وحدت نیوز(اسلام آباد) حالیہ گرفتاریوں کو سیاسی انتقام کا الزام دےکر اپوزیشن عوام کی آنکھ میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہی ہے،یہ کیسسز انہی جماعتوں کا اپنے اپنے ادوار میں ایک دوسرے پر بنائے ہوئے کیسسز ہیں، اپوزیشن حقیقی عوامی مسائل کی بجائے کرپٹ عناصر کو بچانے کی مہم پر لگ چکی ہے عوام کرپٹ عناصر سے قومی دولت کی واپسی کے منتظر ہیں ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکریٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین سید اسد عباس نقوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف اقدامات کی تائید کرتے ہیں ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ کرپٹ عناصر کے خلاف بلاتفریق کاروائی کی جائے ۔ ملکی دولت اور وسائل کی لوٹ مار نے آج پاکستانی قوم کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے ۔ کرپشن اور کرپٹ عناصر کے خلاف حکومت کو سخت اقدامات کرنا ہونگے ۔
انہوںنے مزید کہاکہ وطن عزیز کی معیشت کو کرپشن نے کھوکھلا کردیا ہے اس ناسور کے خلاف حکومت کو نچلی سطح سے آگاہی مہم شروع کرنا ہو گی علما کرام کو بھی کردار ادار کرنا ہوگااور تعلیمی نصاب میں کرپشن کے خلاف مضامین شامل کئے جائیں تاکہ معاشرے میں کرپشن سے نفرت پیدا ہو ۔