وحدت نیوز(منڈی بہاؤالدین) مجلس وحدت مسلمین منڈی بہاوالدین کا امام بارگاہ موسیٰ کاظم ع میں انتخابی اجلاس منعقد ہوا۔جس میں 25 گاؤں کے یونٹس سیکرٹری جنرلز صاحبان نے شرکت کی جن کے علاوہ بزرگ عالم دین علامہ صفدر حُسین صفدری اور صوبائی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی مہمان خُصوصی تھے۔
اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک نعت و قصیدہ سے ہوا جس کے بعد مولانا اسد عباس نے اجلاس کی مکمل تفصیلات اور ایجنڈا پیش کیا جس کے بعد سابقہ ضلعی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم مولانا مظہر عباس ہادی صاحب نے اپنی تین سالہ کارکردگی بیان کی اور اپنی مُدت کے اختتام پے استعفیٰ پیش کیا جس کے بعد نئے انتخابات کا مرحلہ شروع ہوا ۔
الیکشن کمیشن کے فرائض علامہ عبدالخالق اسدی اور علامہ صفدرحُسین صفدری صاحب نے سنبھالے الیکشن میں تین امیدواروں میں سخت مقابلے کے بعد معزز و مُحترم سابقہ ریٹائرڈ ڈی۔ ایس۔ پی ملک قمر عباس صاحب ہیلاں والے کامیاب ٹھرے جن کی کامیابی پے ہال لبیک یا حُسین کے نعروں سے گونج اُٹھا۔
نئے ضلعی سیکرٹری جنرل ملک قمر عباس صاحب سے صوبائی سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے حلف لیا جس کے بعد پہلے خطاب میں ملک قمر عباس صاحب نے شرکاء کنونشن اورایم ڈبلیو ایم کے ورکرز کو یقین دھانی کروائی کہ انشاء اللہ اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر کے جماعت کو مضبوط کرونگا اور اس پلیٹ فارم سے ملک و ملت کی سربلندی اور استحکام کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے۔
عزاداری مظلومِ کربلا میں رکاوٹوں کو برداشت نہیں کیا جاے گا ۔ہم امن کے داعی ہیں انشاء اللہ تمام مسالک کے ساتھ مل جُل کر اتحاد و وحدت کی مثال قائم کرینگے ۔جس کے بعد علامہ صفدر حُسین صفدری صاحب نے دعائے امام زمانہ ع پے محفل کے اختتام کیا ۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) چیف آف ہزارہ قبائل سردار سعادت علی خان کی ناگہانی موت ملک و قوم کیلئے ایک عظیم نقصان ہے۔مرحوم کی قومی سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما سابق وزیر قانون سید محمد رضا (آغا رضا) امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی ڈپٹی سیکریٹری علامہ شیخ ولایت حسین جعفری ضلعی سیکریٹری جنرل ارباب لیاقت علی اراکین کابینہ و یونٹ سیکریٹریز نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
چیف آف ہزارہ قبائل جناب سردار سعادت علی خان مرحوم نے پوری زندگی اتحاد و اتفاق کیلئے کوششیںکیں۔واضح رہے کہ مرحوم کل 7 جولائی کو سی ایم ایچ ہسپتال کوئٹہ میں طویل علالت کے بعد دار فانی سے کوچ کر گئے تھے پروردگار تمام گذشتہ مرحومین کی مغفرت اور انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ عنایت فرمائے۔
مرحوم سردار یزدان خان کے نواسے، سردار عیسی خان کے صاحبزادے، سردار نثار علی خان ہزارہ کے بھائی اور سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل محمد موسی خان ہزارہ اور سردار محمد اسحق خان کے بھتیجے تھے۔ ان کا شمار ہزارہ قوم کے بر جستہ رہنماؤں میں ہوتا تھا۔
انکے مرحوم چچا سابق چیف آف آرمی سٹاف سابق گورنر مغربی پاکستان و سابق گورنر بلوچستان تھے۔انکی قومی خدمات اور ہزارہ قوم کی وطن عزیز پاکستان کی دفاع کیلئے نا قابل فراموش لا زوال قربانیاں تاریخ پاکستان کا حصہ ہے ۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع کوئٹہ میڈیا سیل سے جاری ہونے والی تعزیتی بیان میں ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے تمام ذمہ اراکین کابینہ و ممبران معروف شاعر و نوحہ خواں مرحوم فدا حسین نوشاد اور سردار عطا اللہ مینگل کی مرحومہ بہن سردار اختر مینگل کی پھوپھی کی وفات پر بھی گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے ۔ تعزیتی بیان میں کہا گیاہے کہ تمام کابینہ اراکین مرحومین کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعا گو ہیں اللہ تعالی انہیں اعلی مقام اور تمام سوگواروں کو صبر جمیل عطا فرمائیں ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے چیف آف ہزارہ قبائل سردارسعادت علی ہزارہ کہ انتقال پر دلی افسوس اور رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔
مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہاکہ سردار سعادت علی ہزارہ انتہائی ملنساراور شفیق سیاسی رہنما تھا۔ ہزارہ قبائل کی یکجہتی میں ان کا کلیدی کرادر تھا۔مرحوم ہمیشہ سیاسی واجتماعی معاملات میں ایم ڈبلیوایم کے معاون ومددگار رہے۔ ان کی وفا ت سے کوئٹہ میں ایک بڑا خلاءپیدا ہوا ہے جس کاپر ہونا مشکل ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ مرحوم کی سیاسی وسماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سردار سعادت علی ہزارہ کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کی دعا کی ہے۔انہوں نے کہاکہ خدا مرحوم کو جوارآئمہ طاہرین ؑمیں محشور فرمائے اور ان کے تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔
وحدت نیوز(لاہور) وحدت یوتھ لاہور اور وحدت ویلفیئر ٹیم لاہور کے اشتراک سے نوجوان میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال کو روکنے کے لئے تیسرا سالانہ شہداء پاکستان کرکٹ ٹورنامنٹ 14 جولائی کو کروانے کا فیصلہ ۔میٹنگ میں وحدت یوتھ لاہور کے ٹاون سیکرٹریز کی شرکت۔ ٹورنامنٹ میں لاہور کے مختلف ٹاوئز سے 12 ٹیمیں شرکت کریں گی ۔
میٹنگ سے وحدت یوتھ لاہور کے سیکرٹری سجاد نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال کو روکنے کے لئے نوجوان کو کھیلوں کے میدانوں میں لانا بہت ضروری ہے حکومت کو چاہیے کہ ملک میں مختلف پارکوں اور کھیل کے میدانوں میں اضافہ کرے تاکہ نوجوان نسل کو اس زہر سے دور رکھا جا سکے۔
علامہ تصور حسین نقوی دوبارہ کثرت رائے سے ایم ڈبلیوایم آزاد ریاست جموں و کشمیرکے سیکریٹری جنرل منتخب
وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزادکشمیر کے تنظیمی انتخابات میں اراکین ریاستی شوریٰ نے علامہ سید تصور حسین نقوی کو کثرت رائے سے آئندہ تین سال کیلئے آزاد کشمیر کا چوتھی بار سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مظفرآباد لوئر چھتر کی امام بارگاہ باب العلم میں منعقد کئے جانے والے ریاستی جانثاران امام عصر (ع) کنونشن کا آغاز تلاوت کلام مجید سے کیا گیا۔
ریاستی جانثاران امام عصر (ع) کنوشن میں ریاستی سیکرٹری جنرل کے انتخاب کیلئے شوریٰ کا اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں اراکین شوریٰ نے پہلے مرحلے میں مختلف نام پیش کئے، جن میں علامہ سید تصور حسین نقوی، مولانا سید حمید نقوی اور مولانا سید طالب حسین ہمدانی کا نام ووٹنگ کیلئے پیش کیا گیا۔
ووٹنگ کے مرحلے میں اراکین شوریٰ نے خفیہ رائے شماری کے ذریعے کثرت رائے سے علامہ سید تصور حسین نقوی کو آزاد ریاست جموں و کشمیر کا چوتھی بار سیکرٹری جنرل منتخب کیا۔ نئے میر کارواں کے نام کا اعلان مرکزی رکن شوری عالی و مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ سید غلام شبیر بخاری نے کیا اور نومنتخب ریاستی سیکرٹری جنرل سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
اس موقع پر علامہ فرید عباس نقوی ممبر علماء و مشائخ کونسل حکومت آزاد کشمیر ، علامہ احمد علی سعیدی چیئرمین حسینی فاؤنڈیشن آزاد کشمیر ، صدر مرکزی انجمن جعفریہ سید راشد نقوی ، مسلم کانفرنس کے رہنماء سید تصور عباس موسوی ، پی ٹی آئی کے ڈویژنل صدر سید ذیشان حیدر ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزادکشمیر کے ڈویژنل ڈر سید رضی عباس ، معروف سماجی شخصیت سید حسین نقوی ، سید اشرف حسین نقوی سمیت دیگر تنظیمی و ملی ذمہ داران بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ ریاستی سیکرٹری جنرل کے انتخاب کےلئے الیکشن کمیشن کے فرائض علامہ سید شبیر بخاری ، برادر ملک اقرار حسین اور آصف رضا ایڈووکیٹ نے انجام دیئے۔ جبکہ عدیل زیدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شرکاء نے علامہ تصور نقوی کو ہار پہنائے اور مبارکباد دی انہوں نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ میں تمام احباب کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے عزت افزائی کی ، پرانے ساتھی تعاون کریں نئے ساتھی بھی لائیں گے مجلس کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں قومی کانفرنس بعنوان ’’خطے کی بدلتی صورتحال اور پاکستان کا کردار‘‘ کا انعقاد ہوا، جس میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نون،جماعت اسلامی، سنی اتحاد کونسل اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت ملک کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے رہنما اور سنہرے اصول نمایاں کئے جائیں اور عالم اسلام کے تنازعات کے حل کے لئے پاکستانی حکومت قائدانہ کردار ادا کرے۔ قومی کانفرنس میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، ایم ڈبلیو ایم کے آغا محمد رضا، اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ مدثر، پاکستان عوامی تحریک کے شفیق قادری سمیت اہم سماجی و سیاسی شخصیات بھی شریک تھیں۔