The Latest

وحدت نیوز(کوئٹہ) بلوچستان کے علاقے مچھ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے چھ محنت کشوں کو موت کی نیند سلا دیا۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی ہے۔ لیویز انتظامیہ کے مطابق مچھ کے علاقے گیشتری کے قریب پنڈر گڈ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے چھ افراد علی نگار، ضامن علی، آصف علی، عقیل، بولان مستری، ابراہیم کو قتل جبکہ فائرنگ کی زد میں آنے والے جمعہ خان کو زخمی کر دیا۔ لیویز کے مطابق شُہداء شیعہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔ مچھ کے قریب کوئلہ کان میں کام کرنے والے کانکن تھے۔ وہ سودا سلف لینے مچھ بازار آئے تھے۔ خریداری کرکے واپس جا رہے تھے کہ انہیں گیشتری سے کچھ فاصلے پر پنڈر گڈ کے مقام پر نشانہ بنایا گیا۔ شہیدوں کی نعشیں مچھ ہسپتال پہنچا دی گئیں۔ واقعہ کے بعد انتظامیہ نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے مزید کارروائی شروع کردی۔

 

واقعے کے بعد شیعہ جوانوں نے مچھ نیشنل ہائی وے پر شُہداء کے جسد خاکی کیساتھ پانچ گھنٹوں تک دھرنا دیا اور علاقہ مکینوں کی نشاندہی پر لشکرجھنگوی کے کارندوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد دھرنا ختم کر دیا۔ ادھر وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم و بےگناہ انسانوں کو قتل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دریں اثناء واقعہ کی ذمہ داری کالعدم جیش الاسلام نے قبول کرتے ہوئے اسے مستونگ میں جاری آپریشن کا ردعمل قرار دیا ہے۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے دورہ دفاع وطن گلگت کے دوران  قبرستان بہشت زہراسلام اللہ علیہامیں شہدا ءکی قبور پرحاضری دی  پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ شیخ محمد بلال سمائری سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم گلگت ڈویژن، شیخ محمد صادق مہدوی سیکرٹری تبلیغات، شیخ نذیر حسین صابری، ایڈووکیٹ شیخ عیسیٰ لیگل ایڈوائزر، مشتاق حسین مسلم انچاج شہید فاونڈیشن، برادرعارف قنبری  اور برادرارشاد حسین بنگش بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے دورہ دفاع وطن گلگت کے موقع پر جامع مسجد چھلت نگر میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا جس میں ان کا کہنا تھا کے وطن پاکستان کا دفاع صرف شیعہ قوم ہی کر سکتی ہے کیو ں کہ ہمارا کسی ملک دشمن قوت سے کوئی تعلق نہیں ان کا کہنا تھا کہ اس دھرتی گلگت بلتستان کے غیور فرزندوں نے اپنی قوت سے اس خطے کو ڈوگراہ راج سے آزاد کروا کے خود کو پاکستان کے ساتھ ملایا لیکن ان بد بخت حکمرانوں نے اس خطےکو ہمیشہ آئینی حقوق سے محروم رکھا لیکن عنقریب وہ وقت دور نہیں جب اس قوم کو مایوسی سے نکالا جائے گااور اہلیان گلگت بلتستان اپنا قانونی اور آئینی حق حاصل کر کے رہیں گے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ مچھ میں شیطان صفت دہشت گردوں کے ہاتھوں بے گناہ ہزارہ کانکنوں کے شہادت پرزور مذمت کرتے ہیں اور موجودہ حکومت اور انتظامیہ کو اس المناک واقع کی اصل ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ اس جیسے واقعات سے معلوم ہوتاہے کہ حکومت نے دہشت گردوں کے مقابلے میں گھٹنے ٹیک دیئے ہے جو ہرلحاظ سے قابل مذمت ہے ۔مجلس وحدت مسلمین حکومت سے سختی کے ساتھ مطالبہ کرتے ہے کہ فوراً دہشت گردوں کے خلاف کاروائی عمل میں لاکرکوئٹہ کے عوام اور پاکستان کو محفوظ بنائیں۔ آئے روز دہشت گردی کے واقعات، اغواء برائے تاوان ، چوری، ڈکیتی اور دیگرسنگین قسم کے جرائم نے کوئٹہ کے مظلوم عوام کی زندگیاں اجیرن بناکررکھ دی ہے اور اگر ان شیطان صفت دہشت گردوں کے خلاف کاروائی نہ کی گئی خاکم بدہن پاکستان کو آگ میں جھونکے کے مترادف ہوگا۔



انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملت تشیع کی دفاع کیلئے ہمیشہ کی تیارہے اور اپنے حقوق کیلئے کسی بھی جدوجہد سے دریغ نہیں کرینگے۔ جیسا کہ ناصر ملت علامہ ناصر عباس جعفری نے نشتر پارک عظمت ولایت کانفرنس میں کہاتھا کہ اگردہشت گردوں کو لگام نہ دی گئی تو وفاقی حکومت کوختم کردینگے بالکل اسی طرح ملت تشیع پاکستان اپنے محبوب علامہ ناصر عباس جعفری کے فرمان پرلبیک کہتے ہوئے میدان میں آئینگے اور پھردہشت گردوں کو پاکستان چھوڑناپڑے گا۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی نے کہاہے کہ دہشت گرد اپنے ان بزدلانہ کاروائیوں کے ذریعے ملت تشیع پاکستان کو ہرگز خوفزدہ نہیں کرسکتی اورہم اپنے حقوق کے دفاع کیلئے کسی بھی قسم کی کوتاہی کا متحمل نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملت تشیع اور پاکستان کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں جس کی وجہ سے آئے روز بے گناہ افراد دہشت گردی کا نشانہ بنتی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا چیف جسٹس آف پاکستان کی بھی ذمہ داری بنتی ہیں کہ وہ قانون کی عمل داری کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کو مجبور کریں کیونکہ ان سے منصب عدالت یہی تقاضا کرتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے دہشت گردوں کیخلاف از خود نوٹس لیں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان مچھ میں بے گناہ کے شہداء کے غم میں برابر کے شریک اور ان کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑینگے ۔اللہ تعالیٰ شہداء کو شہداء کربلاکے ساتھ محشور فرمائیں۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری،مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی اور صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ شیخ نیئرعباس نے امام جمعہ والجماعت جامع مسجد امامیہ گلگت علامہ سید راحت حسین الحسینی کے ہمراہ مسجد برمس بالا کی افتتاحی تقریب اور آئی ایس او یونٹ برمس بالا کی تنظیم نو کے مشترکہ پروگرام میں شرکت کی ، اس موقع پر علامہ سید راحت حسین الحسینی نے اپنے خطاب میں مومنین سے کہا کہ دفاع وطن کنونشن وادی گلگت میں شیعہ سنی ہم آہنگی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہذا تمام مومنین بھر پور شرکت کریں تاکہ دشمنان اسلام مایوس ہوں ۔

 

اس موقع پر خطاب کر تے ہو ئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ دفاع وطن کنونشن وادی امن گلگت میں اتحاد بین المسلمین کی اعلیٰ مثال بنے گا ، جس میں شیعہ سنی مکتب فکر کے علماء سمیت مذہبی اور سیاسی رہنما بھی خطاب کریں گے ، یہ اجتماع اہلیان گلگت کی سیاسی قوت کا مظہر ہو نے کہ ساتھ شیعہ سنی اتحاد کے خلاف محاز آراء قوتوں کی شکست کا سبب بھی بنے گا ۔

وحدت نیوز(گلگت) یوم حسین (ع) پر تکفیری دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہو نے والے آئی ایس او کے کارکن ضمیرعباس کے خانوادے سے  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی اور صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ نیئرعباس مصطفوی نے تعزیت کی، اس موقع پر مقامی عمائدین بھی موجود تھے، قائدین نےشہید کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اس کے بعد شہید کے لیے اپنی یاداشت لکھوائیں اور شہید کے اپنے ہاتھوں سےتحریر کردہ وصیت نامے کا مطالعہ بھی کیا۔آخر میں قائدین نے خانوادہ شہید کو دفاع وطن کنونشن میں شرکت کی دعوت دی۔بعد ازاں قائدین نے امام جمعہ سید عباس علی اور عابد حسین شاہ کے گھر جا کر انکے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ،مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی اور صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ شیخ نیئرعباس نےوفد کے ہمراہ گلگت بلتستان کی ہر دل عزیز شخصیت امام جمعہ والجماعت جامع مسجد امامیہ گلگت حجتہ السلام علامہ سید راحت حسین الحسینی سے ملاقات کی ، مرکزی قائدین نے علامہ راحت حسین الحسینی کو دفاع وطن کنونشن میں شرکت کی دعوت دی جسے انہو  ں نے قبول کر لیا ، آغا راحت حسین الحسینی نے مرکزی قائدین کو گلگت آمد پر خوش آمدید کہا اور مجلس وحدت کی قومی خدمات اورکاوشوں کو خوب سراہا ۔اس موقع پر مقامی عمائدین اور علماء کی بڑی تعداد بجی موجود تھی ۔

