وحدت نیوز(کراچی) وفاقی حکومت کے الیکٹرک کے جھوٹے بلوں پر فوری ایکشن لے۔ بجلی کےاضافی بل کے الیکٹر ک کی کھلی معاشی دہشت گردی ہے۔ غریب صارفین ان بلوں کو دیکھ کر ہوش وحواس کھو بیٹھے ہیں اور وفاقی حکومت کے الیکٹرک کے جھوٹے بلوں پر کوئی کار وا ئی نہیں کر رہی ہے۔’’کے الیکٹرک‘‘ کا نیا بل ٹیرف اور اسکے کے بعد لیٹ بلنگ انتہائی ظالمانہ ہے جبکہ پہلے ہی مرکب سودکی طرز پر بل چارج کیئے جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے میڈیا سیل کراچی سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’K الیکٹرک‘‘ کا ادارہ پرائیوٹ ہونے کے بعد اربوں ڈالر سالانہ کما رہاہے جو غریب عوام کی جیبوں سے چوری کیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لوڈ شیڈنگ دورانیہ کا تعین بلوں کی ادائیگی سے جوڑنا سفاکانہ طرز عمل ہے جس کی غریب عوام بھرپور مذمت کرتے ہیں۔علامہ باقر زیدی نے کہا کہ ’’K الیکٹرک‘‘ کی سوچ پوری طرح کمرشل بن چکی ہے جس سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں حکومت جلد از جلد ا س ادارے کو واپس نیشنلائز کرے۔ علامہ باقر زیدی نے مزید کہا کہ ’’Kالیکٹرک‘‘ کے زیادہ استعمال والے اوقات میں جس نئے ٹیرف کو نافذ کرنا چاہتی ہے اس کا براہ راست نقصان تمام صارفین کو ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے مہنگائی بڑھنے کا جو لامتناہی تسلسل جاری ہے اس کی وجہ سے روزمرہ استعمال کی ہر چیز خوفناک حد تک مہنگی ہوچکی ہے اور غریب آدمی دو وقت کی روٹی کے حصول کے لئے ناجائز ذرائع اختیار کرنے پر مجبور ہے، وزیر اعظم سمیت تمام وزراء کے معاشی بہتری کے تمام تر دعوے طفل تسلی کے سوا کچھ نہیں۔علامہ باقر زیدی نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مزید ٹیکس کے پیئے میں کچل دیا ہے۔تنخواہ دار طبقہ پر بھاری ٹیکسس لگانا،بجلی،گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران اپنے عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے۔
علامہ باقر زیدی نے اعداد وشمار کا ہیرپھیر اور ملک کے متوسط طبقے کی مشکلات میں ناقابل برداشت اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ انتہائی مایوس کن ہے۔مہنگائی کے موجودہ تناسب سے مطابقت نہ رکھنے والا یہ بجٹ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت کی داخلی اور خارجی پالیسیوں کی طرح اقتصادی معاملات بھی صلاحیتوں کے فقدان کی نذر ہو رہے ہیں۔سابقہ حکومت کی ناکام تجارتی پالیسیوں اور وطن عزیز میں عدم استحکام کی صورتحال نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان سے دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔غیر ملکی قرضوں میں مذید اضافہ ہوا پاکستان کا کثیر سرمایہ غیر قانونی طریقہ سے ملک سے باہر منتقل کیا گیا جس سے ملکی ترقی پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔پڑھے لکھے نوجوان طبقے کو ملازمتوں کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔جس سے عام شہریوں کی مایوسی میں اضافہ ہو ا ہے۔
علامہ باقر زیدی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی اصل ترجیحات سیاسی رسہ کشی اور سابقہ حکمرانوں کی کرپشن کو عیاں کرنے میں مقصود رہی ہے،تھر کے پی کے بلوچستان اور گلگت بلتستان میں غریب عوام کو پینے کی پانی سے لے کر بجلی، صحت کے بنیادی ضروریات،تعلیمی سہولیات تک میسر نہیں،اس بجٹ میں صرف سابقہ حکومتوں کی بجٹ پالیسی پر الزامات لگا کر عوام پر مذیدٹیکس لگا کر مشکلات میں مبتلا کر دیا گیا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) حالیہ گرفتاریوں کو سیاسی انتقام کا الزام دےکر اپوزیشن عوام کی آنکھ میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہی ہے،یہ کیسسز انہی جماعتوں کا اپنے اپنے ادوار میں ایک دوسرے پر بنائے ہوئے کیسسز ہیں، اپوزیشن حقیقی عوامی مسائل کی بجائے کرپٹ عناصر کو بچانے کی مہم پر لگ چکی ہے عوام کرپٹ عناصر سے قومی دولت کی واپسی کے منتظر ہیں ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکریٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین سید اسد عباس نقوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف اقدامات کی تائید کرتے ہیں ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ کرپٹ عناصر کے خلاف بلاتفریق کاروائی کی جائے ۔ ملکی دولت اور وسائل کی لوٹ مار نے آج پاکستانی قوم کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے ۔ کرپشن اور کرپٹ عناصر کے خلاف حکومت کو سخت اقدامات کرنا ہونگے ۔
انہوںنے مزید کہاکہ وطن عزیز کی معیشت کو کرپشن نے کھوکھلا کردیا ہے اس ناسور کے خلاف حکومت کو نچلی سطح سے آگاہی مہم شروع کرنا ہو گی علما کرام کو بھی کردار ادار کرنا ہوگااور تعلیمی نصاب میں کرپشن کے خلاف مضامین شامل کئے جائیں تاکہ معاشرے میں کرپشن سے نفرت پیدا ہو ۔
وحدت نیوز (گجرات) مجلس وحدت مسلمین ضلع گجرات کے انٹراپارٹی الیکشن کیلئے ضلعی شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیوایم پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے خصوصی شرکت کی ۔ اراکین ضلعی شوریٰ نے رائے شماری کے ذریعے آئندہ تین سال کیلئےسید عابد حسین شاہ کو ایم ڈبلیوایم ضلع گجرات کا سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا۔ نومنتخب ضلعی سیکریٹری جنرل عابد حسین شاہ سےمرکزی مسئول آفس امور خارجہ علامہ ضیغم عباس نےان کے عہدے کا حلف لیا۔
یونٹس کا ریکارڈ پورانا ہونےپر ضلع شکارپور اور جیکب آبا دکے انٹراپارٹی الیکشن ملتوی ، علامہ باقرزیدی
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کےالیکشن کمیشن نے ضلع شکار پور اور ضلع جیکب آباد میں یونٹس کا ریکارڈ پورا نا ہونے پر انٹراپارٹی الیکشن کا عمل روک دیا۔
صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ سیدباقرعباس زیدی نے کہاکہ الیکشن ایک ماہ کے لئے ملتوی کردیےگئے ہیں ۔دونوں اضلاع کے موجودہ سیکرٹری جنرلز اپنے اپنے اضلاع کے تمام یونٹس کا ریکارڈمکمل کرکے ایک ماہ میں صوبائی الیکشن کمیشن کو آگا ہ کرینگے تب تک کے لئے ضلع شکار پوراور ضلع جیکب آباد کےانٹراپارٹی الیکشن ملتوی کیئے جاتے ہیں۔
وحدت نیوز(لسبیلہ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ بلوچستان حب ضلع لسبیلہ کا ضلعی شوریٰ وانٹر پارٹی الیکشن جامع مسجد علیؑ ابنِ ابی طالبؑ و مرکزی امام بارگاہ حسینی جام یوسف کالونی حب میں صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ برکت علی مطہری کی نگرانی میں منعقد ہوا ۔
اجلاس میں صوبائی راہنما ایم ڈبلیو ایم بوچستان و منتظم جامع مسجد و مرکزی امام بارگاہ حب سید قربان علی رضوی اورصوبائی سیکریٹری شماریات سعید احمد بلوچ امام جمع جامع مسجد علیؑ ابنِ ابی طالبؑ حب مولانہ طارق حسین مشہدی و تمام یونٹس کے اراکین شریک ہوئے۔
اجلاس میں اراکین ضلعی شوریٰ نے کثرت رائے سے عمران حسینی انگاریہ کو اگلےتین سال کے لئے ضلعی سیکریٹری جنرل منتخب کیا گیا اور علامہ برکت علی مطہری نے عمران حسینی انگاریہ سے حلف لیا۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ طاقتور لوگوں کا احتساب اور قانون کی بالادستی ضروری ہے مگر یہ احتساب غیر جانبدارانہ ہونا چاہئے جنہوں نے قومی دولت کودونوں ہاتھوں سے لوٹاان کو انصاف کے کٹہرے میں لانا از حدضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ معاشرہ کبھی فلاح نہیں پاسکتا، جہاں غریب اور امیر کے درمیان قانون جدا ہو، پاکستان میں قانون کی حکمرانی بے حد ضروری ہے۔ عوام توقع رکھتی ہے کہ حکومت سادگی اورکفایت شعاری کو اپناتے ہوئے حکمرانوں کی شاہ خرچیوں کا سد باب کرے گی۔ ایوان صدر میں حال ہی میں جن شاہ خرچیوں کے اشتہارات دیئے گئے اس پر حیرت ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کی بھینسیں بیچنے والے، لاکھوں روپے طوطوں اور پنجروں پر خرچ کریں گے، یہ ناقابل قبول اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن اور دھشت گردی دو بڑے مسائل ہیں مگر آج بھی کالعدم دھشت گرد جماعتوں کو کھلی چھوٹ حاصل ہے،جو ملک میں نفرت اور انتشار پھیلا رہے ہیں۔ اسی ہزار شہداء کے وارثوں اور پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ جنہوں نے ملک میں نفرت اوردھشت گردی کو فروغ دیا انہیں جیلوں میں بند کیا جائے اور دھشت گرد گروہوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور اقدامات کئے جائیں۔ آج حضرت قائداعظم ؒاورحکیم الامت حضرت علامہ اقبال ؒکے پاکستان کو دھشت گرد گروہوں اور نفرت اور تعصب کے علمبردار عناصر سے خطرہ ہے۔