکارڈ توڑ برفباری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بلاک ہیں ،عوام کی پریشانیوں کاکوئی پرسان حال نہیں۔چیف سیکرٹری صورت حال کا ازخود نوٹس لیکر فوری اقدامات کی ہدایات صادر کرے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی سے وحدت ہائوس گلگت میں کارگاہ اور نلتر کے نمائندہ وفود نے ملاقات کرکے حالیہ برفباری کے نتیجے میں عوامی مشکلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر انہوںنے کہاکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے دورافتادہ علاقوں جہاں قدرتی آفات سے رابطہ سڑکیں بلاک ہونے کا خدشہ موجود رہتا ہے وہاں پہلے سے احتیاطی تدابیر اختیار کی جانی چاہئیں۔موجودہ صورتحال میں گلگت بلتستان کے بیشتر اضلاع کے دورافتادہ علاقوں کا ضلعی ہیڈکوارٹر سے رابطہ منقطع ہوچکا ہے اور خوراک کی قلت پیدا ہوچکی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ محکمہ خوراک کی غفلت سے آج کارگاہ میں ایک سو دس گھرانے محصور ہوکررہ گئے ہیں اور پندرہ دن سے کوٹہ کا گندم بھی نہیں پہنچاہے ۔کارگاہ کے عوام غذائی قلت کا شکار ہوچکے ہیں ، رابطہ سڑک مکمل بلاک ہے اور شدید برفباری کے بعد برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔برفانی تودے گرنے سے انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔انتظامیہ کو چاہئے کہ فوری اقدامات کرکے دورافتادہ علاقوں کے عوام کو گندم کی ترسیل یقینی بنائیں۔