وحدت نیوز(نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور سیکریٹری امور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے عراق کے شہر نجف اشرف میں مہدی ملیشیاء عراق کے سربراہ سید مقتدیٰ الصدر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم شعبہ نجف اشرف کے سیکریٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی، ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ شیخ ناصر عباس اور مشاورتی کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری علامہ سید علی نقی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران علامہ شفقت شیرازی نے حجتہ السلام سید مقتدیٰ الصدر کو ایم ڈبلیو ایم پاکستان کی تشکیل اور اہداف و اغراض و مقاصد کے حوالے تفصیلی بریفنگ دی اور اب تک کی جانے والی فعالیت کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس موقع پر علامہ شفقت شیرازی نے کہا کہ جنرل ضیاء الحق کے زمانے میں پاکستان میں تکفیریت اور طالبانائزیشن کی بنیاد رکھی گئی جس کے نتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں شیعان حیدر کرار تہہ تیغ کئے گئے، قائد ملت جعفریہ علامہ عارف حسین الحسینی نے ضیاء الحق کے دور میں ان استعماری سازشوں کو بہت نزدیک سے دیکھا اور اس کے خلاف قیام کیا اور ایک ایسی تحریک کی بنیاد ڈالی جس کا ہدف اور مقصد پاکستان میں شیعہ اور سنی مکتب فکر کے افراد کا اپنے اپنے حقوق کے حصول کی جدوجہد تھا۔

 

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اس ہی جرم کی پاداش میں استعماری طاقتوں نے ظالم حکمرانوں کے ذریعے ہمیں شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی کی قیادت سے محروم کردیا لیکن آج شہید قائد کے معنوی فرزندوں نے اس علم کو دوبارہ اٹھایا اور میدان عمل میں آن کھڑے ہیں۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سید مقتدیٰ الصدر نے کہا کہ ہم ایک مشترکہ مذہب کے پیروکار ہیں اور شریعت، دین اور ولایت علی کا پیروکار ہونے کے ناطے ایک دوسرے کے بھائی ہیں، مجلس وحدت مسلمین کی کوششیں لائق تحسین ہیں، ہم ہر طرح سے آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کے مددگار ہیں، ہمارا دشمن امریکہ اور اسرائیل ہے اور ہم اپنے اتحاد کے ذریعے ہی مشترکہ دشمن یعنی امریکہ اور اسرائیل کو شکست سے دوچار کریں گے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلوچستان کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان سید محمد رضا المعروف آغا رضا نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہرعمران طاہر سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی دفتر لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی میڈیا کوارڈینیٹر کمیل جعفری، لاہور کے سابق ڈویژنل صدر علی فیاض اور ماہنامہ افکار العارف کے ایڈیٹر ارشاد حسین ناصر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے رکن صوبائی اسمبلی کو مرکزی دفتر آنے پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر اطہر عمران نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اتحاد و وحدت کی فضا قائم کر کے دشمن کو ناکام کیا جا سکتا ہے، ہمارا دشمن بزدل ہے اور یقیناً جب ہم باہم متحد ہونگے تو وہ ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

 

رُکن صوبائی اسمبلی سید محمد رضا نے کہا کہ کیونکہ میرا تعلق کوئٹہ سے ہے اور جہاں تک ممکن ہے ہم بلوچستان اسمبلی میں آواز حق بلند کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کل جب میں لاہور آ رہا تھا تو اُس وقت بھی کوئٹہ میں ایک دھماکہ ہوا جس میں کچھ لوگ شہید اور زخمی بھی ہو گئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں ہمارا ایک دشمن نہیں بلکہ ہمیں مختلف محاذوں کا سامنا ہے۔ سید محمد رضا نے مزید کہا کہ ملی اور قومی اُمور میں آئی ایس او پاکستان کی خدمات قابل تحسین ہیں، آئی ایس او پاکستان کے نوجوانوں نے ہر میدان میں ملک قوم اور مذہب کی بھرپور خدمت کی ہے۔ میری دعا ہے کہ یہ قافلہ اسی طرح رواں دواں ہے۔ آخر میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر نے سید محمد رضا کی نیک خواہشات پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔

وحدت نیوز(نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل وخارجہ اُمور کےسیکریٹری علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے ایک وفد کے ہمراہ نجف اشرف میں پاکستانی مجتہد آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں مجلس وحدت مسلمین نجف اشرف کے سیکرٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی اورعلامہ سید عمران کاظمی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران علامہ سید شفقت شیرازی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی کارکردگی کو بیان کیا۔ بعدازاں مجلس وحدت مسلمین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ بشیر حسین نجفی کا کہناتھا کہ پاکستان میں اس وقت شیعوں کے اندر اتحاد وحدت پیدا کرنا ضروری ہے۔ جب تک تمام جدا جدا رہیں گی کبھی کامیاب نہیں ہو پائیں گے۔ آپ لوگ جو میدان میں کام کررہے ہیں آپ کو چاہیے کہ تمام عمائدین کو ساتھ لے کر چلیں۔ پاکستان کے تمام شیعوں کے لیے دعاگو ہیں اور دعاکرتا ہوں ایک نقطہ پر جمع ہوجائیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree